Marriage Couples Matching

میزان افراد کے لیے اچھے دوست اور شریکِ حیات
عام طور پر دیکھنے میں یہ آیا ہے کہ بہترین ازدواجی ساتھی آپ کو اپنے ہی مزاج (آتشی، آبی، ہوائی، خاکی)کے بروج میں مل سکتا ہے: یعنی آتشی برج والوں کو آتشی بروج میں، پانی کے برج والوں کو پانی کے بروج میں، ہوا کے برج والوں کو ہوا کے بروج میں، اورخاکی برج والوں کو خاکی بروج میں مل سکتا ہے۔
عملی تجربے میں یہ بھی آیا ہے کہ اپنے ہی برج کےلڑکا/لڑکی کےساتھ شادی کرنا اکثر غیر دلچسپ ہوسکتا ہے۔ یعنی اگر کوئی برج دلو والامرد، برج دلو والی عورت کے ساتھ شادی کرلے تو ان کو (عام طور پر) آپس میں زیادہ دلچسپی نہیں رہتی۔ ہاں اس میں صرف برج اسد والا مرد، برج اسد والی عورت کے ساتھ خاصا خوش رہ سکتا ہے۔

برج میزان کے دوسرے برجوں سے تعلقات کا جائزہ مندرجہ ذیل ہے:
میزان اور حمل
برج حمل آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج میزان ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔برج میزان گرمی اور جذبات رکھتا ہے، جبکہ حمل جارحانہ اور پیش قدمی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کی موافقت اسی وقت نمایاں ہوتی ہے جب دونوں ایک ہی تہذیبی اور ذہنی سطح پر ہوں ۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو مزاج مختلف ہونے کی وجہ سے اکثر و بیشتر لڑائی جھگڑا بھی ہو سکتا ہے۔ لیکن اگر کوئی ایک فریق صبر و تحمل اور برداشت سے کام لے تو جھگڑے کو فوری طور پر ختم کیا جا سکتا ہے اور ان دونوں کی آپس میں موافقت ہو سکتی ہے۔
میزان اور ثور
برج ثور خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج میزان ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔ اگر یہ دونوں ایک دوسرے کے اعتماد کو ٹھیس نہ پہنچائیں اور سمجھ بوجھ سے کام لیں تو ان کی زندگی اور دوستی آرام سے گزر سکتی ہے۔لیکن اگر ان میں سے ایک بھی اپنی پٹری سے اتر گیا تو پھریہ دونوں اپنے تعلقات میں سرد مہری کر لیتے ہیں۔
برج ثور اور برج میزان کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو اچھی زندگی گزارنے کے لئے فریقین کو کچھ قربانیاں دینی پڑسکتی ہیں۔ شادی کے بعد ان دونوں میں لڑائی جھگڑا ہوسکتا ہے۔ جبکہ جھگڑے میں پہل ہمیشہ برج ثور کے حامل فریق کی طرف سے ہوتی ہے۔ازدواجی زندگی کو خوبصورت بنانے کے لئے انہیں چاہیے کہ ایک دوسرے کے جذبات کا خیال رکھیں اور دوسرے فریق کی نا پسندیدہ باتوں کو نظر انداز کرنے کی کوشش کریں۔ جبکہ برج ثور کے حامل فریق کو چاہیے کہ برج میزان کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے۔

میزان اور جوزا
برج جوزا اور برج میزان دونوں ہوائی مزاج رکھتے ہیں ۔ان کا تعلق شاندار اور کامیاب ہوتاہے کیونکہ ان دونوں کے مشاغل ایک جیسے ہوتے ہیں۔ برج جوزا کے افراد برج میزان کے لوگوں کی جذباتیت اور خوبیوں کو پسند کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں برجوں کے افراد ایک دوسرے کے تمام ضروری لوازمات کو تلاش کر لیتے ہیں جو دونوں کے درمیان پائیدار اتحاد میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
