Marriage Couples Matching

سرطان افراد کے لیے اچھے دوست اور شریکِ حیات
عام طور پر دیکھنے میں یہ آیا ہے کہ بہترین ازدواجی ساتھی آپ کو اپنے ہی مزاج (آتشی، آبی، ہوائی، خاکی)کے بروج میں مل سکتا ہے: یعنی آتشی برج والوں کو آتشی بروج میں، پانی کے برج والوں کو پانی کے بروج میں، ہوا کے برج والوں کو ہوا کے بروج میں، اورخاکی برج والوں کو خاکی بروج میں مل سکتا ہے۔
عملی تجربے میں یہ بھی آیا ہے کہ اپنے ہی برج کےلڑکا/لڑکی کےساتھ شادی کرنا اکثر غیر دلچسپ ہوسکتا ہے۔ یعنی اگر کوئی برج دلو والامرد، برج دلو والی عورت کے ساتھ شادی کرلے تو ان کو (عام طور پر) آپس میں زیادہ دلچسپی نہیں رہتی۔ ہاں اس میں صرف برج اسد والا مرد، برج اسد والی عورت کے ساتھ خاصا خوش رہ سکتا ہے۔

برج سرطان کے دوسرے برجوں سے تعلقات کا جائزہ مندرجہ ذیل ہے:
سرطان اور حمل
برج حمل آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج سرطان آبی مزاج رکھتا ہے ۔سرطان لوگ ماضی میں رہتے ہیں اور وہ اپنے کاموں میں کسی کی مداخلت پسند نہیں کرتے۔ سرطان کی عادت ہوتی ہے کہ وہ ناخوشگوار واقعات کو جذباتی ہو کر دہراتا رہے اور بعض اوقات ہٹ دھرمی کا مظاہرہ بھی کرتا ہے ۔ جبکہ حمل ترقی پسند ہوتا ہے ۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائےتویہ دونوں کسی طرح بھی میل نہیں کھاتے۔ ان کا مزاج ایک دوسرے سے نہیں ملتا۔ ان میں لڑائی جھگڑا ہوتا رہتا ہے جو کہ عموماً برج سرطان والے کی طرف سے شروع ہوتا ہے۔ اپنے تعلق کے لیے انہیں کافی قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔
سرطان اور ثور
برج ثور خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج سرطان آبی مزاج رکھتا ہے ۔اگر یہ ایک دوسرے کی نفسیات کو سمجھ لیں تو ان دونوں کا نباہ ہو سکتا ہے۔ اگر یہ دونوں ایک دوسرے پر اعتماد کریں اور ایک دوسرے سے کوئی بات نہ چھپائیں تو یہ اچھا تعلق ہو سکتا ہے۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو ان میں بے حد موافقت پائی جاتی ہے۔ مزاج مختلف ہونے کے باوجود یہ دونوں برج ایک دوسرے سے بہت زیادہ پیار و محبت کرتےہیں ۔برجِ ثور کے حامل اپنے شریکِ زندگی سرطان کی ہمدرد اور حساس طبیعت ، تحمل مزاجی اور خوش گفتاری کو پسند کرتے ہیں جبکہ برج سرطان والے اپنے شریکِ زندگی ثورکی اصول پسندی کے ساتھ ساتھ کفایت شعاری اور نفاست پسندی کی عادت کو بے حد پسند کرتے ہیں، کیونکہ یہ صفات ان کے اپنے اندر بھی پائی جاتی ہیں۔
سرطان اور جوزا
برج جوزا ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج سرطان آبی مزاج رکھتا ہے ۔سرطان کو گھر اور گھریلو زندگی بے حد پسند ہوتی ہے جبکہ جوزا گھر سے باہر رہ کر خوش ہوتا ہے ۔ جوزا افراد تبدیلی کی تلاش میں رہتے ہیں جبکہ سرطان افراد اپنے گھر سے جڑے رہتے ہیں۔جوزا جدت پسند جبکہ سرطان ماضی سے جڑے رہتے ہیں۔ اس لئے ان کے تعلقات سرد مہری کا شکار بھی ہو سکتےہیں ۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو یہ اچھا وقت گزار سکتے ہیں۔ ان دونوں کے درمیان مفاہمت اور موافقت پائی جاتی ہے۔ تا ہم ان میں ایک تضاد پایا جاتا ہے۔ اور وہ یہ کہ برج جوزا گھر سے باہر رہ کر زیادہ خوشی محسوس کرتا ہے جبکہ برج سرطان اپنے گھر میں آرام و سکون کا متلاشی ہوتا ہے ۔اگر اسے گھر سے باہر رہنا پڑے تو یہ پریشان ہو جاتا ہے ۔ اس تضاد کے باوجود ان دونوں میں پیار و محبت پایا جاتا ہے ۔

