آپ کے زائچہ کے مختلف شعبوں پر سیاروں کے اثرات
سورج، چاند اور دیگر سیاروں (عطارد، زہرہ، مریخ، مشتری، زحل، یورینس، نیپچون، پلوٹو) میں سے ہر ایک کی اپنی انرجی، فطرت اورمخصوص اثرات ہیں، اور اسی فطرت کے مطابق وہ آپکے زائچہ کے اس گھر (یعنی زندگی کے شعبے) پر اثر انداز ہوتا ہے، کہ جس میں سے وہ گزررہا ہوتا ہے۔
آپ کے مستقبل کے بارے میں پیشن گوئی کرنے کے لئے کاغذ پر پنسل سے ایک عام سا دائرہ بنایا جاتا ہے، جس کےاندر 12 برابر خانے بنا دیے جاتے ہیں۔ اس دائرہ کو "گھروں کا دائرہ" کہا جاتا ہے اور اس کا ہر خانہ یعنی گھر آپ کی زندگی کےایک شعبے کی نمائندگی کرتا ہے۔ مثلاً اسکا گھر نمبر 7 یعنی خانہ نمبر 7 آپکی شادی کو ظاہر کرتا ہے؛ وغیرہ۔ یہ دائرہ بنانے کے بعد ماہرین آسٹرالوجی سورج، چاند اور دیگر سیاروں کی پوزیشن کو اس دائرہ پر نوٹ کر لیتے ہیں۔ اب یہ دیکھا جاتا ہے کہ آپ کے گھر نمبر 1 میں کون سا سیارہ، سورج یا چاند موجود ہے؟ اسی طرح آپ کا گھر نمبر 2 بھی چیک کیا جاتا ہے کہ اس میں کون سا سیارہ، سورج یا چاند موجود ہے؟ یہ چیز آپ کے زائچہ کے تمام 12 گھروں یعنی خانوں کے لیے چیک کی جاتی ہے۔
گھروں کا دائرہ
یہ یاد رکھنا چاہیے کہ سورج، چاند اور دیگر سیارے ہر وقت گھومتے رہتے ہیں۔ انکی پوزیشن، آپ کے زائچہ کے خانوں یعنی گھروں میں وقت کے ساتھ بدلتی رہتی ہے۔ یہ آپ کی پیدائش کے وقت کچھ اور تھی، آج کے دن کچھ اورہے، اور آنے والے دنوں، ہفتوں اور مہینوں میں یہ کچھ اور ہو گی۔ یہی وجہ ہے کہ ہر روز آپ کا زائچہ مختلف ہوتا ہے۔
اہم گھروں پر سورج، چانداور دیگر سیاروں کا اثر
آپ کے زائچہ میں زیادہ اہم گھر یہ ہیں: پہلا گھر (آپکی اپنی ذاتی شخصیت)، چوتھا گھر (فیملی)، ساتواں گھر (شادی) اور دسواں گھر (کیرئیر، جاب، روزگار)۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ جب سورج، چاند یا کوئی اور سیارہ آپکے زائچہ کے گھر نمبر 1 میں سے گزرتا ہے تو آپ پر کیا اثرات ڈالتا ہے۔
گھر نمبر 1 (یعنی آپکی ذاتی شخصیت )
آپ کے زائچہ کا گھر نمبر 1 آپ کی ذاتی شخصیت کی نمائندگی کرتا ہے۔یہ آپ کے مزاج، نقطہ نظر،ذاتی خیالات و نظریات،اپنی نظروں میں اپنا مقام، آپکےسیلف امیج،ظاہری شکل و صورت، جسمانی حالت، اور آپکے بچپن کے ماحول کو ظاہر کرتا ہے۔ آئیے اب ہم یہ پڑھتے ہیں کہ آپکے زائچہ کے گھر نمبر 1میں جب سورج،چاند یا کوئی سیارہ آجاتا ہے تو یہ آپ پر کیا اثرات ڈالتا ہے؟
گھر نمبر 1 میں سورج کی موجودگی کے اثرات
سورج ترجیح اور برتری کی علامت ہے۔جب سورج آپ کےزائچہ کے گھر نمبر 1 میں آجاتا ہے تو اسکی وہاں موجودگی تک آپ پر مندرجہ ذیل اثرات پڑتے رہتے ہیں:
