Marriage Couples Matching

جوزاافراد کے لیے اچھے دوست اور شریکِ حیات
عام طور پر دیکھنے میں یہ آیا ہے کہ بہترین ازدواجی ساتھی آپ کو اپنے ہی مزاج (آتشی، آبی، ہوائی، خاکی)کے بروج میں مل سکتا ہے: یعنی آتشی برج والوں کو آتشی بروج میں، پانی کے برج والوں کو پانی کے بروج میں، ہوا کے برج والوں کو ہوا کے بروج میں، اورخاکی برج والوں کو خاکی بروج میں مل سکتا ہے۔
عملی تجربے میں یہ بھی آیا ہے کہ اپنے ہی برج کےلڑکا/لڑکی کےساتھ شادی کرنا اکثر غیر دلچسپ ہوسکتا ہے۔ یعنی اگر کوئی برج دلو والامرد، برج دلو والی عورت کے ساتھ شادی کرلے تو ان کو (عام طور پر) آپس میں زیادہ دلچسپی نہیں رہتی۔ ہاں اس میں صرف برج اسد والا مرد، برج اسد والی عورت کے ساتھ خاصا خوش رہ سکتا ہے۔

برج جوزا کے دوسرے برجوں سے تعلقات کا جائزہ مندرجہ ذیل ہے:
جوزا اور حمل
برج حمل آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج جوزا ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔ حمل بے صبرااورجذباتی ہوتا ہے۔ جبکہ سرد مہر اور بے جان جوزا، جس کا دماغ محبت کرنے میں بڑا اہم کردار ادا کرتا ہے، حمل کو مایوس کر سکتا ہے۔
برج حمل اور برج جوزا سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی کے مابین اکثر و بیشتر لڑائی جھگڑے ہوتے رہتے ہیں کیونکہ یہ مختلف مزاج رکھتے ہیں۔ دونوں کو صبر و استقامت اور بردباری سے کام لینا ہوگا ۔اشتعال انگیز جذبوں کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ فضول بحث و تکرار سے بھی پرہیز کرنا ہوگا۔ یہ دونوں اگر ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش نہ کریں تو پھر یہ آپس میں لڑتے جھگڑتے رہیں گے ۔انہیں بڑی سمجھ بوجھ اور فہم و فراست سے کام لے کر اپنے تعلق کو مضبوط بنانا ہوگا۔
جوزا اور ثور
برج ثور خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج جوزا ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔ثور اور جوزا ایک دوسرے کے لئے نیک جذبات رکھتے ہیں۔ اس وجہ سے یہ ایک دوسرے سے اتحاد و اتفاق سے پیش آتے ہیں۔ ان میں چھوٹی چھوٹی باتوں پر جھگڑا ہو سکتا ہے۔
ان بروج کے مرداورعورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو برج ثور کے حامل فریق کو چاہیے کہ اپنی ضدی اور ہٹ دھرم طبیعت پر قابو پانے کی کوشش کرے۔ جبکہ برج جوزا کے حامل فریق کو چاہیے کہ اپنی عجلت پسندی اور غیر سنجیدہ طبیعت پر قابو پائے، نیز طنز کے تیر چلانے سے بھی پرہیز کرے۔ اس طرح یہ لڑائی جھگڑے سے بچ کر اچھا وقت گزار سکتے ہیں۔

جوزا اور جوزا
برج جوزا ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔ ان دونوں کے نظریات ،خیالات اور ذہنی صلاحیتیں ایک جیسی ہوتی ہیں۔ لیکن اگر یہ ایک دوسرے کو قیدی بنانے کی کوشش کریں تو دونوں کا نباہ مشکل ہو جاتاہے۔ اس کے علاوہ انہیں زندگی کے معاملات میں بھی ایک دوسرے سے سمجھوتہ کرنا چاہیئے۔ اگر یہ دونوں در گزر سے کام لیں تو یہ تعلق شاندار ہوتا ہے۔
