Tarrot Cards Reading Urdu

ٹیرٹ کارڈ کے ذریعے اپنا مستقبل جانیں
ٹیرٹ کارڈ کے ذریعے اپنا مستقبل جانیں
ٹیرٹ کارڈز کے ذریعے قسمت کا حال بڑی آسانی سے معلوم کیا جاسکتا ہے اور آنے والے وقت کے بارے میں رہنمائی لی جاسکتی ہے۔ یہ علم یورپ و امریکہ میں بہت مقبول ہے۔ کچھ برسوں سے پاکستان اور انڈیا میں بھی ٹیرٹ کارڈز مقبول ہوتے جارہے ہیں۔ٹیرٹ کارڈز کی تعداد بائیس ہے اور ہر کارڈ کا اپنا خاص مفہوم ہے۔ اس ویب سائٹ کے ذریعے آپ بھی ٹیرٹ کارڈزکو استعمال کر کے مستقبل کے حالات پتہ کر سکتے ہیں اور قبل از وقت مناسب حکمت عملی اختیار کر سکتے ہیں۔ ٹیرٹ کارڈز آپ ہم سے بھی منگوا سکتے ہیں، یا خود ہی سادہ کارڈز پر ان کی ڈرائنگ بنا لیں۔
انہیں استعمال کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ جو بات معلوم کرنی ہو، اسے ذہن میں رکھ کر ٹیرٹ کارڈز کو الٹا کر کے پھینٹیں یعنی ان کی ترتیب بدل لیں۔ اب ان میں سے کوئی سے چار کارڈز نکال کر الٹے رکھ دیں۔ اب جس ترتیب سے چاروں کارڈز رکھے ہیں، اسی ترتیب سے ہر کارڈ کو اٹھائیں اور اس کا مفہوم دیکھ لیں۔ ان چاروں کارڈز کے مشترکہ مفہوم کے ذریعے آپ کو اپنے سوال کا جواب مل جائے گا۔

تمام بائیس ٹیرٹ کارڈز کا تعارف اورمفہوم نیچے دیا گیا ہے۔اس کے ذریعے آپ اپنا اور دوسروں کی قسمت کا حال باآسانی معلوم کرسکتے ہیں۔
کارڈ نمبر 0 (مسخرہ)
Card No 0 The Fool
ٹیرٹ کارڈ نمبر 0 پرایک مسخرے کی شکل بنی ہوئی ہے، جس نے چھڑی کے ذریعے ایک بیگ اٹھایا ہوا ہے اور بڑی لاپرواہی سے چل رہا ہے۔
اگریہ کارڈ سیدھاآئے تو اس کا مطلب مستقبل کے متعلق بےفکری اورایک نئے دور کا آغازہے۔ لیکن اگر یہ کارڈ الٹا آئے تو یہ غلط فیصلے، وسائل کی کمی، بے وقوفی، مستقبل کی ناامیدی اور پلاننگ کی کمی کو ظاہر کرتاہے، لہذاآپ کو ان کمزوریوں پر قابو پانا چاہیے۔
کارڈ نمبر 1 (جادوگر)
Tarot Card No 1 The Magician
ٹیرٹ کارڈ نمبر 1 پرایک جادوگرکی شکل بنی ہوئی ہے۔ اس کے آگے پڑی میز پر مختلف قسم کے آلات رکھے ہوئے ہیں۔
اگریہ کارڈ سیدھاآئے تو اس کا مطلب کامیابی و کامرانی، قوت ارادی کی مضبوطی اور شخصیت کا اظہار ہے۔ لیکن اگر یہ کارڈ الٹا آئے تو یہ قوت ارادی کی کمزوری، ہچکچاہٹ اور حقیقت پسندی سے فرار کو ظاہر کرتا ہے ، جو انسان کے لیےمزید پریشانیوں کی علامت ہے، لہذاآپ کو اپنی ان کمزوریوں پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔
کارڈ نمبر 2 (راہبہ)
Tarot Card No 2 High Priestess
ٹیرٹ کارڈ نمبر 2 پرایک عقلمند مذہبی خاتون کی شکل بنی ہوئی ہے، جس نے عمدہ لباس اور سر پر ایک تاج پہنا ہوا ہے۔ پیچھے دو مینار بھی دکھائے گئے ہیں۔