- آپ ہر چیز سے زیادہ ترجیح اپنی ہی ذات کو دیں گے۔
- آپ چاہیں گے کہ آپ کو اہمیت دی جائے اور آپکی خوبیوں کو سراہا جائے۔
- آپکی چمک دمک میں اضافہ ہو جائے گا۔
- آپ دوسرے لوگوں کی رہنمائی اور قیادت کرنا چاہیں گے۔اور اپنا رعب و دبدبہ قائم کریں گے۔
- آپ پر اعتماد اورآزاد ہوں گے اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔
آپ کے لیے مشورہ
- خواہ مخواہ ڈکٹیٹر نہ بنیں۔
- جھوٹے فخروغرور سے بچیں اور عاجز رہنے کی کوشش کریں۔
- دوسروں کو ان کے کام کا پورا کریڈٹ دیں۔
- لوگوں کی تعریف کرنے میں کنجوسی سے کام نہ لیں۔
گھر نمبر 1 میں چاند کی موجودگی کے اثرات
چاند جذبات اور احساسات کی علامت ہے۔جب چاند آپ کےزائچہ کے گھر نمبر 1 میں آجاتا ہے تو اسکی وہاں موجودگی تک آپ پر مندرجہ ذیل اثرات پڑتے رہتے ہیں:
- آپ بہت زیادہ حساس ہوجائیں گے۔ اور گھر نمبر 1 سے متعلقہ معاملات کے بارے میں بہت محتاط ہوجائیں گے۔
- لوگ آپکے بارے میں کیا سوچتے یا کہتے ہیں ؟ اس بارے میں آپ فکرمند ہوں گے۔
- آپ موڈی ہو جائیں گے، مزاج میں عدم استحکام آئے گا۔
- کوئی بھی فیصلہ لینے کے معاملے میں آپ کش مکش کا شکار رہیں گے۔
- اگر آپ کے پیدائشی زائچے میں چاند گھرنمبر 1 میں موجود ہےتو اس کا مطلب ہےکہ بچپن میں آپ کی ماں نے آپ کو بہت متاثر کیا ہے۔ آپ کی کچھ طاقتیں اور بہت سی کمزوریاں شائد اسی وجہ سے ہیں۔ اور آپکی ماں کا یہ اثر آپ پر لمبا عرصہ رہے گا، جس سے آپکو کچھ فائدہ اور کچھ نقصان بھی ہو سکتا ہے۔
آپ کے لیے مشورہ
- اپنی طرف سے بہترین طرز عمل کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں۔
- ہر کسی کو خوش کرنے کی کوشش مت کریں ، کیونکہ ایسا کرنا ناممکن ہے۔
- چونکہ ان دنوں آپ اپنے ارد گرد ماحول کے بارے میں بہت حساس ہو جائیں گے، لہذا ایسی جگہوں پر نہ جائیں جن سے آپ کی بری یا ناخوشگوار یادیں وابستہ ہیں۔
- اپنے اردگرد کے لوگوں میں موجود برائیوں یا آپ سے انکے غیر مناسب سلوک کی وجہ سے اپنا دل چھوٹا مت کریں۔
- صبرو تحمل سے کام لیں۔
- اپنے اندر خود اعتمادی اور جرأت پیدا کریں۔
گھر نمبر 1 میں عطارد کی موجودگی کے اثرات
سیارہ عطاردبات چیت ، خیالات کے اظہار اور رابطوں کی علامت ہے۔ جب عطارد آپ کےزائچہ کے گھر نمبر 1 میں آجاتا ہے تو اسکی وہاں موجودگی تک آپ پر مندرجہ ذیل اثرات پڑتے رہتے ہیں:
- آپ کے لیے بات چیت کرنا اور اپنے خیالات کا اظہار کرنا آسان ہو گا، بالخصوص زندگی کے ایسے شعبوں میں جن کا تعلق آپکی اپنی ذات سے ہو گا۔
- آپ اپنی دلچسپیوں اور مشاغل کے بارے میں باتیں کرنا پسند کریں گے۔
