Marriage Couples Matching

اسد افراد کے لیے اچھے دوست اور شریکِ حیات
عام طور پر دیکھنے میں یہ آیا ہے کہ بہترین ازدواجی ساتھی آپ کو اپنے ہی مزاج (آتشی، آبی، ہوائی، خاکی)کے بروج میں مل سکتا ہے: یعنی آتشی برج والوں کو آتشی بروج میں، پانی کے برج والوں کو پانی کے بروج میں، ہوا کے برج والوں کو ہوا کے بروج میں، اورخاکی برج والوں کو خاکی بروج میں مل سکتا ہے۔
عملی تجربے میں یہ بھی آیا ہے کہ اپنے ہی برج کےلڑکا/لڑکی کےساتھ شادی کرنا اکثر غیر دلچسپ ہوسکتا ہے۔ یعنی اگر کوئی برج دلو والامرد، برج دلو والی عورت کے ساتھ شادی کرلے تو ان کو (عام طور پر) آپس میں زیادہ دلچسپی نہیں رہتی۔ ہاں اس میں صرف برج اسد والا مرد، برج اسد والی عورت کے ساتھ خاصا خوش رہ سکتا ہے۔

برج اسد کے دوسرے برجوں سے تعلقات کا جائزہ مندرجہ ذیل ہے:
اسد اور حمل
برج حمل اوربرج اسددونوں آتشی مزاج رکھتے ہیں ۔عام طور پر ان کا تعلق بڑا اچھا رہتا ہے کیونکہ دونوں برجوں کا مزاج جذباتی ہے۔ بعض اوقات حمل اپنے ساتھی اسد کو موقع فراہم کرے گا کہ وہ مرکزی اسٹیج پر قبضہ کرے۔دوسری طرف اسد اپنے ساتھیوں میں جارحیت پسندی اور آتش مزاجی کی تعریف کرتا ہے۔ ان دونوں کی سوچ میں مطابقت پائی جاتی ہے اور دونوں ایک دوسرے سے بے حد خوش رہتے ہیں۔ ان کی ذات ایک دوسرے کے لئے فائدہ مند ہوتی ہے۔ اگر یہ دونوں مل کر کفایت شعاری اور منصوبہ بندی کے تحت کام کریں تو بہت جلد کامیاب ہو جاتے ہیں۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو ہم مزاج ہونے کی وجہ سے دونوں آپس میں مسرور و شادمان رہیں گے۔ دونوں کی زندگی نہایت پر سکون گزرے گی۔ تاہم برج حمل کے حامل فریق کی طرف سے کبھی کبھار لڑائی جھگڑا ہوتا ہے۔ برج حمل کو چاہیے کہ بد زبانی و فحاشی سے اجتناب کرے تاکہ لڑائی جھگڑے سے بچ سکیں۔ ان بروج سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی مالی لحاظ سے بہت مستحکم ہوتے ہیں۔ اگر یہ اپنی فضول خرچی کی عادت ترک کر کے کفایت شعاری کی عادت اپنا لیں تو بہت جلد ترقی کی نازل طے کر سکتے ہیں۔ مجموعی طور پر یہ ایک کامیاب ازدواجی زندگی گزارتے ہیں۔
اسد اور ثور
برج ثور خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج اسد آتشی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں کا تعلق اس وقت شاندار ہوتا ہے جب دونوں ایک دوسرے کی خامیاں نظر انداز کر دیں۔ اس کے علاوہ ان دونوں کی جسمانی، ذہنی اور جذباتی صلاحیتیں بڑی شاندار ہوتی ہیں۔ اگر ثور اپنے رقابت کے جذبہ کو دبانے میں کامیاب ہو جائے اور اسد کو اپنی شان دکھانے کا موقع مل جائے تو سارا کام ٹھیک رہے گا۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو میاں بیوی میں کبھی آپس میں بے انتہا محبت ہوتی ہے اور کبھی اچانک ہی اختلافات اور رنجشوں کی بھرمار ہو جاتی ہے۔ لڑائی جھگڑے کی ابتداء زیادہ تر برج ثور والے فریق کی طرف سے ہوتی ہے۔برج ثور والے اپنی ضدی اور ہٹ دھرم طبیعت پر قابو پا کر جبکہ برج اسد سے متعلق فریق اپنی نکتہ چین، سخت گیری اور خوشامد پسندی کی عادت پر قابو پاکر ساز گار رفاقت کی بنیاد فراہم کر سکتے ہیں۔ اس طرح ان کی ازدواجی زندگی قدرے بہتر انداز میں بسر ہو سکتی ہے۔

