Marriage Couples Matching

حمل افراد کے لیے اچھے دوست اور شریکِ حیات
عام طور پر دیکھنے میں یہ آیا ہے کہ بہترین ازدواجی ساتھی آپ کو اپنے ہی مزاج (آتشی، آبی، ہوائی، خاکی)کے بروج میں مل سکتا ہے: یعنی آتشی برج والوں کو آتشی بروج میں، پانی کے برج والوں کو پانی کے بروج میں، ہوا کے برج والوں کو ہوا کے بروج میں، اورخاکی برج والوں کو خاکی بروج میں مل سکتا ہے۔
عملی تجربے میں یہ بھی آیا ہے کہ اپنے ہی برج کےلڑکا/لڑکی کےساتھ شادی کرنا اکثر غیر دلچسپ ہوسکتا ہے۔ یعنی اگر کوئی برج دلو والامرد، برج دلو والی عورت کے ساتھ شادی کرلے تو ان کو (عام طور پر) آپس میں زیادہ دلچسپی نہیں رہتی۔ ہاں اس میں صرف برج اسد والا مرد، برج اسد والی عورت کے ساتھ خاصا خوش رہ سکتا ہے۔

برج حمل کے دوسرے برجوں سے تعلقات کا جائزہ مندرجہ ذیل ہے:
حمل اور حمل
برج حمل آتشی مزاج رکھتا ہے ۔اگر ایک حمل دوسرےحمل کو حکومت کرنے کا موقع فراہم کر دے گا تو ان دو افراد میں بڑی مفاہمت رہے گی۔ان دونوں میں ایک دوسرے کی خوبیوں اور خامیوں کی تفہیم بڑی حد تک پیدا ہو سکتی ہے۔ ان لوگوں کو ایک وارننگ دینا بہت ضروری ہے اور وہ یہ کہ اگر دونوں ہی حمل افراد کے زائچے میں غلبہ حاصل کرنے کی طاقت متاثر کن ہے تو ان کے درمیان بڑا جھگڑا پیدا ہو سکتا ہے، کیونکہ ان دونوںمیں کوئی بھی جھکنے کے لئے تیار نہ ہوگا ۔
حمل مرد اور حمل عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو بہت سی عادات و صفات ایک جیسی ہونے کی بنا پر ان کی زندگی خوش گوار ہوتی ہے ۔آتش مزاج ہونے کی وجہ سے دونوں جلد ہی غصے میں آسکتے ہیں۔ اگر یہ بردباری اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں تو ان کے دلوں میں ایک دوسرے کے لئے زیادہ محبت پیدا ہو سکتی ہے۔ان دونوں کو چاہیے کہ بد زبانی ، فحاشی اور گندی باتوں سے پرہیز کریں تاکہ ان کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے ۔اگرچہ کبھی کبھی ان میں لڑائی جھگڑا ہوسکتا ہے، لیکن دونوں معاملہ فہم ہونے کے باعث بہت جلد صلح کر لیتے ہیں۔
حمل اور ثور
برج ثور خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج حمل آتشی مزاج رکھتا ہے ۔حمل اور ثور ایک دوسرے کے بہترین دوست ہو سکتے ہیں۔ یہ ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کرنے کے علاوہ آپس میں بھی عزت و احترام سے پیش آتے ہیں۔
اگر میاں اور بیوی دونوں میں سےکوئی ایک برج حمل اور دوسرا برج ثور سے تعلق رکھتا ہو تو ان کی شادی موافق ہوتی ہے۔ ان ددونوں میں اتفاق اور پیار و محبت ہوتا ہے۔ان دونوں بروج میں ایک قدر مشترک یہ ہے کہ دونوں نفاست پسند اور باذوق ہوتے ہیں۔اگر کبھی کبھار جھگڑا ہو بھی تو پہل برج ثور کی طرف سے ہوتی ہے۔ لیکن جھگڑے کے بعد صلح ہو جاتی ہے اور دونوں اتفاق و اتحاد کے ساتھ رہتے ہیں۔

حمل اور جوزا
برج جوزا ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج حمل آتشی مزاج رکھتا ہے ۔ حمل بے صبرااورجذباتی ہوتا ہے۔ جبکہ سرد مہر اور بے جان جوزا، جس کا دماغ محبت کرنے میں بڑا اہم کردار ادا کرتا ہے، حمل کو مایوس کر سکتا ہے۔
