حوت افراد کے لیے اچھے دوست اور شریکِ حیات
عام طور پر دیکھنے میں یہ آیا ہے کہ بہترین ازدواجی ساتھی آپ کو اپنے ہی مزاج (آتشی، آبی، ہوائی، خاکی)کے بروج میں مل سکتا ہے: یعنی آتشی برج والوں کو آتشی بروج میں، پانی کے برج والوں کو پانی کے بروج میں، ہوا کے برج والوں کو ہوا کے بروج میں، اورخاکی برج والوں کو خاکی بروج میں مل سکتا ہے۔
عملی تجربے میں یہ بھی آیا ہے کہ اپنے ہی برج کےلڑکا/لڑکی کےساتھ شادی کرنا اکثر غیر دلچسپ ہوسکتا ہے۔ یعنی اگر کوئی برج دلو والامرد، برج دلو والی عورت کے ساتھ شادی کرلے تو ان کو (عام طور پر) آپس میں زیادہ دلچسپی نہیں رہتی۔ ہاں اس میں صرف برج اسد والا مرد، برج اسد والی عورت کے ساتھ خاصا خوش رہ سکتا ہے۔
برج حوت کے دوسرے برجوں سے تعلقات کا جائزہ مندرجہ ذیل ہے:
حوت اور حمل
برج حمل آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج حوت آبی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں برجوں کا آپس میں تعلق ایک مشکل تعلق ہے۔ حوت متلون مزاج ہوتا ہے، جبکہ حمل جارحیت پسند ہوتا ہے۔ حوت افراد رومانوی ہوتے ہیں لیکن ان سے محبت کرنے کے لئے نزاکت اور شائستگی کی ضرورت ہوتی ہے جس کا حمل میں عموماً فقدان ہوتا ہے۔
اگر ان دونوں برجوں سے تعلق رکھنے والوں کی آپس میں شادی ہو جاتی ہے تو امکان ہے کہ ان میں خوشگوار تعلقات نہ رہیں۔ دونوں میں سخت کلامی اور بحث و تکرار ہوسکتی ہے۔ اپنا تعلق قائم رکھنے کے لیے انہیں قربانی کی ضرورت ہو گی اور ایک دوسرے کے جذبات و احساسات کو سمجھنا پڑے گا۔
حوت اور ثور
برج ثور خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج حوت آبی مزاج رکھتا ہے ۔ فنکارانہ زاویہ نگاہ سے ان دونوں میں بہت سی باتیں مشترک ہوتی ہیں۔ ان کی وجہ سے ان میں ذہنی ہم آہنگی آسانی سے پیدا ہو جاتی ہے۔ جذباتی حوت کو ثور کی ہمدردی سے بڑا سکون حاصل ہوتا ہے۔ حوت تاثیر پذیر، رومانوی، تصوراتی اورلچک دار رویہ کا مالک ہوتا ہے۔ اس میں وہ تمام خصوصیات پائی جاتی ہیں جن کی ثور کو تلاش ہوتی ہے۔ ان دونوں کے مابین جب بھی لڑائی جھگڑا ہوتا ہے تو اس کی شروعات عام طور پر برج حوت کی طرف سے ہوتی ہے۔
برج ثور اور برج حوت سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی میں بہت مطابقت ومفاہمت پائی جاتی ہے۔ ان کی شادی سعد اور مبارک ہوتی ہے۔ دونوں رفیق آپس میں پیار اور محبت سے رہتے ہیں۔ یہ دونوں جنسی ملاپ سے کیف و سروراور تسکین حاصل کرتے ہیں۔ اولاد کی وجہ سے ان کے رزق میں برکت اور روزی میں اضافہ ہوتا ہے۔ مجموعی طور پر یہ دونوں ایک خوشگوار ازدواجی زندگی گزارتے ہیں۔
حوت اور جوزا
برج جوزا ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج حوت آبی مزاج رکھتا ہے ۔حوت بہت ہی حساس برج ہوتا ہے اورہر چیز کو جلدی محسوس کر لیتا ہے۔ اس لئے دونوں کو ایک دوسرے کے جذبات کا پورا پورا احساس کرنا چاہئے۔ ایک دوسرے سے خلوص سے تعاون کرنا چاہئے ورنہ ان دونوں کا نباہ بے حد مشکل ہوتا ہے۔ جوزا اور حوت کی دوستی میں حوت کو اپنی شخصیت مکمل طور پر بدلنی پڑتی ہے پھر وہ جوزا کے ساتھ نباہ کر سکتا ہے۔ جوزا اور حوت کی دوستی میں جوزا کو اپنی آزادی کو خطرے میں ڈالنا پڑتا ہے اور یہ جوزا کو پسند نہیں۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو میاں بیوی میں بعض اوقات معمولی باتوں پراختلاف ہو جاتا ہے، جو ان میں لڑائی جھگڑے کا سبب بن سکتا ہے۔ دونوں کو سمجھ داری سے کام لے کراس وقت سے گزرنا چاہئے اورخاص طور پر بد زبانی سے بچنا چاہیئے۔ برج حوت کے حامل فرد کو چاہیے کہ اپنی حساس طبیعت پر قابو رکھے۔ جبکہ برج جوزا سے تعلق رکھنے والے کو اپنی جلد باز اور متلون مزاج طبیعت پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔
حوت اور سرطان
برج سرطان اور برج حوت دونوں آبی مزاج رکھتے ہیں ۔ ان کا مزاج ملتا جلتا ہے، لہذا یہ دونوں بہترین ساتھی بن سکتے ہیں۔ ان دونوں کے تعلقات آئیڈیل ہوتے ہیں کیونکہ دونوں ہی اپنے گھر، اپنی چیزوں اور اپنے دوستوں پہ فخر کرتے ہیں اور دونوں ہی مل کر اپنے فرائض پورے کرنے کی کوشش کرتےہیں۔ یہ ایک دوسرے کی ذات پر اعتماد کرنے کے علاوہ ایک دوسرے کے دکھ درد میں بھی شریک ہوتے ہیں۔ ان دونوں کے درمیان اگر لڑائی ہوجائے تو اس کی ابتدا عام طور پر حوت کرے گا۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو ہم مزاج ہونے کے باوجود ان دونوں میاں بیوی کو ایک دوسرے کو سمجھنے میں کچھ عرصہ درکار ہوتا ہے۔ لیکن کچھ عرصہ گزرنے کے بعد ان دونوں میں کافی زیادہ مفاہمت ہو سکتی ہے۔ یہ ایک دوسرے کے مزاج اور طور طریقوں سے واقف ہو جانے کے بعد ایک خوشگوار اور بھرپور ازداجی زندگی بسر کرسکتے ہیں ۔
حوت اور اسد
برج اسد آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج حوت آبی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں کا باہمی تعلق ایک مشکل تعلق ہوتا ہے۔ اسد کی مضبوط اور دل کی گہرائیوں سے نکلنے والی ولولہ خیزی، حساس حوت کے لئے نا قابلِ برداشت بن سکتی ہے۔ اسد کی متلون مزاجی کو حوت مشکل سے برداشت کرتاہے۔ تاثر پذیر حوت کے جذبات معمولی بات پر مجروح ہو جاتے ہیں۔ اگر کوئی شخص حوت کے بارے میں غلط تصور بھی کر لے تو حوت کو منانا مشکل ہو جاتا ہے۔ اسداگرچہ اس بات سے خوش ہوتا ہے کہ دوسرے اس کی زیرِ کفالت ہیں، لیکن اگر وہ حوت سے ذرا سی بھی بد سلوکی کریگا تو وہ اتنا ناراض ہوگا کہ اس کو منانا مشکل پڑجائے گا۔
ان بروج کے حامل مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو دونوں ہی فریق ایک دوسرے سے بلا وجہ جھگڑتے رہتے ہیں۔ معمولی باتوں پر بحث و تکرار اور لڑائی جھگڑا ان کی ازدواجی زندگی کو پر خار بنا سکتا ہے۔ اولاد کی طرف سے بھی یہ مطمئن نہیں ہوتے بلکہ انہیں پریشانیاں اور دکھ جھیلنے پڑسکتے ہیں۔
حوت اور سنبلہ
برج سنبلہ خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج حوت آبی مزاج رکھتا ہے ۔سنبلہ کے لئے حوت کے تلون مزاج اور جذباتیت کو سمجھنے میں عرصہ لگ سکتا ہے۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو بعض اوقات معمولی اختلاف بحث و تکرار کا با عث بن سکتا ہے۔ لیکن یہ بحث و تکرار طویل جھگڑے کا باعث نہیں بنتی اور دونوں بہت جلد صلح پر آمادہ ہو جاتے ہیں۔ اکثر و بیشتر بحث و تکرار کی شروعات برج حوت کی طرف سے ہوتی ہے۔ اگر برج سنبلہ کا حامل فریق تھوڑی سی قوتِ برداشت سے کام لے اور برج حوت والا بھی اپنے ساتھی کی خواہشات کا احترام کرے تو ان کے درمیان ہونے والے معمولی اختلافات ختم ہو سکتے ہیں۔ اولاد کی نعمت ان دونوں کے لئے خوش قسمتی کا باعث بن سکتی ہے اور یہ خوشگوار زندگی گزارسکتے ہیں۔
