Marriage Couples Matching

عقرب افراد کے لیے اچھے دوست اور شریکِ حیات
عام طور پر دیکھنے میں یہ آیا ہے کہ بہترین ازدواجی ساتھی آپ کو اپنے ہی مزاج (آتشی، آبی، ہوائی، خاکی)کے بروج میں مل سکتا ہے: یعنی آتشی برج والوں کو آتشی بروج میں، پانی کے برج والوں کو پانی کے بروج میں، ہوا کے برج والوں کو ہوا کے بروج میں، اورخاکی برج والوں کو خاکی بروج میں مل سکتا ہے۔
عملی تجربے میں یہ بھی آیا ہے کہ اپنے ہی برج کےلڑکا/لڑکی کےساتھ شادی کرنا اکثر غیر دلچسپ ہوسکتا ہے۔ یعنی اگر کوئی برج دلو والامرد، برج دلو والی عورت کے ساتھ شادی کرلے تو ان کو (عام طور پر) آپس میں زیادہ دلچسپی نہیں رہتی۔ ہاں اس میں صرف برج اسد والا مرد، برج اسد والی عورت کے ساتھ خاصا خوش رہ سکتا ہے۔

برج عقرب کے دوسرے برجوں سے تعلقات کا جائزہ مندرجہ ذیل ہے:
عقرب اور حمل
برج حمل آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج عقرب آبی مزاج رکھتا ہے ۔ یہ نہ صرف ذہنی طور پر ایک دوسرے سے دور ہوتے ہیں بلکہ یہ ہمیشہ ایک دوسرے کے مخالف چلتے ہیں کیونکہ یہ آگ اور پانی کا ملاپ ہے ۔اگر کبھی ان دونوں کا ملن ہو جائے تو برج حمل کو غصہ ، جلد بازی اور سختی ترک کر دینی چاہیئے جبکہ عقرب کو ضد ، ہٹ دھرمی اور رقابت کی قربانی دینی چاہیئے۔
برج حمل اور برج عقرب کے حامل میاں بیوی ذہنی طور پر ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہوتے ہیں ۔ان میں بحث و تکرار اور لڑائی جھگڑا ہوتا رہتا ہے اور ازدواجی زندگی کو کامیاب بنانے کے لئے انہیں کافی کوشش کرنا پڑتی ہے۔اگر برج حمل والا فریق اپنے غصّے اور جلدبازی کی عادت پر قابو پا لے اور برج عقرب والا فریق اپنی ضدی طبیعت اور ہٹ دھرمی سے باز آ جائے تو یہ کامیاب زندگی بسر کرنے کی امید کی جا سکتی ہے۔
عقرب اور ثور
برج ثور خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج عقرب آبی مزاج رکھتا ہے ۔اگرچہ ان دونوں کی جذباتی اور جسمانی توانائی ایک جیسی ہوتی ہے لیکن ان کی دوستی کا انحصار ایک دوسرے کی تعریف کرنے پر ہوتا ہے ۔ ان دنوں میں رقابت کا جذبہ بھی پایا جاتا ہے ۔ثور کو چاہیے کہ وہ عقرب پر مکمل بھروسہ رکھے ورنہ ان کی دوستی مشکل ہوجائے گی ۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے توانہیں ایک دوسرے کے جذبات کو سمجھنا چاہیے۔ برج ثور کا حامل فریق اپنے شریک حیات برج عقرب کی خودداری، تحمل مزاجی، جرأت مندی، وفا شعاری، اور ثابت قدمی کو بہت پسند کرتا ہے۔جبکہ برج عقرب والا فریق اپنے شریک حیات برج ثورکی بچت و کفایت شعاری، اصول پسندی اور مستقل مزاجی کی قدر کرتا ہے۔ ان دونوں میں جھگڑا بھی ہو سکتا ہے مگر اس کی ابتدا ء عموماً عقرب کرتا ہے۔
عقرب اور جوزا
