Marriage Couples Matching

جدی افراد کے لیے اچھے دوست اور شریکِ حیات
عام طور پر دیکھنے میں یہ آیا ہے کہ بہترین ازدواجی ساتھی آپ کو اپنے ہی مزاج (آتشی، آبی، ہوائی، خاکی)کے بروج میں مل سکتا ہے: یعنی آتشی برج والوں کو آتشی بروج میں، پانی کے برج والوں کو پانی کے بروج میں، ہوا کے برج والوں کو ہوا کے بروج میں، اورخاکی برج والوں کو خاکی بروج میں مل سکتا ہے۔
عملی تجربے میں یہ بھی آیا ہے کہ اپنے ہی برج کےلڑکا/لڑکی کےساتھ شادی کرنا اکثر غیر دلچسپ ہوسکتا ہے۔ یعنی اگر کوئی برج دلو والامرد، برج دلو والی عورت کے ساتھ شادی کرلے تو ان کو (عام طور پر) آپس میں زیادہ دلچسپی نہیں رہتی۔ ہاں اس میں صرف برج اسد والا مرد، برج اسد والی عورت کے ساتھ خاصا خوش رہ سکتا ہے۔

برج جدی کے دوسرے برجوں سے تعلقات کا جائزہ مندرجہ ذیل ہے:
جدی اور حمل
برج حمل آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج جدی خاکی مزاج رکھتا ہے ۔جدی کی سست اور نپی تلی رفتار کا مقابلہ کرنے کے لئے بے صبر ےحمل میں طاقت نہیں ہے ۔ جدی کا بکرا حمل کے مینڈھے کو ٹکریں ضرور مارے گا ۔ ان کی فطری خصوصیات ایک دوسرے سے متصادم ہیں ۔ ان کی سوچ، ان کی فکر، ان کے خیالات ، جذبات اور احساسات اکثر ایک دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں ۔
اگر ان بروج کے مرد اور عورت کی آپس میں شادی ہو جائے تو ایک دوسرے کی خامیاں برداشت کر کے یہ اچھا وقت گزار سکتے ہیں۔لڑائی جھگڑا یا بحث و تکرار کبھی کبھار ہی ہوتی ہے اور وہ بھی برج حمل والے فریق کی طرف سے۔برج حمل والا فریق اگر اپنی طبیعت پر تھوڑا سا قابو پا لے اور برج جدی والا تھوڑی سی برداشت کی عادت اپنا لے (جو کہ برج جدی والے کے لئے اپنی نرم خو طبیعت کے باعث ہرگزمشکل نہیں) تو دونوں اچھی ازدواجی زندگی گزارسکتے ہیں۔ جدی کو صبر و تحمل اور برداشت سے کام لینا پڑے گا اور حمل کو غصّہ ترک کرنا پڑے گا۔
جدی اور ثور
برج ثور اوربرج جدی دونوں خاکی مزاج رکھتے ہیں ۔یہ دونوں برج ایک دوسرے کے بہترین دوست ثابت ہوسکتے ہیں اور اگر یہ دونوں ایک دوسرے کے خبطی پن سے مفاہمت کر لیں تو ان کا تعلق کامیاب ثابت ہو سکتا ہے ۔ان دونوں میں اگر چہ جھگڑا کم ہوتا ہے لیکن اگر کبھی ایسا ہو بھی جائے تو یہ بہت جلد ایک دوسرے سے صلح کر لیتے ہیں ۔یہ دونوں ایک دوسرے کے دکھ سکھ ، غم و خوشی میں شریک ہوتے ہیں۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو میاں بیوی میں موافقت ہوگی۔ ان دونوں کی عادات کے ساتھ خواہشات بھی اکثر و بیشتر ایک دوسرے سے ملتی جلتی ہوتی ہیں۔ مثال کے طور پر یہ دونوں سیر و سیاحت کو پسند کرتے ہیں اور محفلوں میں جانا ان کو بہت اچھا لگتا ہے۔اگر دونوں میاں بیوی میں جھگڑا ہوتا بھی ہے تو یہ زیادہ دیر ایک دوسرے سے قطع تعلق نہیں رکھتے بلکہ جلد ہی صلح کر لیتے ہیں۔ برج جدی سے تعلق رکھنے والے فریق کو چاہیے کہ اپنی سرد مہر طبیعت میں تھوڑی گرم جوشی پیدا کرے اور اس کے ساتھ ساتھ اپنی طبیعت کی سختی کو بھی دور کرنے کی کوشش کرے۔ اس طرح برج ثور کو اپنی انا پرستی چھوڑ دینی چاہیے۔
جدی اور جوزا
برج جوزا ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج جدی خاکی مزاج رکھتا ہے ۔جدی جس خوبی کے لیے مشہور ہے وہ صبر ہے۔ لیکن جوزا میں یہ خوبی نہیں پائی جاتی۔ جدی آ گے بڑھنے کی بھرپورکوشش کرتا ہے اور ہر قسم کی مخالفت کی بالکل پرواہ نہیں کرتا۔
