آسٹرالوجی کے 12 گھر۔۔۔ زندگی کے 12 شعبے
آسٹرولوجی کے ماہرین نے زندگی کے تمام معاملات کو 12 مختلف شعبوں میں تقسیم کیا ہے۔ ان بارہ شعبوں کو آسٹرولوجی کے بارہ گھر کہا جاتا ہے۔ ان میں سے زیادہ اہم شعبے یہ چار ہیں:
- انسان کی ذاتی شخصیت (پہلا گھر)
- فیملی معاملات (چوتھا گھر)
- شادی (ساتواں گھر)
- کیریئر/ذریعہ معاش (دسواں گھر)
12 گھروں کی مختصر تفصیل
آسٹرالوجی کے 12 گھروں کی مختصر تفصیل درج ذیل ہے۔
پہلا گھر
آپ کےہاروسکوپ کا پہلا گھر آپ کی اپنی ذاتی شخصیت کی نمائندگی کرتا ہے۔ یعنی آپ کی ظاہری حالت، شکل و صورت، ذاتی تصورات و نظریات، سیلف امیج، مادی جسم، بچپن کا ماحول وغیرہ۔ اس میں یہ بھی شامل ہے کہ آپ کسی بھی صورتحال کا سامنا کس انداز میں کرتے ہیں۔
دوسرا گھر
آپ کےہاروسکوپ کا دوسرا گھر آپ کی اس دولت کی نمائندگی کرتا ہے جو آپ خود کماتے ہیں۔ یعنی آپ کی ملکیتی اشیاء مثلاًگاڑی، فرنیچر، کپڑے، دیگر سامان، سرمایہ کاری وغیرہ۔ ان میں سے کون کون سی چیزیں آپ حاصل کر سکیں گے؟ کس طریقے سے حاصل کریں گے؟ اور کس طرح ان چیزوں کو استعمال کریں گے؟۔ یہ تمام معاملات آپ کے ہاروسکوپ کے دوسرے گھر میں موجود سیاروں کی پوزیشن دیکھ کر بتائے جاتے ہیں۔
تاہم، دوسرا گھر اس عمارت کی نمائندگی نہیں کرتا جس میں آپ رہتے ہیں؛ کیونکہ چوتھا گھراس کی نمائندگی کرتا ہے۔
تیسرا گھر
آپ کےہاروسکوپ کا تیسرا گھر آپ کی بات چیت، کمیونیکیشن، بنیادی تعلیم، انفارمیشن، فون کالز، پیغامات وغیرہ کی نمائندگی کرتا ہے۔ اسکے علاوہ یہ آپ کے بھائیوں، بہنوں، رشتہ داروں، پڑوسیوں، اور چھوٹے موٹے سفر کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
لیکن یہ تیسراگھر آپ کے والدین کی نمائندگی نہیں کرتا؛ والدین کی نمائندگی اس سے اگلا گھر یعنی گھر نمبر 4 کرتا ہے۔
چوتھا گھر
آپ کے ہاروسکوپ کاچوتھا گھر آپ کےگھر، والدین، فیملی، آپکے جذبات اور اس عمارت کی نمائندگی کرتا ہے جس میں آپ رہتے ہیں۔
پانچواں گھر
آپ کے ہاروسکوپ کا پانچواں گھر آپ کی منگنی، تخلیقی صلاحیت، آپکے بچوں، شوق، کھیل اور لاٹری وغیرہ کی نمائندگی کرتا ہے۔
لیکن پانچواں گھر آپ کی شادی کی نمائندگی نہیں کرتا۔ کیونکہ شادی ایک طویل مدتی شراکت داری ہوتی ہے اور ساتواں گھرطویل مدتی تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔ لہذا جب گھر نمبر 5 کی محبت یعنی منگنی ایک سیریس رشتہ "شادی" میں بدل جاتی ہے تو ہم کہتے ہیں کہ محبت، گھر نمبر 5 سے گھر نمبر 7 میں منتقل ہوگئی ہے۔
چھٹا گھر