برج جوزا کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے توان میں موافقت پائی جاتی ہے۔دونوں ایک دوسرے کی پسندنا پسند سے اچھی طرح واقف ہوتے ہیں۔اگر ان کے درمیان کشیدگی ہو بھی جائے تو زیادہ طویل نہیں ہوتی اور جلد صلح ہو جاتی ہے۔ان دونوں کو چاہیے کہ ایک دوسرے پر حکمران بننے کی کوشش نہ کریں۔بیوی کو چاہیے کہ صبر اور نرمی سے کام لے کر اپنے شوہر کے ساتھ اچھا وقت گزارے اور اس پر کسی قسم کا دباؤ نہ ڈالے۔
جوزا اور سرطان
برج سرطان آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج جوزا ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔سرطان کو گھر اور گھریلو زندگی بے حد پسند ہوتی ہے جبکہ جوزا گھر سے باہر رہ کر خوش ہوتا ہے ۔ جوزا افراد تبدیلی کی تلاش میں رہتے ہیں جبکہ سرطان افراد اپنے گھر سے جڑے رہتے ہیں۔جوزا جدت پسند جبکہ سرطان ماضی سے جڑے رہتے ہیں۔ اس لئے ان کے تعلقات سرد مہری کا شکار بھی ہو سکتےہیں ۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو یہ اچھا وقت گزار سکتے ہیں۔ ان دونوں کے درمیان مفاہمت اور موافقت پائی جاتی ہے۔ تا ہم ان میں ایک تضاد پایا جاتا ہے۔ اور وہ یہ کہ برج جوزا گھر سے باہر رہ کر زیادہ خوشی محسوس کرتا ہے جبکہ برج سرطان اپنے گھر میں آرام و سکون کا متلاشی ہوتا ہے ۔اگر اسے گھر سے باہر رہنا پڑے تو یہ پریشان ہو جاتا ہے ۔ اس تضاد کے باوجود ان دونوں میں پیار و محبت پایا جاتا ہے ۔
جوزا اور اسد
برج اسد آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج جوزا ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔اسد دل سے اور جوزا دماغ سے محبت کرتا ہے۔ یہ دونوں برج گلیمر، شان و شوکت، چاپلوسی اور اچھے دوستوں کا ساتھ پسند کرتے ہیں۔ اسد کی محبت ضرورت سے زیادہ مادی ہے، وہ قبضہ کر لینا چاہتا ہے اور حکم چلاتا ہے۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو برج جوزا سے تعلق رکھنے والے فریق کی حس مزاح کو برج اسد والا بہت پسند کرتا ہے۔ان میں لڑائی جھگڑا بہت کم ہوتا ہے۔ اور اگر ہو بھی تو برج جوزا کا حامل فریق اپنی زبان بند رکھ کر جھگڑا ختم کر سکتا ہے۔ اگر یہ ایسا نہ کر سکے تو لڑائی بڑھ جاتی ہے جو کہ ازدواجی زندگی پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔

جوزا اور سنبلہ
برج سنبلہ خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج جوزا ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔جوزا کی مسلسل تبدیلی کی خواہش سے سنبلہ جلد ہی عاجز آسکتا ہے۔ ان دونوں میں متضاد عادتوں کے علاوہ اگرچہ بعض موافق عادات بھی پائی جاتی ہیں مثلا ًاچھے کپڑے، صفائی ستھرائی اور دوستوں کا انتخاب۔ ان نقاط پر ان کی دوستی قائم رہ سکتی ہے۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو ان دونوں میں ذرا ذرا سی بات پر بحث و تکرار شروع ہو سکتی ہے اور اکثر جھگڑا بھی ہو جاتا ہے کیونکہ ان میں کم موافقت ہوتی ہے۔ ان دونوں کو چاہیے کہ اپنے اندر قوت برداشت پیدا کریں اور ایک دوسرے کی کوتاہیوں کو نظر انداز کریں تاکہ ازدواجی زندگی بہتر طور پر بسر کرسکیں۔