اگر یہ کارڈ سیدھا آئے تو اسکا مطلب ہے کہ مشکلات کے نئے اور بہتر قابل عمل حل ملیں گے، امیدیں پوری ہوں گی، یا پوشیدہ راز کھل جائیں گے۔ سیدھا کارڈ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ کوئی دانشور خاتون آپ کی زندگی پر اثر انداز ہوگی، اور اگرآپ عورت ہیں تو آپ کی تخلیقی صلاحیتیں نمایاں ہونگی۔ اگر یہ کارڈ الٹا آئے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کے جذباتی فیصلے آپ کو نقصان پہنچائیں گے، یا کسی بری عورت سے آپ کے تعلقات بدنامی کا باعث بنیں گے، لہذا آپ کو چاہیے کہ اپنے طرز عمل میں بہتری لائیں۔
کارڈ نمبر 3 (ملکہ)
Tarot Card No 3 Empress
ٹیرٹ کارڈ نمبر 3 پرایک ملکہ کی شکل بنی ہوئی ہے۔ ملکہ فہم و فراست اور محبت کی علامت ہے اور یہ اپنی رعایا کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے۔
اگر یہ کارڈ سیدھا آئے تو اسکا مطلب امیدوں کا پورا ہونا اور مادی چیزوں کی زیادتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ گھریلو معاملات میں توازن، ہمدردی، ایمان داری اور حفاظتی اقدامات کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ اگر یہ کارڈ الٹا آئے تو یہ گھریلو فساد، لڑائی جھگڑےاور دیگر نقصانات کو ظاہر کرتا ہے۔اس کے علاوہ یہ بے ایمانی، بد احتیاطی اور دشمن کو بھی ظاہر کرتا ہے، لہذا آپ کو چاہیے کہ ان معاملات میں محتاط رہیں۔
کارڈ نمبر 4 (بادشاہ)
Tarot Card No 4 Emperor
ٹیرٹ کارڈ نمبر 4 پرایک بادشاہ کی شکل بنی ہوئی ہے، جو اپنے تخت پر بیٹھا ہے اور اس کے ہاتھ میں ایک مضبوط چھڑی ہے۔ یہ بادشاہ محبت کی بجائے قوت کی علامت ہے۔
اگر یہ کارڈ سیدھا آئے تو اسکا مطلب فتح، انتظامی صلاحیت، مضبوط قوت ارادی، اورزندگی کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہے۔لیکن اگر یہ کارڈ الٹا آئے تو یہ کمزوری، انتظامی صلاحیت کی کمی اور اسی طرح کی دیگر خامیوں کو ظاہر کرتا ہے، جن سے بچنا آپ کے لیے بہتر ہوگا۔
کارڈ نمبر 5 (پادری)
Tarot Card No 5 Hierophant
ٹیرٹ کارڈ نمبر 5 پرایک پادری کی شکل بنی ہوئی ہے۔ یہ پادری عقلمندی، تقدس اور اخلاقیات کی علامت ہے۔
اگر یہ کارڈ سیدھا آئے تو اسکا مطلب روحانی امداد، اچھے مشورے، اور مفید معلومات کا حاصل ہونا ہے۔ لیکن اگر یہ کارڈ الٹا آئے تو غلط اطلاع، غلط مشورے اورجھوٹ کو ظاہر کرتا ہے، لہذا ان معاملات میں احتیاط کریں۔
کارڈ نمبر 6 (محبت)
Tarot Card No 6 Lovers
ٹیرٹ کارڈ نمبر 6 پرایک نوجوان آدمی ہے جودو عورتوں کے درمیان گھرا ہوا ہے۔ دونوں عورتوں کی یہ کوشش ہے کہ اس نوجوان کا جھکاؤ اسکی طرف ہو جائے۔ لیکن وہ نوجوان یہ فیصلہ نہیں کر پاتا کہ اسے کس کی طرف جانا چاہیے۔ ان تینوں کے درمیان تعلق کو یوں بھی سمجھا جا سکتا ہے کہ ایک طرف اس کی محبوبہ ہے اور دوسری طرف اس کی ماں ہے۔اور وہ یہ فیصلہ کرنے میں مشکل محسوس کرتا ہے کہ اس کا جھکاؤ کس طرف ہونا چاہیے۔ان تینوں کے سروں پر محبت کا فرشتہ ہاتھ میں تیر کمان لیے کھڑا ہے اوراسکا مقصد ان کو نشانہ بنانا ہے۔