حوت اور میزان
برج میزان ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج حوت آبی مزاج رکھتا ہے ۔میزان اور حوت کے تعلقات میں حوت اس بات پر خوش ہوتا ہے کہ اس کو میزان کی خاص قربت حاصل ہو گئی ہے۔ ان دونوں کے تعلقات کو زیادہ عرصہ قائم رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ ان وجوہات کو ڈھونڈا جائے جس سے تعلقات میں کمی بیشی ہوتی ہے۔ کیونکہ ان دونوں کے عدم اتفاق کی بہت سی وجوہات ہو سکتی ہیں۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو یہ شروع میں کچھ دشواریاں محسوس کریں گے کیونکہ دونوں کی عادات میں تضاد پایا جاتاہے۔ شروع کے ایام ان کے مابین لڑائی جھگڑا بھی ہوسکتا ہے جو کہ میزان والے فریق کی صلح جو طبیعت کے باعث طول نہیں پکڑتا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ایک دوسرے کی عادات و اطوار کو سمجھ سکتے ہیں اور پھر ان کے درمیان پیار، محبت ، خلوص ، یگانگت بڑھ سکتی ہے۔
حوت اور عقرب
برج عقرب اور برج حوت دونوں آبی مزاج رکھتے ہیں ۔ان کا مزاج ایک دوسرے سے ملتا جلتا ہے۔ عقرب کو سمجھنا کوئی آسان کام نہیں ہے لیکن حوت اپنی خداداد ذہانت سے کام لے کراسے بہت جلد سمجھ سکتا ہے۔ اگر یہ ایک دوسرے کو سمجھ لیں توان کے درمیان ایک اچھا تعلق بن سکتا ہے۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو ان کے درمیان عام طورپرموافقت پائی جاتی ہے۔ دونوں کی بہت سی عادات ایک جیسی ہوتی ہیں، جس کی وجہ سے یہ ایک دوسرے کو بہتر انداز میں سمجھ سکتے ہیں۔ اس تمام کے باوجود ایک مقام پر ان کی فطرت میں تھوڑا سا اختلاف پایا جاتا ہے۔ اوروہ یہ کہ برج حوت سے تعلق رکھنے والا فریق آرٹسٹک مزاج ہوتا ہے، جبکہ برج عقرب والا فریق حقیقی دنیا میں رہنا پسند کرتا ہے۔ لیکن یہ معمولی اختلاف ان کی ازدواجی زندگی پرکوئی نا خوشگوار اثرات مرتب نہیں کرتا۔ خوش بخت اولاد ان کے لئے مبارک ثابت ہوتی ہے۔
حوت اور قوس
برج قوس آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج حوت آبی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں کے تعلقات عام طور پر مشکل نوعیت کے ہوتے ہیں۔ حوت مستقل مزاج نہیں ہوتا جبکہ قوس سچا، کھرا اور بے لاگ ہوتا ہے۔ اس لئے ان کے تعلقات عموماًاچھے نہیں رہتے۔ لیکن اگر یہ ایک دوسرے کے لئے قربانی کا جذبہ پیدا کر لیں تو ان کے تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں۔
برج قوس اور برج حوت کے فریقین کی اگر شادی ہو جائے تو ان کی طبیعتوں میں تضاد پایا جاتا ہے۔ برج حوت کا حامل فریق بہت زیادہ رنگین مزاج ہوتا ہے۔ اس میں مستقل مزاجی نام کو بھی نہیں ہوتی اوراس کی پسندناپسند وقت کے ساتھ ساتھ بدلتی رہتی ہے۔ لہذابعض اوقات وہ اپنے شریکِ زندگی سے بیزار ہو سکتا ہے۔ جبکہ دوسری طرف برج قوس والا فریق بے لوث اور اصول پسند ہو تا ہے۔ اس قسم کی متضاد عادات کی وجہ سے ان کے مابین لڑائی جھگڑا ہوسکتاہے۔