برج جوزا اور برج جدی سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی عام طور پر موافقت سے رہتےہیں، لیکن ان میں لڑائی جھگڑا بھی ہو جاتا ہے۔ اس جھگڑے اور تکرار میں اکثر برج جوزا ہی پہل کرتا ہے۔ لیکن جلد ہی یہ باہم صلح کر لیتے ہیں۔انہیں چاہیے کہ زبان درازی سے پرہیز کریں اور دشمنوں سے ہوشیار رہیں تا کہ نقصان سے بچ سکیں۔ دونوں میاں بیوی اگر صبر و تحمل سے کام لیں تو بحث و تکرار اور جھگڑے سے بچ کر ایک اچھی اور خوشگوار ازدواجی زندگی گزار سکتے ہیں۔ اگر دونوں ایک دوسرے کو خامیوں سمیت قبول کر لیں تو ان کا نباہ شاندار ہو سکتا ہے ۔

جدی اور سرطان
برج سرطان آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج جدی خاکی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں کی بہت سی باتیں مشترک ہوتی ہیں لیکن پھر بھی ان کا نباہ اور دوستی مشکوک ہی رہتی ہے ۔ان میں مشترک یہ ہے کہ یہ دونوں اس وقت تک جدوجہد کرتے ہیں جب تک وہ اپنا مقصد حاصل نہیں کر لیتے ۔ جدی کے اندر یہ صلاحیت موجود ہوتی ہے کہ وہ سرطان کے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکتا ہے۔ اس لئے ان کا ملاپ بعض اوقات بہتر انداز میں آگے بڑھتا ہے۔
برج سرطان اور برج جدی کے حامل مرد اور عورت اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ان کو اچھی ازدواجی زندگی گزارنے کے لئے کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔برج سرطان سے متعلق فریق ہر وقت لڑائی کا بہانہ ڈھونڈتا ہے۔ ایسے میں اگر برج جدی سے تعلق رکھنے والافریق صبر و تحمل اور بردباری سے کام نہ لے تو ان دونوں کے مابین اکثر و بیشتر لڑائی جھگڑا ہوتا رہتا ہے۔اگرچہ دونوں کے ذہن آپس میں مطابقت نہیں رکھتے لیکن اس کے با وجود ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر کے کر اچھی زندگی بسر کر سکتے ہیں ۔ان دونوں کو اپنے دشمنوں سے دور رہنا چاہیئے اسی میں ان کی بہتری ہے۔
جدی اور اسد
برج اسد آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج جدی خاکی مزاج رکھتا ہے ۔جدی آہستہ آہستہ چلنے والاہوتا ہے، جبکہ اسد آزاد خیال اور بے فکرہوتاہے۔ اسد اور جدی میں ایک نمایاں فرق یہ بھی ہوتا ہے کہ جدی افراد معاف نہیں کرتے جبکہ اسد افراد امعاف کر کے بھول جاتے ہیں۔ جدی افراد ہر ایک پر شک کرتے ہیں جبکہ اسد ہر ایک کو خوش آمدید کہہ کر گلے لگا لیتا ہے۔
ان دونوں بروج سے تعلق رکھنے والے مرد اور عورت کی اگر شادی ہو جائے تو برج اسد کا حامل فریق بظاہر بہت سادہ ہوتا ہے لیکن یہ اندرونی طور پر نہایت سخت مزاج واقع ہوسکتا ہے۔ اس عادت کے علاوہ روز مرہ کے اخراجات میں یہ انتہائی کنجوسی کا مظاہرہ کرسکتا ہے۔ جبکہ برج جدی سے تعلق رکھنے والا فریق ان عادات کا الٹ ہوتا ہے۔ عادات کے تضاد کی وجہ سے ان میں اکثر و بیشتر لڑائی جھگڑا ہو سکتا ہے۔ لڑائی میں پہل زیادہ تر برج اسد والے کی طرف سے ہوتی ہے۔

جدی اور سنبلہ
برج سنبلہ اور برج جدی دونوں خاکی مزاج رکھتے ہیں ۔جدی کی سنبلہ کے ساتھ بہت سی باتوں پر ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور اختلاف رائے کم ہوتا ہے۔ ان میں جن معاملات پر ہم آہنگی پائی جاتی ہے وہ حکم چلانا، لباس اور ماحول پر فخر، بیرونی مداخلت ناقابل برداشت اور ایک دوسرے کو ڈانٹنا شامل ہے۔
