Famous Dreams in Urdu

مشہور لوگوں کےچند سچے خواب
مشہور لوگوں کےچند سچے خواب
قدیم زمانہ سے آج کے جدید دور تک تمام بادشاہوں کے دربار میں آسٹرولوجی اور خوابوں کی تعبیر کے ماہرین کو خاص اہمیت حاصل رہی ہے۔آسمانی کتابوں میں بھی حضرت ابراہیمؑ، حضرت یقوبؑ،حضرت یوسفؑ اور حضرت دانیالؑ کے خوابوں کا ذکر ملتا ہے۔یہ حضرت یوسفؑ ہی تھے جنہوں نے مصر کے بادشاہ کو اسکے خواب کی درست تعبیر بتائی تھی ،جس سے خوش ہوکر بادشاہ نے انہیں علاقے کا حکمران بنا دیا تھا۔فرعون کے خوابوں سے بھی ہر کوئی واقف ہے ،جن میں اس نے حضرت موسیٰؑ کی پیدائش کواپنے اقتدار کے لیے خطرہ کے طور پر دیکھا تھا اور تمام نئے پیدا ہونے والے بچوں کے قتل کا حکم دیا تھا۔یہ سب سچے خواب تھے۔
دورِ جدید میں بھی چند لوگوں نے ایسے سچے خواب دیکھے جنھوں نے دنیا کو بدل کر رکھ دیا۔ان خواب دیکھنے والوں کو شہرت و دولت ملی جبکہ عام آدمی کی سہولیات میں اضافہ ہوا۔ان خوابوں کے ذریعے نئی ایجادات بھی ہوئی ہیں اور خطرناک بیماریوں کی ادویات بھی دریافت ہوئی ہیں۔ شاعروں کو نئی شاعری بھی ملی ہے اور سیاستدانوں کو مستقبل کے خطرات کا بھی پتہ چلا ہے۔ آئیے ایسے چند دلچسپ خوابوں کے بارے میں جانتے ہیں۔

سلائی مشین کی سوئی کی ایجاد
شروع میں جو سلائی مشین ایجاد ہوئی تھی اسکی سوئی میں دھاگہ عام سوئیوں کی طرح ،سوئی کے اوپر والے حصے میں ڈالا جاتا تھا۔ جسکی وجہ سے درست سلائی نہ ہوتی تھی۔سلائی مشین کے موجدHoweنے بہت سوچا مگر مسئلہ کا حل اسےسمجھ نہ آیا۔آخر ایک دن اس نے خواب دیکھا کہ وحشی قبیلے کے لوگوں نے اسے پکڑ لیا ہے اور ہاتھوں میں نیزے پکڑ کر اسے مارنے کے لیے دوڑ رہے ہیں اور ان نیزوں کی نوک پر ایک سوراخ ہے۔ اسی لمحے اسکی آنکھ کھل گئی ۔لیکن ساتھ ہی وہ خوشی سے اچھل پڑا کیونکہ اسکا ایک بہت بڑا مسئلہ حل ہو چکا تھا۔ اس نے فوراً سلائی مشین کی سوئی کی نوک میں سوراخ کیا اور اس میں دھاگہ ڈال کر مشین چلادی۔اس طرح مشین درست سلائی کرنے لگی۔یہی طریقہ آج تک استعمال ہو رہا ہے۔
اعلی ٰدرجہ کی شاعری
مشہور شاعر کولرج نے خواب میں ایک نظم دیکھی۔ بیدار ہوتے ہی اس نے نظم کو لکھنا شروع کردیا۔ ابھی وہ چند اشعار ہی لکھ پایا تھا کہ کوئی اس سے ملنے آگیا۔اس آدمی کے رخصت ہونے کے بعدجب اس نے اپنی نظم مکمل کرنا چاہی تو باقی کے اشعار اس کے ذہن سے نکل چکے تھے۔اس کی اس نظم نے چند اشعار کے باوجود عالمی شہرت حاصل کی۔ لیکن اگر اسے باقی کے اشعار بھی یاد رہتے تو یقیناًوہ ایک لاجواب چیز بنتی۔
امریکی صدر کا قتل اور سچا خواب
امریکی صدر ابراہم لنکن نے ایک بار خواب میں دیکھا کہ وہ کفن پہنے لیٹا ہوا ہے۔اس نے اپنے قریبی لوگوں سےاس خواب کا ذکر بھی کیا، ابھی ایک ہفتہ ہی گزرا تھاکہ اُسے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا اور یوں امریکی صدر کا ڈراؤناخواب سچا ثابت ہوا۔
کاربن ایٹم کی ساخت
کیمسٹری کا سائنسدان Kekule کاربن ایٹم کی ساخت جاننے کے لئےریسرچ کر رہا تھا۔ ایک رات اس نے خواب میں ایٹموں کوخاص انداز سے ہاتھ پکڑ کر ڈانس کرتے دیکھا۔صبح اٹھ کر اس نے سائنس کا یہ اصول شائع کیا کہ کاربن ایٹم کے گویا چار ہاتھ ہیں جن کے ذریعےوہ دوسرے ایٹموں سے جڑ سکتا ہے۔
بینزین مالیکیول کی شکل
سائنسدان Kekule نے ہی ایک اور خواب دیکھا کہ چھ سانپوں نے ایک دوسرے کی دُم منہ میں اس طرح پکڑی ہوئی ہےکہ ایک خاص شکل بن رہی ہے۔ بیدار ہونے کے بعد جب اس نے تحقیق کی تو پتہ چلا کہ بینزین کے مالیکیول کی شکل ہو بہو ویسی ہی ہوتی ہے۔
بندوق کی گولیوں کے چھرے
جیمزواٹ سیسہ توڑ کر بندوق کی گولیوں کے چھرے بناتا تھا۔ یہ سخت محنت کا کام تھا۔ وہ ہر روز سوچتا کہ کوئی شارٹ کٹ طریقہ مل جائےاور وہ محنت ومشقت سے بچ جائے۔ایک رات اس نے خواب میں دیکھا کہ وہ طوفانی بارش سے گزر رہا ہے، اور بارش کے قطرے زمین پر گر کر چھروں کی شکل اختیار کر رہے ہیں۔ صبح اٹھ کر وہ بہت حیران ہوا۔ اس کے ذہن میں ایک آئیڈیا آیا۔ اس نے سیسے کو پگھلایا اور بلندی پر چڑھ کر اسے نیچے انڈیلا۔ نیچے گرتے ہی سیسہ خود بخود چھوٹے چھوٹےدانوں کی شکل اختیار کر گیا۔ اس بات کودو صدیاں گزر چکی ہیں مگر بندوق کی گولیوں کے چھرے آج بھی اسی اصول پر بنائے جاتے ہیں۔

