Marriage Couples Matching

سنبلہ افراد کے لیے اچھے دوست اور شریکِ حیات
عام طور پر دیکھنے میں یہ آیا ہے کہ بہترین ازدواجی ساتھی آپ کو اپنے ہی مزاج (آتشی، آبی، ہوائی، خاکی)کے بروج میں مل سکتا ہے: یعنی آتشی برج والوں کو آتشی بروج میں، پانی کے برج والوں کو پانی کے بروج میں، ہوا کے برج والوں کو ہوا کے بروج میں، اورخاکی برج والوں کو خاکی بروج میں مل سکتا ہے۔
عملی تجربے میں یہ بھی آیا ہے کہ اپنے ہی برج کےلڑکا/لڑکی کےساتھ شادی کرنا اکثر غیر دلچسپ ہوسکتا ہے۔ یعنی اگر کوئی برج دلو والامرد، برج دلو والی عورت کے ساتھ شادی کرلے تو ان کو (عام طور پر) آپس میں زیادہ دلچسپی نہیں رہتی۔ ہاں اس میں صرف برج اسد والا مرد، برج اسد والی عورت کے ساتھ خاصا خوش رہ سکتا ہے۔

برج سنبلہ کے دوسرے برجوں سے تعلقات کا جائزہ مندرجہ ذیل ہے:
سنبلہ اور حمل
برج حمل آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج سنبلہ خاکی مزاج رکھتا ہے ۔سنبلہ ، برج حمل کی دھونس اور دھاندلی برداشت نہیں کرسکتا، جو خود کوڈکٹیٹر خیال کرتا ہے۔ اس کے علاوہ متلون اور آتش مزاج حمل جلد ہی سنبلہ کی ہنگامہ خیزی اور نوک جھونک سے تنگ آسکتا ہے ۔
برج سنبلہ میں کفایت شعاری کی صفت پائی جاتی ہے جبکہ برج حمل میں یہ صفت نہیں ہوتی۔ البتہ اگر ان دونوں کی شادی ہو جائے تو یہ چغل خور قسم کے لوگوں سے دور رہ کر خوشگوار وقت گزار سکتے ہیں۔ چونکہ ان میں زیادہ موافقت نہیں ہوتی، اس لیے ان میں اکثر و بیشتر لڑائی جھگڑا ہو سکتا ہے۔ اولاد کی نعمت ان کے لیے خوش بختی کی علامت ثابت ہو سکتی ہے۔
سنبلہ اور ثور
برج ثور اور برج سنبلہ دونوں خاکی مزاج رکھتے ہیں ۔ثور تنقید پسند نہیں کرتا جو کہ سنبلہ کا نہایت تیز ہتھیار ہے۔اس تعلق میں ثور عام طور پر اپنی مرضی نہیں چلا سکے گا۔
برج ثور اور برج سنبلہ سے تعلق رکھنے والے فریقین کی شادی ہو جائے تو ان میں موافقت ہوتی ہے۔ مزاج دونوں کا ہی خاکی ہے۔ اس طرح ان دونوں میں اور بھی بہت سی اقدار مشترک ہوتی ہیں۔ دونوں ہی فطری طور پر نفاست پسند اور سلیقہ شعار ہوتے ہیں۔ اگر یہ اپنا راز اور گھر کا بھید کسی کو نہ دیں تو یہ بہت سی آفات سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