برج سنبلہ اور برج جدی سے تعلق رکھنے والے فریقین میں کافی ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ ان میں بہت سی قدریں مشترک ہوتی ہیں۔ دونوں بروج کے حامل فریقین اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ابتدا ء میں عام طور پر موافقت نہیں ہوتی لیکن کچھ وقت گزرنے کے بعد دونوں ایک دوسرے کو خوب سمجھ لیتے ہیں اور ان میں زبردست محبت و موافقت ہو جاتی ہے۔ یہ ایک دوسرے سے مکمل تعاون کرتے ہیں۔
جدی اور میزان
برج میزان ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج جدی خاکی مزاج رکھتا ہے ۔اگر چہ ان کی شخصیت ایک دوسرے سے متضاد ہوتی ہے لیکن پھر بھی ان کے تعلقات کامیاب ہو سکتے ہیں ۔میزان کے لئے بہتر ہے کہ ماحول اس قسم کا پیدا کردے جو کہ جدی کے نظریات سے مطابقت رکھتا ہو ورنہ پریشانیوں سے واسطہ پڑے گا ۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو ان میں موافقت نہیں ہوتی۔ برج جدی سے تعلق رکھنے والا فریق سخت طبع ہوتا ہے۔ یہ اپنے شریک حیات کو اپنے تابع دیکھنا چاہتاہے۔ جبکہ برج میزان سے تعلق رکھنے والا فریق آزاد طبیعت کی وجہ سے کسی کے زیر اثر نہیں آ سکتا۔ یہ ایک بڑی وجہ ہے کہ ان کے مابین وقت بے وقت لڑائی جھگڑا ہوسکتاہے۔برج میزان سے تعلق رکھنے والا اپنی نرم خو طبیعت کی وجہ سے اگر فتنہ و فساد سے بچنا بھی چاہے تو برج جدی والا اپنی شر انگیز اور فتنہ پرور عادت سے مجبور ہو کر جھگڑا کرنے سے باز نہیں آتا۔
جدی اور عقرب
برج عقرب آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج جدی خاکی مزاج رکھتا ہے ۔عقرب اپنے آتش فشانی غصے اور ڈنک کا کوڑا پکڑے ہر وقت تیار کھڑا رہتا ہے، جس کو وہ نہایت شدت سے مار سکتا ہے۔ جبکہ جدی اس کا مقابلہ سختی اور ہٹ دھرمی سے کرتا ہے۔
برج عقرب اور برج جدی کے حاملین کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو برج جدی سے تعلق رکھنے والا فریق اپنی شکی مزاج عادت کی وجہ سے دوسروں پر اکثر شک کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ اپنے شریک حیات پر بھی شک کرتا ہے۔ لیکن دلی طور پر یہ مخلص اور پیار کرنے والا ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ وقت گزار کر برج عقرب کا حامل فریق اس کی فطرت سے واقف ہو جاتا ہے تو اس کی شک کی عادت کو اہمیت نہیں دیتا۔ میاں بیوی ایثار و قربانی کا جذبہ رکھ کر اور ایک دوسرےکی خامیوں اور کوتاہیوں کو نظر انداز کرکے اچھا وقت گزار سکتے ہیں۔
جدی اور قوس
برج قوس آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج جدی خاکی مزاج رکھتا ہے ۔ ان کا مزاج ایک دوسرے سے مختلف ہوتاہے۔ جدی سنجیدہ مزاج اور قوس ہنس مکھ ہوتا ہے ۔
ایسے مرد اور عورت جن کا برج قوس اور جدی سے تعلق ہو اور ان کی آپس میں شادی ہو تواگریہ دونوں ایک دوسرے کو سمجھ لیں اور ایک دوسرے کے جذبات کا خیال کریں تو ان کا نباہ ہو سکتاہے۔ورنہ ان کی ازدواجی زندگی مسائل کا شکار ہو سکتی ہے۔دونوں بروج کے حاملین کی عادات و اطوار میں تضاد پایا جاتا ہے، جس کی بنا پر ان کے مابین لڑائی جھگڑ ے ہو سکتے ہیں۔ اور اس کی ابتدا زیادہ تر برج قوس والے فریق کی طرف سے ہوتی ہے ۔ برج قوس والا فریق اگر اپنی بد زبانی اور جھگڑا لو عادت پر کنٹرول کرے اور برج جدی سے متعلق فریق تھوڑا صبر اور برداشت سے کام لے تو اچھا وقت گزار سکتے ہیں۔