سرطان اور سرطان
برج سرطان آبی مزاج رکھتا ہے ۔یہ دونوں اپنی دوستی اورتعلقات کو بہتر اور خوشگوار بنا سکتے ہیں کیونکہ یہ دونوں ایک دوسرے کو سمجھتے ہیں اور ایک دوسرے کی ذہنی صلاحیتوں کو جانتے ہیں ۔ان دونوں کے مشاغل اور دلچسپیاں ایک جیسی ہوتی ہیں ۔ان دونوں کے درمیان جب اختلاف ہوتا ہے تو دونوں ضدی اور ہٹ دھرم بن جاتے ہیں۔ اگر یہ دونوں ایک دوسرے کی عادات کو اچھی طرح جان لیں تو دونوں کے تعلقات خوش گوار ہو سکتے ہیں ۔
اس برج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو ان کا مزاج چونکہ ایک ہی ہوتا ہے اس لئے دونوں ایک دوسرے کو خوب اچھی طرح سمجھتے ہیں اور ایک دوسرے کی عادت و اطوار کو سمجھنے میں انہیں کوئی دشواری نہیں ہوتی ۔ اس برج کے حامل فریقین ازدواجی زندگی میں باہم مبارک ثابت ہوتے ہیں ۔
سرطان اور اسد
برج اسد آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج سرطان آبی مزاج رکھتا ہے ۔اگر اسد اپنی فراخ دلی سے سرطان کی قنوطیت کے دوروں کو جلد ہی بھول جائے تو ان دونوں کے تعلقات اچھے رہتے ہیں۔
ان بروج کے حاملین اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو یہ عام طور پر آپس میں لڑتے جھگڑتے رہتے ہیں۔ ان دونوں کو ازدواجی زندگی گزارنے کے لئے نہایت صبر و تحمل اور درگزر سے کام لینا چاہیے۔ اولاد پیدا ہونے سے پہلے کا عرصہ ان کے لئے کٹھن ہوسکتا ہے۔ جب اولاد پیدا ہو جاتی ہے تو وہ ان کے لئے خوش بختی کا باعث ثابت ہوتی ہے۔ اولاد کی وجہ سے انہیں دولت نصیب ہوتی ہے اور گھر بھی آباد رہتا ہے۔
سرطان اور سنبلہ
برج سنبلہ خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج سرطان آبی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کی جذباتی اور ذہنی حالت بدلتی رہتی ہے۔ سرطان امن و سکون چاہتا ہے جبکہ سنبلہ ایسا نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ سرطان کی محبت کا پیمانہ سنبلہ کے براہ راست عملی اقدامات سے لبریز نہیں ہوسکتا۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے توان کی ازدواجی زندگی کا شروع کا تھوڑا عرصہ بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ اس عرصے میں ان کو چاہیے کہ ایک دوسرے کو خوب اچھی طرح سمجھنے کی کوشش کریں اور کسی بھی طرح کی غلط فہمی کو دل میں جگہ نہ دیں۔
سرطان اور میزان
برج میزان ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج سرطان آبی مزاج رکھتا ہے ۔میزان اتنا آزاد ہے کہ وہ سرطان کی قید میں رکھنے کی عادتوں کو برداشت نہیں کر سکتا ۔یہ ایک دوسرے کی غلطی اور کوتاہی کو نظر انداز کر کے ایک دوسرے کی ضروریات اور خواہشات کو پورا کرنا سیکھیں تو ان کا گزارہ ہو سکتا ہے ۔ ان دونوں میں خود اعتادی کی شدید کمی ہوتی ہے اور یہ ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش نہیں کرتے ۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی آپس میں شادی ہو جائے تو اگر یہ دونوں ایک دوسرے کی غلطیوں کو نظر انداز کر دیں اور ایک دوسرے کی خامیوں کو پس پشت ڈال دیں تو ان میں پیار و محبت کا جذبہ پیدا ہو سکتا ہے۔برج میزان کے حامل فریق کو چاہیئے کہ وہ فضول خرچی کی عادت پر قابو رکھے۔ کیونکہ برج سرطان سے تعلق رکھنے والے افراد فضول خرچی کو پسند نہیں کرتے اور اس وجہ سے ان میں بحث و تکرار اور لڑائی جھگڑا ہو سکتا ہے ۔