برج حمل اور برج جوزا سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی کے مابین اکثر و بیشتر لڑائی جھگڑے ہوتے رہتے ہیں کیونکہ یہ مختلف مزاج رکھتے ہیں۔ دونوں کو صبر و استقامت اور بردباری سے کام لینا ہوگا ۔اشتعال انگیز جذبوں کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ فضول بحث و تکرار سے بھی پرہیز کرنا ہوگا۔ یہ دونوں اگر ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش نہ کریں تو پھر یہ آپس میں لڑتے جھگڑتے رہیں گے ۔انہیں بڑی سمجھ بوجھ اور فہم و فراست سے کام لے کر اپنے تعلق کو مضبوط بنانا ہوگا۔
حمل اور سرطان
برج سرطان آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج حمل آتشی مزاج رکھتا ہے ۔سرطان لوگ ماضی میں رہتے ہیں اور وہ اپنے کاموں میں کسی کی مداخلت پسند نہیں کرتے۔ سرطان کی عادت ہوتی ہے کہ وہ ناخوشگوار واقعات کو جذباتی ہو کر دہراتا رہے اور بعض اوقات ہٹ دھرمی کا مظاہرہ بھی کرتا ہے ۔ جبکہ حمل ترقی پسند ہوتا ہے ۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائےتویہ دونوں کسی طرح بھی میل نہیں کھاتے۔ ان کا مزاج ایک دوسرے سے نہیں ملتا۔ ان میں لڑائی جھگڑا ہوتا رہتا ہے جو کہ عموماً برج سرطان والے کی طرف سے شروع ہوتا ہے۔ اپنے تعلق کے لیے انہیں کافی قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔
حمل اور اسد
برج اسداوربرج حمل دونوں آتشی مزاج رکھتے ہیں ۔عام طور پر ان کا تعلق بڑا اچھا رہتا ہے کیونکہ دونوں برجوں کا مزاج جذباتی ہے۔ بعض اوقات حمل اپنے ساتھی اسد کو موقع فراہم کرے گا کہ وہ مرکزی اسٹیج پر قبضہ کرے۔دوسری طرف اسد اپنے ساتھیوں میں جارحیت پسندی اور آتش مزاجی کی تعریف کرتا ہے۔ ان دونوں کی سوچ میں مطابقت پائی جاتی ہے اور دونوں ایک دوسرے سے بے حد خوش رہتے ہیں۔ ان کی ذات ایک دوسرے کے لئے فائدہ مند ہوتی ہے۔ اگر یہ دونوں مل کر کفایت شعاری اور منصوبہ بندی کے تحت کام کریں تو بہت جلد کامیاب ہو جاتے ہیں۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو ہم مزاج ہونے کی وجہ سے دونوں آپس میں مسرور و شادمان رہیں گے۔ دونوں کی زندگی نہایت پر سکون گزرے گی۔ تاہم برج حمل کے حامل فریق کی طرف سے کبھی کبھار لڑائی جھگڑا ہوتا ہے۔ برج حمل کو چاہیے کہ بد زبانی و فحاشی سے اجتناب کرے تاکہ لڑائی جھگڑے سے بچ سکیں۔ ان بروج سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی مالی لحاظ سے بہت مستحکم ہوتے ہیں۔ اگر یہ اپنی فضول خرچی کی عادت ترک کر کے کفایت شعاری کی عادت اپنا لیں تو بہت جلد ترقی کی نازل طے کر سکتے ہیں۔ مجموعی طور پر یہ ایک کامیاب ازدواجی زندگی گزارتے ہیں۔

حمل اور سنبلہ
برج سنبلہ خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج حمل آتشی مزاج رکھتا ہے ۔سنبلہ ، برج حمل کی دھونس اور دھاندلی برداشت نہیں کرسکتا، جو خود کوڈکٹیٹر خیال کرتا ہے۔ اس کے علاوہ متلون اور آتش مزاج حمل جلد ہی سنبلہ کی ہنگامہ خیزی اور نوک جھونک سے تنگ آسکتا ہے ۔