جدی اور جدی
برج جدی خاکی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں کے تعلقات خوشگوار اور پائیدار ہوتے ہیں کیونکہ ان دونوں میں موافقت کے ساتھ ساتھ بہت سی اقدار مشترک ہوتی ہیں ان کی عادتیں اور خواہشات ایک جیسی ہوتی ہیں۔اہم معاملات میں وہ دونوں ہی مشکلات کو عبور کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
جدی مرد اور جدی عورت اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو یہ ایک مبارک شادی ہو گی۔لیکن بعض اوقات ان کی مشترکہ اقدار معمولی بحث و تکرار کا با عث بن سکتی ہیں۔ ایسے موقع پر دونوں میاں بیوی کو صبر و تحمل اور حو صلے سے کام لے کر وقت گزارنا چاہیے تا کہ یہ بحث و تکرار بڑھ کر جھگڑے کی شکل نہ اختیار کرجائے ۔ برج جدی کے حامل افراد چونکہ سخت محنتی ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہ دونوں مل کر محنت کرتے ہیں اور کامیابی اور ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے معا شرے میں قابل عزت مقام حاصل کر لیتے ہیں۔
جدی اور دلو
برج دلو ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج جدی خاکی مزاج رکھتا ہے ۔یہ ایک مشکل تعلق ہے اور اس مشکل تعلق کا نفسیاتی تجزیہ کریں تو پتہ چلتا ہے کہ یقینی اقدام کرنے والا جدی، دلو جیسے نازک اندام شخص سے نباہ نہ کرسکے گا۔ جدی کو یہ بات اچھی نہیں لگتی کہ دلو دوسروں کے معاملات میں کوئی دلچسپی لے۔ چنانچہ دلو، جدی کی پابندی برداشت نہیں کرتا ۔
برج جدی اور برج دلو کے حاملین اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ان میں موافقت موجود ہوتی ہے۔ دونوں بے شمارخوبیوں کے مالک ہوتے ہیں۔ لیکن دونوں میں کچھ خوبیاں ایسی بھی پائی جاتی ہیں جو ایک دوسرے کو پسند نہیں ہوتیں اور اس وجہ سے دونوں میں اختلاف ہو سکتا ہے۔ ایسے وقت میں دونوں کو بہت بردباری سے کام لینا چاہیے۔ اپنے اندر قوت برداشت پیدا کرکے اور درگزر سے کام لے کر یہ مفاہمت کی راہ نکال سکتے ہیں۔اور یہی ان کے حق میں بہتر ہوتا ہے۔دونوں فریق ایک دوسرے کے لیے تھوڑے سے ایثار و قربانی والے جذبے کو اپنا کر اپنی ازدواجی زندگی کو بہترین اور مثالی بناسکتے ہیں۔
جدی اور حوت
برج حوت آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج جدی خاکی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں کے تعلقات عام طور پر خوشگوار اور بہترین ہوتے ہیں کیونکہ جدی کو حوت کی شکل میں ایک ہمدرد اور سمجھنے والا ساتھی مل جائے گا۔ دونوں کے سماجی مقاصد بھی یکساں ہوتے ہیں ۔ان باتوں کے علاوہ بھی دونوں میں بہت سی اقدار مشترک پائی جاتی ہیں۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر شادی ہو جائے تو ان کے درمیان باہمی موافقت ہوتی ہے ۔تاہم ان دونوں میں کچھ متضاد عادات بھی ہوتی ہیں جو ان کے مابین بحث و تکرار کا باعث بن سکتی ہیں اور یہ بحث و تکرار بعض اوقات جھگڑے کی شکل اختیار کر جاتی ہے۔ لیکن یہ جھگڑا زیادہ طویل نہیں ہوتا بلکہ جلد ہی ان کی آپس میں صلح ہو جاتی ہے ۔ اولاد کی نعمت کی وجہ سے ان کے رزق میں وسعت اور کشادگی ہوجاتی ہے اور تنگ دستی سے نجات ملتی ہے ۔


 


اپنے تاثرات بیان کریں !