how zaicha is made

ہاروسکوپ کیسے بنتا ہے؟
آسٹرولوجی ایک ایسا دلچسپ اور آسان علم ہے کہ جس کی مدد سے کسی کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں جانا جاسکتا ہے۔اس کے علاوہ آسٹرولوجی یہ بھی بتا سکتی ہے کہ آپ کا آج کا دن یا آنے والاوقت کیسا گزرے گا؟ آپ اکثر سوچتے ہوں گے کہ ماہرین آسٹرولوجی آخر کس طرح سے مستقبل کی کامیاب پیشن گوئی کر لیتے ہیں۔تو لیجئے جناب! اس آرٹیکل میں ہم آپ کو یہی بتانے جارہے ہیں۔

آسٹرالوجی کے علم کی بنیاد مندرجہ ذیل تین چیزوں پر ہے:
  1. سورج، چاند اور دیگر سیارے
  2. آسٹرولوجی کے بُرج
  3. آسٹرولوجی کے گھر
1:سورج، چاند اور دیگر سیارے
تمام سیارے اپنے اپنے دائرہ نما راستے پرہر وقت گردش میں رہتے ہیں۔ کچھ سیاروں مثلاً عطارد(Mercury) اور زہرہ (Venus) کے دائرے چھوٹے ہیں، اس لئے وہ اپنا ایک چکر تھوڑے وقت میں مکمل کر لیتے ہیں۔ اس کے بر عکس مشتری (Jupiter) اور زحل (Saturn) وغیرہ ایسے سیارے ہیں کہ جن کے دائرے بہت بڑے ہیں، لہذا انہیں اپنا ایک چکر مکمل کرنے میں کئی سال لگ جاتے ہیں۔
2:آسٹرولوجی کے بُرج
سیاروں کے دائرہ نما راستہ کو 12 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ان حصوں کو بُرج کہتے ہیں۔ گویا ہر سیارے کو اپنا گول چکر مکمل کرنے کے دوران ان 12 بُرجوں سے گزرنا پڑتا ہے۔ ان برجوں کے نام یہ ہیں: حمل، ثور، جوزا، سرطان، اسد، سنبلہ، میزان، عقرب، قوس، جدی، دلو، حوت۔
3:آسٹرولوجی کے گھر
ہر بُرج کو مزید 12 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ان حصوں کو گھر کہتے ہیں۔گویا ہر سیارے کو کسی بُرج سے گزرنے کے دوران اُس بُرج کے 12 گھروں سے باری باری گزرنا پڑتا ہے۔