برج سنبلہ میں کفایت شعاری کی صفت پائی جاتی ہے جبکہ برج حمل میں یہ صفت نہیں ہوتی۔ البتہ اگر ان دونوں کی شادی ہو جائے تو یہ چغل خور قسم کے لوگوں سے دور رہ کر خوشگوار وقت گزار سکتے ہیں۔ چونکہ ان میں زیادہ موافقت نہیں ہوتی، اس لیے ان میں اکثر و بیشتر لڑائی جھگڑا ہو سکتا ہے۔ اولاد کی نعمت ان کے لیے خوش بختی کی علامت ثابت ہو سکتی ہے۔
حمل اور میزان
برج میزان ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج حمل آتشی مزاج رکھتا ہے ۔برج میزان گرمی اور جذبات رکھتا ہے، جبکہ حمل جارحانہ اور پیش قدمی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کی موافقت اسی وقت نمایاں ہوتی ہے جب دونوں ایک ہی تہذیبی اور ذہنی سطح پر ہوں ۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو مزاج مختلف ہونے کی وجہ سے اکثر و بیشتر لڑائی جھگڑا بھی ہو سکتا ہے۔ لیکن اگر کوئی ایک فریق صبر و تحمل اور برداشت سے کام لے تو جھگڑے کو فوری طور پر ختم کیا جا سکتا ہے اور ان دونوں کی آپس میں موافقت ہو سکتی ہے۔
حمل اور عقرب
برج عقرب آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج حمل آتشی مزاج رکھتا ہے ۔ یہ نہ صرف ذہنی طور پر ایک دوسرے سے دور ہوتے ہیں بلکہ یہ ہمیشہ ایک دوسرے کے مخالف چلتے ہیں کیونکہ یہ آگ اور پانی کا ملاپ ہے ۔اگر کبھی ان دونوں کا ملن ہو جائے تو برج حمل کو غصہ ، جلد بازی اور سختی ترک کر دینی چاہیئے جبکہ عقرب کو ضد ، ہٹ دھرمی اور رقابت کی قربانی دینی چاہیئے۔
برج حمل اور برج عقرب کے حامل میاں بیوی ذہنی طور پر ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہوتے ہیں ۔ان میں بحث و تکرار اور لڑائی جھگڑا ہوتا رہتا ہے اور ازدواجی زندگی کو کامیاب بنانے کے لئے انہیں کافی کوشش کرنا پڑتی ہے۔اگر برج حمل والا فریق اپنے غصّے اور جلدبازی کی عادت پر قابو پا لے اور برج عقرب والا فریق اپنی ضدی طبیعت اور ہٹ دھرمی سے باز آ جائے تو یہ کامیاب زندگی بسر کرنے کی امید کی جا سکتی ہے۔
حمل اور قوس
برج قوس اوربرج حمل دونوں آتشی مزاج رکھتے ہیں ۔ان دونوں کے ملاپ سے ایک آئیڈیل پارٹنر شپ بن جاتی ہے ۔ان کا تعلق مثالی ہے کیونکہ دونوں ہی متلون مزاج ہوتے ہیں ۔یہ دونوں ہی کوئی جھگڑا یا کشیدگی پیدا کئے بغیر اپنے اپنے مشاغل میں لگے رہتے ہیں۔ قوس کے جھنڈے پر لکھا ہوتا ہے "آزادی اور خوشی کی تلاش "۔ جبکہ حمل سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ اس فلسفے پر چلنے کی رضامندی ظاہر کرے گا۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو چونکہ یہ دونوں آتشی مزاج رکھتے ہیں، لہذا ایک جیسا مزاج رکھنے والے دیگر بروج کی طرح ان کا نباہ بھی اچھا ہوتا ہے اور یہ ذرا سی احتیاط سے اچھی ازدواجی زندگی بسر کر سکتے ہیں۔برج حمل والے فریق کو چاہیے کہ اپنی تیزی، جلد بازی اور بدزبانی کی عادت پر قابو رکھے۔ جبکہ برج قوس والے کو بھی اپنی منہ پھٹ اور باتونی طبیعت پر قابو رکھنا چاہیے ۔اسی طرح ان دونوں میں موافقت بڑھ سکتی ہے۔یہ دونوں چاہتے ہیں کہ گھر میں ان کا راج اور حکمرانی ہو۔ اگر یہ مفاہمت کام لیں اور اپنے آپ کو ایک دوسرے کا حاکم سمجھنے کی بجائے شریک حیات سمجھیں تو بہت سے جھگڑوں سے بچ سکتے ہیں۔