دماغی میڈیکل سائنس کا آغاز
ڈاکٹر Ottoجسے آج دنیا دماغی سائنس کا بانی کہتی ہے ، ایک رات خواب سے جاگا اور اپنے نوٹ پیڈ پر ایک ٹیڑھا سا ڈیزائن بناکر سو گیا۔ صبح اٹھ کر وہ اس ڈیزائن کے بارے میں سوچتا رہا لیکن اسے کچھ سمجھ نہ آیا۔ اچانک اسے ایک آیئڈیا سوجھا۔ وہ اٹھ کر لیبارٹری میں گیا اور اسی ڈیزائن کے مطابق دو مینڈکوں کے دلوں کو آپس میں جوڑ کر ایک تجربہ کیا اور یہ دریافت کیا کہ دماغ کے سگنل ایک خاص مادے "ایسی ٹائل کولین" کے ذریعے جسم کے تمام خلیوں تک پہنچتے ہیں۔ ڈاکٹر Ottoکواس دریافت پر نوبل پرائز سے نوازا گیا۔
شوگر کا علاج
ڈاکٹر Fredrickنےآج سے کئی سال قبل شوگر کی دوا بذریعہ خواب دریافت کی۔ایک رات وہ اچانک خواب سے بیدار ہوا اور جلدی جلدی کاغذ پر یہ الفاظ لکھے " کتے کے لبلبے سے آنے والی نالی باندھ دو۔ دو مہینے بعد لبلبہ نکال کر اس کا مواد حاصل کرو"۔ یہ الفاظ لکھ کر وہ دوبارہ سو گیا۔ صبح اٹھ کر وہ اس تحریر پر غور کرتا رہا۔ بالآخر اس نے یہ تجربہ کیا اور دو ماہ بعد لبلبے سے حاصل شدہ مواد کو انجکشن کے ذریعےکتوں کے جسم میں داخل کیا۔ نتیجہ دیکھ کر وہ اچھل پڑا۔ اس نے شوگر کی بیماری کی دوا دریافت کرلی تھی۔ اس دریافت پر میڈیکل سائنس کی دنیا میں ایک ہلچل مچ گئی اور ڈاکٹرFredrickکو نوبل پرائز ملا۔
ڈاکٹرFredrickنے دراصل یہ دریافت کیا تھا کہ شوگر کے مریض کے لبلبے میں پیدا ہونے والا ایک مواد ، دوسرے مواد (انسولین) کو ختم کر دیتا ہے۔ لہذا پہلے والے مواد کا راستہ روک کر لبلبے سے انسولین نامی مواد حاصل کیا جا سکتا ہے جو کہ شوگر کی بیماری کا علاج ہے۔
آئن سٹائن کا خواب
آئن سٹائن ماڈرن دور کا سب سے بڑا سائنسدان مانا جاتا ہے۔اسے اپنی مشہور (Theory of Relativity) کا آئیڈیا ایک خواب ہی کے ذریعے آیا تھا۔ جو کہ بعد میں ایٹمی بجلی گھروں اور ایٹم بم کی بنیاد بنا۔
ان تمام سچے خوابوں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اگر آدمی کے ذہن میں کسی خاص مسئلہ سے متعلق کافی معلومات ہوں اور وہ ان پر خوب غوروفکر کا عادی ہو تو اکثر خواب میں اسے اپنے مسئلہ کاحل مل جاتا ہے۔لیکن شرط یہ ہے کہ انسان اپنی سوچ مثبت رکھے۔

 


 
 


اپنے تاثرات بیان کریں !