حوت اور جدی
برج جدی خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج حوت آبی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں کے تعلقات عام طور پر خوشگوار اور بہترین ہوتے ہیں کیونکہ جدی کو حوت کی شکل میں ایک ہمدرد اور سمجھنے والا ساتھی مل جائے گا۔ دونوں کے سماجی مقاصد بھی یکساں ہوتے ہیں ۔ان باتوں کے علاوہ بھی دونوں میں بہت سی اقدار مشترک پائی جاتی ہیں۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر شادی ہو جائے تو ان کے درمیان باہمی موافقت ہوتی ہے ۔تاہم ان دونوں میں کچھ متضاد عادات بھی ہوتی ہیں جو ان کے مابین بحث و تکرار کا باعث بن سکتی ہیں اور یہ بحث و تکرار بعض اوقات جھگڑے کی شکل اختیار کر جاتی ہے۔ لیکن یہ جھگڑا زیادہ طویل نہیں ہوتا بلکہ جلد ہی ان کی آپس میں صلح ہو جاتی ہے ۔ اولاد کی نعمت کی وجہ سے ان کے رزق میں وسعت اور کشادگی ہوجاتی ہے اور تنگ دستی سے نجات ملتی ہے ۔
حوت اور دلو
برج دلو ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج حوت آبی مزاج رکھتا ہے ۔اگر یہ ایک دوسرے کو سمجھ لیں اورایک دوسرے کا اچھی طرح مطالعہ کرلیں تو ان کے درمیان اچھا تعلق قائم ہو سکتا ہے۔ کیونکہ ان دونوں میں بہت سی دوسری اچھی باتوں کے علاوہ یہ بات نہایت عمدہ ہے کہ ان میں رواداری اور انسانی ہمدردی پائی جاتی ہے۔
برج حوت اور برج دلو سے تعلق رکھنے والے فریقین اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو انہیں اس تعلق کو قائم رکھنے کے لیے محنت کرنا پڑے گی اور دونوں کو قربانی دینا پڑے گی۔ کیونکہ یہ دونوں خود ساختہ اصولوں کے شکنجے میں جکڑے ہوتے ہیں۔ معمولی سے معمولی بات پر ان میں بحث و تکرار شروع ہوسکتی ہے، جو بالآخر لڑائی جھگڑے کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔
حوت اور حوت
برج حوت آبی مزاج رکھتا ہے ۔چونکہ یہ دونوں ایک جیسی خوبیاں اور خامیاں رکھتے ہیں اس لئے یہ ایک دوسرے کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کر سکتے ہیں۔ ان کے خیالات اور مشاغل ایک جیسے ہوتے ہیں۔ لیکن ان میں ایک خطرہ باقی رہ جاتا ہے کہ کہیں یہ عملی حقائق سے لا پرواہی کی وجہ سے ایک دوسرے سے دور نہ نکل جائیں ۔
اگر برج حوت سے تعلق رکھنے والے مرد اور عورت کی آپس میں شادی ہو جائے تو یہ اچھا ازدواجی تعلق ثابت ہو سکتا ہے۔ دونوں فریق ایک ہی برج اور سیارے سے تعلق رکھنے کی وجہ سے ہم مزاج ہوتے ہیں اور دونوں میں بہت سی اقدار مشترک ہوتی ہیں۔ ذہنی طور پر دونوں میں کافی ہم آہنگی ہوتی ہے اور یہ ایک دوسرے کی خوبیوں، خامیوں اور صلاحیتوں سے اچھی طرح واقف ہوتے ہیں ۔ اس برج سے تعلق رکھنے والے افراد چونکہ دوہری فطرت کے مالک ہوتے ہیں اور ان کا طرزِ عمل پیچیدہ ہوتا ہے۔اس وجہ سے بعض اوقات ان کے مابین کچھ غلط فہمیاں بھی پیدا ہو سکتی ہیں ۔ لیکن یہ ان کی ازدواجی زندگی پر عموماً اثر اندازنہیں ہوتیں ۔
بُرج حوت (Pisces)