Urdu Totkay & Tips for Fruits and Vegetables

سبزیوں اور پھلوں کے لئے کارآمد ٹوٹکے
سبزیوں اور پھلوں کے لئے کارآمد ٹوٹکے
سبزیاں زیادہ دیر تک تازہ رکھیئے
فریج یا فریزر میں سبزی رکھنے کے باوجود گل جاتی ہے اور اس کی تازگی ماند پڑ جاتی ہے۔ اگر آپ سبزیوں کو زیادہ دیر تک محفوظ رکھنے کے خواہشمند ہیں تو تھوڑے سے پانی میں ایک چمچہ سرکہ ملا کر اسے سبزی پر چھڑک دیں۔ بعد ازاں سبزی کو کسی اخباری کاغذ میں لپیٹ کر رکھیے۔ اس طرح سبزی دیر تک تازہ رہے گی۔
بغیر فریج کے پھلوں کو دیر تک تازہ رکھیئے
بغیر فریج کے پھلوں کو دیر تک تازہ رکھیئے
کسی بڑے برتن میں پانی بھر کر پھلوں کو اس میں ڈال دیں۔ ایک گھنٹہ بعد نکال کر خشک کرلیں۔ اگلے دن دوبارہ ایسا کیجئے۔ جتنے دن محفوظ رکھنا مقصود ہو یہی عمل کرتے رہیں ۔ اگر ایسا کرنے کے باوجود بھی پھلوں پر خشکی دکھائی دے تو پانی میں رکھنے کا دورانیہ بڑھا دیں۔

دہی کو چار پانچ دن تک تازہ رکھیئے
دہی اگر زیادہ منگوالیا جائے تواکثر بچ جاتا ہے ۔ ایسے میں دہی دوسرے دن تک یا تو خراب ہوجاتا ہے یا پھر کھٹا ہوجاتا ہے ۔ اس کئی دن تک قابل استعمال رکھنے کے لیے اس میں کچے ناریل کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے چار پانچ دن تک ڈال کر رکھ دیں تو دہی چار پانچ دن ویسے ہی تازہ رہے گا۔
نرم ٹماٹروں کو سخت بنانا
خواتین فریج میں ٹماٹر اس لیے سٹور کرتی ہیں تاکہ انہیں بوقت ضرورت بار بار بازار نہ جانا پڑے۔ فریج میں رکھے ہوئے ٹماٹر کچھ ہی دنوں میں نرم پڑ جاتے ہیں اگر فوری دیکھ بھال نہ کی جائے تو گل جاتے ہیں۔ انہیں دوبارہ سخت کرنے کے لیے یہ سادہ سی ترکیب استعمال کریں۔ ایک چمچ نمک ملے پانی میں گھنٹہ بھر کے لیے نرم ٹماٹروں کو ڈبو دیں۔ کچھ دیر بعد یہ دوبارہ سخت ہوجائیں تو انہیں نکال کر خشک کرلیں اور دوبارہ محفوظ کرلیں۔
بھنڈی کی نرمی برقرار رکھنا
بھنڈیاں پکانے کے بعد اگر تازہ تازہ کھالی جائیں تو ان کے ذائقہ اور نرمی کا لطف اٹھایا جاسکتاہے۔ مگر فریزر میں رکھنے کے بعد ان میں سختی آ جاتی ہے اور اصلی ذائقہ بھی جاتا رہتا ہے۔ اس صورتحال سے بچنے کے لیے بھنڈیاں پکاتے یا ابالتے وقت ان پر لیموں کے چند قطرے یا دو چھوٹے چمچ املی کا پانی ڈال دیا جائے تو ان کی نرمی پکنے کے بعد دیر تک برقرار رہتی ہے۔ فریزر سے نکالنے کے بعد بھی انہیں جونہی گرم کیا جائے گا تو ان کا ذائقہ تازہ بھنڈیوں جیسا ہی ہوگا اور نرمی بھی موجود ہوگی۔
آلو جلدی ابالنا
بسا اوقات آلوؤں کو جلدی ابالنا ہوتا ہے ۔ آلوؤں کو دیگچی میں ڈال کر مناسب مقدار میں پانی ڈالیں ۔ جب پانی ہلکا سا گرم ہونے لگے تو اس میں ایک چٹکی ہلدی اور ایک قطرہ کوکنگ آئل ڈال دیں ۔ اس سے آلو جلدی اُبل جائیں گے۔
آلو جلدی گلیں
آلوؤں کو پکانے سے پہلے انہیں پندرہ سے بیس منٹ تک ٹھنڈے پانی میں ڈال دیں ۔ اس کے بعد کاٹ کر ہنڈیا میں ڈال کر پکائیں تو یہ بہت جلدی گل جائیں گےاور کم سے کم وقت میں تیار ہوجائیں گے۔
آلوؤں کو گھلنےسے بچانا
آلو ایسی ترکاری ہے جو دیگر سبزیوں کے ساتھ بے حد عمدہ ذائقہ کا باعث بنتا ہے۔ بسا اوقات مختلف سبزیاں دیر تک پکائی جاتی ہیں ۔ ایسی سبزیوں کے ساتھ پکائے گئے آلو بعض اوقات بالکل گھل جاتے ہیں۔ اس پریشانی سے بچنے کے لیے پکانے سے قبل آلوؤں کو چھیل کر اس کے نصف ٹکڑے کر کے نمک لگا کر پندرہ منٹ کے لیے رکھ دیں۔ اس کے بعد انہیں دھوکر ہنڈیا میں ڈال دیں۔ ایسا کرنے سے آلو گھلنے سے محفوظ رہیں گے۔
کچلےآلوؤں کو ذائقہ دار بنائیے
کئی ایسی ڈشز ہیں جن میں آلوؤں کو کچل کر ڈالا جاتا ہے۔ ایک سادہ سی ترکیب یہاں پیش ہے۔ جب آپ آلو کچلنے بیٹھیں تو ان میں مرچ ، دودھ یا مکھن کی جگہ میونیز کا استعمال کریں۔ اس سے ان کی شکل ، ذائقہ اور رنگت میں خوشگوار تبدیلی آئے گی۔