اسد اور جوزا
برج جوزا ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج اسد آتشی مزاج رکھتا ہے ۔اسد دل سے اور جوزا دماغ سے محبت کرتا ہے۔ یہ دونوں برج گلیمر، شان و شوکت، چاپلوسی اور اچھے دوستوں کا ساتھ پسند کرتے ہیں۔ اسد کی محبت ضرورت سے زیادہ مادی ہے، وہ قبضہ کر لینا چاہتا ہے اور حکم چلاتا ہے۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو برج جوزا سے تعلق رکھنے والے فریق کی حس مزاح کو برج اسد والا بہت پسند کرتا ہے۔ان میں لڑائی جھگڑا بہت کم ہوتا ہے۔ اور اگر ہو بھی تو برج جوزا کا حامل فریق اپنی زبان بند رکھ کر جھگڑا ختم کر سکتا ہے۔ اگر یہ ایسا نہ کر سکے تو لڑائی بڑھ جاتی ہے جو کہ ازدواجی زندگی پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔
اسد اور سرطان
برج سرطان آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج اسد آتشی مزاج رکھتا ہے ۔اگر اسد اپنی فراخ دلی سے سرطان کی قنوطیت کے دوروں کو جلد ہی بھول جائے تو ان دونوں کے تعلقات اچھے رہتے ہیں۔
ان بروج کے حاملین اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو یہ عام طور پر آپس میں لڑتے جھگڑتے رہتے ہیں ۔ ان دونوں کو ازدواجی زندگی گزارنے کے لئے نہایت صبر و تحمل اور درگزر سے کام لینا چاہیے۔ اولاد پیدا ہونے سے پہلے کا عرصہ ان کے لئے کٹھن ہوسکتا ہے۔ جب اولاد پیدا ہو جاتی ہے تو وہ ان کے لئے خوش بختی کا باعث ثابت ہوتی ہے۔ اولاد کی وجہ سے انہیں دولت نصیب ہوتی ہے اور گھر بھی آباد رہتا ہے۔
اسد اور اسد
برج اسد آتشی مزاج رکھتا ہے ۔ان میں سے ہر ایک دوسرے کا لیڈر بننے کی کوشش کرتا ہے اور دوسرے کو اپنا محکوم تصور کرتے ہوئے اس پر حکم چلانے کی کوشش کرتا ہے۔ جس سے بہت سی مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔
برج اسد کے حامل مرد اور عورت اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ایک ہی برج سے تعلق رکھنے اور ہم مزاج ہونے کی وجہ سے یہ ایک دوسرے کو خوب اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ برج اسد سے تعلق رکھنے والے اپنی ذات پر کسی قسم کی تنقید برداشت نہیں کر سکتے جبکہ دوسروں میں انہیں خامیاں نظر آتی ہیں۔ دونوں کی آتش مزاج طبیعت کبھی کبھار تلخی کا باعث بن سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ برج اسد کے حامل فریقین کی ایک دوسرے پر تنقید کرنے کی عادت سے بحث و تکرار اور لڑائی جھگڑا ہو سکتا ہے۔ لیکن جھگڑا زیادہ طول پکڑنے سے پہلے ہی ان کے مابین صلح ہو جاتی ہے۔

اسد اور سنبلہ
برج سنبلہ خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج اسد آتشی مزاج رکھتا ہے ۔اسد سنبلہ کو اپنا بہترین اور قابل اعتماد دوست تصور کرتے ہیں۔ دونوں ایک دوسرے کی ذات پر اعتماد کرتے ہیں۔