حمل اور جدی
برج جدی خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج حمل آتشی مزاج رکھتا ہے ۔جدی کی سست اور نپی تلی رفتار کا مقابلہ کرنے کے لئے بے صبر ےحمل میں طاقت نہیں ہے ۔ جدی کا بکرا حمل کے مینڈھے کو ٹکریں ضرور مارے گا ۔ ان کی فطری خصوصیات ایک دوسرے سے متصادم ہیں ۔ ان کی سوچ، ان کی فکر، ان کے خیالات ، جذبات اور احساسات اکثر ایک دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں ۔
اگر ان بروج کے مرد اور عورت کی آپس میں شادی ہو جائے تو ایک دوسرے کی خامیاں برداشت کر کے یہ اچھا وقت گزار سکتے ہیں۔لڑائی جھگڑا یا بحث و تکرار کبھی کبھار ہی ہوتی ہے اور وہ بھی برج حمل والے فریق کی طرف سے۔برج حمل والا فریق اگر اپنی طبیعت پر تھوڑا سا قابو پا لے اور برج جدی والا تھوڑی سی برداشت کی عادت اپنا لے (جو کہ برج جدی والے کے لئے اپنی نرم خو طبیعت کے باعث ہرگزمشکل نہیں) تو دونوں اچھی ازدواجی زندگی گزارسکتے ہیں۔ جدی کو صبر و تحمل اور برداشت سے کام لینا پڑے گا اور حمل کو غصّہ ترک کرنا پڑے گا۔
حمل اور دلو
برج دلو ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج حمل آتشی مزاج رکھتا ہے ۔ا ن دونوں کا ملاپ آگ اور ہوا کا ملاپ ہے اور جب ہوا میں تیزی آتی ہے تو آگ میں بھی شدت آجاتی ہے۔ دلو کی غیر متوقع روش سے اس کے ساتھی تنگ آجاتے ہیں۔ جب کہ حمل کے مزاج کا عدم استحکام نیکی اور قربانی کے برج دلو کو یقیناً مشتعل کر دے گا۔ حمل کو خوش کرنے کے لیے دلو میں سجدہ ریزی کا رجحان پایا جاتا ہے۔
برج حمل اور برج دلو سے تعلق رکھنے والے فریقین کی آپس میں شادی ہو جائے تو ان کے مزاج آپس میں زیادہ نہیں ملتے۔ خاص طور پر شادی کا شروع کا عرصہ ذرا مشکل ہوتا ہے۔ ان میں اکثر و بیشتر لڑائی جھگڑا ہوسکتاہے۔ لڑائی کا آغازاکثر برج دلو کی طرف سے ہوتا ہے جبکہ برج حمل والا فریق اپنا غصہ دبانے اور ٹھنڈا رہنے کی پوری پوری کوشش کرتا ہے۔ انہیں برداشت اور قربانی کی ضرورت ہو تی ہے۔
حمل اور حوت
برج حوت آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج حمل آتشی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں برجوں کا آپس میں تعلق ایک مشکل تعلق ہے۔ حوت متلون مزاج ہوتا ہے، جبکہ حمل جارحیت پسند ہوتا ہے۔ حوت افراد رومانوی ہوتے ہیں لیکن ان سے محبت کرنے کے لئے نزاکت اور شائستگی کی ضرورت ہوتی ہے جس کا حمل میں عموماً فقدان ہوتا ہے۔
اگر ان دونوں برجوں سے تعلق رکھنے والوں کی آپس میں شادی ہو جاتی ہے تو امکان ہے کہ ان میں خوشگوار تعلقات نہ رہیں۔ دونوں میں سخت کلامی اور بحث و تکرار ہوسکتی ہے۔ اپنا تعلق قائم رکھنے کے لیے انہیں قربانی کی ضرورت ہو گی اور ایک دوسرے کے جذبات و احساسات کو سمجھنا پڑے گا۔


 


اپنے تاثرات بیان کریں !