نئے شلجم اور کریلے کی کڑواہٹ دور کرنا
نئے شلجم اور کریلے کی کڑواہٹ دور کرنا
شلجم جب مارکیٹ میں آتے ہیں تو کھاری ہوتے ہیں۔ شلجم کا کھارا پن دور کرنے کے لیے انہیں پکاتے ہوئے گڑ یا چینی ڈال دی جاتی ہے مگر کچھ لوگ سالن میں مٹھاس پسند نہیں کرتے۔ اس کا متبادل طریقہ یہ ہے کہ جب شلجم چھیل کر ٹکڑے کریں تو ان پر نمک لگا کر رکھ دیں۔ کچھ دیر بعد اچھی طرح دھوئیں۔ اس طرح ان کا کڑوا پانی نکل جائے گا اور ان کی کڑواہٹ ختم ہوجائے گی۔ اس طریقے سے آپ کریلوں کی کڑواہٹ بھی ختم کرسکتے ہیں۔
پالک کی کڑواہٹ دور کرنا
اکثر لو گ پالک کی تلخی سے گریز کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔ اس تلخی کو ختم کرنے کے لیے سادہ سی ترکیب پیش ہے۔ پالک کی کوئی بھی ڈش بنائیں تو اس میں بھونتے وقت تھوڑا سا دودھ ڈال کر بھونیں گی تو نہ صرف اس کا ذائقہ اچھا ہوجائے گا بلکہ کڑواہٹ بھی باقی نہیں رہے گی۔
مونگروں کی کڑواہٹ دور کرنا
مونگروں میں قدرت کی جانب سے ہلکی سی تلخی موجود ہوتی ہے۔ اس تلخی کو ختم کرنے کے لیے سادہ سی ترکیب پیش ہے۔ مونگرے بنا کر انہیں تھوڑا سا نمک لگا کر تقریباً ایک گھنٹہ تک سایہ دار جگہ پر پڑا رہنے دیں۔ پھر انہیں سادہ پانی میں اچھی طرح دھو کر صاف کرلیں، یاد رکھیئے کہ جتنا زیادہ دھویا جائے گا اسی لحاظ سے ان میں رچا ہوا نمک نکل جائے گا۔ اب ان کی کڑواہٹ دور ہوچکی ہوگی۔
منہ سے پیاز اور لہسن کی بو کا خاتمہ
سلاد میں پیاز شامل نہ ہو تو اس کی لذت ماند پڑجاتی ہے۔ اسی طرح کچھ لوگ دل کے عارضے میں مبتلا ہوتے ہیں اور وہ لہسن استعمال کرتے ہیں ، کیونکہ لہسن خون کو گاڑھا ہونے سے روکتا ہے ۔لیکن پیاز اور لہسن کھانے کے بعد منہ سےبو آتی ہے۔ اس کا تدارک نہایت آسان ہے۔ پیاز یا لہسن کھانے کے بعد اگر چھوٹا سا ٹکڑا ادرک کا منہ میں رکھ لیاجائے تو یہ ماؤتھ فریشنر کا کام دے گا۔
گوبھی کے سالن کی بو دور کرنا
کچھ لوگ محض اس لیے گوبھی کا سالن پسند نہیں کرتے کہ اس میں سے گوبھی کی مخصوص بو آتی ہے ۔ اگر گوبھی کو زیادہ دیر تک پکایا جائے تو یہ مسئلہ حل ہوجاتا ہے مگر اس طریقے سے گوبھی کا حلوہ سا بن جاتا ہے۔ اس مسئلہ پر قابو پانے کے لیے گوبھی پکاتے وقت ایک چمچہ پانی میں چند قطرے لیموں ملا کر ہنڈیا میں ڈال دیں تو گوبھی کی بو دور ہوجائے گی۔
گوبھی پکاتے وقت اصل حالت برقرار رکھنا
