What is my star burj

پہلی نظر میں بُرج کیسے پہچانیں؟
پہلی نظر میں بُرج کیسے پہچانیں؟
آسٹرولوجی کے ذریعے آپ خودکو زیادہ بہتر طریقے سے سمجھ سکتے ہیں اور اپنی خوبیاں وخامیاں جان سکتے ہیں۔ اسی طرح آپ اپنے دوستوں اور آس پاس کے لوگوں کے مزاج کو بھی زیادہ اچھے طریقے سے سمجھ سکتے ہیں۔ فرض کریں کہ آپ کا دوست برج قوس سے تعلق رکھتا ہے اور عموماً نرم مزاج اور خوش اخلاق رہتا ہے۔ لیکن اچانک وہ چڑچڑاپن کا شکار ہوکر آپ سے بلند آواز میں بات کرتا ہے تو اسکے ہاروسکوپ کو پڑھ کر آپ یہ جان سکتے ہیں کہ وہ آج کل اپنی روزمرہ زندگی میں کسی پریشانی کا سامنا کررہا ہے۔ لہذا آپ صبروتحمل کا مظاہرہ کریں گے اور اسے منہ توڑ جواب نہیں دیں گے۔

ذیل میں تمام 12 برجوں کی مخصوص صفات و عادات بیان کی گئی ہیں، جنہیں پڑھ کر آپ ہر برج کے انسان کی شخصیت کو زیادہ بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں:
برج حمل
  • اس برج پر اثرانداز سیارہ مریخ ہے جوکہ طاقت، ایکشن اور عمل کی علامت ہے۔
  • برج حمل کے حامل افراد خود مختار رہنا پسند کرتے ہیں۔
  • یہ افراد بہت زیادہ بامقصد ہوتے ہیں اور اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے سر توڑ محنت کرتے ہیں۔
  • یہ غصے کے بہت تیز ہوتے ہیں مگر یہ اس کو دماغ پر حاوی نہیں کرتے۔ ان کا غصہ وقتی ہوتا ہے اور محض ان کے مزاج کی عکاسی کرتا ہے۔
  • ان کی حس مزاح بہت شاندار ہوتی ہے اور ہر کسی کے ساتھ محفل میں آسانی سے گھل مل جاتے ہیں۔
  • یہ کبھی کبھار بے صبرے بھی ہو جاتے ہیں لیکن یہ اچھے اور مخلص دوست اور فیملی ممبر ثابت ہوتے ہیں۔ اس وجہ سے لوگ ان سے بہت محبت کرتے ہیں۔
برج ثور
  • اس برج پر اثرانداز سیارہ زہرہ ہے جو کہ پیار، محبت ، خوبصورتی اور دولت کو ظاہر کرتا ہے۔
  • اس کا نشان بیل ہے جوکہ طاقت اور ارادے کو ظاہر کرتا ہے۔
  • اس برج کے حامل افراد مضبوط ہوتے ہیں اور جو چیز چاہتے ہیں اس کے لئے جدوجہد کرتے ہیں اوراس کے لیے تلخ ہونے سے بھی گریز نہیں کرتے۔
  • مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ برج پیار، شفقت اور نرمی کا مظہر بھی ہے۔
  • اس برج کے لوگ بہت زیادہ سمجھ بوجھ رکھنے والے ہوتے ہیں اور اگر کوئی اپنے غموں کا بوجھ ہلکا کرنا چاہتا ہے تو برج ثور کے لوگ اس حوالے سے بہترین ساتھی ثابت ہوتے ہیں۔
  • اگرچہ یہ اپنے مفاد کے بارے میں پہلے سوچتے ہیں لیکن اگر کوئی دوسرا مشکل میں ہو تو یہ وسیع القلبی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
  • یہ مالی معاملات اور کاروبار میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہیں اور کامیاب مینجر ثابت ہوسکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بہترین ٹیچر بھی ثابت ہوتے ہیں۔