سنبلہ اور جوزا
برج جوزا ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج سنبلہ خاکی مزاج رکھتا ہے ۔جوزا کی مسلسل تبدیلی کی خواہش سے سنبلہ جلد ہی عاجز آسکتا ہے۔ ان دونوں میں متضاد عادتوں کے علاوہ اگرچہ بعض موافق عادات بھی پائی جاتی ہیں مثلا ًاچھے کپڑے، صفائی ستھرائی اور دوستوں کا انتخاب۔ ان نقاط پر ان کی دوستی قائم رہ سکتی ہے۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو ان دونوں میں ذرا ذرا سی بات پر بحث و تکرار شروع ہو سکتی ہے اور اکثر جھگڑا بھی ہو جاتا ہے کیونکہ ان میں کم موافقت ہوتی ہے۔ ان دونوں کو چاہیے کہ اپنے اندر قوت برداشت پیدا کریں اور ایک دوسرے کی کوتاہیوں کو نظر انداز کریں تاکہ ازدواجی زندگی بہتر طور پر بسر کرسکیں۔
سنبلہ اور سرطان
برج سرطان آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج سنبلہ خاکی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کی جذباتی اور ذہنی حالت بدلتی رہتی ہے۔ سرطان امن و سکون چاہتا ہے جبکہ سنبلہ ایسا نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ سرطان کی محبت کا پیمانہ سنبلہ کے براہ راست عملی اقدامات سے لبریز نہیں ہوسکتا۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے توان کی ازدواجی زندگی کا شروع کا تھوڑا عرصہ بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ اس عرصے میں ان کو چاہیے کہ ایک دوسرے کو خوب اچھی طرح سمجھنے کی کوشش کریں اور کسی بھی طرح کی غلط فہمی کو دل میں جگہ نہ دیں۔
سنبلہ اور اسد
برج اسد آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج سنبلہ خاکی مزاج رکھتا ہے ۔اسد سنبلہ کو اپنا بہترین اور قابل اعتماد دوست تصور کرتے ہیں۔ دونوں ایک دوسرے کی ذات پر اعتماد کرتے ہیں۔
برج اسد اور برج سنبلہ کے حامل فریقین اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ان دونوں کو اپنی ازدواجی زندگی کے آغاز میں کچھ مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ یہاں اگر برج سنبلہ کا حامل فریق اپنی تلخ کلامی والی عادت پر قابو رکھے اور اپنی ازدواجی زندگی کی خاطر تھوڑی سی قربانی دے تو یہ ان کے حق میں بہتر ہو گا۔ان دونوں کے مابین لڑائی جھگڑا بھی ہوسکتا ہے۔ تاہم اگر یہ دونوں ایک دوسرے کی غلطیوں اور کوتاہیوں کو نظر انداز کر دیں اور ایثار و قربانی کے جذبہ سے کام لیں تو بہتر ازدواجی زندگی گزار سکتے ہیں۔
سنبلہ اور سنبلہ
برج سنبلہ خاکی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں کے درمیان ایک ہی برج سے تعلق رکھنے کی وجہ سے کافی ہم آہنگی اور موافقت پائی جاتی ہے۔لیکن یہ دونوں ایک دوسرے کی غلطیاں بڑھا چڑھا کر پیش کرسکتے ہیں۔
برج سنبلہ سے تعلق رکھنے والے فریقین کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو ان میں ایک دوسرے کے مزاج اور عادات و اطوار کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ تاہم بعض اوقات عادات کی یکسانیت سے اُکتا جاتے ہیں اور اس اُکتاہٹ کے نتیجے میں ان میں کبھی کبھار لڑائی جھگڑا بھی ہو سکتا ہے۔ لیکن ان کا جھگڑا کبھی بھی طویل نہیں ہوتا بلکہ یہ بہت جلد باہم صلح کرلیتے ہیں۔
سنبلہ اور میزان
برج میزان ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج سنبلہ خاکی مزاج رکھتا ہے ۔ان میں سے کوئی بھی اپنی فطری عادتیں برضا و رغبت تبدیل نہیں کرتا۔ سنبلہ کی طعنہ زنی سے میزان کی روح پر زخم آ سکتے ہیں۔
برج سنبلہ اور برج میزان سے تعلق رکھنے والے مرد اور عورت کی اگر شادی ہو جائے تو دونوں کی عادات و اطوار الگ الگ ہوتے ہیں۔ برج سنبلہ کے حامل فریق کی عادت ہوتی ہے کہ اپنی ہر بات منوائے اور یہ سخت سنجیدہ مزاج ہوتا ہے ۔جبکہ برج میزان کی آزادی پسند طبیعت پر یہ بہت گراں گزرتا ہے۔ان دونوں میں ذرا ذرا سی بات پر بحث و تکرار شروع ہو سکتی ہے۔ اور ان میں پہل اکثر برج میزان کے حامل فریق کی طرف سے ہوتی ہے۔ان دونوں کو چاہیے کہ ازدواجی زندگی کو پرلطف اور خوشگوار بنانے کے لیے ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کریں۔ اگر یہ ایسا کرنے میں کامیاب ہو جائیں اور ایثار و قربانی کا جذبہ اپنا لیں تو اچھا وقت گزرسکتا ہے۔
سنبلہ اور عقرب
برج عقرب آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج سنبلہ خاکی مزاج رکھتا ہے ۔اس تعلق کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ دونوں ایک دوسرے کی تعریف کریں۔ سنبلہ کا محقق ذہن، عقرب کی پراسرار اور مسحور کن باتوں میں حیرت زدہ ہو کر رہ جائے گا ۔ سنبلہ کی آزردگی کو عقرب ختم کرسکتا ہے ۔ عقرب ہر قسم کے حالات کا تجزیہ کرنے کا عادی ہے۔ اگر سنبلہ نے عقرب کے جذبات کو ٹھیس نہ پہنچائی تو یہ تعلق دیرپا ثابت ہوگا۔
برج سنبلہ اور برج عقرب کے حامل فریقین اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ان میں ذہنی ہم آہنگی اور موافقت پائی جاتی ہے۔ تاہم بعض اوقات برج سنبلہ کا حامل فریق، برج عقرب کی غیر سنجیدگی اور جارحانہ انداز کو پسند نہیں کرتا۔ جبکہ اسی طرح برج عقرب کا حامل فریق ، برج سنبلہ کی خاموش اور خشک مزاج طبیعت سے نالاں ہو جاتا ہے۔دونوں کے مابین بسا اوقات لڑائی جھگڑا بھی ہو سکتا ہے، جو ہمیشہ برج عقرب والے کی طرف سے ہوتا ہے۔ لیکن دونوں جلد صلح کرلیتے ہیں۔اگر میاں بیوی دونوں ہی ایک دوسرے کی خواہشات کا احترام کریں اور اپنی ہرجائز یا ناجائز بات کو منوانا اپنا حق نہ سمجھیں تو یہ ایک اچھی اور خوشگوار ازدواجی زندگی بسر کرسکتے ہیں۔