سورج،چاند اور دیگر سیاروں کے ہماری زندگی پر اثرات
سورج،چاند اور دیگر سیاروں کے ہماری زندگی پر اثرات
سورج، چاند اور دیگر سیارے ہر وقت اپنی اپنی خاص قسم کی انرجی خارج کرتے رہتے ہیں۔مثلاً سیارہ عطارد (Mercury) بات چیت کی انرجی خارج کرتا ہے، سیارہ زہرہ (Venus) محبت اور امن کی انرجی خارج کرتا ہے۔جبکہ سیارہ مریخ (Mars) اور سیارہ پلوٹو (Pluto) جنگ اور لڑائی جھگڑے کی انرجی خارج کرتے ہیں۔چاند جذبات کی انرجی خارج کرتا ہے۔
سورج، چاند اور دیگر سیاروں کی انرجی ہمیں کس انداز (style)سے متاثر کرتی ہے؟۔۔۔اس کے لئے ہمیں یہ جاننا پڑے گا کہ وہ سورج، چاند یا سیارہ کس بُرج میں سے گزر رہا ہے؟ کیونکہ ہر برج کا اپنا الگ انداز ہے؛کسی بُرج کا انداز معتدل ہے تو کسی کا جارحانہ، کوئی عاجز ہے تو کوئی مغرور۔
سورج، چاند اور دیگر سیاروں کی انرجی ہماری زندگی کے کس شعبے (area)کو متاثر کرتی ہے؟۔۔۔ اس کے لئے ہمیں یہ جاننا پڑے گا کہ وہ سورج، چاند یا سیارہ بُرج کے کس گھر میں سے گزر رہا ہے؟ اگر گھر نمبر 2 میں سے گزر رہا ہے تو ہمارے دولت کے معاملات "اُس بُرج کےخاص انداز" سے متاثر ہوں گے۔ وغیرہ۔
گویا "سورج، چاند اور سیارے" انرجی کی نمائندگی کرتے ہیں۔"بُرج" بتاتے ہیں کہ اُس انرجی کا سٹائل کیا ہو گا۔ اور"گھر" بتاتے ہیں کہ اُس انرجی کا اثر ہماری زندگی کے کس شعبہ پر پڑے گا۔
آسٹرالوجی میں انہی تین چیزوں (سیاروں، بُرج اور گھر) کی مدد سے آنے والے دن، ہفتہ، مہینہ یا سال کے بارے میں پیشن گوئی کی جاتی ہے۔ نیز بُرج کے ذریعے کسی شخص کی شخصیت، مزاج اور انداز کے بارے میں بھی جانا جا سکتا ہے۔
ہاروسکوپ کیا ہوتا ہے؟
ماہرین آسٹرولوجی آسمان پر سورج، چاند اور دیگر سیاروں کی پوزیشن دیکھ کر اپنے پاس ایک چارٹ بنا لیتے ہیں، اور یہی چارٹ آپکا ہاروسکوپ یا زائچہ کہلاتا ہے۔ ہر ہاروسکوپ کسی خاص وقت کا بنایا جاتا ہے۔ مثلاً آج کے دن کا ہاروسکوپ، کل کا ہاروسکوپ، اس ہفتے، مہینے یا سال کا ہاروسکوپ وغیرہ۔ اس ہاروسکوپ میں باآسانی یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ اس خاص وقت میں سورج، چاند اور دیگر سیارے کس بُرج میں موجود ہیں، نیز یہ کہ اُس بُرج کے کونسے گھر میں موجود ہیں۔
ہاروسکوپ بنانے کا طریقہ
کمپیوٹراور سوفٹ وئیر کی ایجاد کے بعد، آسٹرولوجی بہت آسان اور دلچسپ بن چکی ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ ماہرین آسٹرالوجی آپکا ہاروسکوپ کس طرح بناتے ہیں۔
ہاروسکوپ بنانے کے لئے ایک کاغذ پر برابر سائز کے 2 عام سے دائرے بنائے جاتے ہیں۔ایک دائرہ "گھروں کا دائرہ" کہلاتا ہے، جبکہ دوسرا دائرہ "برجوں کا دائرہ" کہلاتا ہے۔
اس کے بعد گھروں کےدائرے کو 12 برابر حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے، یہ 12 حصے انسانی زندگی کے 12 شعبوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ مثلاً کیریئر، شادی، دولت،فیملی وغیرہ۔
12 Houses
گھروں کا دائرہ
برجوں کے دائرے کو بھی 12 برابر حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے، جو کہ 12 برجوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ یعنی حمل، ثور، جوزا،سرطان، اسد، سنبلہ،میزان،عقرب،قوس،جدی،دلو،حوت۔
12 Signs Circle
برجوں کا دائرہ
اب ایک مخصوص سوفٹ وئیر کے ذریعےآسمان پر سورج، چاند اور دیگر سیاروں (عطارد، زہرہ، مریخ، مشتری، زحل، یورینس، نیپچون، پلوٹو) کی پوزیشن معلوم کی جاتی ہے۔ اور پھر انکی پوزیشن کو کاغذ پر ظاہر کرنے کے لیے برجوں والے دائرے میں نشان لگائے جاتے ہیں۔ اسطرح تمام سیاروں کو کسی نہ کسی برج میں پوزیشن مل جاتی ہے۔ جیسا کہ اوپر تصویر میں دکھایا گیا ہے کہ اس وقت سورج برج میزان میں ہے، چاند برج دلو میں ہےاور سیارہ زہرہ برج جدی میں ہے وغیرہ وغیرہ ۔
آخر میں ان دونوں دائروں کو اس طرح ترتیب دیا جاتا ہے کہ ایک دائرے کے اوپر دوسرا دائرہ آجائے۔اس طرح جو مجموعی دائرہ حاصل ہوتا ہے، وہ آپکا ہاروسکوپ یعنی زائچہ کہلاتا ہے۔اس کی شکل کچھ اس طرح کی ہوتی ہے:
Burj aur Ghar
مجموعی دائرہ
ماہرین آسٹرولوجی آپکے اس ہاروسکوپ میں یہ چیک کرتے ہیں کہ سورج، چاند اور دیگر سیاروں کی پوزیشن کس برج اور کس گھر میں ہے؟ اور اسی پوزیشن کی بنیاد پر آپ کی زندگی کے 12 شعبوں کے بارے میں پیشن گوئی کرتے ہیں۔
سورج کی پوزیشن معلوم کرنے کا طریقہ
سورج کی پوزیشن معلوم کرنے کا طریقہ
ہاروسکوپ یعنی مجموعی دائرہ میں سورج کی پوزیشن اس طرح معلوم کی جاتی ہے:
  1. سورج 12 برجوں میں سے کس برج میں ہے؟ (وہ برج آپ کا سٹار یا برج کہلائےگا)
  2. سورج 12 گھروں میں سے کس گھر میں ہے؟
مثال
مثلاً دو افراد برج میزان کے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ 23 ستمبر سے 22 اکتوبر کے درمیان، کہ جب سورج برج میزان میں موجود ہوتا ہے، پیدا ہوئے تھے۔ لیکن عین ممکن ہے کہ ایک شخص کے ہاروسکوپ میں سورج گھر نمبر 12 میں موجود ہو؛ جبکہ دوسرے شخص کے ہاروسکوپ میں سورج کسی اور گھر مثلاً گھر نمبر 1 میں موجود ہو۔ اس وجہ سے ان دونوں افراد میں کچھ فرق ہو گا، اگرچہ ان دونوں کا برج میزان ہی ہے۔
سورج کی طرح چاند اور دیگر سیاروں کی بھی پوزیشن معلوم کی جاتی ہے اور وہ بھی کسی برج اور کسی گھر میں موجود ہوں گے؛ اور اسی لحاظ سے انسانی زندگی پر اثرانداز ہوں گے۔

 


 
 


اپنے تاثرات بیان کریں !