برج جوزا اور برج میزان کے حامل مرد و عورت کی اگر شادی ہو جائے تو یہ نہایت سعد اور مبارک ہوتی ہے۔ ان دونوں کے ما بین مکمّل یگانگت اور ہم آہنگی ہوتی ہے۔ یہ دونوں ایک دوسرے کو خوب اچھی طرح سمجھنے کی صلا حیت رکھتے ہیں۔ان میں اگر کبھی کسی بات پر اختلاف ہو بھی جائے تو یہ زیادہ طویل نہیں ہوتا بلکہ جلد ہی صلح کر لیتے ہیں۔
میزان اور سرطان
برج سرطان آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج میزان ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔میزان اتنا آزاد ہے کہ وہ سرطان کی قید میں رکھنے کی عادتوں کو برداشت نہیں کر سکتا ۔یہ ایک دوسرے کی غلطی اور کوتاہی کو نظر انداز کر کے ایک دوسرے کی ضروریات اور خواہشات کو پورا کرنا سیکھیں تو ان کا گزارہ ہو سکتا ہے ۔ ان دونوں میں خود اعتادی کی شدید کمی ہوتی ہے اور یہ ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش نہیں کرتے ۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی آپس میں شادی ہو جائے تو اگر یہ دونوں ایک دوسرے کی غلطیوں کو نظر انداز کر دیں اور ایک دوسرے کی خامیوں کو پس پشت ڈال دیں تو ان میں پیار و محبت کا جذبہ پیدا ہو سکتا ہے۔برج میزان کے حامل فریق کو چاہیئے کہ وہ فضول خرچی کی عادت پر قابو رکھے۔ کیونکہ برج سرطان سے تعلق رکھنے والے افراد فضول خرچی کو پسند نہیں کرتے اور اس وجہ سے ان میں بحث و تکرار اور لڑائی جھگڑا ہو سکتا ہے ۔
میزان اور اسد
برج اسد آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج میزان ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں کے مشاغل، دلچسپیاں اور بعض خصوصیات ایک جیسی ہوتی ہیں۔ اس لیےان میں بہتر تعلقات قائم ہو سکتے ہیں۔ اگر یہ ایک دوسرے کی خواہشات اور ضروریات کا احساس کریں اور ایک دوسرے کے لئے قربانیاں دیں تو ان کے درمیان خوشگوار تعلق قائم ہو سکتا ہے۔
اگر ان دونوں بروج کے حاملین مرد و عورت کی شادی ہو جائے اور یہ دونوں ایک دوسرے کے لئے اپنی خواہشات و نظریات کو قربان کردیں اور افہام و تفہیم کے جذبے سے کام لیں تو ان میں کچھ مفاہمت ہو سکتی ہے۔ ورنہ روز روز کے جھگڑے ہو سکتے ہیں۔
میزان اور سنبلہ
برج سنبلہ خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج میزان ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔ان میں سے کوئی بھی اپنی فطری عادتیں برضا و رغبت تبدیل نہیں کرتا۔ سنبلہ کی طعنہ زنی سے میزان کی روح پر زخم آ سکتے ہیں۔
برج سنبلہ اور برج میزان سے تعلق رکھنے والے مرد اور عورت کی اگر شادی ہو جائے تو دونوں کی عادات و اطوار الگ الگ ہوتے ہیں۔ برج سنبلہ کے حامل فریق کی عادت ہوتی ہے کہ اپنی ہر بات منوائے اور یہ سخت سنجیدہ مزاج ہوتا ہے ۔جبکہ برج میزان کی آزادی پسند طبیعت پر یہ بہت گراں گزرتا ہے۔ان دونوں میں ذرا ذرا سی بات پر بحث و تکرار شروع ہو سکتی ہے۔ اور ان میں پہل اکثر برج میزان کے حامل فریق کی طرف سے ہوتی ہے۔ان دونوں کو چاہیے کہ ازدواجی زندگی کو پرلطف اور خوشگوار بنانے کے لیے ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کریں۔ اگر یہ ایسا کرنے میں کامیاب ہو جائیں اور ایثار و قربانی کا جذبہ اپنا لیں تو اچھا وقت گزرسکتا ہے۔