سنبلہ اور قوس
برج قوس آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج سنبلہ خاکی مزاج رکھتا ہے ۔یہ ایک مشکل تعلق ہوتا ہے۔ دونوں بروج سے تعلق رکھنے والے فریقین میں ایثار و قربانی کا فقدان ہوتا ہے۔
برج سنبلہ اوربرج قوس کے حامل فریقین اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ان میں عام طور پر موافقت و مطابقت نہیں ہوتی۔ دونوں ہی معمولی سی بات پر لڑنا جھگڑنا شروع کر سکتے ہیں۔ ایک دوسرے کی کوتاہی اور غلطی کو برداشت نہ کرنا ان کا معمول بن سکتا ہے۔ دونوں میں ایک فریق بہت چست ہوتا ہے۔ اوردوسرا فریق نہایت سست۔سمجھوتہ کے بغیر ان کی ازدواجی زندگی میں سکون نہیں ہو سکتا۔
سنبلہ اور جدی
برج جدی اور برج سنبلہ دونوں خاکی مزاج رکھتے ہیں ۔جدی کی سنبلہ کے ساتھ بہت سی باتوں پر ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور اختلاف رائے کم ہوتا ہے۔ ان میں جن معاملات پر ہم آہنگی پائی جاتی ہے وہ حکم چلانا، لباس اور ماحول پر فخر، بیرونی مداخلت ناقابل برداشت اور ایک دوسرے کو ڈانٹنا شامل ہے۔
برج سنبلہ اور برج جدی سے تعلق رکھنے والے فریقین میں کافی ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ ان میں بہت سی قدریں مشترک ہوتی ہیں۔ دونوں بروج کے حامل فریقین اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ابتدا ء میں عام طور پر موافقت نہیں ہوتی لیکن کچھ وقت گزرنے کے بعد دونوں ایک دوسرے کو خوب سمجھ لیتے ہیں اور ان میں زبردست محبت و موافقت ہو جاتی ہے۔ یہ ایک دوسرے سے مکمل تعاون کرتے ہیں۔
سنبلہ اور دلو
برج دلو ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج سنبلہ خاکی مزاج رکھتا ہے ۔قدامت پسند سنبلہ کو حیرت زدہ کرنے کے لیے دلو کے پاس بہت سی چیزیں ہوتی ہیں۔ لیکن اگر ان دونوں میں کوئی نمایاں اختلاف موجود ہے تو پھر پائیدار دوستی سے محروم ہو نا پڑسکتا ہے۔
اگر ان دونوں برجوں کی آپس میں شادی ہو جائے تو برج سنبلہ کا حامل فریق بہت نازک مزاج ہوتا ہے۔ وہ ہر معاملے میں کافی زیادہ سوچ و بچار سے کام لے کر فیصلہ کرتا ہے۔ جبکہ برج دلو سے تعلق رکھنے والاعموماً اس کی ضد ہوتا ہے، اس میں لاابالی پن بھی پایا جاتا ہے۔ مفاہمت کے ذریعے یہ اچھی ازدواجی زندگی گزار سکتے ہیں۔
سنبلہ اور حوت
برج حوت آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج سنبلہ خاکی مزاج رکھتا ہے ۔سنبلہ کے لئے حوت کے تلون مزاج اور جذباتیت کو سمجھنے میں عرصہ لگ سکتا ہے۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو بعض اوقات معمولی اختلاف بحث و تکرار کا با عث بن سکتا ہے۔ لیکن یہ بحث و تکرار طویل جھگڑے کا باعث نہیں بنتی اور دونوں بہت جلد صلح پر آمادہ ہو جاتے ہیں۔ اکثر و بیشتر بحث و تکرار کی شروعات برج حوت کی طرف سے ہوتی ہے۔ اگر برج سنبلہ کا حامل فریق تھوڑی سی قوتِ برداشت سے کام لے اور برج حوت والا بھی اپنے ساتھی کی خواہشات کا احترام کرے تو ان کے درمیان ہونے والے معمولی اختلافات ختم ہو سکتے ہیں۔ اولاد کی نعمت ان دونوں کے لئے خوش قسمتی کا باعث بن سکتی ہے اور یہ خوشگوار زندگی گزارسکتے ہیں۔


 


اپنے تاثرات بیان کریں !