جوزا اور میزان
برج میزان اوربرج جوزا دونوں ہوائی مزاج رکھتے ہیں۔ان کا تعلق شاندار اور کامیاب ہوتاہے کیونکہ ان دونوں کے مشاغل ایک جیسے ہوتے ہیں۔ برج جوزا کے افراد برج میزان کے لوگوں کی جذباتیت اور خوبیوں کو پسند کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں برجوں کے افراد ایک دوسرے کے تمام ضروری لوازمات کو تلاش کر لیتے ہیں جو دونوں کے درمیان پائیدار اتحاد میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
برج جوزا اور برج میزان کے حامل مرد و عورت کی اگر شادی ہو جائے تو یہ نہایت سعد اور مبارک ہوتی ہے۔ ان دونوں کے ما بین مکمّل یگانگت اور ہم آہنگی ہوتی ہے۔ یہ دونوں ایک دوسرے کو خوب اچھی طرح سمجھنے کی صلا حیت رکھتے ہیں۔ان میں اگر کبھی کسی بات پر اختلاف ہو بھی جائے تو یہ زیادہ طویل نہیں ہوتا بلکہ جلد ہی صلح کر لیتے ہیں۔
جوزا اور عقرب
برج عقرب آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج جوزا ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔جوزا اور عقرب کا تعلق اچھا رہتا ہے لیکن خاص حالات میں جوزا اور عقرب کا ملاپ ایٹم بم کے برابر تباہی لا سکتا ہے۔ عقرب کی فطری رقابت اور قبضہ جمانے کی خواہش کا جوزا کی آزادی کی خواہش سے بہت جلد ٹکراؤ ہوسکتا ہے۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تواگر یہ ایک دوسرے کے جذبات کا خیال نہ رکھیں اور ایک دوسرے کو بے جا تنقید کا نشانہ بنائیں تو ان میں لڑائی بھی ہو سکتی ہے۔ لڑائی اکثر برج عقرب کے حامل فریق کی طرف سے شروع ہو تی ہے۔ اگر برج جوزا کا حامل فریق اپنی متلون مزاجی اور جلد بازی پر قابو پا لے، اور برج عقرب سے تعلق رکھنے والا سنگ دلی، شدت پسندی، اور جذباتی عادات پر قابو پا لے توان کے لیے بہتر ہو گا۔ یہ دونوں ایک دوسرے کی غلطیوں کو نظر انداز کرکے اور ایک دوسرے کے جذبات کا خیال رکھ کر اچھا وقت گزار سکتے ہیں۔
جوزا اور قوس
برج قوس آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج جوزا ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں برجوں کامقصد ایک ہی ہوتا ہے اور وہ ہاتھ ، پیر اور عمل کی آزادی ہے۔دونوں ہی صاف گو اور بہت باتونی ہوتے ہیں ۔عدم استحکام ان دونوں میں پایا جاتا ہے ۔یہ دونوں مشترکہ بنیادوں پر ملتے ہیں اور برابری کی حد تک اپنی زندگی کا منصوبہ بنا سکتے ہیں ۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو انہیں ایک دوسرے کو سمجھ کر چلنا چاہیے تا کہ ان کے درمیان مفاہمت قائم ہو سکے۔ یہ دونوں ایک دوسرے کے خیر خواہ اور مہربان ہوتے ہیں۔ان دونوں میں بہت سی اقدار مشترک ہوتی ہیں۔ مثال کے طور پر یہ سیر و تفریح کے شوقین ہوتے ہیں اور حرکت میں رہنا پسند کرتے ہیں۔ دونوں باہم مل کر افہام و تفہیم سے اچھی زندگی بسر کرسکتے ہیں۔ان کی اولاد کی وجہ سے گھر میں بہت خیر و برکت ہوتی ہے۔
جوزا اور جدی