اگر یہ کارڈ سیدھا آئے تو اسکا مطلب الجھے ہوئے راستے کو سلجھانا، مضبوط قوت فیصلہ، عقل سے زیادہ وجدان پر بھروسہ کرنا، کردار کی پختگی اور اخلاقی بلندی ہے ۔ لیکن اگر یہ کارڈ الٹا آجائے تو یہ اخلاقی پسماندگی، کردار میں کمزوری، قوت فیصلہ کی کمی اور خواہشات کا غلام ہونے کو ظاہر کرتا ہے، لہذا اگر آپ کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو ان پہلوؤں کی طرف خصوصی توجہ دیں۔

کارڈ نمبر 7 (بگھی)
Tarot Card No 7 Chariot
ٹیرٹ کارڈ نمبر 7 پرایک امیر آدمی کی شکل بنی ہے، جو ایک قیمتی بگھی پر بیٹھا ہوا ہے جس کو دو گھوڑے کھینچ رہے ہیں۔ اس آدمی کے جسم پر ذرہ بکتر ہے۔سات نمبر ترقی کا نمبر مانا جاتا ہے۔
اگر یہ کارڈ سیدھا آئے تو اس کا مطلب ترقی، کامیابی، مشکلات پر حاوی ہونا، اور وراثت کی بجائے ذاتی کوششوں سے فتح حاصل کرناہے۔ اگر یہ کارڈ الٹا آئے تو یہ تنزلی، ناکامی، اپنی کوششوں اور قوتوں کے غلط سمت میں استعمال، اور دوسروں کے حقوق غصب کرنے کو ظاہر کرتا ہے، لہذا اپنے طرز عمل پر نظر ثانی کریں۔
کارڈ نمبر 8 (جج)
Tarot Card No 8 Strength
ٹیرٹ کارڈ نمبر 8 پرایک سخت گیر خاتون جج کی تصویر ہے، جو تخت پر بیٹھی ہے۔اس کے دائیں ہاتھ میں تلوار اور بائیں ہاتھ میں ترازو ہے۔
اگر یہ کارڈ سیدھا آئے تو اس کا مطلب انصاف کا حاصل ہونا اور گفت و شنید کے ذریعے معاملہ کا حل ہے۔ اگر آپ کا اخلاق اچھا ہے تو یہ کارڈ امید کی علامت ہے اور اگر اخلاق اچھا نہیں ہے تو یہ کارڈ خوف کی علامت ہے۔ اگر یہ کارڈ الٹا آئے تو یہ قانونی رکاوٹوں،مشکل اور پیچیدہ حالات، اور نا انصافی کو ظاہر کرتا ہے، لہذا مناسب حکمت عملی اپنائیں۔
کارڈ نمبر 9 (عبادت گزار)
Tarot Card No 9 Hermit
ٹیرٹ کارڈ نمبر 9 پرایک بوڑھا آدمی اندھیری سڑک پر چل رہا ہے۔ اس نے ٹارچ پکڑی ہوئی ہے اور اسکی کوشش ہے کہ تیز ہوا سے ٹارچ کی آگ نہ بجھے۔ اس کے دوسرے ہاتھ میں موجود پتھر کے گرد لپٹا مردہ سانپ اس بات کی علامت ہے کہ اس نے شیطانی خواہشات پر قابو پا لیا ہے۔
اگر یہ کارڈ سیدھا آئے تو اسکا مطلب اچھی پلاننگ، مستقبل کی فکر اور درست راستے پر چلنا ہے۔ اگر یہ کارڈ الٹا آئے تو یہ اپنی قوتوں کو شیطانی راہوں پر استعمال کرنے، کم عقلی کا مظاہرہ کرنے اور عمدہ مشورے سننے سے انکار کو ظاہر کرتا ہے، لہذا آپکو اس طرزعمل کو بدلنے کی ضرورت ہے۔
کارڈ نمبر 10 (قسمت کا پہیہ)
Tarot Card No 10 Wheel of Fortune
ٹیرٹ کارڈ نمبر 10 پرایک پہیہ بنا ہوا ہے، جس پر بلائیں چڑھی ہوئی ہیں۔ جبکہ پہیے کے نیچے ایک آدمی لیٹا ہوا ہے۔