برج جوزا ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج عقرب آبی مزاج رکھتا ہے ۔جوزا اور عقرب کا تعلق اچھا رہتا ہے لیکن خاص حالات میں جوزا اور عقرب کا ملاپ ایٹم بم کے برابر تباہی لا سکتا ہے۔ عقرب کی فطری رقابت اور قبضہ جمانے کی خواہش کا جوزا کی آزادی کی خواہش سے بہت جلد ٹکراؤ ہوسکتا ہے۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تواگر یہ ایک دوسرے کے جذبات کا خیال نہ رکھیں اور ایک دوسرے کو بے جا تنقید کا نشانہ بنائیں تو ان میں لڑائی بھی ہو سکتی ہے۔ لڑائی اکثر برج عقرب کے حامل فریق کی طرف سے شروع ہو تی ہے۔ اگر برج جوزا کا حامل فریق اپنی متلون مزاجی اور جلد بازی پر قابو پا لے، اور برج عقرب سے تعلق رکھنے والا سنگ دلی، شدت پسندی، اور جذباتی عادات پر قابو پا لے توان کے لیے بہتر ہو گا۔ یہ دونوں ایک دوسرے کی غلطیوں کو نظر انداز کرکے اور ایک دوسرے کے جذبات کا خیال رکھ کر اچھا وقت گزار سکتے ہیں۔

عقرب اور سرطان
برج سرطان اور برج عقرب دونوں آبی مزاج رکھتے ہیں ۔یہ دونوں ایک دوسرے کے بہترین ساتھی ہوتے ہیں۔ اگرچہ فطری رقابت کا جذبہ ان کے تعلقات میں بعض دفعہ بد مزگی پیدا کر دیتا ہے لیکن ان میں باہمی محبت کرنے کی صلاحیت ان کی مدت ناراضگی کو بالعموم محدود کر دیتی ہے ۔ عقرب کی صلاحیتیں سرطان کے قنوطیت کے دوروں کا مقابلہ کر سکتی ہیں ۔ان کی دوستی آئیڈیل ہوتی ہیں لیکن ان کو تعلقات کی بہتری کی مزید کوشش کرنی چاہیئے۔
برج سرطان اور برج عقرب سے تعلق رکھنے والے فریقین اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ان کو چاہئے کہ ایک دوسرے کے جذبات و احساسات کا خیال رکھیں اور اپنی زبان درازی پر قابو پائیں تاکہ آپس میں بحث و تکرار کی نوبت نہ آنے پائے۔کیونکہ ان کے مابین ذرا ذرا سی بات پر تلخ کلامی ہو سکتی ہے جو بڑھ کر لڑائی کی شکل بھی اختیار کر سکتی ہے ۔
عقرب اور اسد
برج اسد آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج عقرب آبی مزاج رکھتا ہے ۔یہ ایک مفاہمت پسند تعلق ہوتا ہے۔ اور ان میں متضاد باتوں کے علاوہ بہت سی باتیں مشترک بھی ہوتی ہیں۔
برج اسد اور برج عقرب کے حاملین اگر رشتہ ازواج میں منسلک ہو جائیں تو یہ دونوں ضدی اور ہٹ دھرم ہوتے ہیں۔ یہ ایک دوسرے کی کمی کوتاہی کو برداشت نہیں کر سکتے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے مابین ذرا ذرا سی بات پر لڑائی جھگڑا ہوسکتا ہے۔ جس سے دونوں فریق اپنی اپنی جگہ پریشان رہتے ہیں۔ جبکہ اپنی ضدی اور ہٹ دھرم طبیعت سے کوئی بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہوتا۔
عقرب اور سنبلہ
برج سنبلہ خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج عقرب آبی مزاج رکھتا ہے ۔اس تعلق کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ دونوں ایک دوسرے کی تعریف کریں۔ سنبلہ کا محقق ذہن، عقرب کی پراسرار اور مسحور کن باتوں میں حیرت زدہ ہو کر رہ جائے گا ۔ سنبلہ کی آزردگی کو عقرب ختم کرسکتا ہے ۔ عقرب ہر قسم کے حالات کا تجزیہ کرنے کا عادی ہے۔ اگر سنبلہ نے عقرب کے جذبات کو ٹھیس نہ پہنچائی تو یہ تعلق دیرپا ثابت ہوگا۔
