Sal 2019 kesa guzray ga

آپ کا سال 2019ء کیسا گزرے گا؟
سیاروں کی پوزیشن اور مستقبل کا حال
آنے والا وقت آپ کے لیے کیسا ثابت ہوگا؟ یہ جاننے کے لیے آسٹرالوجی کے ماہرین تمام سیاروں کی مستقبل کی پوزیشن معلوم کرتے ہیں۔ پوزیشن سے مراد یہ ہے کہ وہ سیارے کس بُرج میں موجود ہوں گے نیز ان سیاروں کے درمیان (لکی یا غیرموزوں) کون سا زاویہ بنے گا؟
ویسے تو ہر سیارے کی پوزیشن آپ پراثر انداز ہوتی ہے۔لیکن آپ کے بُرج کے حکمران سیارہ (Ruling Planet) کی پوزیشن آپ پر زیادہ اثر انداز ہوتی ہے۔
اپنے حکمران سیارہ کے علاوہ جو سیارہ آپ پر زیادہ اثر انداز ہوتا ہے، وہ سیارہ زہرہ (Venus) ہے۔ اسے محبت، فیملی اور معاشرتی تعلقات کا سیارہ بھی کہتے ہیں۔ اس سیارہ کی پوزیشن کے ذریعے یہ اندازہ لگایا جاتا ہے کہ آپ کے محبت کے معاملات کیسے رہیں گے؟
سال 2019ء کا ایک جائزہ
سورج آپ کے برج میں فروری کے آخرسے مارچ کے آخر تک رہے گا۔ اس وقت آپ کی اپروچ انتہائی مثبت ہو گی اور آپ گلاس کو آدھا خالی کہنے کی بجائے آدھا بھرا ہوا کہیں گے۔اگرچہ ماضی میں کچھ لوگوں نے آپ کو دھوکہ بھی دیا ہے لیکن یہ چیز آپ کو ہرگز نہ روکے گی کہ آپ مستقبل میں بھی لوگوں کی مدد کریں۔آپ انسانی بھلائی کے کام کر کے نہیں اکتاتے۔ یہ چیز نہایت قابل تعریف ہے۔
اس سال کی بڑی خبر آپکے لیے یہ ہے کہ آپکا حکمران سیارہ نیپ چون آپکے حساس برج میں سارا سال گزارے گا۔ آپکو دوسروں کی بہتری کے کام کر کے خوشی محسوس ہو گی۔ بلا شبہ آپ اپنے سے زیادہ دوسروں کا خیال رکھتے ہیں اور آپ ایک قابل بھروسہ شخص ہیں۔ لیکن سیارہ نیپچون جون سے نومبر تک الٹی چال میں چلا جائے گا ۔ جس کی وجہ سے کچھ ایسی حقیقتیں آپ پر واضح ہوں گی جن سے آپ ہمیشہ بچتے آئے ہیں۔ اگرچہ سچ کا سامنا کرنا آسان نہیں ہو تا لیکن حقیقت کی اپنی اہمیت ہے۔ جب آپ اس مرحلے سے باہر نکلیں گے تو آپ بہت کچھ سیکھ چکے ہوں گے۔ یعنی ظالم وقت آپکو فائدہ دے کر ہی جائے گا۔
سیارہ مریخ اگرچہ سارا سال آپ کے برج میں نہ آئے گا، لیکن یہ آپ کے قریبی برجوں سرطان اور عقرب میں ضرور آئے گا۔ جس وقت یہ برج عقرب میں ہو گا یعنی وسط نومبر میں، تو اس کی طاقت سے آپ کو کافی فائدہ مل سکتا ہے۔ برج حوت کے حامل افراد ہمیشہ دوسروں کی مدد کرتے ہیں اور دوسروں کے لیے فکر مند رہتے ہیں۔ اِسی لیے وہ اپنے لیے بہت کم وقت نکال پاتے ہیں۔ مگریاد رکھیں کہ آپکو بھی اتنی ہی توجہ کی ضرورت ہے، جتنی آپ دوسروں کو دیتے ہیں۔
محبت، فیملی اور سوشل لائف
سال کے آغاز میں عمل و ایکشن کا سیارہ مریخ، برج حمل میں ہو گا۔ آپ اپنا پیار، محبت اور توجہ اپنے چاہنے والوں کو دکھانا چاہیں گے۔ یاد رکھیں کہ محبت کچھ جیتنے کا نام نہیں بلکہ ملتا جلتا ذہن رکھنے والوں کے درمیان ایک تعلق کا نام ہے۔
مارچ کے آغاز میں سیارہ یورینس، برج ثور میں آجائے گا۔ آپ کو اپنے تعلقات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، خواہ شریکِ حیات ہو، فیملی ہو یا دوست و احباب۔ وہ جو کہا جاتا ہے کہ محبت، محنت مانگتی ہےتو وہ ایسے ہی وقت کے لیے کہا جاتا ہے۔ آپ کو مختلف قسم کے پریشر کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اس کے لئے ذہنی طور پر تیار رہیں۔ کامیاب زندگی گزارنے کے لیے کسی حد تک دباؤ ضروری ہوتا ہے۔ اگر توقع کے برعکس واقعات پیش آئیں تو پریشان مت ہوں۔ وقت بدلتے دیر نہیں لگتی۔
مارچ کے آغاز میں آپ کے برج میں ایک نیا چاند ہو گا۔ کنوارے افراد کی منگنی یا شادی کا امکان ہے۔ میاں بیوی کے تعلقات میں بھی ایک نیا پن آئے گا۔ آپ وقتی طورپرکنفیوژن کا شکار ہوسکتے ہیں لیکن آہستہ آہستہ آپ پر صورتحال واضح ہوجائے گی۔ آپ ماضی سے بہت کچھ سیکھ چکے ہیں۔ اس سبق کو موجودہ وقت میں اپنے رشتوں کو مضبوط کرنے کے لیے استعمال کریں۔