اگر یہ کارڈ سیدھا آئے تو اسکا مطلب اچھے وقت کی آمد، ذہنی سکون، منزل پرپہنچنا، ایک جستجو کا مکمل ہونا اور کسی نئی جستجو کا شروع ہونا ہے۔ اگر یہ کارڈ الٹا آئے تو یہ اچھے حالات سے برے حالات کی طرف جانے اور ذہنی پریشانیوں کے خدشے کو ظاہر کرتا ہے، لہذا وقت سے پہلے اچھی منصوبہ بندی کر لیں۔
کارڈ نمبر 11 (صبروتحمل)
Tarot Card No 11 Justice
ٹیرٹ کارڈ نمبر 11 پرایک بہادر عورت نے اپنے دونوں ہاتھوں سے ایک شیر کے دونوں جبڑوں کو پکڑا ہوا ہے۔ اس کا چہرہ اس مشکل صورت حال کے باوجود بھی بڑا پرسکون اور پروقار ہے۔ یہ کارڈ عموماً خطرے کی نشاندہی کرتا ہے، لیکن شیر کو شکست دینا اس چیز کی دلیل ہے کہ انسان کے لیے یہ مشکل نہیں ہے کہ وہ اپنی خامیوں سے آگاہ ہوکر اپنی اصلاح کرے اور اپنے اندر چھپی ہوئی قوتوں کو استعمال کرکے ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرسکے۔
اگر یہ کارڈ سیدھا آئے تو اسکا مطلب صبروتحمل، اپنی کمزوریوں پر غور، مخالفین سے صلح کی ضرورت اورخیالی منصوبوں کی عملی شکل بننا ہے ۔اگر یہ کارڈ الٹا آئے تو یہ مالی نقصان، بے صبری، اعصاب کی کمزوری وغیرہ کو ظاہر کرتا ہے، لہذا مناسب حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
کارڈ نمبر 12 (الٹا لٹکا آدمی)
Tarot Card No 12 Hanged Man
ٹیرٹ کارڈ نمبر 12 پرایک ایسے آدمی کی تصویر ہے جس کا سر نیچے اور ٹانگیں اوپر کی طرف ہیں۔ اس کی ایک ٹانگ درخت کی ایک ٹہنی کے ساتھ بندھی ہوئی ہے، جبکہ دوسری ٹانگ کو اس کی لٹکی ہوئی ٹانگ کے گرد لپٹا دکھایا گیا ہے۔ اس کے دونوں بازو کمر کے گرد لپٹے ہوئے ہیں ۔ الٹا لٹکا ہوا آدمی جس درخت سے لٹکا ہوا ہے وہ دراصل زندگی کا درخت ہے۔ یہ آدمی اپنی قسمت کو اپنی مرضی کے مطابق ڈھالنا چاہتا ہے۔ وہ مشکلات سے گھبراتا نہیں بلکہ اپنی مخالف قوتوں پر قابو پانا چاہتاہے۔
اگر یہ کارڈ سیدھا آئے تواسکا مطلب ہے کہ آپ کواپنے مقاصد پر فوکس کرنے، اپنے رویے میں لچک پیدا کرنے اور صحیح وقت پر فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر یہ کارڈ الٹا آئے تو یہ حقیقت سے فرار اورذہنی انتشار وغیرہ کو ظاہر کرتا ہے، لہذا اس طرف توجہ دیں۔
کارڈ نمبر 13 (موت)
Tarot Card No 13 Death
ٹیرٹ کارڈ نمبر 13 پرایک انسانی ڈھانچہ بنا ہوا ہے جس کے ہاتھوں میں بہت بڑی درانتی ہے۔ یہ دراصل موت کا منظر ہے۔
چونکہ موت کے بعد انسان ایک حالت سے دوسری حالت میں بدل جاتا ہے، اس لیے یہ کارڈ حالات میں بہت بڑی تبدیلی کو ظاہر کرتا ہے۔اگر یہ کارڈ سیدھا آئے تو یہ تبدیلی برے حالات سے اچھے حالات کی طرف ہوگی۔ اگر یہ کارڈ الٹا آئے تو یہ اچھے حالات سے برے حالات کی طرف تبدیلی کو ظاہرکرتا ہے۔
کارڈ نمبر 14 (ذاتی انا پر قابو)
Tarot Card No 14 Temperance
ٹیرٹ کارڈ نمبر 14 پرایک ایسی عورت کو دکھایا گیا ہے جس کے فرشتوں جیسے پر ہیں اور وہ دونوں ہاتھوں میں موجود گلاسوں سے ایک بڑے برتن میں کچھ انڈیل رہی ہے، جو کہ دو چیزوں کے یکجا ہونے کو ظاہر کرتا ہے۔
