Marriage Couples Matching

دلو افراد کے لیے اچھے دوست اور شریکِ حیات
عام طور پر دیکھنے میں یہ آیا ہے کہ بہترین ازدواجی ساتھی آپ کو اپنے ہی مزاج (آتشی، آبی، ہوائی، خاکی)کے بروج میں مل سکتا ہے: یعنی آتشی برج والوں کو آتشی بروج میں، پانی کے برج والوں کو پانی کے بروج میں، ہوا کے برج والوں کو ہوا کے بروج میں، اورخاکی برج والوں کو خاکی بروج میں مل سکتا ہے۔
عملی تجربے میں یہ بھی آیا ہے کہ اپنے ہی برج کےلڑکا/لڑکی کےساتھ شادی کرنا اکثر غیر دلچسپ ہوسکتا ہے۔ یعنی اگر کوئی برج دلو والامرد، برج دلو والی عورت کے ساتھ شادی کرلے تو ان کو (عام طور پر) آپس میں زیادہ دلچسپی نہیں رہتی۔ ہاں اس میں صرف برج اسد والا مرد، برج اسد والی عورت کے ساتھ خاصا خوش رہ سکتا ہے۔

برج دلو کے دوسرے برجوں سے تعلقات کا جائزہ مندرجہ ذیل ہے:
دلو اور حمل
برج حمل آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج دلو ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔ا ن دونوں کا ملاپ آگ اور ہوا کا ملاپ ہے اور جب ہوا میں تیزی آتی ہے تو آگ میں بھی شدت آجاتی ہے۔ دلو کی غیر متوقع روش سے اس کے ساتھی تنگ آجاتے ہیں۔ جب کہ حمل کے مزاج کا عدم استحکام نیکی اور قربانی کے برج دلو کو یقینا ًمشتعل کر دے گا۔ حمل کو خوش کرنے کے لیے دلو میں سجدہ ریزی کا رجحان پایا جاتا ہے۔
برج حمل اور برج دلو سے تعلق رکھنے والے فریقین کی آپس میں شادی ہو جائے تو ان کے مزاج آپس میں زیادہ نہیں ملتے۔ خاص طور پر شادی کا شروع کا عرصہ ذرا مشکل ہوتا ہے۔ ان میں اکثر و بیشتر لڑائی جھگڑا ہوسکتاہے۔ لڑائی کا آغازاکثر برج دلو کی طرف سے ہوتا ہے جبکہ برج حمل والا فریق اپنا غصہ دبانے اور ٹھنڈا رہنے کی پوری پوری کوشش کرتا ہے۔ انہیں برداشت اور قربانی کی ضرورت ہو تی ہے۔
دلو اور ثور
برج ثور خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج دلو ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔یہ ایک مشکل تعلق ہے۔ دلو ناقابل اعتبار ہوتا ہے اور سہل پسند ثور اس کا ساتھ نہیں دے سکتا۔ ان دونوں کے نظریات ایک دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں ۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے توان میں کم موافقت پائی جاتی ہے۔ متضاد عادات اور خواہشات ان کے لیے مشکلات کا باعث بن سکتی ہیں۔ان کا جھگڑا بھی ہو سکتا ہے۔ اگر یہ دونوں اپنی اپنی ضدکو فنا کرسکیں تو اچھی زندگی بسر کرسکتے ہیں۔
دلو اور جوزا
برج جوزا اور برج دلو دونوں ہوائی مزاج رکھتے ہیں ۔ان دونوں کا تعلق شاندار رہتا ہے۔ یہ دونوں ایک دوسرے پر مہربان ہوتے ہیں۔ یہ دونوں اپنی مرضی کے مطابق کام کرتے ہیں۔ جوزا کے تابع پیدا ہونے والے افراد ہمیشہ سرپرائز کی تلاش میں رہتے ہیں اور دلو ان کو نہایت آسانی سے سرپرائز کرسکتے ہیں۔
اگر مرد و عورت دونوں میں سے کسی بھی فریق کا تعلق برج جوزا اور دوسرے کا برج دلو سے ہے اور یہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ان میں پیار و محبت بہت ہوتا ہے اور یہ آپس میں مفاہمت سے رہتے ہیں۔ ہم مزاج ہونے کی وجہ سے دونوں میں بہت سی اقدار مشترک پائی جاتی ہیں۔ اس لیے دونوں عیش و آرام کی زندگی گزارتے ہیں۔ان تمام کے باوجود کبھی کبھی ان میں معمولی بحث و تکرار ہو جاتی ہے جو طول پکڑ کر جھگڑے کا باعث بن سکتی ہے ۔لیکن ان دونوں کو چاہیے کہ سمجھ داری سے کام لے کر اس قسم کا موقع نہ آنے دیں تاکہ ان کی خوشگوار ازدواجی زندگی بدمزہ نہ ہو۔
دلو اور سرطان
برج سرطان آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج دلو ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں کی فطرت اور مزاج میں فرق ہوتا ہے۔ دلو کا سنکی پن، سرطان کے ساتھ مفاہمت نہیں رکھتا۔
برج سرطان اور برج دلو سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی کی ازدواجی زندگی میں اکثر و بیشتر تفرقہ پڑا رہتا ہے۔ جس کی وجہ سے لڑائی جھگڑا ہوتا رہتا ہے اور یہ لڑائی اکثر برج سرطان والے فریق کی طرف سے شروع ہوتی ہے لیکن یہ جلد ہی صلح بھی کرلیتے ہیں۔یہاں دلو برج سے تعلق رکھنے والے فریق کو بہت سی قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔ اس کو برج سرطان کے مزاج کو سمجھ کر اس کی مرضی کے مطابق روزمرہ کے فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔

دلو اور اسد
برج اسد آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج دلو ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔اسد دنیا کو جبکہ دلو انسانیت کو پسند کرتا ہے۔ دلو کے پاس اسد کو دینے کے لیے بہت سے سرپرائز ہوتے ہیں۔ ان دونوں کی کارکردگی اس وقت بہترین رہتی ہے جب یہ دوسروں کے لئے کام کرتے ہیں۔
مرد اور عورت دونوں میں سے کسی بھی ایک کا تعلق برج اسد اور دوسرے کا تعلق برج دلو سے ہو اور یہ دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ان دونوں میں ہم آہنگی ویگانگت پائی جاتی ہے۔ دونوں میں بہت سی قدریں مشترک ہوتی ہیں۔ ان تمام باتوں کے ساتھ ساتھ دونوں میاں بیوی مالی لحاظ سے بھی خوش قسمت واقع ہوتے ہیں۔
دلو اور سنبلہ
برج سنبلہ خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج دلو ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔قدامت پسند سنبلہ کو حیرت زدہ کرنے کے لیے دلو کے پاس بہت سی چیزیں ہوتی ہیں۔ لیکن اگر ان دونوں میں کوئی نمایاں اختلاف موجود ہے تو پھر پائیدار دوستی سے محروم ہو نا پڑسکتا ہے۔
اگر ان دونوں برجوں کی آپس میں شادی ہو جائے تو برج سنبلہ کا حامل فریق بہت نازک مزاج ہوتا ہے۔ وہ ہر معاملے میں کافی زیادہ سوچ و بچار سے کام لے کر فیصلہ کرتا ہے۔ جبکہ برج دلو سے تعلق رکھنے والاعموماً اس کی ضد ہوتا ہے، اس میں لاابالی پن بھی پایا جاتا ہے۔ مفاہمت کے ذریعے یہ اچھی ازدواجی زندگی گزار سکتے ہیں۔
دلو اور میزان
برج میزان اور برج دلو دونوں ہوائی مزاج رکھتے ہیں ۔دلو کو میزان سے مطابقت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ دونوں حسن اور سوسائٹی سے محبت کرتے ہیں۔ ان میں غلط فہمی بہت کم ہوتی ہے۔ ان دونوں کو اپنے تعلقات کو بہتر اور خوشگوار بنانے کے لیے کچھ قربانیاں بھی دینی پڑتی ہیں۔ اگر یہ ایک دوسرے کے معاملات میں دخل نہ دیں تو یہ ایک اچھا تعلق ہے۔
برج میزان اور برج دلو دونوں ہی ہم مزاج واقع ہوئے ہیں۔ اس لیے ان کے مابین موافقت ہوتی ہے۔ ان دونوں برجوں سے تعلق رکھنے والے فریقین اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ان میں پیار، اُلفت اور یگانگت پائی جاتی ہے۔دونوں کی بہت سی عادات ایک جیسی ہوتی ہیں۔ اس لیےعام طور پر ان میں اختلاف کی کوئی صورت نہیں بنتی۔ دونوں ہی ایک دوسرے کا خوب خیال رکھتے ہیں۔ اگر کبھی ایک فریق کی طرف سے غلطی ہو جائے تو دوسرا اس کو بڑی فراغ دلی کے ساتھ نظر انداز کر دیتا ہے۔ اور یوں ان کے درمیان بحث و تکرار کی نوبت نہیں آتی۔
دلو اور عقرب
برج عقرب آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج دلو ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔ان میں بہت سے تضادات کے ساتھ ساتھ بہت سی باتوں میں اختلافات پایا جاتا ہے اور یہ ایک دوسرے کے خلاف اعصابی جنگ لڑتےلڑتے ایک دوسرے سے دور بھی ہو سکتے ہیں۔
برج عقرب اور برج دلو سے تعلق رکھنے والے مرد اور عورت اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو انہیں مفاہمت اور قربانی سے کام لینا پڑتا ہے اور ایک دوسرے کی کمی کوتاہیوں کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ کبھی کبھار ان میں بحث و تکرار ہو جاتی ہے۔ اور اس میں پہل ہمیشہ برج دلو سے تعلق رکھنے والا فریق کرتا ہے۔ بعض اوقات یہ بحث اتنی طویل ہو جاتی ہےکہ جھگڑے کی شکل اختیار کر جاتی ہے لیکن پھر یہ آپس میں صلح کرلیتے ہیں۔اولاد ان کی روزی کے لیے باعث برکت ہوسکتی ہے۔

