Sal 2019 kesa guzray ga

آپ کا سال 2019ء کیسا گزرے گا؟
سیاروں کی پوزیشن اور مستقبل کا حال
آنے والا وقت آپ کے لیے کیسا ثابت ہوگا؟ یہ جاننے کے لیے آسٹرالوجی کے ماہرین تمام سیاروں کی مستقبل کی پوزیشن معلوم کرتے ہیں۔ پوزیشن سے مراد یہ ہے کہ وہ سیارے کس بُرج میں موجود ہوں گے نیز ان سیاروں کے درمیان (لکی یا غیرموزوں) کون سا زاویہ بنے گا؟
ویسے تو ہر سیارے کی پوزیشن آپ پراثر انداز ہوتی ہے۔لیکن آپ کے بُرج کے حکمران سیارہ (Ruling Planet) کی پوزیشن آپ پر زیادہ اثر انداز ہوتی ہے۔
اپنے حکمران سیارہ کے علاوہ جو سیارہ آپ پر زیادہ اثر انداز ہوتا ہے، وہ سیارہ زہرہ (Venus) ہے۔ اسے محبت، فیملی اور معاشرتی تعلقات کا سیارہ بھی کہتے ہیں۔ اس سیارہ کی پوزیشن کے ذریعے یہ اندازہ لگایا جاتا ہے کہ آپ کے محبت کے معاملات کیسے رہیں گے؟
سال 2019ء کا ایک جائزہ
سال کے آغاز میں آپکے برج میں ایک مکمل چاند اور سپر مون ہو گا۔ جس کے نتیجے میں آپ جذباتی دنیا اور عقلی دنیا کے درمیان کش مکش میں رہیں گے۔ آپکی ہمیشہ یہ کوشش ہوتی ہے کہ آپ اپنا بہترین عمل دنیا کے سامنے پیش کریں۔لیکن اس دوران آپکو بہترین راستہ چننے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔اگرچہ آپ کافی کنفیوز ہوں گے لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ آپکا ذہن ایسی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔خوب سوچیئے کہ آپ کہاں کھڑے ہیں، آپ کیا چاہتے ہیں اور آگے آپ کہاں جانا چاہتے ہیں۔
اگست کا مہینہ بہت مصروف گزرے گا۔ چار اہم سیاروں کی انرجی آپکے برج میں داخل ہو گی۔ یعنی سیارہ عطارد، سیارہ زہرہ، سیارہ مریخ اور سورج۔ زہرہ کی وجہ سے دولت اور محبت کے معاملات میں آپ پریکٹیکل حکمت عملی اپنائیں گے۔ عام طور پر ان معاملات میں آپ اپنے آرام دہ زون سے باہر نکلنا پسند نہیں کرتے، لیکن اب حالات کا تقاضا ہے کہ آپ اپنے آرام دہ زون سے باہر نکلیں اور عمل کی دنیا میں آئیں۔ مریخ کی وجہ سے آپ کے لیے ایسے منصوبوں کو مکمل کرنا آسان ہو جائے گا کہ جنہیں آپ کسی چھوٹی سے بات کی وجہ سے ابھی تک پایہ تکمیل تک نہیں پہنچا پائے۔
آپکے لیے ایک بڑی خبر یہ ہے کہ اگست کے آخر میں آپکا حکمران سیارہ عطارد آپکے برج میں آجائے گا۔ سیارہ عطارد بات چیت، خیالات کے اظہار، سوچ و فہم اور چیزوں کے تجزیہ کی علامت ہے۔ آپ کے حکمران سیارہ کی آپ کے برج میں موجودگی ایک نیک شگون ہے۔ ان میدانوں میں آپکو کوئی مشکلات پیش نہ آئیں گی۔ یہی سیارہ عطارد اس سال تین بار الٹی چال میں جائے گا یعنی مارچ، جولائی اور نومبر میں۔ اس دوران آپ کے لیے بہترین حکمت عملی یہی ہوگی کہ آپ ہمت نہ ہاریں، اس طرح آپ اپنی مشکلات پر قابو پا سکیں گے۔