اگریہ کارڈ سیدھا آئے تو اسکا مطلب ہے کہ اگر احتیاط سے منصوبہ بندی کی جائے تو کامیابی یقینی ہوگی، نیز اختلافات کے ختم ہونے، انا کو چھوڑنے اور اعتدال کی ضرورت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ اگر یہ کارڈ الٹا آئے تو یہ اختلافات، افراد کی ذہنی غیر آہنگی ، توانائی کا ضیاع وغیرہ کو ظاہر کرتا ہے، لہذا ان پہلوؤں کی طرف خاص توجہ دیں۔
کارڈ نمبر 15 (شیطان)
Tarot Card No 15 Devil
ٹیرٹ کارڈ نمبر 15 پر شیطان کی تصویر دکھائی گئی ہے، جو ایک اونچے چبوترے پر بیٹھا ہوا ہے۔ اس کے سامنے ایک عورت اور ایک مردہیں، جن کی گردن میں زنجیر پڑی ہوئی ہے۔ شیطان کی طرح ان کے بھی سینگ اور دم ہیں، جو کہ ان کے حیوانی کاموں کو ظاہرکرتے ہیں۔ ذرا غورکریں تو معلوم ہو گا کہ انکی گردنوں کے گرد زنجیر ذرا ڈھیلی ہے، جس کا مطلب ہے کہ انسان ذرا سی عقل اور کوشش سے شیطان کی قید سے نکل سکتا ہے۔
اگر یہ کارڈ سیدھا آئے تو یہ توانائی کے غلط کاموں میں استعمال ہونے کی طرف اشارہ ہے۔ اگر یہ کارڈ الٹا آئے تو یہ نفسانی خواہشات کے غالب آنے کو ظاہر کرتا ہے، لہذا آپ کو اپنے طرز عمل میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔

کارڈ نمبر 16 (مینار)
Tarot Card No 16 Tower
ٹیرٹ کارڈ نمبر 16 پر ایک مینار دکھایا گیا ہے جس میں سے روشنی نکل رہی ہے اوراس کا اوپر والا حصہ ٹوٹا ہوا ہے اور اس میں سے آگ نکل رہی ہے۔ جبکہ دو انسان اس مینار سے نیچے زمین پر گر رہے ہیں۔
اگر یہ کارڈ سیدھا آئے تو یہ خدائی مدد ملنے، نیک نامی اور دوسروں سے ہم آہنگی کرنے کا اشارہ ہے۔ اگر یہ کارڈ الٹا آئے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ اپنی جلد بازی اور بے وقوفی کی وجہ سے خدائی امداد سے محروم ہو جائیں گے، نیز آپکے بغض اور خودپرستی کی طرف بھی اشارہ ہے، جن سے آپ کو دور رہنا چاہیے۔
کارڈ نمبر 17 (ستارہ)
Tarot Card No 17 Star
ٹیرٹ کارڈ نمبر 17 پرایک لڑکی ندی کنارے بیٹھی کسی برتن سے پانی گرا رہی ہے۔ اس کے سر پر کھلا آسمان ہے جس پر ستارے دکھائی دے رہے ہیں۔ ان میں سے ایک ستارہ بڑا واضح ، چمکدار اور باقی ستاروں سے بڑا ہے۔
اگر یہ کارڈ سیدھا آئے تو یہ آنے والے واقعات کےمتعلق پرامید رہنےاورآپکی کوششوں کے ضائع نہ ہونے کا اشارہ ہے۔ اگر یہ کارڈ الٹا آئے تو یہ مستقبل کے حوالے سے ناامیدی اور اپنا نقطہ نظر بیان کرنے کی صلاحیت کا نہ ہونا ظاہر کرتا ہے، لہذا آپ کو اس طرف خاص توجہ دینی چاہیے۔
کارڈ نمبر 18 (چاند)
Tarot Card No 18 Moon