برج جوزا
  • اس برج پر اثرانداز سیارہ عطارد ہے جوکہ بات چیت، اظہارخیال اور گفتگو کی علامت ہے۔
  • یہ بہت زیادہ باتونی ہوتے ہیں اور محفل کی جان سمجھے جاتے ہیں۔
  • یہ اپنی انرجی کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔
  • یہ اپنی زندگی کو اپنی مرضی کے مطابق جیتے ہیں۔
  • ان کو کسی بھی قسم کی صورت حال کا بہت جلد ادراک ہوجاتا ہےاور یہ اس کے مطابق ڈھل جاتے ہیں۔
  • یہ اچھے سیلزمین ثابت ہوتے ہیں۔
برج سرطان
  • اس برج پر اثرانداز سیارہ چاند ہے جو کہ جذبات و احساسات کو ظاہر کرتا ہے۔
  • اس کی وجہ سے اس برج کے حامل افراد موڈی ہوتے ہیں۔
  • یہ جذباتی اور حساس بھی ہوتے ہیں۔
  • اس برج کے افراد میں مستقل مزاجی نہیں ہوتی۔
  • یہ دوسرے لوگوں سے اپنے جذبات کوچھپانے کےعادی ہوتے ہیں۔
  • ان کے بارے میں یہ پیشن گوئی کرنا بہت مشکل ہوتا ہے کہ ان کا اگلا قدم کیا ہو گا۔
  • اس برج کے حامل افراد تاریخ سے بہت زیادہ شغف رکھتے ہیں۔
  • یہ لوگ محفوظ رہنا چاہتے ہیں مگر ایڈونچر کی تلاش میں بھی رہتے ہیں۔
برج اسد
  • اس برج پرسورج اثرانداز ہوتاہے، جوکہ برتری اور مضبوط قوت ارادی کو ظاہر کرتا ہے۔
  • اس برج کے حامل افراد بہت زیادہ پرجوش اور خود پسند ہوتے ہیں۔
  • یہ قدرتی طور پر لیڈر ہوتے ہیں۔
  • اس برج کے لوگ طاقت ، اختیار اورگہما گہمی کو بہت پسند کرتے ہیں۔
  • یہ اپنی رائے کے بارے میں بہت محتاط ہوتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کی رائے رد نہ کی جائے۔
  • یہ غصیلے مزاج کے حامل ، لیکن معاف کردینے والے ہوتے ہیں۔
  • بہت زیادہ سخی دل اور نرم مزاج بھی ہوتے ہیں۔
  • یہ افراد دوسروں پر حاوی ہونے اور اپنی رائے مسلط کرنے کے عادی ہوتے ہیں۔
برج سنبلہ
  • اس برج پر اثرانداز سیارہ عطارد ہے جوکہ بات چیت، اظہارخیال اور گفتگو کی علامت ہے۔
  • یہ اپنے آپ کو اور اردگرد کے لوگوں کو بہتر سے بہتر کرنے میں لگے رہتے ہیں۔
  • ان کا ذہن بہت کام کرتا ہے ، اور یہ ہر وقت تجزیہ کرتے رہتے ہیں۔
  • یہ لوگوں سے معلومات نکلوانے میں بہت تیز ہوتے ہیں۔
  • ان کی یاداشت بہت اچھی ہوتی ہے۔
  • یہ عملی سوچ رکھتے ہیں۔
  • یہ ٹیم میں بہت اچھا کام کرتے ہیں اور دوسروں کے ساتھ کام کرنے میں انہیں بہت لطف آتا ہے۔
  • بعض اوقات یہ بغیر ضرورت کے بھی اپنی رائے کا کھل کر اظہار کردیتے ہیں۔
  • انہیں اپنی زندگی میں توازن لانے کی ضرورت ہے ورنہ یہ خود غرض، بے صبرے اور جھگڑالو بن جائیں گے۔