محبت، فیملی اور سوشل لائف
جنوری کے وسط میں آپ کا حکمران سیارہ عطارد، غوروفکر کے سیارہ پلوٹو کے ساتھ مخصوص زاویہ بنا رہا ہے۔ آپ اپنی ذات کے تجزیہ پر توجہ دیں گے۔ اگر آپ کو کچھ مسائل کا سامنا ہے تو کسی بڑے کی مدد لے کر آپ ان مسائل کو حل کر سکتے ہیں۔ آپ کی اپنی صلاحیتیں بھی اس وقت عروج پر ہیں، انہیں استعمال کر کے آپ اپنے فیملی اور سوشل تعلقات میں بہتری لا سکتے ہیں۔
فروری کے وسط میں محبت اور سوشل تعلقات کے سیارہ زہرہ اور سیارہ زحل کے ملاپ کی وجہ سے آپ تنہائی محسوس کر سکتے ہیں۔ اپنے تعلقات کا دوسرے لوگوں کے تعلقات سے موازنہ کرنا چھوڑ دیں۔ کیونکہ آپ کے تعلقات میں ایک انفرادیت موجود ہے، لہذا جو چیز دوسرے لوگوں کے لیے مناسب ہے، شائد آپ کے لیے مناسب نہ ہو۔
مئی کے آغاز میں سیارہ عطاردکچھ عرصہ کے لیے تحمل مزاج برج ثور میں آ جائے گا۔ دوسروں کے رویے کو جانچتے وقت صبروتحمل کا دامن مت چھوڑیں۔ اگر کوئی آپ کے میسج کا جواب نہیں دے رہا، یا آپ کا فون اٹینڈ نہیں کر رہاتو اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ آپکو پسند نہیں کرتا۔ یہ بھی تو ہو سکتا ہے کہ وہ مناسب جواب سوچ رہا ہواور اس وقت آپ سے رابطہ کرے جب وہ زیادہ بہتر اور واضح انداز میں آپ سے بات کر سکے۔ ہر چیز کو پرسنلی مت لیں۔
اگست کے آخر میں محبت اور سوشل تعلقات کی علامت سیارہ زہرہ اور سیارہ مریخ کا ملاپ ہو گا۔ آپ خود میں جوش و جذبہ محسوس کریں گے۔ اگرچہ آپ کے برج کے لوگ بہت زیادہ اظہار کرنا پسند نہیں کرتے، لیکن ان سیاروں کی انرجی آپ میں بہت گرم جوشی پیدا کرے گی۔ بقول شاعر: دوست ہوتا نہیں، ہر ہاتھ ملانے والا۔ لوگوں کے حوالے سے آپ کو اپنی سوچ پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ لوگوں کے مخفی ارادوں کو پہچاننا سیکھیں۔ کھرے اور کھوٹے کی پہچان آپ کو آنی چاہیئے۔ اگر میاں بیوی یا فیملی کے باہمی تعلقات میں کچھ اونچ نیچ آ بھی جائے تو آپ عقل مندی اور صبروتحمل سے مسائل کو حل کریں۔ اور باہمی اختلافات دور کریں۔
اگست کے آخر میں آپ کے برج میں ایک نیا چاند ہو گا۔ غیر شادی شدہ افراد کی منگنی یا شادی کے امکانات ہیں۔ میاں بیوی کے تعلقات میں بھی بہتری آئے گی۔ نئے لوگوں سے ملاقات ہو گی اور نئے دوست بنیں گے۔ یہ آپ کے لئے اچھا وقت ہے۔لیکن آپ کو چاہیے کہ خود سے متعلقہ لوگوں پربھی توجہ دیں۔ اگر آپ سارا وقت اپنی ہی خوبیاں دیکھتے رہیں گے تو دوسروں کو توجہ نہ دے سکیں گے۔
اگست کے آخر سے ستمبر کے آخر تک رومانس اور سوشل تعلقات کے معاملے میں آپ عملیت پسندی سے کام لیں گے۔ آپ اپنی محبت اور دوستی کا اظہار دوسروں کا ہاتھ بٹا کر کریں گے، اور دوسروں کے نا مکمل کاموں کو پورا کرنے میں ان کی مدد کریں گے۔ دوسرے لوگ خواہ آپ کو مدد کے لیے بلائیں یا نہ بلائیں۔ یہ سب وہ طریقے ہیں، جن سے دوسرے لوگ یہ جان پاتے ہیں کہ آپ ان کا کتنا خیال رکھتے ہیں۔