میزان اور میزان
برج میزان ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔ان کا تعلق نہایت شاندار اور تعلقات بہت اچھے ہوتے ہیں۔ ان دونوں میں زبردست افہام و تفہیم بھی ہوتی ہے ۔یہ ایک دوسرے کے مقصد کو خوب سمجھتے ہیں ۔ ان کی اقدار ،خصوصیات اور مشاغل کے علاوہ دلچسپیاں بھی مشترک ہوتی ہیں ۔
برج میزان سے تعلق رکھنے والے مرد و عورت اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ایک ہی برج سے تعلق رکھنے کی وجہ ان کے مزاج اور عادات بھی ایک جیسی ہوتی ہیں۔ انہیں ایک دوسرے کو سمجھنے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ یہ دونوں آپس میں پیار محبت اور یگانگت سے رہ سکتے ہیں۔ برج میزان کے حامل لوگ دراصل خوشامد پسند ہوتے ہیں، لہذا دونوں فریق اپنی اس عادت کی وجہ سے بعض اوقات اپنے ساتھی سے نا لا ں ہو جاتے ہیں۔ لیکن ان کی یہ ناراضگی زیادہ دیر نہیں رہتی جلد ہی آپس میں صلح کر لیتے ہیں۔ نیک اور صا لح اولاد ان کے لئے خوش بختی کا با عث ہوتی ہے۔ اولاد ہی کے سبب ان کے رزق میں برکت اور روزی میں اضافہ ہوتا ہے۔
میزان اور عقرب
برج عقرب آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج میزان ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں برجوں میں ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردی ظاہر کرنے کے لئے بڑی کشش پائی جاتی ہے ۔عقرب کی قوت مردانگی، میزان کی توقعات پر پوری اترتی ہے ۔
برج میزان اور برج عقرب سے تعلق رکھنے والے مرد اور عورت کے مزاج میں عموماً موافقت نہیں پائی جاتی۔ اگر ان دونوں کی آپس میں شادی ہو جائے تو ان کے ما بین اکثر و بیشتر لڑائی جھگڑا ہوسکتا ہے اور اس معا ملے میں میزان کی طرف سے پہل ہوتی ہے۔میزان افراد چونکہ راگ رنگ کے دلدادہ اور عیش و عشرت کے طلب گار ہونے کے ساتھ ساتھ آزاد طبع ہوتے ہیں، لہذا یہ اپنے شریک زندگی عقرب کے ساتھ خود کو پابند محسوس کرتے ہیں اور یہی پابندی کا احساس انہیں ذہنی کوفت میں مبتلا کرسکتا ہے۔اگر دونوں فریق اپنے شریک زندگی کے ساتھ برابری کا سلوک کریں اور یہ سمجھ لیں کہ دوسرے فریق کے ساتھ ہی ازدواجی زندگی مکمل ہے، تو یہ اپنی ازدواجی زندگی بہتر انداز میں بسر کر سکتے ہیں۔
میزان اور قوس
برج قوس آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج میزان ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں کو اپنے تعلقات بہتر اور خوشگوار بنانے کے لئے کئی قربانیاں دینی پڑتی ہیں کیونکہ میزان کے لئے آزاد اور سہل پسند قوس کے فلسفہ حیات سے ہم آہنگی پیدا کرنا کوئی آسان کام نہیں ہوتا۔ قوس ہر قسم کی قید سے نفرت کرتا ہے اور غلامی ہر گز قبول نہیں کریگا اور اپنے سارے وسائل سے ان بندھنوں کو توڑنے کی کوشش کریگا۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تومختلف مزاج ہونے کی وجہ سے ان میں اختلافات ہو سکتے ہیں۔اور دونوں میں اکثر و بیشتر لڑائی جھگڑا ہوسکتا ہے۔ان لڑائی جھگڑوں میں ان سے ملنے والے چغل خور قسم کے لوگوں کا عمل دخل ممکن ہے۔اگر دونوں فریق ایک دوسرے کی خواہشات کا احترام کرنا سیکھ لیں اور ہر وقت اپنی جائزوناجائز ضد پر اڑے نہ رہیں تو اپنی ازدواجی زندگی خوشگوار بنا سکتے ہیں۔
