Sal 2019 kesa guzray ga

آپ کا سال 2019ء کیسا گزرے گا؟
سیاروں کی پوزیشن اور مستقبل کا حال
آنے والا وقت آپ کے لیے کیسا ثابت ہوگا؟ یہ جاننے کے لیے آسٹرالوجی کے ماہرین تمام سیاروں کی مستقبل کی پوزیشن معلوم کرتے ہیں۔ پوزیشن سے مراد یہ ہے کہ وہ سیارے کس بُرج میں موجود ہوں گے نیز ان سیاروں کے درمیان (لکی یا غیرموزوں) کون سا زاویہ بنے گا؟
ویسے تو ہر سیارے کی پوزیشن آپ پراثر انداز ہوتی ہے۔لیکن آپ کے بُرج کے حکمران سیارہ (Ruling Planet) کی پوزیشن آپ پر زیادہ اثر انداز ہوتی ہے۔
اپنے حکمران سیارہ کے علاوہ جو سیارہ آپ پر زیادہ اثر انداز ہوتا ہے، وہ سیارہ زہرہ (Venus) ہے۔ اسے محبت، فیملی اور معاشرتی تعلقات کا سیارہ بھی کہتے ہیں۔ اس سیارہ کی پوزیشن کے ذریعے یہ اندازہ لگایا جاتا ہے کہ آپ کے محبت کے معاملات کیسے رہیں گے؟
سال 2019ء کا ایک جائزہ
آپکا حکمران سیارہ مریخ سال کے آغاز میں آپ کے برج میں موجود ہو گا۔ حکمران سیارہ کی آپ کے برج میں موجودگی ایک نیک شگون ہے۔ آپ کی توانائیاں اور صلاحیتیں عروج پر ہوں گی اور یوں محسوس ہوگا کہ جیسےکوئی بھی رکاوٹ آپ کے راستے میں نہیں آسکتی۔
مارچ کے آخر میں سورج آپ کے برج میں داخل ہو جائے گا اور اپریل کے آخر تک رہے گا۔آپ کی شخصیت کھل کر لوگوں کے سامنے آئے گی۔ آپ میں کام کرنے کی طاقت اور جذبہ پیدا ہوگا۔ آپکی صلاحیتیں عروج پر ہوں گی اور آپ بھرپور توانائی میں ہونگے۔ خود پر کنٹرول حاصل کریں اور پوری عقل مندی سے منصوبہ بندی کیجئے۔
اکتوبر کے آغاز میں سیارہ مریخ، برج میزان میں داخل ہو جائے گا۔ وہاں اس کی طاقت میں کچھ کمی آجائے گی۔ اور آپ اپنے جذبے اور توانائی میں کچھ کمی محسوس کریں گے۔
اس سال بات چیت کا سیارہ عطارد تین مرتبہ الٹی چال میں جائے گا۔ ایسا مارچ، جولائی اور اکتوبر کے آخر میں ہوگا۔اس دوران آپکو اپنی شخصیت کے اظہار میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ اپنا جائزہ لیں کہ آپ اپنا سیلف امیج، بول چال کا طریقہ اور دوسروں کی نظر میں اپنی عزت کس طرح بہتر بنا سکتے ہیں۔ بہتری کی گنجائش ہمیشہ موجود ہوتی ہے۔ اس وقت کے دوران خود کو بہتر بنائیے، آپ کو اس کی ضرورت ہے۔
محبت، فیملی اور سوشل لائف
سیارہ زحل اس سال برج جدی میں آجائے گا۔ آپ اپنے تعلقات کے حوالے سے ذمہ داری لینا پسند کریں گے اور اپنے اندر مضبوط ارادہ پائیں گے۔ رشتوں کو مضبوط کرنے کے لیے آپ بھرپور کوشش کریں گے۔ فیملی کے افراد اور شریک حیات سے خواہ مخواہ بحث نہ کریں۔ اپنا لائحہ عمل بنائیں اور ڈسپلن قائم رکھیں۔ آپ کو سوچنا چاہیئے کہ کس معاملے کو آپ نے کتنی ترجیح دینی ہے۔
