Urdu Totkay and Tips for Chicken Meat and Fish

گوشت اور مچھلی کے لئے کارآمد ٹوٹکے
گوشت اور مچھلی کے لئے کارآمد ٹوٹکے
جمے گوشت سے برف فوری پگھلانا
فریزر میں جمے ہوئے گوشت کو فوراً مت پکائیں۔ اس میں سے برف پگھلانے کے لیے اس کو زیادہ نمک ملے پانی میں کچھ دیر کے لیے بھگو دیں۔ اس سے گوشت میں جما خون بھی صاف ہوجائے گا اور برف بھی فوری طور پر پگھل جائے گی۔
جمےگوشت کا ذائقہ عمدہ کرنا
چند دن تک فریز کئے ہوئے گوشت کو جب پگھلایا جاتا ہے تو پھسپھسا اور بے ذائقہ معلوم ہوتا ہے۔ اس سے بچنے کے لیے فریزر سے گوشت نکال کر اس میں آدھی پیالی دودھ ڈال کر دس منٹ کے لیے ڈھانپ دیں۔ اس دوران گوشت نہ صرف کھل جائے گا بلکہ اس کا ذائقہ بھی پہلے جیسا لذیذ ہوجائے گا۔ استعمال کرنے پر بالکل تازہ گوشت کا مزہ آئے گا۔
گوشت جلد گلانے کے لیے
گوشت پکاتے وقت اگر دیگچی میں سرکہ اور ادرک یا انجیر یا چند ٹکڑےسپاری کے بھی ڈال دئیے جائیں تو گوشت نہ صرف جلد پک جاتا ہے بلکہ بے حد ملائم اور بندھا بندھا سا پکتا ہے۔
دوسرا طریقہ یہ ہے کہ سخت گوشت کو جلدی گلانے کے لیے اگر گوشت کو بھونتے وقت لہسن کی پوتھی کے درمیان والی لکڑی کاٹ کر گوشت میں ڈال دیں تو گوشت جلدی گل جائے گا۔
گوشت کو لذیذ پکانے کے لیے اسے ہمیشہ ہلکی آنچ پر پکانا چاہئے، اس طرح گوشت مکمل طور پر گل جاتا ہے۔

گوشت کو روسٹ کرنا
گوشت کو عمدہ طریقے سے روسٹ کرنے کے لئےروسٹ سے قبل اس میں زیتون کا تیل یا نمک لگادیں۔
گوشت کا روسٹ اگر نرم اور خستہ درکار ہو تو پکانے سے قبل اس پر ایک کپ سرکہ میں ایک چمچ سوڈا اور ایک چمچ چینی گھول کر ڈالنے سے روسٹ خستہ و نرم بنے گا۔
روسٹ گوشت کو محفوظ کرنے کے لیے موٹے سوتی کپڑے کو پانی میں بھگو کر اس میں گوشت کو لپیٹ کر فریج میں رکھنے دیں۔ اس سے روسٹ کئی دن تک خراب نہ ہوگا۔
گوشت کا اچاربنانا
اگرگوشت کا اچاربنانا چاہیں تو اس میں نمک اور اچار کے مصالحوں کو شامل کرکے پکائیں۔ اب ایک مرتبان میں ڈال کر اس کا منہ بند کرکے چند ہفتوں تک پڑا رہنے دیں۔ اچار تیار ہے۔
بغیر چکنائی کے یخنی پینا
گوشت کی یخنی کو اگر بغیر اس کی چکنائی کے پینا چاہیں تو پہلے یخنی کو فریزر میں رکھیں۔ جب چکنائی جم جائے تو چکنائی کو اوپر سے اتار لیں۔ باقی ماندہ یخنی کو گرم کرکے پی لیں۔
اگریخنی فریج میں نہیں رکھنا چاہتے تو یخنی کو چھان کر اس کی سطح کے اوپر برف آہستہ آہستہ پھیریں۔ اس طرح چکنائی جم جائے گی۔
فالتو ہڈیوں کا سوپ
قصائی قیمے کے ساتھ اکثر بڑی سی ہڈی بھی ضرور دے دیتے ہیں۔ آپ ہر بار ہڈی فریزر میں محفوظ کرتی رہیں، جب یہ کافی زیادہ جمع ہوجائیں تو ان کو کئی گھنٹوں تک پانی میں ڈال کر یخنی بنا لیں۔ اسے کئی چیزوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ دال میں پانی کی جگہ ڈالیں، یا سبزیاں اس میں پکائیں۔ کیلشیم کا خزانہ اس سوپ میں موجود ہے۔
فریج کے بغیر گوشت کو خراب ہونے سے بچانا
فریج کے بغیر گوشت کو خراب ہونے سے بچانا
اگر گوشت کو فریج سے باہر رکھنا ہو یا کسی دور جگہ پر گوشت لے جانا ہو تو گرمی کے باعث گوشت میں سے بو آنے لگتی ہے۔ اس سے بچنے کے لیے ایک کپڑے کا ٹکڑا لے کر اسے سرکہ اور پانی میں اچھی طرح تر کرلیں پھر گوشت کواس میں لپیٹ کر رکھ دیں تو وہ کافی دیر تک خراب نہیں ہوگا اور نہ ہی اس میں ناگوار بو پیدا ہوگی۔
دوسرا طریقہ یہ ہے کہ گوشت کے چھوٹے، پتلے اور لمبے پیس کرکے اس میں ہلدی، نمک، سرسوں کا تیل اور پسی ہوئی مرچ لگا کر اس میں سوراخ کرکے بھر دیں۔ پھر انہیں دھوپ میں رکھ کر خشک کرلیں اور ڈبوں میں محفوظ کرلیں۔ گوشت بآسانی خشک ہوکر عرصہ دراز کے لیے کارآمد ہوجائے گا۔