ٹیرٹ کارڈ نمبر 18 پررات کا منظر ہے۔ ایک تالاب ہے، جس میں سے ایک کیکڑہ اچھل کر باہر آنا چاہتا ہے۔ اس تالاب کے گرد دو جانور بیٹھے ہیں۔ پیچھے دو مینار ہیں ، جن کے اوپر چاند اپنی پوری آب و تاب سے چمک رہا ہے۔ ہوا میں خنکی ہے اور یوں محسوس ہوتا ہے کہ پانی کے قطرے آسمان سے نیچے گررہے ہیں۔ اس کے پیچھے یہ نظریہ ہے کہ جب کسی اچھے انسان کا انتقال ہوتا ہے تو اس کی روح آسمان کی بلندیوں کی طرف پرواز کرجاتی ہے اور جب کسی برے انسان کا انتقال ہوتا ہے تو اس کی روح زمین پر ہی رہ جاتی ہے اور جانوروں میں منتقل کردی جاتی ہے۔
اگر یہ کارڈ سیدھا آئے تو اسکا مطلب ہے کہ اپنی وجدانی قوتوں پر بھروسہ کریں، جلد ہی منزل آپ کے سامنے ہو گی۔ اگر یہ کارڈ الٹا آئے تو یہ ظاہر کرتا ہے کہ آپ کو ابھی اپنی منزل کا درست علم نہیں ہے، لہذا آپ کو اپنے مقاصد کا تعین کرنے کی ضرورت ہے، نیز ماضی کی ناکامیوں کو ذہن سے نکال دیں۔
کارڈ نمبر 19 (سورج)
Tarot Card No 19 Sun
ٹیرٹ کارڈ نمبر 19 پر دکھایا گیا ہے کہ سورج پوری آب وتاب سے چمک رہا ہے اور بہت سے سورج مکھی کے پھول ہیں۔ جبکہ ایک خوبصورت بچہ گھوڑے پر سوار ہے۔ یہ کارڈ ظاہر کرتا ہے کہ جب تک ہم بچوں جیسی روح حاصل نہ کر لیں، ہم جنت میں داخل نہیں ہوسکتے۔
اگریہ کارڈ سیدھا آئے تواس سے مرادنئی معلومات کا ملنا، برے خیالات سے نجات، کامیابی، خیالات کو مادی اور عملی شکل دینےمیں کامیاب ہوجانا، ایمانداری، بے گناہی کا ثبوت اور روحانی قوت ملنا ہے۔ اگر یہ کارڈ الٹا آئے تو یہ اندازوں کی غلطی، خیالی پلاؤ پکانے اور خیالات کی ناپختگی وغیرہ کو ظاہر کرتا ہے، لہذاآپ کو ان معاملات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
کارڈ نمبر 20 (قیامت کا دن)
Tarot Card No 20 Judgment
ٹیرٹ کارڈ نمبر 20 میں ایک فرشتہ آسمان پر ظاہر ہورہا ہے، جس کے ہاتھ میں ایک باجا ہے۔ اس کے باجے کی آواز سن کر قبروں سے کچھ لوگ باہر نکل رہے ہیں۔
اگر یہ کارڈ سیدھا آئے تو یہ انعام اورمنزل پر پہنچنے کی خوشی کو ظاہر کرتا ہے۔ اگر یہ کارڈ الٹا آئے تو یہ سزا، نقصان ، پریشانی، گمراہی اورنا انصافی کو ظاہر کرتا ہے، اس صورتحال میں آپ کو چاہیے کہ زندگی کی مصروفیات سے وقت نکال کر کچھ دیر کے لیے سوچیں کہ آپ کی زندگی کدھر جا رہی ہے اور اس زندگی نے آپ کو کیا سبق دیے ہیں۔
کارڈ نمبر 21 (دنیا)
Tarot Card No 21 World
ٹیرٹ کارڈ نمبر 21 پر ایک نوجوان عورت کے گرد پھولوں کے انبار دائرے کی صورت میں ہیں۔ اس نے نفیس لباس زیب تن کررکھا ہے اور اس کے دونوں ہاتھوں میں جادو کی چھڑیاں ہیں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ پھولوں کے دائرے کے باہر چاروں کونوں پر مختلف جانور بیٹھے ہوئے ہیں۔
اگر یہ کارڈ سیدھا آئے تو یہ کوشش کی کامیابی، حالات پر قابو پانے، اورکسی زیر تکمیل معاملے کے بخیر و خوبی انجام پانے کا اشارہ ہے۔ اگر یہ کارڈ الٹا آئے تو یہ خواہشات کی ناکامی، حالات پر قابو پانے کی اہلیت کے فقدان اور نقصان کو ظاہر کرتا ہے۔

 
 


اپنے تاثرات بیان کریں !