- آپ کی تحریریں، ایس ایم ایس اور باتیں آپ کے ذاتی خیالات سے بھری ہوئی ہوں گی۔
آپ کے لیے مشورہ
- دنیاآپکی توقع سے بہت بڑی ہے لہذا اپنی ذات تک محدود نہ رہیں، بلکہ اپنی ذات سے باہر نکل کر سوچیں۔
- دوسروں کے مفادات کو بھی ذہن میں رکھیں۔
- ہر معاملہ پر کچھ نہ کچھ توجہ ضرور دیں۔ایسا نہ ہو کہ آپ کی توجہ صرف ایک ہی معاملہ تک محدود رہ جائے۔
گھر نمبر 1 میں زہرہ (وینس) کی موجودگی کے اثرات
سیارہ زہرہ پیار، محبت اور خوبصورتی کی علامت ہے۔ جب زہرہ آپ کےزائچہ کے گھر نمبر 1 میں آجاتا ہے تو اسکی وہاں موجودگی تک آپ پر مندرجہ ذیل اثرات پڑتے رہتے ہیں:
- آپ اپنے ذاتی معاملات میں دوسروں کو ملوث کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے۔
- آپ لوگوں میں گھل مل جائیں گے اورآپ کی شخصیت میں جاذبیت اور دلکشی آئے گی ۔
- آپ دوستانہ طرز عمل اختیار کریں گے۔
- آپ وہ کہیں گے جو لوگ سننا چاہتے ہیں۔ اس سے فرق نہیں پڑتا کہ وہ سچ ہے یا جھوٹ۔
- ضرورت کی ہر چیز اور لوگ خود بخود آپکی طرف کھنچے چلے آئیں گے۔
آپ کے لیے مشورہ
- اپنا مطلب پورا کرنے کے لیے دوسرے لوگوں کو استعمال نہ کریں۔
- خود غرض اور خود پسند مت بنیں۔
گھر نمبر 1 میں مریخ کی موجودگی کے اثرات
سیارہ مریخ تنازعات،جارحیت،جنگ،اور جسمانی توانائی کی علامت ہے۔جب مریخ آپ کےزائچہ کے گھر نمبر 1 میں آجاتا ہے تو اسکی وہاں موجودگی تک آپ پر مندرجہ ذیل اثرات پڑتے رہتے ہیں:
- آپ گھر نمبر 1 یعنی اپنی ذاتی شخصیت سے متعلق معاملات پراپنی بہت زیادہ توانائی خرچ کریں گے۔
- آپ کو اپنے جسم میں بجلی دوڑتی ہوئی محسوس ہو گی۔
- آپ بےصبری سے اپنی مرضی چلانا چاہیں گے۔
- آپ کی قائدانہ صلاحیتیں نکھر کر سامنے آئیں گی۔
آپ کے لیے مشورہ
- زیادہ جلد بازی اور تیزی کی وجہ سے حادثات کا بھی اندیشہ ہے، لہذا ڈرائیونگ کرتے وقت اور سڑک پر چلتے وقت خاص احتیاط کریں۔
- خراب فروٹ یا بازاری کھانے کی وجہ سے آپ بیمار ہو سکتے ہیں ، لہذاپنی صحت پر توجہ دیں۔
گھر نمبر 1 میں مشتری کی موجودگی کے اثرات
سیارہ مشتری اچھی قسمت اور کامیابی کی علامت ہے۔ جب مشتری آپ کےزائچہ کے گھر نمبر 1 میں آجاتا ہے تو اسکی وہاں موجودگی تک آپ پر مندرجہ ذیل اثرات پڑتے رہتے ہیں:
- آپ ایسے تمام معاملات اور شعبوں میں کامیابی اور خوشخبری حاصل کریں گے جن کا تعلق گھر نمبر 1 سے ہے۔ ان معاملات کے حوالے سے آپکو کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے گی۔
- اگر تھوڑی بہت دشواری کا سامنا کرنا بھی پڑا تو آپ کے لیے اس پر قابو پانا ذرا مشکل نہ ہو گا۔(اگر مشتری کوئی بہت غیر موزوں زاویہ نہ بنا رہا ہوا تو)