جنوری سے مارچ تک سیارہ یورینس آپ کے برج میں سیدھی چال سے حرکت کرے گا۔آپ اپنے مزاج کے مطابق ہلا گلا کرنا چاہیں گے۔ لیکن یہ ہرگز لازمی نہیں کہ دوسرے لوگ بھی اس وقت اس موڈ میں ہوں۔ لہذا اگردوسروں کی طرف سے سرد مہری کا سامنا کرنا پڑے تو فرسٹریشن کا شکار نہ ہوں۔
اچھی خبر یہ ہے کہ سیارہ زہرہ سارا سال سیدھی چال سے حرکت کرتا رہے گا۔ جسکی وجہ سے فیملی اور رومانوی معاملات میں آپ کو سپورٹ ملتی رہے گی۔ البتہ اپریل کے آخر میں جب سیارہ زہرہ آپ کے برج میں آجائے گا تو آپ کے جذبات میں زیادہ شدت آجائے گی۔ آپ کے بولڈ انداز سے کچھ لوگوں کو خوشی ملے گی لیکن کچھ لوگ زیادہ بولڈ انداز پسند نہیں کریں گے۔ ہو سکتا ہے کہ آپ کے بولڈ اور مغرور الفاظ سے کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچے۔
مئی کے وسط سے جولائی تک سیارہ مریخ کی پوزیشن ایسی ہے کہ آپ کو زیادہ محتاط رہنا پڑے گا۔ مزاج میں تبدیلیاں آسکتی ہیں۔ جن معاملات میں آپ کامیاب اور طاقتور تھے، اب آپ وہاں ناکامی اور کمزوری کا سامنا کر سکتے ہیں۔ لیکن جلد ہی آپ صورتحال کو سنبھال لیں گے۔
اکتوبر کے وسط میں آپ کے برج میں نیا چاند ہو گا۔ یہ اچھا موقع ہے کہ آپ پرانے اختلافات بھلا دیں۔ اگر آپ اپنے شریک حیات اور دیگر لوگوں کو بھی اس پر قائل کر لیں، تو آپ کا تعلق مزید بہتر ہو سکتا ہے۔ غیرشادی شدہ افراد کے بندھن میں بندھنے کا امکان ہے۔ شادی شدہ افراد اپنے درمیان محبت اور اعتماد کی فضا پیداکریں۔ میاں بیوی ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش کریں تو ایک کامیاب اور خوشحال زندگی آپ دونوں کی منتظر ہے۔
دولت، جاب اور کاروبار
آپ کے برج کے حامل افراد کے لئے یہ سال مالی ، معاشی اور کیرئیر کے لحاظ سے نہایت فائدہ مند ہے۔
سیارہ زحل کی الٹی چال اپریل کے آخر سے ستمبر کے وسط تک ہو گی۔ اس دوران آپ کو اپنے کیرئیر کے حوالے سے کافی صبر کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہو گی۔ آپکو چاہیے کہ اپنے مقاصد کو ذہن میں رکھیں اور کوئی بھی قدم اتھانے سے پہلے یہ ضرور سوچ لیں کہ آپ کیا نتائج حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ کاروباری معاملات اور لین دین میں احتیاط کی ضرورت ہے۔ اچھا فیصلہ آپ کو کامیاب کرے گا، جبکہ برا فیصلہ آپ کے لیے مالی نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔
جون کے آغاز میں جب برج جوزا میں نیا چاند ہو گا تو آپ کے ذہن میں بہت اچھے آئیڈیاز آئیں گے۔ انہیں نظر انداز مت کریں۔ کیرئیر کے حوالے سے آپکو ان آئیڈیاز کا بہت فائدہ پہنچے گا۔ اگر آپ کوان منصوبوں کو کسی سے ڈسکس بھی کرنا پڑےتو ضرور کریں۔ لیکن خیال رہے کہ درست شخص کے ساتھ ہی انہیں ڈسکس کریں۔ اس نئے چاند کی وجہ سے آپ کے لیے دولت کا حصول آسان ہو گا۔


 


اپنے تاثرات بیان کریں !