عناصر کا آپکی شخصیت پر اثر
آسٹرولوجی میں 4 عناصر ہیں: آگ، پانی، مٹی اور ہوا۔ ان عناصر کی اپنی اپنی خصوصیات ہیں۔ تمام 12 برجوں کوان میں سے کسی ایک عنصر سے منسلک کیا گیا ہے۔ یہ عناصر ان کی بنیادی عادت و صفات کا پتا دیتے ہیں۔
آگ
برج حمل، برج اسد اور برج قوس والوں کا عنصر آگ ہے۔
- یہ افراد مشکلات اور چیلنجز پر فوری ردعمل دیتے ہیں۔
- ان کو خطرات سے کھیلنا پسند ہوتا ہے۔
- یہ کچھ بھی کرنے کے لیے، کسی جگہ جانے کے لئے، کوئی بھی کاروبار شروع کرنے کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔
- یہ پر اعتماد ہوتے ہیں اور زندگی کو جذبے اور جوش سے گزارتے ہیں۔
- ان کے اندر آگے بڑھنے، لیڈ کرنے اور دوسروں کو تسخیر کرنے کی ذہنی اور جسمانی توانائی ہوتی ہے۔
- برج حمل کے حامل افراد لازمی طور پر باعمل ہوتے ہیں۔ ان میں قائدانہ صلاحیتیں ہوتی ہیں اور یہ کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
- برج اسدکے حامل افراد لازمی طور پر لیڈرہوتے ہیں اور یہ مداخلت کرنا پسند کرتے ہیں۔
- برج قوس کے حامل افراد لازمی طور پرنئی جگہوں اور نئے خیالات کے شوقین ہوتے ہیں۔یہ زندگی کے متعلق اپنا نقطۂ نظر تبدیل کرتے رہتے ہیں۔
مثبت خصوصیات
انرجی، قوت، جوش، بہادری، سادہ، ڈائریکٹ، گرمجوش، باتونی
منفی خصوصیات
خود غرض، غیر ذمہ دار، سوچ سے عاری، بے صبرے، بے چین
مٹی
برج ثور، برج سنبلہ اور برج جدی والوں کا عنصر مٹی ہے۔مٹی کا نشان ٹھوس ہونے کو ظاہر کرتا ہے۔
- یہ افراد اپنےطرز عمل کے بارے میں بہت محتاط ہوتے ہیں۔
- یہ بہت زیادہ عملی اور حقیقت پسند ہوتے ہیں۔
- ٹھوس وجوہات کے بغیر یہ کسی بھی کام پر قائل نہیں ہوتے۔
- یہ قابل بھروسہ ہوتے ہیں اور ان کے پاس ہر کام کے لیے خاص حکمت عملی ہوتی ہے۔
- یہ مادی دنیا کے برج ہیں اور اپنی اعلیٰ تنظیمی صلاحیتوں کے ذریعےمادی دنیا کی تسخیر میں لگے رہتے ہیں۔
- یہ افراد معاشی تحفظ، وقار اور سٹیٹس کے خواہاں ہوتے ہیں۔اور اپنے مالی معاملات بہتر کرنےکے لئے سرتوڑ کوشش بھی کرتے ہیں۔
- برج ثور کے حامل افراد کوئی بھی کام کرنے سے پہلے رک کر بہت سے پہلوؤں کے متعلق بار بار سوچتے ہیں۔ یہ کافی سست رفتار ہوتے ہیں۔
- برج سنبلہ کے حامل افراد چیزوں کا تجزیہ کرنے میں ماہر ہوتے ہیں۔ ان پر بیرونی ماحول کا جلد غلبہ ہوجاتا ہے۔
- برج جدی کے حامل افراد ایکشن فوری لے لیتے ہیں مگر ہر کام احتیاط سے کرتے ہیں۔یہ مادی چیزوں کو بہترین انداز میں اپنے فائدے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
مثبت خصوصیات
عملیت پسند، متحرک،صبر کرنے والے، منظم، حقیت پسند، محنتی، تعمیری، مستحکم، قابل اعتماد
منفی خصوصیات
آہستہ، نکماپن، تبدیلی کو قبول نہ کرنے والے، قدامت پسند، تنگ نظر،سوچ کا نہ ہونا، غیر تصوراتی
ہوا
برج میزان، برج دلو اور برج جوزا والوں کا عنصر ہوا ہے۔
- یہ افرادسوچ بچار کرنے والے ہوتے ہیں اور منفرد خیالات کے حامل ہوتے ہیں۔
- ان کے پاس بہت سے آئیڈیاز ہوتے ہیں۔
- یہ سوشل ہوتے ہیں اور نئے تعلقات اور دوستی کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔
- نئی چیزیں سیکھنا بہت پسند کرتے ہیں مگر جلد بور بھی ہوجاتے ہیں۔
- یہ گفتگو کرنے اوراپنی بات دوسروں کو سمجھانے کے ماہر ہوتے ہیں۔
- یہ معاشرے پراپنی سوچ اور عمل سے اثرورسوخ ڈالتے ہیں۔
- برج جوزا کے حامل افراداپنی سوچ، نظریات اور شخصیت کو باربار تبدیل کرتے رہتے ہیں۔
- برج میزان کے حامل افراد کا رجحان پارٹنر شپ اوراچھے تعلقات استوار کرنے پر ہوتا ہے، مگر غیر جذباتی انداز میں۔
- برج دلو کے حامل افرادہر کام اپنی مرضی، اپنے اندازاور اپنی شرائط کے تحت کرنا چاہتے ہیں۔جب ان کے سامنے کوئی مقصد آجائے تو انہیں روکنا ناممکن ہوتا ہے۔ یہ دوستوں میں بہت مقبول ہوتے ہیں۔
مثبت خصوصیات
واضح سوچ، تعاون کرنے والے، بامقصد، دور کی سوچ رکھنے والے، سمجھدار،سوشل
منفی خصوصیات
دنیا سے کٹے ہوئے، غیر حاضر دماغ، بے عمل، کم نرم مزاج
پانی
برج سرطان، عقرب، اور برج حوت والوں کا عنصر پانی ہے۔
- یہ افراد غیر ارادی طور پر ردعمل دیتے ہیں۔
- یہ بہت زیادہ جذباتی ہوتے ہیں۔
- برج سرطان کے حامل افراد دوسروں کو حوصلہ دیتے ہیں اور خود بھی مثبت رہتے ہیں۔ یہ اپنے گھر اور فیملی پر کنٹرول رکھتے ہیں۔
- برج عقرب کے حامل افراد دور کی سوچ رکھتے ہیں اور اپنی توجہ اپنے مقصد سے ہٹنے نہیں دیتے۔یہ اپنی سُستی کو بھی بڑی ذہانت سے استعمال کرتے ہیں۔
- برج حوت کے حامل افراد ماحول اور سچوئیشن کے مطابق خود کو باآسانی ڈھال لیتے ہیں۔
مثبت خصوصیات
حساس، نرم دل، حوصلہ افزائی کرنے والے، ٹھہراؤ پسند، پرسکون، آگاہ، تصوراتی
منفی خصوصیات
غیر مستحکم، نروس، شرمیلے، کم اعتماد، بہت زیادہ حساس، آسانی سے قائل ہونے والے، کم گو، ترش، معاف نہ کرنے والے، ہرچیز کو پرسنل لینے والے، موڈی
بُرجوں کے متعلق دلچسپ حقائق