برج اسد اور برج سنبلہ کے حامل فریقین اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ان دونوں کو اپنی ازدواجی زندگی کے آغاز میں کچھ مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ یہاں اگر برج سنبلہ کا حامل فریق اپنی تلخ کلامی والی عادت پر قابو رکھے اور اپنی ازدواجی زندگی کی خاطر تھوڑی سی قربانی دے تو یہ ان کے حق میں بہتر ہو گا۔ان دونوں کے مابین لڑائی جھگڑا بھی ہوسکتا ہے۔ تاہم اگر یہ دونوں ایک دوسرے کی غلطیوں اور کوتاہیوں کو نظر انداز کر دیں اور ایثار و قربانی کے جذبہ سے کام لیں تو بہتر ازدواجی زندگی گزار سکتے ہیں۔
اسد اور میزان
برج میزان ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج اسد آتشی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں کے مشاغل، دلچسپیاں اور بعض خصوصیات ایک جیسی ہوتی ہیں۔ اس لیےان میں بہتر تعلقات قائم ہو سکتے ہیں۔ اگر یہ ایک دوسرے کی خواہشات اور ضروریات کا احساس کریں اور ایک دوسرے کے لئے قربانیاں دیں تو ان کے درمیان خوشگوار تعلق قائم ہو سکتا ہے۔
اگر ان دونوں بروج کے حاملین مرد و عورت کی شادی ہو جائے اور یہ دونوں ایک دوسرے کے لئے اپنی خواہشات و نظریات کو قربان کردیں اور افہام و تفہیم کے جذبے سے کام لیں تو ان میں کچھ مفاہمت ہو سکتی ہے۔ ورنہ روز روز کے جھگڑے ہو سکتے ہیں۔
اسد اور عقرب
برج عقرب آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج اسد آتشی مزاج رکھتا ہے ۔یہ ایک مفاہمت پسند تعلق ہوتا ہے۔ اور ان میں متضاد باتوں کے علاوہ بہت سی باتیں مشترک بھی ہوتی ہیں۔
برج اسد اور برج عقرب کے حاملین اگر رشتہ ازواج میں منسلک ہو جائیں تو یہ دونوں ضدی اور ہٹ دھرم ہوتے ہیں۔ یہ ایک دوسرے کی کمی کوتاہی کو برداشت نہیں کر سکتے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے مابین ذرا ذرا سی بات پر لڑائی جھگڑا ہوسکتا ہے۔ جس سے دونوں فریق اپنی اپنی جگہ پریشان رہتے ہیں۔ جبکہ اپنی ضدی اور ہٹ دھرم طبیعت سے کوئی بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہوتا۔
اسد اور قوس
برج قوس اور برج اسد دونوں آتشی مزاج رکھتے ہیں ۔یہ دونوں شاندار تعلقات کے حامل ہوتے ہیں کیونکہ ان میں بہت کم اختلافات پائے جاتے ہیں۔ دونوں ہی تبدیلی اور ولولہ خیزی چاہتے ہیں اور زندگی کے بارے میں بڑے زندہ دل ہوتے ہیں لیکن بعض اوقات دونوں ایک دوسرے پر غلبہ پانے کی کوشش کرتے ہیں اور اس طرح دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہو سکتے ہیں۔
برج اسد اور برج قوس دونوں ہی آتش مزاج ہیں۔ لہذا ان بروج کے حاملین بھی ہم مزاج ہوتے ہیں۔ اگر یہ دونوں رشتہ ازواج میں منسلک ہو جائیں تو ان میں بہت مفاہمت ہوتی ہے۔ ان دونوں کی بہت سی عادات مشترک ہوتی ہیں۔ دونوں پیار و محبت سے رہتے ہیں۔ اگر کبھی کبھار تکرار ہو بھی جائے تو دونوں ہی اپنی جگہ پشیمان ہوتے ہیں اور جلد ہی صلح کر لیتے ہیں۔ مجموعی طور پر ان دونوں بروج سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی ایک اچھی، بھر پور اور خوشگوار ازدواجی زندگی بسر کرتے ہیں۔
