Sal 2019 kesa guzray ga

آپ کا سال 2019ء کیسا گزرے گا؟
سیاروں کی پوزیشن اور مستقبل کا حال
آنے والا وقت آپ کے لیے کیسا ثابت ہوگا؟ یہ جاننے کے لیے آسٹرالوجی کے ماہرین تمام سیاروں کی مستقبل کی پوزیشن معلوم کرتے ہیں۔ پوزیشن سے مراد یہ ہے کہ وہ سیارے کس بُرج میں موجود ہوں گے نیز ان سیاروں کے درمیان (لکی یا غیرموزوں) کون سا زاویہ بنے گا؟
ویسے تو ہر سیارے کی پوزیشن آپ پراثر انداز ہوتی ہے۔لیکن آپ کے بُرج کے حکمران سیارہ (Ruling Planet) کی پوزیشن آپ پر زیادہ اثر انداز ہوتی ہے۔
اپنے حکمران سیارہ کے علاوہ جو سیارہ آپ پر زیادہ اثر انداز ہوتا ہے، وہ سیارہ زہرہ (Venus) ہے۔ اسے محبت، فیملی اور معاشرتی تعلقات کا سیارہ بھی کہتے ہیں۔ اس سیارہ کی پوزیشن کے ذریعے یہ اندازہ لگایا جاتا ہے کہ آپ کے محبت کے معاملات کیسے رہیں گے؟
سال 2019ء کا ایک جائزہ
آپکا حکمران سیارہ زہرہ اس پورے سال میں ایک دفعہ بھی الٹی چال میں نہ جائے گا۔ یہ آپکے لیے ایک اچھی خبر ہے۔ وسط ستمبر میں یہ سیارہ آپکے برج میں آئے گا تو اس وقت آپکو ہر چیز توازن میں محسوس ہو گی۔ آپ اپنی ذات میں بڑا پرسکون محسوس کریں گے اور کوئی بھی پریشانی آپ کے نزدیک نہ آئے گی۔
مارچ کے آخر میں آپ کے برج میں ایک مکمل چاند ہو گا۔ آپ کے قریبی تعلقات آپکی زیادہ توجہ کے طلبگار ہوں گے۔ آپکو چاہیئے کہ آپ اپنے موجودہ تعلقات کو مضبوط کریں اور ماضی کے ٹوٹے پھوٹے تعلقات پر بھی کچھ توجہ دیں۔ چاند کی پوزیشن ایسی ہے کہ آپ کے لیے ان معاملات میں کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔ ہو سکتا ہے کوئی ایسا شخص جسے آپ
نے کافی عرصے سے نہیں دیکھا یا اس سے بات چیت نہیں کی، وہ اچانک نمودار ہوجائے اور معافی و نظرثانی کا طلبگار ہو۔ دراصل یہ وقت چیزوں کو از سرِ نو تعمیر کرنے کا ہے۔ آپ چونکہ بڑے عادل اور انصاف پسند شخص ہیں لہذا آپ اس شخص کو جواب میں ہاں ہی کہیں گے۔
ستمبر کے آخر میں سورج آپکے برج میں ایک ماہ کے لیے آجائے گا۔ آپ کو ایک بار پھر موقع ملے گا کہ آپ تمام معاملات اور تعلقات کو ازسرِ نو دیکھ سکیں اور اگر پہلے کوئی کمی رہ گئی ہے تو اب اس کمی کو پورا کر سکیں۔ اپنے تعلقات پر گہری نظر ڈالیں، خواہ وہ میاں بیوی کے تعلقات ہوں، فیملی تعلقات ہوں، دوستوں سے تعلقات ہوں یا پروفیشنل تعلقات ہوں۔ آپ کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ آپ زندگی کے تمام شعبوں میں ایک توازن پیدا کریں، تا کہ آپکا بھی بھلا ہو اور دوسروں کا بھی بھلا ہو۔ اگر آپ کا کوئی نعرہ بن سکتا ہے تو وہ یہی ہے کہ ہم سب اکٹھے کیوں نہیں چل سکتے۔
محبت، فیملی اور سوشل لائف
جنوری کے آغاز میں محبت اور سوشل تعلقات کا سیارہ زہرہ، برج قوس میں داخل ہو گا۔ آپ کے باہمی تعلقات میں شدت کی بجائے میانہ روی آئے گی۔ لوگوں میں گھلنا ملنا آسان ہو گا۔ زندگی کے تمام شعبوں کو مناسب وقت دینا ایک ہنر ہے۔ اگر آپ خود کو ذرا زیادہ منظم کر لیں تو آپ تمام شعبوں اورمعاملات کے ساتھ انصاف کرسکیں گے۔ زندگی کے تمام معاملات کو ساتھ لے کر چلنا ہی ایک کامیاب زندگی کی علامت ہے۔
مئی کے وسط میں سیارہ زہرہ، برج ثور میں آجائے گا۔ اگر آپ قناعت اختیار کریں گے اور کچھ لو، کچھ دو کی پالیسی اپنائیں گے تو شریک حیات، فیملی اور دوستوں سے تعلقات میں بہتری آئے گی۔ لیکن اگر آپ خود غرضی اور ہٹ دھرمی سے کام لیں گے تو تعلقات میں بگاڑ پیدا ہو گا۔ اپنے فیملی ممبرز اور دوستوں کو اپنی پراپرٹی اور ملکیت مت سمجھیں، بلکہ انہیں آزادی کا سانس لینے دیں۔