دسمبر کے آغاز میں خوش قسمتی اور کثرت کا سیارہ مشتری، برج جدی میں داخل ہو گا۔ آپ میں جذبات اور احساسات کی کمی نہیں ہے، لیکن آپ کوشش کریں گے کہ دوسروں کے ساتھ اپنے تعلقات کا حقیقت پسندانہ تجزیہ کریں اور انکی گہرائی میں جائیں۔ اپنے سماجی روابط کے حوالے سے آنکھیں کھلی رکھ کر فیصلے کریں۔ فیملی اور شریک حیات کے مسائل کو جاننے کی کوشش کریں اور ان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
دولت، جاب اور کاروبار
سال کے آغاز میں طاقتور سیارہ مریخ، پرجوش برج حمل میں ہو گا۔ جس کی وجہ سے آپکو بہت سے کاموں کو مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔اسی طرح فرور ی کے وسط میں سیارہ مریخ اور سیارہ یورینس کا ملاپ ہو گا، جس کی وجہ سے کیرئیر اور مال و دولت کے حوالے سے آپ کے لیے موقع ہو گا کہ آپ رکاوٹوں کو عبور کر سکیں۔ اگر ایک بار آپ نے یہ رکاوٹیں عبور کر لیں تو کامیابیاں آپ کا مقدر ہیں۔ اس دوران آپ کیرئیر اور دولت کے معاملات میں اپنی رفتار تیز کرنے کی طرف توجہ دیں گے۔ گھر یا دفتر میں نئے ملازمین رکھنے سے پہلے مکمل چھان بین کر لینا مناسب ہوتا ہے۔
مئی میں سیارہ مشتری الٹی چال سے حرکت کرے گا اور سیارہ زہرہ کے ساتھ ایک لکی زاویہ بنائے گا۔ اس دوران آپ کے مالی معاملات دوبارہ توجہ کا مرکز بن جائیں گے۔ آپ کو انویسٹمنٹ اور بزنس کے حوالے سے نہایت شاندار مواقع مل سکتے ہیں۔ آپ اپنے کیرئیر اور کاروبارکے معاملات میں کھل کر اپنی رائے کا اظہار کریں گے۔ اگر چہ یہ ایک اچھی صلاحیت ہے مگر "پہلے تولو، پھر بولو" کے اصول پر بھی عمل کریں۔ جولوگ جاب کی تلاش میں ہیں انھیں چاہیے کہ اس دوران اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کی طرف توجہ دیں۔ آپ میں جتنی زیادہ صلاحیتیں ہوں گی ، اتنا ہی آپ کی ڈیمانڈ بڑھے گی۔
ستمبر کے آغاز میں جب سورج اور سیارہ مریخ کا ملاپ ہو گا تومال و دولت اور کیرئیر کے حوالے سے آپ کے لیے اچھا ٹائم ہو گا۔ لیکن چیزوں کو بہت زیادہ آسان مت لیں۔ دولت آسانی سے مل جائے یا اس کے لیے آپ کو محنت کرنی پڑے، دونوں صورتوں میں آپ جانتے ہیں کہ آپ اس کے مستحق ہیں۔ آپ کی تنخواہ بھی بڑھ سکتی ہے اور آپ کی ترقی بھی ہو سکتی ہے۔ اگر آپ جاب کی تلاش میں ہیں تو آپ کو کامیابی مل سکتی ہے۔ آپ اچھی طرح جانتے ہیں کہ کسی منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے کس طرح مستقل مزاجی کی ضرورت ہوتی ہے۔ صبروتحمل کا مظاہرہ کیجئے اور اپنے بجٹ کو ذہن میں رکھیے۔


 


اپنے تاثرات بیان کریں !