View Dream of your Choice in Urdu

اپنی مرضی کا خواب دیکھنے کا طریقہ
اپنی مرضی کا خواب دیکھنے کا طریقہ
روزمرہ زندگی میں ہم جو خواب دیکھتے ہیں ان پر ہمارا کوئی کنٹرول نہیں ہوتا، اور یہ ہمارے دماغ پر منحصر ہوتا ہے کہ وہ ہمیں کیا دکھاتاہے۔لیکن آپ کو یہ جان کر حیرت اور خوشی ہو گی کہ ذرا سی کوشش سے آپ اپنی مرضی کا خواب بھی دیکھ سکتے ہیں۔ ایسےخوابوں کو Lucidخواب کہتے ہیں۔
Lucid خوابوں کے دوران ہم اپنی مرضی استعمال کرتے ہوئے کہیں بھی جا سکتے ہیں اور کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ لیکن یہ سب کچھ ہم اپنے مادی جسم کی بجائے اپنی روح (یعنی نوری یا مثالی جسم) کے ذریعے کرتے ہیں۔
Lucid خوابوں کے ذریعے آپ اپنے کسی مسئلہ کا حل بھی معلوم کر سکتے ہیں۔ مثلاً اگر آپ اپنا مکان تعمیر کروا رہے ہیں اور آپ کو سمجھ نہیں آرہا کہ سیڑھیاں کس طرف رکھی جائیں تو Lucidخواب اس بارے میں آپ راہنمائی کر سکتے ہیں ۔دراصل دورانِ نیند دماغ کی طاقت بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے، کیونکہ نیند میں جسم سویا ہوتا ہے، لہذا دماغ کوجسم کی طرف زیادہ توجہ نہیں دینی پڑتی۔

