Sal 2019 kesa guzray ga

آپ کا سال 2019ء کیسا گزرے گا؟
سیاروں کی پوزیشن اور مستقبل کا حال
آنے والا وقت آپ کے لیے کیسا ثابت ہوگا؟ یہ جاننے کے لیے آسٹرالوجی کے ماہرین تمام سیاروں کی مستقبل کی پوزیشن معلوم کرتے ہیں۔ پوزیشن سے مراد یہ ہے کہ وہ سیارے کس بُرج میں موجود ہوں گے نیز ان سیاروں کے درمیان (لکی یا غیرموزوں) کون سا زاویہ بنے گا؟
ویسے تو ہر سیارے کی پوزیشن آپ پراثر انداز ہوتی ہے۔لیکن آپ کے بُرج کے حکمران سیارہ (Ruling Planet) کی پوزیشن آپ پر زیادہ اثر انداز ہوتی ہے۔
اپنے حکمران سیارہ کے علاوہ جو سیارہ آپ پر زیادہ اثر انداز ہوتا ہے، وہ سیارہ زہرہ (Venus) ہے۔ اسے محبت، فیملی اور معاشرتی تعلقات کا سیارہ بھی کہتے ہیں۔ اس سیارہ کی پوزیشن کے ذریعے یہ اندازہ لگایا جاتا ہے کہ آپ کے محبت کے معاملات کیسے رہیں گے؟
سال 2019ء کا ایک جائزہ
اس سال کی ایک بڑی خبر آپ کے لیے یہ ہے کہ سیارہ مریخ جو کہ آپ کا حکمران سیارہ بھی ہے وہ سارا سال سیدھی چال سے حرکت کرے گا۔ لہذا اس سے متعلقہ معاملات میں آپکو اسکی مکمل انرجی حاصل رہے گی۔ آپ خود کو زیادہ محفوظ اور زیادہ پراعتماد محسوس کریں گے۔اور زندگی آپکو خوبصورت بھی لگے گی۔ اپنے دوستوں اور فیملی کے ساتھ ٹائم گزارنا آپکو خوب لطف دے گا۔ اور رومانوی معاملات میں بھی کچھ نہ کچھ بہتری ضرور آئے گی۔
نظم و ضبط کا سیارہ زحل، کام کاج کے برج جدی میں سارا سال رہے گا۔ ان حالات کا تقاضا یہ ہے کہ آپ اپنی ایمانداری اور دیانتداری کو ہرگز مت چھوڑیں۔ اپنے ذاتی اور پروفیشنل مقاصد کے حصول کے لیے بددیانتی سے کام نہ لیں۔ ہو سکتا ہے کہ آپ خود کو بہت زیادہ بوجھ تلے اور بہت مصروف سمجھیں لیکن مراقبہ اورباقاعدہ عبادات آپکے دماغ اور جسم کو صحت مند اور خوش رکھیں گے۔
جنوری میں سیارہ مریخ، پُرجوش برج حمل میں ہو گا ۔جسکی وجہ سے آپکو اپنے ادھورے کاموں کو پورا کرنے کے لیے جوش و خروش اور مطلوبہ توانائی ملے گی۔ آپکی تخلیقی صلاحیتیں عروج پر ہوں گی۔ آپ پرامن اور مثبت مقاصد کی طرف قدم اٹھائیں گے۔ دوسروں کو انکے اچھے کاموں پر داد دیں اور انہیں سراہیں۔
سیارہ پلوٹو جو کہ آپکا دوسرا حکمران سیارہ ہے، ذمہ داریوں کے برج جدی میں موجود رہے گا۔ اس کی وجہ سے آپکے طاقت اور کیرئیر کے معاملات میں بہتری آئے گی۔ لیکن جس وقت یہ سیارہ الٹی چال میں جائے گا یعنی اپریل کے آخر سے اکتوبر تک، تو اس وقت اس کی رفتار کچھ آہستہ ہوجائے گی۔ کچھ مشکلات بھی پیش آسکتی ہیں۔ ان اوقات میں آپ کو چاہیے کہ ایسے معاملات جو کہ الجھے ہوئے ہیں اور ابھی تک آپ انہیں سلجھا نہیں سکے، ان پر توجہ دیں اور انہیں حل کرنے کی کوشش کریں۔