اسد اور جدی
برج جدی خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج اسد آتشی مزاج رکھتا ہے ۔جدی آہستہ آہستہ چلنے والاہوتا ہے، جبکہ اسد آزاد خیال اور بے فکرہوتاہے۔ اسد اور جدی میں ایک نمایاں فرق یہ بھی ہوتا ہے کہ جدی افراد معاف نہیں کرتے جبکہ اسد افراد امعاف کر کے بھول جاتے ہیں۔ جدی افراد ہر ایک پر شک کرتے ہیں جبکہ اسد ہر ایک کو خوش آمدید کہہ کر گلے لگا لیتا ہے۔
ان دونوں بروج سے تعلق رکھنے والے مرد اور عورت کی اگر شادی ہو جائے تو برج اسد کا حامل فریق بظاہر بہت سادہ ہوتا ہے لیکن یہ اندرونی طور پر نہایت سخت مزاج واقع ہوسکتا ہے۔ اس عادت کے علاوہ روز مرہ کے اخراجات میں یہ انتہائی کنجوسی کا مظاہرہ کرسکتا ہے۔ جبکہ برج جدی سے تعلق رکھنے والا فریق ان عادات کا الٹ ہوتا ہے۔ عادات کے تضاد کی وجہ سے ان میں اکثر و بیشتر لڑائی جھگڑا ہو سکتا ہے۔ لڑائی میں پہل زیادہ تر برج اسد والے کی طرف سے ہوتی ہے۔
اسد اور دلو
برج دلو ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج اسد آتشی مزاج رکھتا ہے ۔اسد دنیا کو جبکہ دلو انسانیت کو پسند کرتا ہے۔ دلو کے پاس اسد کو دینے کے لیے بہت سے سرپرائز ہوتے ہیں۔ ان دونوں کی کارکردگی اس وقت بہترین رہتی ہے جب یہ دوسروں کے لئے کام کرتے ہیں۔
مرد اور عورت دونوں میں سے کسی بھی ایک کا تعلق برج اسد اور دوسرے کا تعلق برج دلو سے ہو اور یہ دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ان دونوں میں ہم آہنگی ویگانگت پائی جاتی ہے۔ دونوں میں بہت سی قدریں مشترک ہوتی ہیں۔ ان تمام باتوں کے ساتھ ساتھ دونوں میاں بیوی مالی لحاظ سے بھی خوش قسمت واقع ہوتے ہیں۔
اسد اور حوت
برج حوت آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج اسد آتشی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں کا باہمی تعلق ایک مشکل تعلق ہوتا ہے۔ اسد کی مضبوط اور دل کی گہرائیوں سے نکلنے والی ولولہ خیزی، حساس حوت کے لئے نا قابلِ برداشت بن سکتی ہے۔ اسد کی متلون مزاجی کو حوت مشکل سے برداشت کرتاہے۔ تاثر پذیر حوت کے جذبات معمولی بات پر مجروح ہو جاتے ہیں۔ اگر کوئی شخص حوت کے بارے میں غلط تصور بھی کر لے تو حوت کو منانا مشکل ہو جاتا ہے۔ اسداگرچہ اس بات سے خوش ہوتا ہے کہ دوسرے اس کی زیرِ کفالت ہیں، لیکن اگر وہ حوت سے ذرا سی بھی بد سلوکی کریگا تو وہ اتنا ناراض ہوگا کہ اس کو منانا مشکل پڑجائے گا۔
ان بروج کے حامل مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو دونوں ہی فریق ایک دوسرے سے بلا وجہ جھگڑتے رہتے ہیں۔ معمولی باتوں پر بحث و تکرار اور لڑائی جھگڑا ان کی ازدواجی زندگی کو پر خار بنا سکتا ہے۔ اولاد کی طرف سے بھی یہ مطمئن نہیں ہوتے بلکہ انہیں پریشانیاں اور دکھ جھیلنے پڑسکتے ہیں۔


 


اپنے تاثرات بیان کریں !