عدد ایک (1)
جو لوگ سال کے کسی بھی مہینے کی 1، 10، 19 یا 28 تاریخ کو پیدا ہوتے ہیں، ان کا عدد (1) ہے۔
لکی تاریخ اور دن
اس عدد کے حامل افراد اپنے تمام اہم کام کسی بھی مہینے کی 1، 19،10یا 28 تاریخ کو سرانجام دیں تو بہتر نتائج حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے کیونکہ ان کے لئے مبارک ہیں۔ ان کے لئے مبارک دن اتوار ہے۔ خصوصاً اگر یہ دن 1، 19،10یا 28 تاریخ کو آئے۔
اہم سال اور مہینے
عدد ایک کے زیر اثر افراد کے لئے 19 واں، 28 واں، 37 واں اور 55 واں سال اہم ہیں۔ ان سالوں میں یہ محسوس کریں گے کہ ان کی صحت متاثر ہوئی ہے۔ اکتوبر، دسمبر اور جنوری میں ایسے لوگوں کو صحت کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔

لکی رنگ اور پتھر
عدد ایک رکھنے والوں کے لئے سنہری، بادامی اور زرد رنگ اچھے ہیں۔ انہیں ان رنگوں کے لباس پہننے چاہییں۔ اگر ممکن ہو تو اپنے کمروں کے رنگ بھی انہی رنگوں میں سے منتخب کریں خصوصاً بیڈ روم کا رنگ ان میں سے ہونا چاہیے۔ یہ لوگ اس تبدیلی کو جلد محسوس کر لیں گے کہ موافق رنگ کروانے سے ان کو اعصابی سکون میسر آتا ہے اور گہری نیند آنے لگتی ہے۔ انہیں پکھراج، کہربا زرد اور ہیرے میں سے کوئی پتھر پہننا چاہیے خصوصاً اگر یہ لوگ ہر وقت کہربا کا ٹکڑا اس طرح پہنے رکھیں کہ وہ جسم کو چھوتا رہے تو مبارک ہے۔
شخصیت کی خوبیاں و خامیاں
  • عدد 1، سورج کی نمائندگی کرتا ہے، جو اپنی مخصوص خصوصیات رکھتا ہے۔
  • عدد ایک کے زیراثر افراد باہمت، حوصلہ مند اور اولالعزم ہوتے ہیں۔ کسی رکاوٹ اور مزاحمت کو خاطر میں نہیں لاتے۔ ان میں بام ثریا کو چھولینے کا ولولہ موجزن ہوتا ہے۔
  • یہ افراد تنقید کا سامنا صبروتحمل سے کرتے ہیں۔ حالانکہ وہ حیرت انگیز طور پر موڈی اور جذباتی طور پر کمزور ہوتے ہیں۔ وہ یہ ظاہرنہیں ہونے دیتے کہ انہیں رَد کیے جانے کے بعد ان کے دل کو کس قدر ٹھیس پہنچی ہے۔
  • یہ افراد اپنی فطرت کا اظہار بڑے پرشکوہ انداز میں کرتے ہیں۔ وہ جہاں موزوں سمجھتے ہیں، وہاں اپنی ذات کے اظہار کا فیصلہ کرلیتےہیں۔ بعض اوقات خدائی فوجدار بن کر صورتحال پر حاوی ہونے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔
  • یہ لوگ نئے طرز زندگی کو اپناتے ہیں،پرانی دھنیں نہیں الاپتے۔ یہ لکیر کے فقیر نہیں ہوتے۔
  • اس عدد کا حامل شخص ہیرپھیر کی باتیں نہیں کرےگا بلکہ ڈائریکٹ بات کرےگا۔
  • وہ جس کو چاہےگا، دل و جان سے اس پرسب کچھ نچھاور کردےگا اوراس کی دلجوئی اور نازبرداری کی خاطر دل کھول کر خرچ کرے گا۔
  • اس عدد کا حامل اپنی رفیقہ حیات کو اپنی مرضی کے مطابق زندگی بسر کرنے پر مجبور کرے گا۔
  • یہ لوگ بہت اچھے منتظم، سربراہ خاندان اور رفیق زندگی ثابت ہوتے ہیں۔
  • وہ اپنے بہن بھائیوں اور دوستوں کے ساتھ دوستانہ اور منصفانہ سلوک کرتے ہیں۔
  • وہ مذہب کے ساتھ ساتھ کھیل کود میں بھی دلچسپی لیتے ہیں اور فلسفیانہ ڈرامے دیکھنا پسند کرتے ہیں جو انہیں زندگی کی اہمیت سے روشناس کراتے ہیں۔
  • ممکن ہے کہ وہ کسی کھیل میں نام پیدا کریں۔
  • اگرچہ یہ افراد بخوبی جانتے ہیں کہ ہر نفس نے موت کا ذائقہ چکھنا ہے تاہم وہ موت کے تصور سے بہت خوفزدہ ہوتے ہیں۔ لہٰذا وہ اپنی صحت کا بہت خیال رکھتے ہیں۔
  • دوستوں کو بڑی بڑی پارٹیاں دیتے ہیں اور شام کی رونق دوبالا کرنے کے لئے جیب میں موجود آخری پیسہ بھی خرچ کر ڈالتے ہیں۔
  • یہ افراد عملی زندگی میں قدم رکھنے کے بعد اپنے پیشے کے بارے میں بہت سنجیدہ ہوتے ہیں اور اعلیٰ معیار زندگی قائم رکھنے کے لئے دولت کمانے کی طرف بھرپور توجہ دیتے ہیں۔
  • یہ لوگ ہر پیشے، ہر کاروباراور ہر فن میں کامیاب رہتے ہیں اور ترقی کے زینے طے کرتے ہوئے عروج پاتے ہیں۔

عدد ایک کی حامل عورت
  • اس عدد کی حامل عورت کو کمزور اور ناتواں مرد پسند نہ ہوگا، بلکہ وجیہہ و شکیل مرد کو پسند کرے گی۔
  • اس عدد کی بعض عورتیں اتھلیٹ ہونگی یا پھر وہ تھیٹر،سینما اور کھیل کود کے میدان پسند کریں گی۔
  • اس عورت کا سب سے بڑا چیلنج اپنی خود غرضی پر قابو پانا اور اپنے آپ کو ایک فعال کردار کی حیثیت سے پیش کرنا ہے۔
  • جب وہ نسوانیت کے روایتی تصور کو اپناتی ہے تو وہ مرد کے قریب تر ہو جاتی ہے۔
  • جس مرد کو اس عدد کی عورت کی رفاقت حاصل ہو جائے اسے یہ سمجھنا چاہیے کہ وہ دنیا کا خوش قسمت مرد ہے۔
  • یہ عورت اپنے شوہر سے ایسا سلوک کرتی ہے جیسے وہ کوئی عام شخص نہ ہو بلکہ کوئی خاص شخصیت ہو۔ وہ اس کے کپڑوں کو خوش دلی سے تیار کر کے رکھتی ہے۔
  • یہ عورت کڑکڑاتی سردی میں اپنے شوہر کے لئے ناشتہ تیار کرنے کے لئے اٹھ کھڑی ہو گی۔
  • اگر اس کے شوہر کا کسی دوسرے شہر میں تبادلہ ہوجائے تو وہ ایک لفظ کہے بغیر اس کے ساتھ نئی جگہ پر جانے کے لئے تیار ہوجائےگی، خواہ اس کے لئے اسے اپنی ملازمت کو خیرباد کہنا پڑے۔

دیگر اعداد

 
 
 


اپنے تاثرات بیان کریں !