آپ کے ہاروسکوپ کا چھٹا گھر آپ کے روزانہ کے کام، اپنے گھر/معاشرہ میں ذمہ داری، کام کاج کرنے کی صلاحیت، صحت، بیماری اور غذا ئی معاملات کی نمائندگی کرتا ہے۔
لیکن خیال رہے کہ یہ چھٹا گھر آپ کے پیشہ ورانہ کیریئر اور جاب کی نمائندگی نہیں کرتا؛ اس کی نمائندگی دسویں گھر کی طرف سے کی جاتی ہے۔
ساتواں گھر
آپ کےہاروسکوپ کا ساتواں گھر کسی سیریس مقصد کے لئے طویل مدتی تعلقات، شادی، کاروباری شراکت داری، معاہدے، طلاق، علیحدگی، قانونی کیسوں اور جھگڑوں وغیرہ کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ گھر آپ کے کھلےدشمنوں کی نمائندگی بھی کرتا ہے۔ (آپ کے پوشیدہ دشمنوں کی نمائندگی بارہواں گھر کرتا ہے)
آٹھواں گھر
آپ کےہاروسکوپ کا آٹھواں گھر آپ کی جسمانی چوٹوں، موت، نقصان، شفا یابی کی قوت وغیرہ کی نمائندگی کرتا ہے۔
یہ آٹھواں گھرآپ کی اس دولت کی بھی نمائندگی کرتا ہے ، جو آپ کو دوسرے لوگوں سے حاصل ہوتی ہے یعنی خاندانی وراثت، شریک حیات کی دولت،جہیزوغیرہ۔ ہم اوپر پڑھ چکے ہیں کہ خود سے کمائی گئی دولت کی نمائندگی آپ کا دوسرا گھر کرتا ہے۔
نواں گھر
آپ کے ہاروسکوپ کا نواں گھر آپ کے اعلیٰ خیالات وتصورات اورمعاملات کے تجزیہ کی صلاحیت کی نمائندگی کرتا ہے۔ یعنی آپ کی اعلیٰ تعلیم (تیسرا گھر بنیادی تعلیم کی نمائندگی کرتا ہے)، طویل سفر، دیگر ثقافتوں اور ممالک میں تعلقات، روحانیت، مذہب، اخلاقیات وغیرہ۔
دسواں گھر
آپ کےہاروسکوپ کا دسواں گھر آپ کے پیشہ ورانہ کیریئر، معاشرہ میں آپکی ساکھ، حیثیت، عزت اور سٹیٹس کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ گھر بااختیار شخصیت اور سیاستدانوں کے ہاروسکوپ میں بڑا اہم کردار ادا کرتاہے۔
گیارہواں گھر
آپ کےہاروسکوپ کا گیارہواں گھر آپ کی خواہشات، امیدوں، مقاصد،ٹارگٹس اور آپکے دوستوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ گھر آپکی شخصی آزادی اور انسانی فلاح و بہبود کی نمائندگی بھی کرتا ہے۔
بارہواں گھر
آپ کےہاروسکوپ کا بارہواں گھر قتل، خودکشی، اغوا، جنازہ، بیوگی، غم، مسائل، بدقسمتی، جلاوطنی، کرپشن، عدم استحکام اور چیزوں کے اختتام کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ گھر روزمرہ زندگی سےمتضاد جگہوں مثلاًہسپتال، پولیس سٹیشن، جیل وغیرہ کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
یہ گھر آپ کے خفیہ تعلقات اور پوشیدہ دشمنوں کی نمائندگی بھی کرتا ہے۔ (آپ کے کھلے دشمنوں اورظاہری تعلقات کی نمائندگی ساتواں گھر کرتا ہے)۔
آسٹرولوجی سیکھئے