برج جدی خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج جوزا ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔جدی جس خوبی کے لیے مشہور ہے وہ صبر ہے۔ لیکن جوزا میں یہ خوبی نہیں پائی جاتی۔ جدی آ گے بڑھنے کی بھرپورکوشش کرتا ہے اور ہر قسم کی مخالفت کی بالکل پرواہ نہیں کرتا۔
برج جوزا اور برج جدی سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی عام طور پر موافقت سے رہتےہیں، لیکن ان میں لڑائی جھگڑا بھی ہو جاتا ہے۔ اس جھگڑے اور تکرار میں اکثر برج جوزا ہی پہل کرتا ہے۔ لیکن جلد ہی یہ باہم صلح کر لیتے ہیں۔انہیں چاہیے کہ زبان درازی سے پرہیز کریں اور دشمنوں سے ہوشیار رہیں تا کہ نقصان سے بچ سکیں۔ دونوں میاں بیوی اگر صبر و تحمل سے کام لیں تو بحث و تکرار اور جھگڑے سے بچ کر ایک اچھی اور خوشگوار ازدواجی زندگی گزار سکتے ہیں۔ اگر دونوں ایک دوسرے کو خامیوں سمیت قبول کر لیں تو ان کا نباہ شاندار ہو سکتا ہے ۔
جوزا اور دلو
برج دلو اور برج جوزا دونوں ہوائی مزاج رکھتے ہیں ۔ان دونوں کا تعلق شاندار رہتا ہے۔ یہ دونوں ایک دوسرے پر مہربان ہوتے ہیں۔ یہ دونوں اپنی مرضی کے مطابق کام کرتے ہیں۔ جوزا کے تابع پیدا ہونے والے افراد ہمیشہ سرپرائز کی تلاش میں رہتے ہیں اور دلو ان کو نہایت آسانی سے سرپرائز کرسکتے ہیں۔
اگر مرد و عورت دونوں میں سے کسی بھی فریق کا تعلق برج جوزا اور دوسرے کا برج دلو سے ہے اور یہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ان میں پیار و محبت بہت ہوتا ہے اور یہ آپس میں مفاہمت سے رہتے ہیں۔ ہم مزاج ہونے کی وجہ سے دونوں میں بہت سی اقدار مشترک پائی جاتی ہیں۔ اس لیے دونوں عیش و آرام کی زندگی گزارتے ہیں۔ان تمام کے باوجود کبھی کبھی ان میں معمولی بحث و تکرار ہو جاتی ہے جو طول پکڑ کر جھگڑے کا باعث بن سکتی ہے ۔لیکن ان دونوں کو چاہیے کہ سمجھ داری سے کام لے کر اس قسم کا موقع نہ آنے دیں تاکہ ان کی خوشگوار ازدواجی زندگی بدمزہ نہ ہو۔
جوزا اور حوت
برج حوت آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج جوزا ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔حوت بہت ہی حساس برج ہوتا ہے اورہر چیز کو جلدی محسوس کر لیتا ہے۔ اس لئے دونوں کو ایک دوسرے کے جذبات کا پورا پورا احساس کرنا چاہئے۔ ایک دوسرے سے خلوص سے تعاون کرنا چاہئے ورنہ ان دونوں کا نباہ بے حد مشکل ہوتا ہے۔ جوزا اور حوت کی دوستی میں حوت کو اپنی شخصیت مکمل طور پر بدلنی پڑتی ہے پھر وہ جوزا کے ساتھ نباہ کر سکتا ہے۔ جوزا اور حوت کی دوستی میں جوزا کو اپنی آزادی کو خطرے میں ڈالنا پڑتا ہے اور یہ جوزا کو پسند نہیں۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو میاں بیوی میں بعض اوقات معمولی باتوں پراختلاف ہو جاتا ہے، جو ان میں لڑائی جھگڑے کا سبب بن سکتا ہے۔ دونوں کو سمجھ داری سے کام لے کراس وقت سے گزرنا چاہئے اورخاص طور پر بد زبانی سے بچنا چاہیئے۔ برج حوت کے حامل فرد کو چاہیے کہ اپنی حساس طبیعت پر قابو رکھے۔ جبکہ برج جوزا سے تعلق رکھنے والے کو اپنی جلد باز اور متلون مزاج طبیعت پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔


 


اپنے تاثرات بیان کریں !