- آپ کو ذاتی ترقی اورزندگی میں آگے بڑھنے کے لیے بہت سے مواقع ملیں گے۔
- آپ کی اچھی قیادت کی وجہ سے آپ کے ماتحت لوگ بھی کامیابیاں حاصل کریں گے۔
- آپ دوسروں کو متاثر کرنے میں کامیاب رہیں گے۔
آپ کے لیے مشورہ
- اپنی انا کو ایک طرف رکھ دیں۔
- محتاط رہیں اور کسی دھوکہ میں مت آئیں۔
- زیادہ جذباتی نہ ہوں۔
- خوراک کی زیادتی سے بچیں ، ورنہ آپ کا وزن بڑھ سکتا ہے۔
- کسی قسم کی کھیل میں لازمی حصہ لیں۔
گھر نمبر 1 میں زحل کی موجودگی کے اثرات
سیارہ زحل بد قسمتی کی علامت ہے۔ جب زہرہ محبت چاہتا ہےتو زحل اس سے انکار کرتا ہے۔ جب مشتری اچھی قسمت کا وعدہ کرتا ہے توزحل اس میں تاخیر کرتا ہے۔ جب عطارد معلومات لاتا ہے تو زحل اسےجھوٹا کرتا ہے۔اور جب مریخ بہت زیادہ توانائی لاتا ہے توزحل اسے تباہ کر دیتا ہے۔ زحل دراصل معاشرے اور افرادکی طرف سے نافذ قوانین، حدیں اور رکاوٹیں ہیں۔ لیکن یہ رکاوٹیں اور مشکلات ایک لحاظ سے آپ کے لیے فائدہ مند بھی ثابت ہوتی ہیں ، کیونکہ یہ آپ کو آگے بڑھنے اور بہتر سے بہتر ہونے کے لیے اکساتی ہیں، اور آپ کو متحرک رکھتی ہیں۔ جس کی وجہ سے آپ بالآخر حتمی کامیابی حاصل کر لیتے ہیں (لیکن ہو سکتا ہے کہ زحل کے اثرات کی وجہ سے آپ کو اس کے لیے کچھ انتظار کرنا پڑے)۔
جب زحل آپ کےزائچہ کے گھر نمبر 1 میں آجاتا ہے تو اسکی وہاں موجودگی تک آپ پر مندرجہ ذیل اثرات پڑتے رہتے ہیں:
- آپ گھر نمبر 1 سے متعلقہ معاملات میں مشکلات، تاخیر اور مایوسیوں کا سامنا کریں گے۔
- آپ کو لگے گا کہ دوسرے لوگ ان معاملات میں آپ سے زیادہ خوش قسمت ہیں۔
- آپ سنجیدہ ، کم گو، خاموش اور سردمزاج رہیں گے۔ کسی کام میں دل نہ لگے گا۔
- آپ ڈپریشن کا شکار ہو جائیں گے اور آپ کو لگے گا کہ آپ ایک فضول اور بےکار شخص ہیں۔
- آپ کو لوگوں کی طرف سے جائز پیار نہ ملے گا، اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ خود کو پیار کے لائق نہ سمجھیں۔
- پریشانی اور ذہنی دباؤ آپ پر غالب آئیں گےکیونکہ ہر چیز آپ کو ایک جدوجہد دکھائی دے گی۔
- اگر آپکے پیدائشی زائچے میں زحل گھرنمبر 1 میں موجودہے تواس کا مطلب یہ ہے کہ شائد آپ نے ایک ناخوشگوار اور مشکل بچپن گزارا ہے۔ شائد آپ اس دوران وقتاً فوقتاً بیمار ہوتے رہے ہوں۔
آپ کے لیے مشورہ
- دل چھوٹا نہ کریں اور جدوجہد جاری رکھیں۔
- یاد رکھیں محنت کبھی ضائع نہیں ہوتی، اسکا پھل آپ کو ضرور ملے گا اگر آپ مسلسل اپنے آپ کو اسی ٹریک پر رکھیں۔
گھر نمبر 1 میں یورینس کی موجودگی کے اثرات
سیارہ یورینس اچانک تبدیلی اور غیر معمولی واقعات کی علامت ہے۔ جب یورینس آپ کےزائچہ کے گھر نمبر 1 میں آجاتا ہے تو اسکی وہاں موجودگی تک آپ پر مندرجہ ذیل اثرات پڑتے رہتے ہیں:
