برج دلو کا مختصر جائزہ
تاریخ پیدائش
21 جنوری تا 18 فروری
حاکم سیارہ
زحل اور یورینس
خصوصیات
غیرروائتی، خودمختار، آرٹسٹ، تخلیقی، بے غرض، مخلص
موزوں برج
غیر موزوں برج
قابل برداشت برج
غیرجانبدار برج
دلو افراد کیسے ہوتے ہیں؟
دلو افراد معتبر، انتہائی قابل، ترقی پسند، تخلیقی ذہن اور روشن نظریات کے مالک ہوتے ہیں۔ یہ اپنے وقت سے بہت آگے ہوتے ہیں۔ یہ بڑے زیرک اور معاملہ فہم ہوتے ہیں اور اپنے معاملات میں نہ تو کسی کا سہارا لیتے ہیں اور نہ ہی کسی کی مدد طلب کرتے ہیں۔ ان کا دماغ بڑی تیزی سے کام کرتا ہے۔ دلو افراد جب کوئی منصوبہ بناتے ہیں تو اسے مکمل کرکے ہی دم لیتے ہیں۔ یہ اپنے خوابوں میں حقیقت کا رنگ بھرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ان کے منصوبوں میں ناممکن کا لفظ نہیں ہوتا۔ اسی لیے انہیں زندگی میں کبھی ناکامی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ ہر نوجوان دلو کے اندر ایک ثابت قدم بچہ موجود ہے اور یہ بچہ جب معاملات اپنے ہاتھ میں لیتا ہے تو پھر کامیابیاں ان کے قدم چومتی ہیں۔
دلو لوگ عموماً جسمانی لحاظ سے پتلے ہوتے ہیں۔ ان کے چہرے پر ان کی مسکراہٹ بہت سجتی ہے۔ یہ بڑے متحرک لوگ ہوتے ہیں اور تیز تیز چلتے ہیں۔ ان کے چہرے سے کسی حد تک مغرور ہونے کا تاثر بھی ملتا ہے، مگر یہ مغرور نہیں ہوتے۔
انفرادیت پسند
دلو آزادی اور انفرادیت کا برج ہے۔ یہ اپنے اصولوں پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کرتے، بلکہ حالات کو سازگار بنانے کے لیے کوشش کرتےہیں۔ یہ اگر کسی سمت چل پڑیں تو بڑی مشکل سے راستہ تبدیل کرتےہیں۔ یہ اپنے نظریات کے ساتھ وابستہ رہتے ہیں اور انہیں اپنی انا کا مسئلہ بنا لیتے ہیں۔ ان کے پاؤں زمین پر نہیں ٹکتے، کسی کی بات نہیں سنتے اور نہ ہی مناسب جواب سے ان کی تسلی ہوتی ہے۔اپنی ذہانت سے فائدہ اٹھانے کے لیے دلو افراد کو چاہیے کہ وہ اونچی اڑان چھوڑ کر نیچے زمین پر آجائیں اور اپنےاندر کی طاقت کو شعوری طور پر استعمال کرنا سیکھیں۔ دلو کو یاد رکھنا چاہیے کہ جنت اور دوزخ کے درمیان والی جگہ زمین ہے جس کی اپنی حدود ہیں اور انہی حدود کے اندر رہ کر انہیں کام کرنا ہے۔ لہذا اپنی طاقت کو بے رحم لوگوں کے ساتھ لڑائی کرنے میں ضائع نہ کریں۔ بلکہ انہیں اپنا دوست بنائیں اور اپنی ذہانت سے انہیں بے بس کر دیں۔
دوستی اور محبت
اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ دلو محبت کرنے والے لوگ ہوتے ہیں اور جذباتی اور رومان پسند لوگوں کو اپنی طرف راغب کرلیتے ہیں۔ لیکن ان کے عاشق یہ خیال کرتے ہیں کہ وہ محبوب کی بجائے بہترین دوست بن سکتے ہیں۔اس کی وجہ یہ ہے کہ ان میں جذبات کا مظاہرہ کرنے یا اپنی محبت کی نمائش کرنے کی عادت نہیں ہوتی۔ دراصل جب یہ محبت کرتے ہیں تو اس کا اظہار ذرا مختلف طریقہ سے کرتے ہیں۔ دلو افراد قابل اعتماد اور ہر لحاظ سے ایماندار ہوتے ہیں۔ یہ زندگی کے کسی موڑ پر بھی کسی سے دھوکہ نہیں کرتے۔
دلو افراد جذباتی طور پر غیر جانبدار ہوتے ہیں اور دل کی بات چھپا لیتے ہیں۔ یہ جذبات سے زیادہ عقل سے کام لیتے ہیں اور محبت کرتے وقت بھی اپنے جذبات کو دماغ کے فلٹر سے گزارتے ہیں۔ اکثر انہیں اپنے اور دوسروں کے جذبات کے بارے میں آگاہی نہیں ہوتی۔ مثالی قسم کے دلو افراد کسی شخص کو خوش کرنے کے لیے اپنے جذبات کچل دیتے ہیں، اور اپنی آزادی ختم کر دیتے ہیں جو کہ ان کے لیے بے حد اہم ہوتی ہے۔ دلو افراد کو اپنی محبت کی زندگی میں جس خوبی کو پیدا کرنا چاہیے وہ گرم جوشی، سخاوت، جذبات اور ہنسی مذاق کی عادت ہے۔
فیملی تعلقات
دلو افراد اپنے رشتوں کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرتے ہیں۔ گھریلو معاملات میں ان میں یہ رجحان پایا جاتا ہے کہ وہ کسی سے مفاہمت نہیں کرتے۔ یہ بدلتے مزاج کے مالک ہوتے ہیں۔اور زندگی کے دوسرے شعبوں کی پابندیوں کی طرح خاندانی رکاوٹوں کو بھی پسند نہیں کرتے۔ یہ ایک اچھا گھر بنانا پسند کرتے ہیں۔ ان کا گھر عام طور پر جدید طرز کا ہوتا ہے۔
انسانیت کی خدمت
دلو افراد کا نظریہ ہوتا ہے کہ انسانیت کی خدمت کرنا بہت بڑی نیکی اور عبادت ہے۔ یہ پوری انسانیت کے لیے ایک بے لوث ہمدرد اور خدمت کے دیوتا بن کر ابھرتے ہیں۔ انسانیت کی خدمت کرنے والے بے شمار عظیم لوگ دلو تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے بڑی جانفشانی، حوصلے اور مستقل مزاجی سے کام کیا اور نتیجے کے طور پر وہ اپنی زندگی اور معاشرے میں جو تبدیلیاں لانا چاہتے تھے، انہیں لانے میں کامیاب ہوئے۔
دولت
پیسے کے معاملہ میں دلو ٹھنڈے دماغ کا مالک اور معقولیت پسند ہوتا ہے۔ دلو کے لیے دولت اس لیے اچھی ہوتی ہے کہ یہ ان کا ہر کام کرسکتی ہے۔یہ نہ تو بہت فضول خرچ ہوتے ہیں اور نہ ہی بہت زیادہ کنجوس۔ دولت حاصل کرنے کے لیے دلو افراد سائنسی اصولوں سے کام لیتے ہیں۔ ان کو ہنگامہ آرائی کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
صحت
خوش قسمتی سے ان کی قوت مزاحمت بہت طاقتور ہوتی ہے۔ بیماری کی حالت میں ان کی خود اصلاحی کا جذبہ ان کے کام آجاتا ہے۔ اور یہ جلد تندرست ہو جاتے ہیں۔
بُرج دلو (Aquarius)