ستمبر میں سیارہ زہرہ آپ کے برج میں داخل ہو جائے گا۔ آپ کے مزاج میں پہلے کی نسبت نرمی آئے گی۔ آپ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ انہیں مضبوط بنانے کے لیے آپ جدوجہد کریں گے۔ آپ کسی حد تک آئیڈیل ازم کا شکار بھی ہو جائیں گے اور دوسروں سے بہت سی توقعات وابستہ کر لیں گے۔ یہ توقعات لازمی نہیں کہ فوراً پوری ہو جائیں، ہاں مستقبل میں کسی مرحلہ پر یہ ضرور پوری ہو سکتی ہیں۔
ستمبر کے وسط میں بات چیت کا سیارہ عطارد آپ کے برج میں آجائے گا۔ شریکِ حیات اور دوستوں کو اپنی بات سمجھانا آپ کے لیے بہت آسان ہو گا۔ اگر آپ کچھ مشترکہ فیصلے کرنا چاہتے ہیں تو پہلے تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لیں۔ جلد بازی کی کوئی ضرورت نہیں۔
ستمبر کے آخر میں جب نیا چاند ہو گا تو باہمی تعلقات اور رشتوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پڑے گی۔ یاد رکھیں کہ پیار محبت اور احترام مفت میں نہیں ملتے بلکہ کوشش کرکے کمائے جاتے ہیں۔ آپ پر کشش شخصیت کے مالک ہیں، لیکن خوبصورت جسم سے زیادہ خوبصورت روح کے حامل لوگ آپ کے لیے بہتر رہیں گے۔
اکتوبر کے آغاز میں عمل اور حرکت کا سیارہ مریخ آپکے برج میں داخل ہو گا۔ دوسروں سے اپنی بات منوانا آپ کے بائیں ہاتھ کا کھیل ہو گا۔ لوگ آپ کو ایک مخلص شخص سمجھتے ہیں اور یہی چیز آپ کے تعلقات میں مضبوطی لاتی ہے۔ گھر والوں اور شریک حیات کو ٹائم دیجئے۔ دوسروں کی خواہشات اور توقعات کو سمجھنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ آپ خود اُن سے پوچھ لیں کہ کن معاملات میں وہ آپ کی زیادہ توجہ چاہتے ہیں۔
دولت، جاب اور کاروبار
دولت اور کیرئیر کے معاملے میں آپ خود میں جوش و جذبہ محسوس کریں گے۔ اپنے منصوبوں پر کام جاری رکھیے۔ لیکن بلاوجہ غصے اور منفی جذبات کو لگام دیجیے۔ یہ اچھی بات ہے کہ لوگو ں کو آپکے بلند ارادوں کا پتہ چلے۔ مگر یہ اچھی بات نہیں ہے کہ آپ دوسروں کو مجبور کرکے زبردستی اپنا حمائتی بنانے کی کوشش کریں۔
مارچ میں سیارہ عطارد الٹی چال میں جائے گا۔ اس وقت آپ کو چاہیے کہ سوچیں کہ وہ کون سی چیزیں ہیں جو کامیابی کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔آپ کا کوئی اہم کاروباری دورہ ملتوی بھی ہو سکتا ہے۔ ہمیشہ متبادل پلان ضرور اپنے ذہن میں رکھیں۔ ضروری کاغذات تیار رکھیں، بجائے یہ کہ ضرورت پڑنے پر آپ انہیں ڈھونڈتے پھریں۔ تمام کاغذات، رسیدیں، بینک سٹیٹمنٹ اچھی طرح چیک کریں کہ ان میں کوئی غلطی تو نہیں ہے۔ ایک صفر یا ایک اعشاریہ کی غلطی کی وجہ سے بڑے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
اکتوبر کے آغاز میں جب سیارہ عطارد، سیدھی چال سے حرکت کرے گا تو آپ اپنی بات چیت کی صلاحیت کا درست استعمال کر کے اپنے کیرئیر یا کاروبار کو آگے بڑھا سکیں گے۔ اچھے اچھے آئیڈیاز آپ کے ذہن میں آئیں گے۔ آپ کی قوت وجدان زورں پر ہے۔ آپ ایسے فیصلے کرنے کی پوزیشن میں ہیں، جن سے آپ کو مالی فوائد حاصل ہوں گے۔ اگر آپ کو کچھ زیادہ محنت بھی کرنی پڑے تو ضرور کریں، اسکا آپ کو فائدہ پہنچےگا۔


 


اپنے تاثرات بیان کریں !