گوشت اگر بو چھوڑ دے
گوشت اگر بو چھوڑ دے تو سرکہ میں پانی ملا کر گوشت کو اچھی طرح اس میں ڈبو دیں۔ تھوڑی دیر بعد نکالیں تو بو ختم ہوچکی ہوگی۔
پائے صاف کرنا
ایک کھلے منہ والی دیگچی میں اتنا پانی ڈالیں کہ دیگچی منہ تک بھر جائے۔ پانی کو دھیمی آنچ پر رکھ کر اچھی طرح ابالیں۔ ایک دو ابال آنے پر چولہے سے اتار لیں اور اس میں پائے ڈال کر بھگو دیں۔ تقریباً پانچ سے دس منٹ تک یونہی بھیگے رہنے دیں پھر پائے نکال کر چھری سے صاف کریں۔ حیران کن حد تک پائے جلد اور آسانی سے صاف ہوجائیں گے۔
پائےکی بودورکرنا
اگر پائے پکاتے وقت اس میں تھوڑا سا سفید زیرہ، دار چینی اور مونگ ڈال دی جائیں تو گھر میں ناگوار مہک نہیں آئے گی اور پائے بھی مزیدار بنیں گے۔
سالن میں سےمرغی کی بو ختم کرنا
اگر سالن میں سےمرغی کی بو غائب کرنا مقصود ہو تو پکانے سے تھوڑی دیر قبل پانی میں آدھا چمچ میٹھا سوڈاملا کر گوشت کو اس پانی میں تھوڑی دیر کے لیے بھیگا رہنے دیں۔
کلیجی کی باس دور کرنا
کلیجی کو اچھی طرح دھونے کے بعد اس کے ٹکڑوں کو کسی پیالے میں ڈالیں اور اس میں آدھا کپ دودھ ڈال کر پندرہ بیس منٹ کے لیے رکھ دیں۔ پھر اسے چھلنی میں رکھ دیں تاکہ سارا دودھ نکل جائے۔ اب اسے پکالیں۔ پک کر کلیجی نہ صرف بہت لذیذ ہوگی بلکہ اس کی جو مخصوص باس ہوتی ہے وہ بھی ختم ہوچکی ہوگی۔
مچھلی کی بو دور کرنا
مچھلی اگر دن میں لائی جائے تو فوری پکالی جاتی ہے۔ بسا اوقات رات کے وقت لائی گئی مچھلی کو محفوظ کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اسے فریج میں رکھنے سے تمام اشیاء اپنی بو چھوڑ دیتی ہیں۔ اس کا حل یہ ہے کہ مچھلی کو فریج میں رکھنے سے قبل اگر اس پر تھوڑی سی کافی چھڑک دی جائے تو اس کی تیز بو سے فریج کی باقی چیزیں محفوظ ہو جائیں گی۔
مچھلی گھر میں آتے ہی اس کی بو کو ختم کرنے کے لیےاس کے ٹکڑوں پر سرسوں کا تیل اور آٹا ڈال کر ایک گھنٹہ تک تک پڑا رہنے دیں۔ اس کے بعد اچھی طرح دھو لیں۔
مچھلی بنانا
مچھلی بناتے وقت بار بار ہاتھ سے پھسلتی ہے۔ اگر بنانے سے پہلے ہاتھوں پر تھوڑا سا نمک مل لیا جائے تو یہ ہاتھوں سے نہیں پھسلے گی۔
مچھلی تلتے وقت اگر چپکنے سے بچانا چاہیں تو گھی ڈالنے سے پہلے اس میں تھوڑا سا نمک ڈال کر نمک سرخ کرلیں۔
ہاتھوں سے مچھلی کی بو دور کرنا
مچھلی بنانے کے بعد ہاتھوں کو صابن سے دھونے کے باوجودبھی مچھلی کی بساند آتی رہتی ہے۔ اسے دور کرنے کے لیے بیسن سے ہاتھ دھو لیا کریں۔
فریج سے نکالی گئی مچھلی نرم کرنا
فریج میں رکھی گئی مچھلی جب اگلے روز پکانے کے لیے نکالی جاتی ہے تو وہ جمی اور اکڑی ہوئی ہوتی ہے۔ اسے خاصا وقت باہر رکھنا پڑتا ہے تاکہ وہ نرم ہوکر پکانے کے قابل ہوجائے۔ اگر وقت بچانا مقصود ہو تو سادہ سی ترکیب آزمائیں۔ فریج میں جمی ہوئی مچھلی کو نکال کر آدھا چمچ نمک اور لیموں کا رس اچھی طرح ملا کر اس پر لیپ کردیں۔ پندرہ منٹ کے بعد اسے اچھی طرح دھو لیں۔ مچھلی نرم ہوجائے گی اور پکانےپر لذت بھی برقرار رہے گی۔

 


 
 


اپنے تاثرات بیان کریں !