مئی کے وسط میں ایک مکمل چاند ہو گا، جو کہ بلیو مون بھی کہلاتا ہے۔ یہ کبھی کبھار ہی ہو تا ہے۔ اس بلیو مون کے اثرات آپ کے تعلقات پر بہت دیر پا ہوں گے۔ آپ کے جذبات و احساسات میں شدت آئے گی، جو کہ مثبت بھی ہو سکتے ہیں اور منفی بھی۔ اگر آپ خود پر دباؤ یا سٹریس محسوس کریں تو اس کی بنیادی وجہ ضرور جاننے کی کوشش کریں۔ اس طرح آپ زیادہ تعمیری انداز میں اس سے نمٹ سکیں گے۔
ستمبر کے وسط میں آپ کے برج میں ایک مکمل چاند ہو گا۔ آپ کے اندر کی آواز آپ کو باہمی تعلقات کے معاملے میں بہترین طریقے سے گائیڈ کرے گی۔ لہذا اس آواز کو توجہ سے سنیں۔ آپ جذباتی لحاظ سے کسی حد تک ڈسٹرب ہو سکتے ہیں۔ ذہنی سکون کے لئے عبادت کا راستہ اختیار کریں۔ حالات بدلنے کی کوشش شروع کرنے پر قدرت آپ کو نئے مواقع اور آسانیاں فراہم کرے گی۔
گہرے غوروفکر کی علامت سیارہ پلوٹو سارا سال عمل کے برج جدی میں رہے گا۔ اکتوبر کے آغاز میں جب اس کی الٹی چال ختم ہو گی تو آپ اس کوشش میں ہوں گے کہ لوگوں کے رویوں کے پیچھے موجود وجوہات کو جانا جائے تا کہ زیادہ بہتر انداز سے لوگوں کے مزاج کو سمجھ سکیں۔ آپ کے تمام معاملات میں ایک توازن برقرار رہے گا۔
دولت، جاب اور کاروبار
مارچ کے آغاز میں جب سیارہ زہرہ ، برج دلو میں داخل ہو گا تو اس وقت آپ غیر روائتی سوچ اپنا کر دولت کما سکتے ہیں اور اپنا کیرئیر آگے بڑھا سکتے ہیں۔ یہ بہترین وقت ہے کہ آپ اپنے آئیڈیاز کو اگلے لیول تک لے کر جائیں۔ اپنی بات چیت کی صلاحیت کو استعمال کیجیئے تا کہ دوسروں پر اچھا تاثر پڑے اور آپ ایک اچھی جاب، اچھا بزنس پارٹنر یا کسی نئے منصوبے کے لیے کچھ سرمایہ حاصل کر سکیں۔ اگر آپ کو کیرئیر کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑے تو گھبرائیں مت۔ خدا ان کی مدد کرتا ہے جو اپنی مدد آپ کرتے ہیں۔ کسی بھی معاملے میں کودنے سے پہلے اچھی طرح سوچ لیں۔ اپنے مقصد کے لئے لڑنا اچھی بات ہے، مگر ہر وقت اس کے لئے سازگار نہیں ہوتا۔ کبھی نتیجہ انسان کی مرضی کا نکلتا ہے اور کبھی نہیں۔
جولائی کے آخر میں اور نومبر کے آغاز میں سیارہ عطارد الٹی چال میں جائے گا۔ اس دوران امکان ہے کہ کام کاج کے معاملات میں کچھ جذباتی عنصر شامل ہو جائے۔ لیکن آپ اپنی وجدانی صلاحیتوں کو استعمال کر کے معاملات کو درست ٹریک پر ڈال سکتے ہیں۔ لازمی نہیں کہ ہر انفارمیشن آپ کو ٹیکنالوجی یا کمپیوٹر سے ہی ملے۔ اپنی آنکھیں بند کریں، گہری سانس لیں اور اپنےاندر کی آواز سنیں۔ اپنے کان اور آنکھیں کھلی رکھیں۔ ملنے والے مفید مشوروں کا تجزیہ کریں۔ اور اپنے مالی معاملات کو بہتر بنانے کے لیے اچھی طرح سوچ سمجھ کر ان مشوروں پر عمل کریں۔ ماضی کی غلطیاں دہرانے کی بجائےان سے سبق سیکھیں۔ اپنے شعبہ سے متعلق اپنی معلومات میں اضافہ کریں اور اپنی صلاحیتیں بڑھائیں۔
اکتوبر کے آغاز میں سیارہ مریخ برج میزان میں داخل ہو گا۔آپ اپنی چھپی ہو ئی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر بلندی تک پہنچ سکیں گے۔ آپ کسی بھی صورتحال کے ہر پہلو کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آپ اپنے دفتر یا کام کاج کی جگہ پر امن و آشتی کے علمبردار ہیں۔ جب آپ کے افسران کو آپ کی اس صلاحیت کا پتہ چلے گا تو آپ کی ترقی کا بھی امکان ہے اور بونس بھی مل سکتا ہے۔ محنت کا پھل انسان کو ضرور ملتا ہے۔ لیکن بعض اوقات محنت کے نتائج فوری نہیں ملتے بلکہ اس کے لیے ذرا صبرسے کام لینا پڑتا ہے۔ اپنی آمدنی اور اخراجات میں توازن برقرار رکھیں تا کہ مالی مشکلات سے بچ سکیں۔


 


اپنے تاثرات بیان کریں !