دلو اور قوس
برج قوس آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج دلو ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔قوس ان چند برجوں میں سے ایک ہے ، جو دلو کی مخصوص عادات کو جانتا ہے۔ بہت سی قدریں مشترک ہونے کے ساتھ ساتھ ان میں بہت سی خصوصیات ایک جیسی ہوتی ہیں ۔
اگر ان دونوں برجوں سے تعلق رکھنے والے مرد اور عورت کی آپس میں شادی ہو جائے تو انہیں اپنی ازدواجی زندگی کامیاب بنانے کے لیے بہت کوشش کرنا پڑتی ہے۔بہت سی ایسی عادات جو دوسرے فریق کو پسند نہ ہوں، چھوڑنا پڑتی ہیں۔ عادات و اطوار میں چند تضادات کی وجہ سے ان میں اکثر و بیشتر لڑائی جھگڑا ہو سکتا ہے۔ جھگڑے میں پہل زیادہ تر برج قوس والے فریق کی طرف سے ہوتی ہے۔
دلو اور جدی
برج جدی خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج دلو ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔یہ ایک مشکل تعلق ہے اور اس مشکل تعلق کا نفسیاتی تجزیہ کریں تو پتہ چلتا ہے کہ یقینی اقدام کرنے والا جدی، دلو جیسے نازک اندام شخص سے نباہ نہ کرسکے گا۔ جدی کو یہ بات اچھی نہیں لگتی کہ دلو دوسروں کے معاملات میں کوئی دلچسپی لے۔ چنانچہ دلو، جدی کی پابندی برداشت نہیں کرتا ۔
برج جدی اور برج دلو کے حاملین اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ان میں موافقت موجود ہوتی ہے۔ دونوں بے شمارخوبیوں کے مالک ہوتے ہیں۔ لیکن دونوں میں کچھ خوبیاں ایسی بھی پائی جاتی ہیں جو ایک دوسرے کو پسند نہیں ہوتیں اور اس وجہ سے دونوں میں اختلاف ہو سکتا ہے۔ ایسے وقت میں دونوں کو بہت بردباری سے کام لینا چاہیے۔ اپنے اندر قوت برداشت پیدا کرکے اور درگزر سے کام لے کر یہ مفاہمت کی راہ نکال سکتے ہیں۔اور یہی ان کے حق میں بہتر ہوتا ہے۔دونوں فریق ایک دوسرے کے لیے تھوڑے سے ایثار و قربانی والے جذبے کو اپنا کر اپنی ازدواجی زندگی کو بہترین اور مثالی بناسکتے ہیں۔
دلو اور دلو
برج دلو ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں میں ذہنی ہم آہنگی کے ساتھ ساتھ ایک جیسی دلچسپیاں پائی جاتی ہیں۔ یہ ایک دوسرے کی خصوصیات کو خوب اچھی طرح سمجھ لیتے ہیں۔ اس وجہ سے یہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ اچھی زندگی بسر کرسکتے ہیں۔
دلو مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو یہ پرمسرت اور مثالی ازدواجی زندگی بسر کرتے ہیں کیونکہ ایک ہی برج اور مزاج سے تعلق رکھنے کی وجہ سے دونوں میں بہت زیادہ موافقت ہوتی ہے۔دونوں ہی ایک دوسرے کے مزاج آشنا ہوتے ہیں اور جانتے ہیں کہ کب انہیں اپنے شریک حیات کے ساتھ کس طرح پیش آنا ہے۔ یہ اپنی ذہانت سے کام لے کر اپنے ازدواجی بندھن کو مزید خوشگوار بنانے کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔ دونوں فریق آپس میں پیار و محبت سے اور ایک دوسرے پر جانثاری کے جذبے کے ساتھ رہتے ہیں۔
دلو اور حوت
برج حوت آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج دلو ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔اگر یہ ایک دوسرے کو سمجھ لیں اورایک دوسرے کا اچھی طرح مطالعہ کرلیں تو ان کے درمیان اچھا تعلق قائم ہو سکتا ہے۔ کیونکہ ان دونوں میں بہت سی دوسری اچھی باتوں کے علاوہ یہ بات نہایت عمدہ ہے کہ ان میں رواداری اور انسانی ہمدردی پائی جاتی ہے۔
برج حوت اور برج دلو سے تعلق رکھنے والے فریقین اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو انہیں اس تعلق کو قائم رکھنے کے لیے محنت کرنا پڑے گی اور دونوں کو قربانی دینا پڑے گی۔ کیونکہ یہ دونوں خود ساختہ اصولوں کے شکنجے میں جکڑے ہوتے ہیں۔ معمولی سے معمولی بات پر ان میں بحث و تکرار شروع ہوسکتی ہے، جو بالآخر لڑائی جھگڑے کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔


 


اپنے تاثرات بیان کریں !