برج میزان
  • اس برج پر اثرانداز سیارہ زہرہ ہے جو کہ پیار، محبت ، خوبصورتی اور دولت کو ظاہر کرتا ہے۔
  • اس برج کا نشان ترازو ہے۔ کیونکہ اس برج کے حامل افراد توازن، عدل و انصاف اور استحکام کا زندگی میں بہت زیادہ خیال رکھتے ہیں۔
  • اس برج کے لوگ اپنی معاملہ فہمی اور ڈپلومیٹک مزاج کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔
  • یہ بہت اچھے مقرر ہوتے ہیں اور اپنی بات کو منوانا جانتے ہیں۔
  • یہ ہر کسی کے ساتھ گھل مل جاتے ہیں۔
  • یہ دولت کمانے کے لئے بہت محنت کرتے ہیں اور کافی مہنگے ذوق رکھتے ہیں۔
برج عقرب
  • اس برج پر اثرانداز سیارہ پلوٹو ہے جوکہ جنگ، کوشش، طاقت اور کنٹرول کا مظہر ہے۔
  • یہ لوگ بہت بہادر ہوتے ہیں اورپورے اعتماد کے ساتھ مشکل فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
  • اگر یہ مکمل لگن اور توجہ سے کام کریں توکوئی رکاوٹ ان کا راستہ نہیں روک سکتی۔
  • ان کو سوال کرنا بہت پسند ہے اور یہ منطق کے قائل ہوتے ہیں۔
  • یہ ہر چیز کا باریک بینی سے مشاہدہ کرتے رہتے ہیں۔
  • اس برج کے حامل افراد بہت شدت پسند ہوتے ہیں۔
  • یہ عموماً دوسروں کے ساتھ وفاداری کرتے ہیں۔
برج قوس
  • اس برج پر اثرانداز سیارہ مشتری ہے جوکہ خوش قسمتی کی علامت ہے۔
  • یہ زندگی کو مثبت انداز سے گزارنے کے عادی ہوتے ہیں۔
  • یہ غیر ذمہ دار اور لاپرواہ بھی ہوتے ہیں۔
  • انہیں نئے لوگوں سے مل کر مزہ آتا ہے۔
  • ان سے صبر نہیں ہوتا اور یہ جلد نتائج کی توقع رکھتے ہیں۔
  • یہ ایک ہی وقت میں بہت سے کام کرنے کے عادی ہوتے ہیں، لیکن اس طرح ان کی انرجی ضائع ہو سکتی ہے اور یہ تھک سکتے ہیں۔
برج جدی
  • اس برج پر اثرانداز سیارہ زحل ہے جو کہ اصول و قوانین ، ضابطوں اور حدودکوظاہر کرتا ہے۔
  • یہ اپنے علم کو عملی شکل میں ڈھالنے کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔
  • یہ زندگی میں استحکام اور نظم و ضبط لانے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں۔
  • یہ بہت اچھے منتظم ہوتے ہیں اور اپنے مقاصد کو خاص ڈسپلن میں چلتے ہوئے حاصل کرلیتے ہیں۔
  • اس برج کے حامل افراد متحمل مزاج اور صبر والے ہوتے ہیں اور جانتے ہیں کہ وہ ہر چیز حاصل کرسکتے ہیں اگر وہ اپنے پلان پر بتدریج عمل کرتے جائیں۔
  • ان کا ذہن ہر وقت ایکٹیو رہتا ہے اور ان کا اپنی زندگی پر بہت زیادہ کنٹرول ہوتا ہے۔
  • برج جدی کے حامل لوگ کھلے دل کے ہوتے ہیں اور دوسروں کے مسائل کو بھی عموماً اپنے کندھوں پر لے لیتے ہیں۔
  • یہ اپنے مسائل کو دوسروں کو بتانے کے بالکل بھی عادی نہیں ہوتے اور اپنے مسائل خود حل کرتے ہیں۔
  • یہ مخالفت اور تنقید کا سامنا بہتر طور پر نہیں کرسکتے۔
برج دلو
  • اس برج پر اثرانداز سیارہ یورینس ہے جوکہ ٹیکنالوجی، دریافتوں اور انفرادیت کو ظاہر کرتا ہے۔
  • اس برج کے حامل افراد کسی بھی قسم کی مفاہمت کا شکار نہیں ہوتے۔ یہ بمشکل ہی کوئی سمجھوتا کرتے ہیں۔
  • بڑے خواب دیکھتے ہیں اور معاشرے کے رسم و رواج سے ہٹ کر چلنے کے عادی ہوتے ہیں۔
  • سادہ اور منکسرالمزاج ہوتے ہیں اور اپنے مقاصد کو عموماً خاموشی اور غیرروایتی طریقوں کا استعمال کرتےہوئےحاصل کرلیتے ہیں۔ جس کی وجہ سے یہ حیران کن نتائج دکھاتے ہیں۔
  • عموماً یہ کافی اچھی گفتگو کرلیتے ہیں جس کی وجہ سے اچھےٹیچر ثابت ہوسکتے ہیں۔
  • یہ اس بارے میں بالکل بھی نہیں سوچتے کہ دوسرے ان کے بارے میں کیا سوچ رہے ہیں۔
  • یہ ہر وقت منفرد خیالات سے مزین رہتے ہیں۔
  • انسانی ہمدردی کے لئے یہ کوئی بھی کام کرسکتے ہیں اور اس حوالے سے یہ شہرت رکھتے ہیں۔
  • یہ ایماندار، وفادار اوربہت زیادہ ذہین ہوتے ہیں۔
  • یہ بے عملی اورسستی کا شکار بھی ہوجاتے ہیں۔ تاہم یہ اپنی اس عادت سے آگاہ ہوتے ہیں اس لئے خود کو باعمل رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔
برج حوت
  • اس برج پر اثرانداز سیارہ نیپچون ہے جوکہ خواب وخیال، روحانیت اور غیر ماورائی چیزوں کی علامت ہے۔
  • یہ حقیقت سے فرار کے متلاشی ہوتے ہیں۔
  • یہ ایماندار اور قابل بھروسہ ہوتے ہیں ، اور خود غرضی کا مظاہرہ نہیں کرتے۔
  • انہی خوبیوں کی وجہ سے دوسرے لوگ ان سے ناجائز فائدہ بھی اٹھا لیتے ہیں، جو کہ مناسب بات نہیں۔
  • ان کے پاس بہت علم ہوتا ہے۔
  • یہ بہت اچھے دوست ہوتے ہیں اور دوسروں کی بات بڑی توجہ سے سنتے ہیں۔

 


 
 


اپنے تاثرات بیان کریں !