میزان اور جدی
برج جدی خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج میزان ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔اگر چہ ان کی شخصیت ایک دوسرے سے متضاد ہوتی ہے لیکن پھر بھی ان کے تعلقات کامیاب ہو سکتے ہیں ۔میزان کے لئے بہتر ہے کہ ماحول اس قسم کا پیدا کردے جو کہ جدی کے نظریات سے مطابقت رکھتا ہو ورنہ پریشانیوں سے واسطہ پڑے گا ۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو ان میں موافقت نہیں ہوتی۔ برج جدی سے تعلق رکھنے والا فریق سخت طبع ہوتا ہے۔ یہ اپنے شریک حیات کو اپنے تابع دیکھنا چاہتاہے۔ جبکہ برج میزان سے تعلق رکھنے والا فریق آزاد طبیعت کی وجہ سے کسی کے زیر اثر نہیں آ سکتا۔ یہ ایک بڑی وجہ ہے کہ ان کے مابین وقت بے وقت لڑائی جھگڑا ہوسکتاہے۔برج میزان سے تعلق رکھنے والا اپنی نرم خو طبیعت کی وجہ سے اگر فتنہ و فساد سے بچنا بھی چاہے تو برج جدی والا اپنی شر انگیز اور فتنہ پرور عادت سے مجبور ہو کر جھگڑا کرنے سے باز نہیں آتا۔
میزان اور دلو
برج دلو اور برج میزان دونوں ہوائی مزاج رکھتے ہیں ۔دلو کو میزان سے مطابقت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ دونوں حسن اور سوسائٹی سے محبت کرتے ہیں۔ ان میں غلط فہمی بہت کم ہوتی ہے۔ ان دونوں کو اپنے تعلقات کو بہتر اور خوشگوار بنانے کے لیے کچھ قربانیاں بھی دینی پڑتی ہیں۔ اگر یہ ایک دوسرے کے معاملات میں دخل نہ دیں تو یہ ایک اچھا تعلق ہے۔
برج میزان اور برج دلو دونوں ہی ہم مزاج واقع ہوئے ہیں۔ اس لیے ان کے مابین موافقت ہوتی ہے۔ ان دونوں برجوں سے تعلق رکھنے والے فریقین اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ان میں پیار، اُلفت اور یگانگت پائی جاتی ہے۔دونوں کی بہت سی عادات ایک جیسی ہوتی ہیں۔ اس لیےعام طور پر ان میں اختلاف کی کوئی صورت نہیں بنتی۔ دونوں ہی ایک دوسرے کا خوب خیال رکھتے ہیں۔ اگر کبھی ایک فریق کی طرف سے غلطی ہو جائے تو دوسرا اس کو بڑی فراغ دلی کے ساتھ نظر انداز کر دیتا ہے۔ اور یوں ان کے درمیان بحث و تکرار کی نوبت نہیں آتی۔
میزان اور حوت
برج حوت آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج میزان ہوائی مزاج رکھتا ہے ۔میزان اور حوت کے تعلقات میں حوت اس بات پر خوش ہوتا ہے کہ اس کو میزان کی خاص قربت حاصل ہو گئی ہے۔ ان دونوں کے تعلقات کو زیادہ عرصہ قائم رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ ان وجوہات کو ڈھونڈا جائے جس سے تعلقات میں کمی بیشی ہوتی ہے۔ کیونکہ ان دونوں کے عدم اتفاق کی بہت سی وجوہات ہو سکتی ہیں۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو یہ شروع میں کچھ دشواریاں محسوس کریں گے کیونکہ دونوں کی عادات میں تضاد پایا جاتاہے۔ شروع کے ایام ان کے مابین لڑائی جھگڑا بھی ہوسکتا ہے جو کہ میزان والے فریق کی صلح جو طبیعت کے باعث طول نہیں پکڑتا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ایک دوسرے کی عادات و اطوار کو سمجھ سکتے ہیں اور پھر ان کے درمیان پیار، محبت ، خلوص ، یگانگت بڑھ سکتی ہے۔


 


اپنے تاثرات بیان کریں !