اکتوبر کے آخر میں جب سورج آپکے برج میں آجائے گا تو اس وقت آپکی صلاحیتیں عروج پرہوں گی۔ لوگ آپکو سراہیں گے۔ اگرچہ آپ اپنی کامیابیاں اپنے تک رکھتے ہیں اور بڑھا چڑھا کر لوگوں کے سامنے پیش نہیں کرتے، لیکن آپ اس بات کے مستحق ہیں کہ لوگ آپ کی تعریف کریں اور آپ نے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں، انہیں تسلیم کریں۔
محبت، فیملی اور سوشل لائف
ویسے تو ہر شخص کے باہمی تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، لیکن آپ کے برج سے زیادہ کوئی برج اپنے تعلقات کو قائم رکھنے کے لیے اتنی محنت نہیں کرتا۔ لیکن شرط یہ ہے کہ آپ کو اپنے تعلق کا یقین ہو جائے۔
جنوری کے آغاز میں جب محبت اور سوشل تعلقات کا سیارہ زہرہ آپ کے برج سے باہر نکلے گا تو آپ کے باہمی تعلقات کی شدت میں کمی آئے گی۔ لیکن اس میں کوئی بُری بات نہیں۔ تعلقات ابھی بھی روانی سے چلتے رہیں گے، اگرچہ ان میں جذباتی گہرائی کی کمی ہو گی۔ بہرحال یہ ایک اچھا وقت ہے۔ اگر آپ نے دوسروں کا خیال رکھا تو آپ کے تعلقات میں استحکام آئے گا۔ اپنی شریک حیات کی ضروریات کو اپنی ضروریات پر ترجیح دیں۔ اپنی جیت اور کامیابیوں میں اسے بھی شریک کریں۔ اس طرح آپ اچھے تعلق کی وجہ سے اچھی فیملی بنانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔
جنوری کے وسط میں محبت اور سوشل تعلقات کا سیارہ زہرہ، عمل و ایکشن کےسیارہ مریخ سے ملاپ کرے گا۔ یہ ایسا وقت ہو گا کہ آپکی شخصیت کی خامیاں پسِ پشت چلی جائیں گی اور لوگوں کی نظروں میں آپکا امیج بہتر ہو گا۔ آپ دوسروں کے جھوٹ پہچاننے اور اپنے بارے میں سچ چھپانے میں بہت اچھے ہیں۔ اگر کوئی آپ کے بارے میں حقیقت جاننا چاہتا ہے تو اسے آپ کی حرکات وسکنات اور باڈی لینگوئج کوغور سے دیکھنا ہوگا کیونکہ آپ کی زبان سے آپ کے بارے میں زیادہ پتہ نہیں چلتا۔ آپ ایک معمہ ہیں اور آپ چاہتے ہیں کہ آپ ایسے ہی رہیں۔
مارچ کے آخر میں سیارہ زہرہ، برج حوت میں آجائے گا۔ کنوارے افراد کی شادی یا منگنی کا امکان ہے۔ شادی شدہ افراد کے تعلقات میں بھی بہتری آئے گی۔ پیار محبت کا سیارہ زہرہ سارا سال سیدھی چال میں رہے گا، جو کہ اچھے تعلقات اور دوستیوں کے حوالے سے ایک اچھا شگون ہے۔ رشتوں کو مضبوط کرنے کی طرف توجہ دیجیئے۔ گھروالوں سے دوریاں ختم کریں اور ان کے ساتھ اپنے دکھ سکھ شیئر کریں۔ چھوٹی چھوٹی باتوں کو دل میں رکھنا اچھی عادت نہیں ہے۔ دوسروں کی غلطیاں معاف کریں اور درگزر سے کام لیں۔
اپریل کے آخر میں سورج، برج ثور میں آجائے گا۔ معاملات کو زبر دستی اپنے حق میں موڑنے کی کوشش مت کریں۔ لازمی نہیں کہ اس کا نتیجہ آپ کے حق میں ہی آئے۔ بعض اوقات انسان کسی چیز کے لیے بہت جدوجہد کرتا ہے، لیکن وہ چیز اس کے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہوتی۔ آپ سے جو لوگ وابستہ ہیں، انہیں نظرانداز نہ کریں۔ دوسروں سے تعلقات بہتر کرنے کے لیے آپکو اگر کچھ محنت بھی کرنی پڑے تو یہ محنت ضرور کریں۔