- آپ کو گھر نمبر 1 سے متعلق زندگی کے معاملات میں غیرمتوقع اور اچانک تبدیلیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
- گھر نمبر 1 سے متعلقہ معاملات میں آپ کا نقطۂ نظر دیگر لوگوں سے مختلف ہو گا۔
- آپ اپنے نقطہ نظر کے منفرد ہونے کی وجہ سے ایک قسم کی تنہائی محسوس کریں گے۔
- آپ کے دماغ پربہت سے خیالات کا قبضہ ہو جائے گا۔ اور آپ کو نئے نئے آئیڈیاز سوجھیں گے۔
آپ کے لیے مشورہ
- صرف خیالی پلاؤ پکانے تک محدود نہ رہیں بلکہ آپ کاعملی ہونا بھی ضروری ہے۔
- ایسا طرز عمل اختیار کریں جس سے آپ کو کم سے کم مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے۔
- دنیا کوکامیابی سے چلانے کا واحد ممکنہ طریقہ صرف باہمی رواداری اور محبت ہے۔
گھر نمبر 1 میں نیپچون کی موجودگی کے اثرات
سیارہ نیپچون دراصل کنفیوژن کی علامت ہے اور ایسی چیزوں کی علامت ہے کہ جو ہوتی کچھ اور ہیں لیکن نظر کچھ اور آتی ہیں۔ جب نیپچون آپ کےزائچہ کے گھر نمبر 1 میں آجاتا ہے تو اسکی وہاں موجودگی تک آپ پر مندرجہ ذیل اثرات پڑتے رہتے ہیں:
- آپ گھر نمبر 1 سے متعلقہ زندگی کے معاملات کے حوالے سے کنفیوژن کا شکار رہیں گے۔
- ان معاملات میں آپ سے دھوکہ اور فراڈ بھی ہو سکتا ہے۔
- آپ اپنے گردوپیش کے ماحول کے بارے میں بہت حساس ہوں گے۔
- آپ اپنے خواب و خیالات میں غرق رہیں گے۔
آپ کے لیے مشورہ
- حقیقت پسندی اور عمل کی دنیا میں آئیں۔
- مثبت اور اچھے ماحول میں رہیں۔
- اپنا ریموٹ کنٹرول اپنے ہاتھ میں رکھیں تا کہ کسی اور کا کوئی عمل آپ کو اچانک اشتعال میں نہ لاسکے۔
گھر نمبر 1میں پلوٹوکی موجودگی کے اثرات
سیارہ پلوٹو ایسی بہت بڑی تبدیلی کی علامت ہے کہ جس کے اثرات بہت گہرے اور دیرپا ہوں، (سیارہ یورینس والی تبدیلی کے برعکس کہ جو اچانک اورمختصر مدت کے لئےہوتی ہے)۔جب پلوٹو آپ کےزائچہ کے گھر نمبر 1 میں آجاتا ہے تو اسکی وہاں موجودگی تک آپ پر مندرجہ ذیل اثرات پڑتے رہتے ہیں:
- گھر نمبر 1 سے متعلقہ زندگی کے معاملات میں آپکوبہت بڑی تبدیلی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
- دوسروں کے لیے یہ مشکل ہو گا کہ آپ کے طرز عمل کو سمجھ سکیں۔
- آپ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے کسی بھی حد تک چلے جائیں گے۔
- دوسروں کو قابوکرنا آپ کے لئے ذرامسئلہ بن سکتا ہے۔
- آپ کو بہت غصہ بھی آ سکتا ہے اور اگرایسا ہوتا ہے تو آپ ایک بم کی طرح پھٹ پڑیں گے۔
آپ کے لیے مشورہ
- لچکدار رہنے کی کوشش کریں۔
- ناخوشگوار واقعات کو بھولنے اور دوسروں کو معاف کرنے کی کوشش کریں۔
آسٹرولوجی سیکھئے