برج سنبلہ اور برج عقرب کے حامل فریقین اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ان میں ذہنی ہم آہنگی اور موافقت پائی جاتی ہے۔ تاہم بعض اوقات برج سنبلہ کا حامل فریق، برج عقرب کی غیر سنجیدگی اور جارحانہ انداز کو پسند نہیں کرتا۔ جبکہ اسی طرح برج عقرب کا حامل فریق ، برج سنبلہ کی خاموش اور خشک مزاج طبیعت سے نالاں ہو جاتا ہے۔دونوں کے مابین بسا اوقات لڑائی جھگڑا بھی ہو سکتا ہے، جو ہمیشہ برج عقرب والے کی طرف سے ہوتا ہے۔ لیکن دونوں جلد صلح کرلیتے ہیں۔اگر میاں بیوی دونوں ہی ایک دوسرے کی خواہشات کا احترام کریں اور اپنی ہرجائز یا ناجائز بات کو منوانا اپنا حق نہ سمجھیں تو یہ ایک اچھی اور خوشگوار ازدواجی زندگی بسر کرسکتے ہیں۔
عقرب اور میزان
برج میزان ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج عقرب آبی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں برجوں میں ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردی ظاہر کرنے کے لئے بڑی کشش پائی جاتی ہے ۔عقرب کی قوت مردانگی، میزان کی توقعات پر پوری اترتی ہے ۔
برج میزان اور برج عقرب سے تعلق رکھنے والے مرد اور عورت کے مزاج میں عموماً موافقت نہیں پائی جاتی۔ اگر ان دونوں کی آپس میں شادی ہو جائے تو ان کے ما بین اکثر و بیشتر لڑائی جھگڑا ہوسکتا ہے اور اس معا ملے میں میزان کی طرف سے پہل ہوتی ہے۔میزان افراد چونکہ راگ رنگ کے دلدادہ اور عیش و عشرت کے طلب گار ہونے کے ساتھ ساتھ آزاد طبع ہوتے ہیں، لہذا یہ اپنے شریک زندگی عقرب کے ساتھ خود کو پابند محسوس کرتے ہیں اور یہی پابندی کا احساس انہیں ذہنی کوفت میں مبتلا کرسکتا ہے۔اگر دونوں فریق اپنے شریک زندگی کے ساتھ برابری کا سلوک کریں اور یہ سمجھ لیں کہ دوسرے فریق کے ساتھ ہی ازدواجی زندگی مکمل ہے، تو یہ اپنی ازدواجی زندگی بہتر انداز میں بسر کر سکتے ہیں۔

عقرب اور عقرب
برج عقرب آبی مزاج رکھتا ہے ۔یہ دو شخصیتوں کا حیرت انگیز ملاپ ہے کیونکہ یہ دو پہلوانوں کا مقابلہ ہوتا ہے ۔ہر ایک کو لاشعوری طور پر معلوم ہوتا ہے کہ دوسرا کس حد تک شک کرتا ہے اور اس کے اندرکتنی پوشیدہ طاقت ہے۔ ان کی آپس میں افہام وتفہیم کے لیے انہیں کوشش کرنی پڑے گی۔ ان دونوں کا ملاپ انسانی نفسیات کا بڑا دلچسپ مقابلہ ہوتا ہے ۔اگر یہ ایک دوسرے کے ساتھ اختلاف اور جھگڑے ختم کردیں تو ان کے تعلقات میں بہتری ہوسکتی ہے۔
برج عقرب کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو یہ اچھا وقت گزار سکتے ہیں۔ لیکن بعض اوقات دونوں ایک جیسا مزاج رکھنے کی وجہ سے ایک دوسرے پر حاوی ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔اگر یہ اپنے جذبات کو دبا کر اپنے شریک حیات کے مقام کو پہچان لیں تو جھگڑوں سے بچ سکتے ہیں۔ان کی اولاد ان کے تعلق کو مضبوط کرتی ہے۔
عقرب اور قوس
برج قوس آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج عقرب آبی مزاج رکھتا ہے ۔عقرب ایسے دوست اور ساتھی بنانا پسند کرتا ہے جن پر وہ اپنا رعب اور دبدبہ قائم رکھ سکے۔ جبکہ قوس کو پابندی پسند نہیں ہوتی۔ اگر یہ خوشگوار تعلقات قائم کرنا چاہیں تو انھیں چاہیئے کہ ایک دوسرے کو سمجھیں اورایک دوسرے کے لیے قربانی کا جذبہ بیدار کریں۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو برج قوس سے تعلق رکھنے والا فریق چونکہ آزاد طبع ہوتا ہے، تو کبھی کبھار یہ اپنے آپ کو پابند محسوس کرنے لگتا ہے۔ اس موقع پر برج عقرب کے حامل فریق کو دانش مندی سے کام لینا ہو گا، تا کہ دوسرے فریق کی دلجوئی ہو سکے۔