Lucidخواب دیکھنے کے اصول
کچھ لوگوں میں مرضی کے خواب دیکھنے کی صلاحیت قدرتی طور پر زیادہ ہوتی ہے ۔تاہم کچھ عرصہ کی مشق کے بعد ہر شخص میں یہ صلاحیت پیدا ہو سکتی ہے۔ یہاں ہم آپ کو چند اصول بتائیں گے جو آپ کے لیے مددگار ثابت ہونگے:
  • اپنے خوابوں کو نوٹ کرنے کے لیے ایک ڈائری بنا لیں۔ (بے شک اسے کسی خفیہ جگہ پر رکھیں،تا کہ آپ کی پرائیویسی برقرار رہے!)۔ آج تک آپ نے جو خواب بھی دیکھے ہیں، جس حد تک ممکن ہو، انھیں اس ڈائری میں نوٹ کر لیں۔ آئندہ آپ کو جو خواب بھی نظر آئے، بیدار ہوتے ہی فوراً نوٹ کر لیں۔ ذہن پر زور ڈال کر زیادہ سے زیادہ تفصیل لکھنے کی کو شش کریں۔ اپنی کیفیت بھی لکھیں کہ خواب کے دوران آپ خوشی، غمی، ڈر، حیرت یا نارمل میں سے کس حالت میں تھے؟
  • سوتے وقت یہ ارادہ کر یں کہ آپ جو خواب بھی دیکھیں گے اسے صبح تک یادرکھیں گے۔ دن کے وقت بھی اپنا یہ ارادہ دہراتے رہیں کہ رات کو میں جو خواب بھی دیکھوں گا،اسے صبح تک یاد رکھوں گا۔
  • سوتے وقت یہ بھی ارادہ کریں کہ خواب کے دوران آپ یادرکھیں گے کہ آپ حالتِ خواب میں ہیں۔ اگر آپ یہ نہیں جان پائیں گےتو آپ خواب کو کنٹرول کرنے کے بجائے اسکی رو میں بہتے چلے جائیں گے۔
اس مقصد کے لئے آپ کو چاہئے کہ بیداری کی حالت میں اپنی عادت بنا لیں کہ اپنے ارد گرد ایسی نشانیاں اور ثبوت تلاش کرتے رہا کریں (مثلاً گھڑی سے ٹائم دیکھنا، خود کو چٹکی کا ٹنا وغیرہ) جن سے آپ کو پتہ چل سکے کہ کیا آپ حقیقی دنیا میں ہیں یا خواب دیکھ رہے ہیں۔ جب آپ کی یہ عادت پکی ہو جائےگی تو خواب کے دوران بھی آپ عادت سے مجبور ہو کر کھو ج لگا لیں گے کہ کیا یہ خواب ہے؟۔ مثلاً اگر آپ کسی عمارت میں موجود ہیں تو یہ سوچیئے کہ آپ یہاں تک کیسے پہنچے؟ اس سے قبل آپ کہاں تھے؟ اگر آپ کو ان سوالوں کا جواب نہ ملے تو جان جایئے کہ آپ خواب خرگوش کے مزے لے رہےہیں۔ اب اس خواب کو اپنی مرضی کے مطابق آگے چلانا آپ کے بائیں ہاتھ کا کھیل ہے۔
کچھ عرصہ کی اس مشق کے بعد آپکو بے ربط خوابوں کی بجائے ترتیب وار واقعات والے خواب آنا شروع ہو جائیں گے۔ جلد ہی آپ میں مرضی کے خواب دیکھنے کی صلاحیت بھی پیدا ہو جائے گی۔
  • مرضی کا خواب دیکھنے کا ایک آزمودہ طریقہ یہ بھی ہے کہ اگر آپ کبھی معمول سے پہلے جاگ جائیں تو دوبارہ مکمل سونے کی بجائےخود کو غنودگی کی حالت میں جگائے رکھیں۔یعنی نہ تو آپ مکمل طور پر سوئے ہوئے ہوں اور نہ ہی مکمل طور پر جاگ رہے ہوں۔ اس ففٹی ففٹی کی حالت میں اگر آپ کوئی خواب دیکھتے ہیں تو اس خواب کوبڑی حد تک کنٹرول کر سکتے ہیں۔ یہاں تک کہ آپ آسمان کی سیر بھی کر سکتے ہیں۔
  • اگر آپ سوتے وقت اپنے موبائل فون پر قرآنِ مجید کی تلاوت دھیمی آواز میں لگا دیا کریں،اور اسے سُنتے سُنتے سو جائیں۔تو تھوڑے ہی عرصے میں آپ کو مقدس خواب دکھائی دے سکتا ہے۔
  • اگر آپ کسی خاص مسئلے کے حل کے لئے خواب سے مدد لینا چاہتے ہیں تو رات کا کھانا جلد کھا لیں۔ جب سونے کے لئے لیٹیں تو ذہن میں اس مسئلہ کو رکھیں اور تصور کریں کہ خواب میں اس کا حل نظر آئے گا۔ کچھ عرصہ کی مستقل مزاجی کے بعد آپ کو اپنے مسئلے کا حل خواب میں ضرور نظر آجائے گا۔ کیونکہ نیند کی حالت میں دماغ بے شمار کاموں سے آزاد ہوتا ہے اور اس کی طاقت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔
واضح خواب دکھانے والی غذائیں
اگر آپ واضح خواب دیکھنا چاہتے ہیں تو ٹماٹر، کیلے، چاول، سرخ مولی، بادام اور خشخاش کا زیادہ استعمال کریں۔ کوکنگ آئل کے طور پر سورج مکھی (سن فلاور) کا تیل استعمال کریں۔ ان غذاؤں کے استعمال سے جسم میں ایسے ہارمون پیدا ہوتے ہیں جو واضح خواب دکھاتے ہیں۔ بھاری غذا استعمال کرنےیا سموکنگ کرنے سے پیچیدہ خواب آتے ہیں، اس لئے ان سے دور رہیں۔

 


 
 


اپنے تاثرات بیان کریں !