گوبھی پکاتے وقت اصل حالت برقرار رکھنا
پھول گوبھی کو اگر لاپرواہی سے پکایا جائے تو اس کے سفید پھول ملیدہ سے بن جاتے ہیں اور ان کی رنگت بھی خراب ہوجاتی ہے۔ یا تو ان میں سرخ مرچوں کی زیادتی دکھائی دیتی ہے اور پوری ہنڈیا سرخ سرخ ہی دکھائی دیتی ہے یا پھر ہنڈیا سیاہی مائل سی پڑ جاتی ہے ۔ اس کا حل یہ ہے کہ ہنڈیا پکاتے وقت اس میں تازہ لیموں کے تھوڑے سے چھلکے کتر کر ڈال دیں ۔ اس سے جہاں ہنڈیا کا ذائقہ عمدہ ہوجاتا ہے وہیں اس کی رنگت اور حالت کو خراب ہونے سے بچایا جاسکتا ہے۔
سبز مرچیں کاٹتے وقت ہاتھوں کی جلن ختم کرنا
سبز مرچیں کاٹتے وقت ہاتھوں کی جلن ختم کرنا
کچھ خواتین کی جلد بے حد نازک ہوتی ہے ۔ کسی بھی تلخ چیز کے ہاتھ میں آتے ہی انہیں الرجی ہوجاتی ہے۔ اگر سبز مرچیں کاٹتے ہوئےہاتھوں میں جلن ہو تو اسے دور کرنے کے لیے اپنے ہاتھوں کو ہلدی اور چینی ملے پانی میں تھوڑی دیر کے لیے ڈبو دیں، اس طرح جلن ختم ہوجائے گی۔
سبزیاں کاٹتے وقت لیس دار چپک کا احساس
سبزیاں کاٹتے وقت لیس دار چپک کا احساس
خواتین کو اکثر سبزیاں بناتے وقت لیس دار چپک کا احساس ہوتا ہے، جو نہایت الجھن پیدا کرتا ہے۔ کسی لیس دار پھل یا سبزی کو کاٹتے وقت ہاتھوں پر سرسوں کا تیل لگا لیا کریں ۔اس طرح سادہ صابن سے ہاتھ دھونے سے چپک کا احساس ختم ہوجائے گا۔
کٹے ہوئے سیب سیاہ ہونے سے بچائیے
کٹے ہوئے سیب سیاہ ہونے سے بچائیے
جب سیب کو کاٹا جاتا ہے تو وہ اسی لمحےسیاہ ہونے لگتا ہے۔ مہمانوں کے سامنے شرمندگی نہ اٹھائیے اور کٹے ہوئے سیبوں کو کالا ہونے سے بچانے کے لیے ، انہیں کاٹ کرایسے برتن میں ڈال دیجئے جس میں یخ بستہ ٹھنڈا پانی موجود ہو ۔ یاد رہے کہ اس پانی میں ایک چمچ نمک مکس کرنا نہ بھولئے۔ تھوڑی دیر کے لیے ان قاشوں کو اسی پانی میں رہنے دیجئے۔ پھر برتن کو فریج میں رکھ دیں۔ ضرورت کے وقت ان قاشوں کو پلیٹ میں نکال لیں۔ اب نہ تو ان کا رنگ سیاہ پڑے گا اور نہ ہی آپ کو مہمانوں کے سامنے شرمندہ ہونا پڑے گا۔نیز سیب کا ذائقہ پہلے سے زیادہ مزیدار ہوجائے گا۔
پھلوں کا مکمل جوس نکالنے کا طریقہ
کسی پھل کا مکمل رس نکالنے کے لئےاسے چند منٹ کے لیے گرم پانی میں رکھیں۔ بعد میں اس کا رس نکال لیں، پھل سے پورا رس نکل آئے گا۔ لیموں کا رس بھی اسی طرح سے نکالا جاسکتاہے۔

 


 
 


اپنے تاثرات بیان کریں !