عقرب اور جدی
برج جدی خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج عقرب آبی مزاج رکھتا ہے ۔عقرب اپنے آتش فشانی غصے اور ڈنک کا کوڑا پکڑے ہر وقت تیار کھڑا رہتا ہے، جس کو وہ نہایت شدت سے مار سکتا ہے۔ جبکہ جدی اس کا مقابلہ سختی اور ہٹ دھرمی سے کرتا ہے۔
برج عقرب اور برج جدی کے حاملین کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو برج جدی سے تعلق رکھنے والا فریق اپنی شکی مزاج عادت کی وجہ سے دوسروں پر اکثر شک کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ اپنے شریک حیات پر بھی شک کرتا ہے۔ لیکن دلی طور پر یہ مخلص اور پیار کرنے والا ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ وقت گزار کر برج عقرب کا حامل فریق اس کی فطرت سے واقف ہو جاتا ہے تو اس کی شک کی عادت کو اہمیت نہیں دیتا۔ میاں بیوی ایثار و قربانی کا جذبہ رکھ کر اور ایک دوسرےکی خامیوں اور کوتاہیوں کو نظر انداز کرکے اچھا وقت گزار سکتے ہیں۔
عقرب اور دلو
برج دلو ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج عقرب آبی مزاج رکھتا ہے ۔ان میں بہت سے تضادات کے ساتھ ساتھ بہت سی باتوں میں اختلافات پایا جاتا ہے اور یہ ایک دوسرے کے خلاف اعصابی جنگ لڑتےلڑتے ایک دوسرے سے دور بھی ہو سکتے ہیں۔
برج عقرب اور برج دلو سے تعلق رکھنے والے مرد اور عورت اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو انہیں مفاہمت اور قربانی سے کام لینا پڑتا ہے اور ایک دوسرے کی کمی کوتاہیوں کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ کبھی کبھار ان میں بحث و تکرار ہو جاتی ہے۔ اور اس میں پہل ہمیشہ برج دلو سے تعلق رکھنے والا فریق کرتا ہے۔ بعض اوقات یہ بحث اتنی طویل ہو جاتی ہےکہ جھگڑے کی شکل اختیار کر جاتی ہے لیکن پھر یہ آپس میں صلح کرلیتے ہیں۔اولاد ان کی روزی کے لیے باعث برکت ہوسکتی ہے۔
عقرب اور حوت
برج حوت ا ور برج عقرب دونوں آبی مزاج رکھتے ہیں ۔ان کا مزاج ایک دوسرے سے ملتا جلتا ہے۔ عقرب کو سمجھنا کوئی آسان کام نہیں ہے لیکن حوت اپنی خداداد ذہانت سے کام لے کراسے بہت جلد سمجھ سکتا ہے۔ اگر یہ ایک دوسرے کو سمجھ لیں توان کے درمیان ایک اچھا تعلق بن سکتا ہے۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو ان کے درمیان عام طورپرموافقت پائی جاتی ہے۔ دونوں کی بہت سی عادات ایک جیسی ہوتی ہیں، جس کی وجہ سے یہ ایک دوسرے کو بہتر انداز میں سمجھ سکتے ہیں۔ اس تمام کے باوجود ایک مقام پر ان کی فطرت میں تھوڑا سا اختلاف پایا جاتا ہے۔ اوروہ یہ کہ برج حوت سے تعلق رکھنے والا فریق آرٹسٹک مزاج ہوتا ہے، جبکہ برج عقرب والا فریق حقیقی دنیا میں رہنا پسند کرتا ہے۔ لیکن یہ معمولی اختلاف ان کی ازدواجی زندگی پرکوئی نا خوشگوار اثرات مرتب نہیں کرتا۔ خوش بخت اولاد ان کے لئے مبارک ثابت ہوتی ہے۔


 


اپنے تاثرات بیان کریں !