Types of Burj

لچکدار اور غیر لچکدار شخصیت والے بُرج
لچکدار اور غیر لچکدار شخصیت والے بُرج
کسی انسان کی شخصیت اور مزاج کا اسکے برج سے بڑا گہرا تعلق ہوتا ہے۔ کچھ برجوں کے لوگ بہت باتونی ہوتے ہیں، کچھ برجوں کے لوگ بہت لچکدار شخصیت کے مالک ہوتے ہیں، کچھ برجوں کے لوگ بہت غصیلے ہوتے ہیں۔ جبکہ کچھ برجوں کے لوگ ان خصوصیات کے بالکل الٹ ہوتے ہیں۔ اسی طرح بہت سے لوگ ایسے ہوتے ہیں جو کسی نئے کام کا آغاز تو کر لیتے ہیں مگر اس کام کو چلانے اور پایہ تکمیل تک پہنچانے کی صلاحیت ان میں اتنی اچھی نہیں ہوتی۔ کچھ لوگ خود سے نیا منصوبہ شروع کرنے میں دشواری محسوس کرتے ہیں، لیکن اگر انہیں کوئی چلتا ہوا منصوبہ دے دیا جائے تو وہ اسے بڑھے اچھے طریقے سے چلاتے ہیں۔

اس آرٹیکل میں ہم لچکدار اور غیر لچکدار شخصیت کے حامل برجوں کا جائزہ لیں گے اور یہ بھی دیکھیں گے کہ کون سے برج کس طرح کے کاموں کے لیے زیادہ موزوں ثابت ہوتے ہیں۔
نئی چیزوں کا آغاز کرنے والے بُرج
برج حمل، سرطان، میزان اور جدی کے لوگ نئی نئی چیزوں کا آغاز کرتے رہتے ہیں؛ ان لوگوں میں اس کی غیر معمولی صلاحیت ہوتی ہے۔ یہ نئے آئیڈیاز اور خیالات کو بہت پسند کرتے ہیں اور ان پر اپنا فوری ردعمل دیتے ہیں۔ یہ خود کو بھرپور طریقے سے منواتے ہیں۔
غور کیا جائے تو معلوم ہو گا کہ برج حمل کا زمانہ موسمِ بہار کے آغاز میں آتا ہے؛ برج سرطان کا زمانہ موسمِ گرما کے آغاز میں آتا ہے؛ برج میزان کا زمانہ موسمِ خزاں کے آغاز میں آتا ہے؛ جبکہ برج جدی کا زمانہ موسمِ سرما کے آغاز میں آتا ہے۔ ان چاروں برجوں کے افراد میں بھی یہی خصوصیت پائی جاتی ہے کہ یہ نئے کاموں کا آغاز کرنے کے لیے نہایت موزوں ثابت ہوتے ہیں۔
غیر لچکدار شخصیت والے بُرج
برج ثور، اسد، عقرب اور دلو کے لوگوں کی شخصیت میں بہت کم لچک پائی جاتی ہے۔ یہ افراد اپنے آپ کو بہت کم تبدیل کر پاتے ہیں۔ یہ تبدیلی کو آسانی سے قبول نہیں کرتے بلکہ انہیں بدلے ہوئے حالات کے مطابق خود کو تیار کرنے کے لیے کافی وقت چاہیئے ہوتا ہے۔ ممکن ہے کہ یہ ذرا لیٹ ہو جائیں لیکن ایک بار یہ اڑ جائیں تو آخر تک ڈٹے رہتے ہیں۔ یہ اگرچہ زیادہ ایکٹیو نہیں ہوتے لیکن پرعزم اور نہ تھکنے والے ہوتے ہیں۔ مستقل مزاجی اور مقصد سے وفاداری ہی ان کی قوت ہے۔ انکی شخصیت میں ایک استحکام پایا جاتا ہے اور یہ لوگ اس وجہ سے زیادہ قابلِ بھروسہ بھی ہوتے ہیں۔ ان میں یہ صلاحیت بھی ہوتی ہے کہ یہ پہلے سے جاری معاملات اور منصوبوں کو بڑے اچھے انداز سے جاری رکھتے ہیں اور انہیں آگے بڑھاتے ہیں۔
غور کیا جائے تو معلوم ہو گا کہ برج ثور کا زمانہ موسمِ بہار کے درمیان میں آتا ہے؛ برج اسد کا زمانہ موسمِ گرما کے درمیان میں آتا ہے؛ برج عقرب کا زمانہ موسمِ خزاں کے درمیان میں آتا ہے؛ جبکہ برج دلو کا زمانہ موسمِ سرما کے درمیان میں آتا ہے۔ ان چاروں برجوں کے افراد میں بھی پائیداری اور استحکام کی خصوصیت پائی جاتی ہے اور کسی کام یا منصوبے کے شروع ہو جانے کے بعد یہ اس منصوبے کو بڑے اچھے طریقے سے چلاتے ہیں اور اسے آگے لے کر چلتے ہیں۔
لچکدار شخصیت والے بُرج
برج جوزا، سنبلہ، قوس اور حوت کے لوگوں کی شخصیت میں بہت زیادہ لچک پائی جاتی ہے۔ یہ افراد کسی بھی صورتحال کے مطابق خود کو تبدیل کر سکتے ہیں۔ یہ ہر ماحول میں ڈھل جاتے ہیں۔ ان کی شخصیت میں بالکل استحکام نہیں ہوتا اور یہ بیرونی ماحول کا اثر بہت جلد قبول کرتے ہیں۔ بعض اوقات یہ اس حد تک سمجھوتا کر لیتے ہیں کہ اپنے مقصد اور مفادات سے ہی دور ہٹ جاتے ہیں۔ ان میں یہ صلاحیت بھی ہوتی ہے کہ یہ پہلے سے جاری معاملات اور منصوبوں کا اختتام بڑے اچھے انداز میں کرتے ہیں۔
غور کیا جائے تو معلوم ہو گا کہ برج جوزا کا زمانہ موسمِ بہار کے آخر میں آتا ہے؛ برج سنبلہ کا زمانہ موسمِ گرما کے آخر میں آتا ہے؛ برج قوس کا زمانہ موسمِ خزاں کے آخر میں آتا ہے؛ جبکہ برج حوت کا زمانہ موسمِ سرما کے آخر میں آتا ہے۔ یعنی ان برجوں کا زمانہ وہ زمانہ ہے کہ جب ایک موسم ختم ہو رہا ہوتا ہے اور دوسرا موسم شروع ہو رہا ہوتا ہے۔ ان چاروں برجوں کے افراد میں بھی تبدیلی کی خصوصیت پائی جاتی ہے اور کسی جاری کام یا منصوبے کو یہ بڑے اچھے طریقے سے اختتام پذیر کرتے ہیں۔

 


 
 


اپنے تاثرات بیان کریں !