مئی کے وسط میں جب عمل و حرکت کا سیارہ مریخ، جذباتی برج سرطان میں داخل ہو گا تو آپکا شریکِ حیات اور آپ کے دوست آپکے موڈی مزاج سے پریشان ہوں گے۔ ایسی صورتحال میں مشترکہ منصوبوں پر آپکو ان کا تعاون نہیں ملے گا اور آپ کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ستمبر کے آغاز میں حالات بہتر ہو جائیں گے۔ کیونکہ سیارہ زہرہ اور سیارہ پلوٹو کا باہمی ملاپ ہو گا۔ پرانی رنجشیں دور کرنے کا یہ اچھا موقع ہے۔ آپ کو اپنے تعلقات میں نیا پن ملے گا۔ آپ کو یوں محسوس ہو گا کہ جیسےآپکو اپنے پیاروں سے کوئی بھی جدا نہیں کر سکتا۔
ستمبر کے آغاز میں سیارہ زہرہ اور خوش قسمتی کے سیارہ مشتری کا بھی ملاپ ہو گا۔ رومانس، شریکِ حیات اور دیگر رشتوں کے حوالے سے یہ بھی ایک اچھا ٹائم ہو گا۔ غیرشادی شدہ افراد کے بندھن میں بندھنے کا امکان ہے۔ شادی شدہ افراد اپنے درمیان محبت اور اعتماد کی فضا پیداکریں۔ میاں بیوی ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش کریں تو ایک کامیاب اور خوشحال زندگی آپ دونوں کی منتظر ہے۔
دولت، جاب اور کاروبار
سیارہ زحل کی سارا سال برج جدی میں موجودگی اور جنوری کے آغاز میں اس کا سورج کے ساتھ ملاپ یہ ظاہر کرتا ہے کہ اگر آپ ایک مقصد پر فوکس کریں تو مالی لحاظ سے آپ کو اس کا فائدہ ہو گا۔ بے روزگار افراد کے لیے بھی یہ اچھا وقت ثابت ہو سکتا ہے۔ اپنی حوصلہ افزائی کریں اور وقت ضائع کرنے کی بجائے اپنے مقاصد پر فوکس کریں۔ قطرہ قطرہ مل کر دریا بنتا ہے۔
مارچ کے آغاز میں سیارہ عطارد کی الٹی چال کی وجہ سے آپ دباؤ میں آسکتے ہیں۔ اپنی بات دوسروں تک واضح انداز میں پہنچانا مشکل ہو گا۔ حساب کتاب میں بھی غلطی کے امکانات ہیں۔ لہذا بینکوں کے حوالے سے جمع تفریق کے معاملات پر ڈبل توجہ دیں۔ اگر لوگ آپ کو وہ مقام نہ دیں، جو کہ آپ کے خیال میں آپ کو ملنا چاہیے تو آپ ٹینشن کا شکار ہو جاتے ہیں۔ مال و دولت کے معاملات میں جو مسائل درپیش ہیں، انہیں حل کریں۔ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ آپ اپنے کام پر توجہ دیں۔ دوسروں سے اپنا موازنہ مت کریں اور نہ ہی اس فکر میں پڑیں کہ کون آپ سے زیادہ کما رہا ہے۔ بس اپنی حکمت عملی کو بہتر بنائیں۔
اگست کے درمیان میں جب سیارہ مریخ، برج سنبلہ میں داخل ہو گا تو یہ آپ کے لیے سب سے زیادہ فائدہ مند وقت ثابت ہوگا۔ نئے منصوبوں پر کام کرنا آسان ہو گا اور پرانے منصوبوں کو مکمل کرنا بھی ممکن ہو سکے گا۔آپ کی کامیابیوں کی وجہ سے آپ کی تعریف کی جائے گی۔ آمدنی میں اضافہ ہو سکتا ہے اور ترقی ہونے کے امکانات بھی ہیں۔ بہت سے معاملات جوکہ پہلے آپ پر واضح نہیں تھے اب واضح ہو جائیں گے اور آپ خود کو پر اعتماد محسوس کریں گے۔کسی جگہ انٹرویو دینے کےلیے بھی یہ مناسب وقت ہے کیونکہ اس وقت آپکی بات چیت اور گفتگو کی صلاحیت زوروں پر ہے۔


 


اپنے تاثرات بیان کریں !