سرطان اور عقرب
برج عقرب اور برج سرطان دونوں آبی مزاج رکھتے ہیں ۔یہ دونوں ایک دوسرے کے بہترین ساتھی ہوتے ہیں۔ اگرچہ فطری رقابت کا جذبہ ان کے تعلقات میں بعض دفعہ بد مزگی پیدا کر دیتا ہے لیکن ان میں باہمی محبت کرنے کی صلاحیت ان کی مدت ناراضگی کو بالعموم محدود کر دیتی ہے ۔ عقرب کی صلاحیتیں سرطان کے قنوطیت کے دوروں کا مقابلہ کر سکتی ہیں ۔ان کی دوستی آئیڈیل ہوتی ہیں لیکن ان کو تعلقات کی بہتری کی مزید کوشش کرنی چاہیئے۔
برج سرطان اور برج عقرب سے تعلق رکھنے والے فریقین اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ان کو چاہئے کہ ایک دوسرے کے جذبات و احساسات کا خیال رکھیں اور اپنی زبان درازی پر قابو پائیں تاکہ آپس میں بحث و تکرار کی نوبت نہ آنے پائے۔کیونکہ ان کے مابین ذرا ذرا سی بات پر تلخ کلامی ہو سکتی ہے جو بڑھ کر لڑائی کی شکل بھی اختیار کر سکتی ہے ۔
سرطان اور قوس
برج قوس آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج سرطان آبی مزاج رکھتا ہے ۔اگرچہ یہ دونوں اپنی فطری خا میوں پر قابو پا لیں اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور محبت کا جذبہ پیدا کر لیں تو ان کے تعلقات خوشگوار ہوسکتے ہیں۔ سرطان افراد اور قوس کی جذباتی اور ذہنی صلاحیتیں ایک دوسرے سے ٹکرا جائیں تو دونوں کے تعلقات میں فرق آسکتا ہے۔ اس لئے دونوں کو قربانی دے کر تعلقات میں بہتری پیدا کرنی چاہیئے۔
برج سرطان اور قوس سے تعلق رکھنے والے فریقین اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ان دونوں میں مفاہمت اور موافقت نہیں ہوتی۔ ان میں اختلافات پیدا ہوسکتے ہیں۔ میاں بیوی سمجھداری سے کام لیتے ہوئے ایک دوسرے کی غلطیوں اور کوتاہیوں کو نظر انداز کر کے معمول کی ازدواجی زندگی بسر کر سکتے ہیں۔
سرطان اور جدی
برج جدی خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج سرطان آبی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں کی بہت سی باتیں مشترک ہوتی ہیں لیکن پھر بھی ان کا نباہ اور دوستی مشکوک ہی رہتی ہے ۔ان میں مشترک یہ ہے کہ یہ دونوں اس وقت تک جدوجہد کرتے ہیں جب تک وہ اپنا مقصد حاصل نہیں کر لیتے ۔ جدی کے اندر یہ صلاحیت موجود ہوتی ہے کہ وہ سرطان کے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکتا ہے۔ اس لئے ان کا ملاپ بعض اوقات بہتر انداز میں آگے بڑھتا ہے۔
برج سرطان اور برج جدی کے حامل مرد اور عورت اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ان کو اچھی ازدواجی زندگی گزارنے کے لئے کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔برج سرطان سے متعلق فریق ہر وقت لڑائی کا بہانہ ڈھونڈتا ہے۔ ایسے میں اگر برج جدی سے تعلق رکھنے والافریق صبر و تحمل اور بردباری سے کام نہ لے تو ان دونوں کے مابین اکثر و بیشتر لڑائی جھگڑا ہوتا رہتا ہے۔اگرچہ دونوں کے ذہن آپس میں مطابقت نہیں رکھتے لیکن اس کے با وجود ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر کے کر اچھی زندگی بسر کر سکتے ہیں ۔ان دونوں کو اپنے دشمنوں سے دور رہنا چاہیئے اسی میں ان کی بہتری ہے۔
سرطان اور دلو
برج دلو ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج سرطان آبی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں کی فطرت اور مزاج میں فرق ہوتا ہے۔ دلو کا سنکی پن، سرطان کے ساتھ مفاہمت نہیں رکھتا۔
برج سرطان اور برج دلو سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی کی ازدواجی زندگی میں اکثر و بیشتر تفرقہ پڑا رہتا ہے۔ جس کی وجہ سے لڑائی جھگڑا ہوتا رہتا ہے اور یہ لڑائی اکثر برج سرطان والے فریق کی طرف سے شروع ہوتی ہے لیکن یہ جلد ہی صلح بھی کرلیتے ہیں۔یہاں دلو برج سے تعلق رکھنے والے فریق کو بہت سی قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔ اس کو برج سرطان کے مزاج کو سمجھ کر اس کی مرضی کے مطابق روزمرہ کے فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔
سرطان اور حوت
برج حوت اوربرج سرطان دونوں آبی مزاج رکھتے ہیں ۔ ان کا مزاج ملتا جلتا ہے، لہذا یہ دونوں بہترین ساتھی بن سکتے ہیں۔ ان دونوں کے تعلقات آئیڈیل ہوتے ہیں کیونکہ دونوں ہی اپنے گھر، اپنی چیزوں اور اپنے دوستوں پہ فخر کرتے ہیں اور دونوں ہی مل کر اپنے فرائض پورے کرنے کی کوشش کرتےہیں۔ یہ ایک دوسرے کی ذات پر اعتماد کرنے کے علاوہ ایک دوسرے کے دکھ درد میں بھی شریک ہوتے ہیں۔ ان دونوں کے درمیان اگر لڑائی ہوجائے تو اس کی ابتدا عام طور پر حوت کرے گا۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو ہم مزاج ہونے کے باوجود ان دونوں میاں بیوی کو ایک دوسرے کو سمجھنے میں کچھ عرصہ درکار ہوتا ہے۔ لیکن کچھ عرصہ گزرنے کے بعد ان دونوں میں کافی زیادہ مفاہمت ہو سکتی ہے۔ یہ ایک دوسرے کے مزاج اور طور طریقوں سے واقف ہو جانے کے بعد ایک خوشگوار اور بھرپور ازداجی زندگی بسر کرسکتے ہیں ۔


 


اپنے تاثرات بیان کریں !