Marriage Couples Matching

قوس افراد کے لیے اچھے دوست اور شریکِ حیات
عام طور پر دیکھنے میں یہ آیا ہے کہ بہترین ازدواجی ساتھی آپ کو اپنے ہی مزاج (آتشی، آبی، ہوائی، خاکی)کے بروج میں مل سکتا ہے: یعنی آتشی برج والوں کو آتشی بروج میں، پانی کے برج والوں کو پانی کے بروج میں، ہوا کے برج والوں کو ہوا کے بروج میں، اورخاکی برج والوں کو خاکی بروج میں مل سکتا ہے۔
عملی تجربے میں یہ بھی آیا ہے کہ اپنے ہی برج کےلڑکا/لڑکی کےساتھ شادی کرنا اکثر غیر دلچسپ ہوسکتا ہے۔ یعنی اگر کوئی برج دلو والامرد، برج دلو والی عورت کے ساتھ شادی کرلے تو ان کو (عام طور پر) آپس میں زیادہ دلچسپی نہیں رہتی۔ ہاں اس میں صرف برج اسد والا مرد، برج اسد والی عورت کے ساتھ خاصا خوش رہ سکتا ہے۔

برج قوس کے دوسرے برجوں سے تعلقات کا جائزہ مندرجہ ذیل ہے:
قوس اور حمل
برج حمل اوربرج قوس ادونوں آتشی مزاج رکھتے ہیں ۔ان دونوں کے ملاپ سے ایک آئیڈیل پارٹنر شپ بن جاتی ہے ۔ان کا تعلق مثالی ہے کیونکہ دونوں ہی متلون مزاج ہوتے ہیں ۔یہ دونوں ہی کوئی جھگڑا یا کشیدگی پیدا کئے بغیر اپنے اپنے مشاغل میں لگے رہتے ہیں۔ قوس کے جھنڈے پر لکھا ہوتا ہے "آزادی اور خوشی کی تلاش "۔ جبکہ حمل سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ اس فلسفے پر چلنے کی رضامندی ظاہر کرے گا۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو چونکہ یہ دونوں آتشی مزاج رکھتے ہیں، لہذا ایک جیسا مزاج رکھنے والے دیگر بروج کی طرح ان کا نباہ بھی اچھا ہوتا ہے اور یہ ذرا سی احتیاط سے اچھی ازدواجی زندگی بسر کر سکتے ہیں۔برج حمل والے فریق کو چاہیے کہ اپنی تیزی، جلد بازی اور بدزبانی کی عادت پر قابو رکھے۔ جبکہ برج قوس والے کو بھی اپنی منہ پھٹ اور باتونی طبیعت پر قابو رکھنا چاہیے ۔اسی طرح ان دونوں میں موافقت بڑھ سکتی ہے۔یہ دونوں چاہتے ہیں کہ گھر میں ان کا راج اور حکمرانی ہو۔ اگر یہ مفاہمت کام لیں اور اپنے آپ کو ایک دوسرے کا حاکم سمجھنے کی بجائے شریک حیات سمجھیں تو بہت سے جھگڑوں سے بچ سکتے ہیں۔
قوس اور ثور
برج ثور خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج قوس آتشی مزاج رکھتا ہے ۔ غلبہ حاصل کرنے والے ثور کو قوس کی آزادی پسند فطرت سے گزارہ کرنا مشکل ہوتا ہے ۔ قوس افراد صاف گو اور سخی ہوتے ہیں ۔ یہ دونوں ذہنی لحاظ سے اور خصوصیات کے لحاظ سے ایک دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں ۔ ان کے تعلقات میں سرد مہری آسکتی ہے ۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو ان میں اکثر نوک جھونک ہوتی رہتی ہے۔ اور یہی نوک جھونک بسا اوقات بڑے جھگڑے کی بنیاد بن سکتی ہے۔ ان کے درمیان جھگڑے کی پہل عموماً قوس کی طرف سے ہوتی ہے۔خوشگوار ازدواجی زندگی بسر کرنے کے لئے ان دونوں کو اپنے اپنے موقف سے پیچھے ہٹ کر ایک دوسرے کے احساسات کا خیال کرنا چاہیے۔ اس طرح کرنے سے ان کے مابین بہت سے جھگڑے ختم ہو سکتے ہیں۔ شادی کے بعد فریقین معاشی تنگی کا بھی شکار ہو جاتے ہیں البتہ اولاد ان کے لئے خوش بختی کی علامت بن سکتی ہے۔

قوس اور جوزا
برج جوزا ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج قوس آتشی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں برجوں کامقصد ایک ہی ہوتا ہے اور وہ ہاتھ ، پیر اور عمل کی آزادی ہے۔دونوں ہی صاف گو اور بہت باتونی ہوتے ہیں ۔عدم استحکام ان دونوں میں پایا جاتا ہے ۔یہ دونوں مشترکہ بنیادوں پر ملتے ہیں اور برابری کی حد تک اپنی زندگی کا منصوبہ بنا سکتے ہیں ۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو انہیں ایک دوسرے کو سمجھ کر چلنا چاہیے تا کہ ان کے درمیان مفاہمت قائم ہو سکے۔ یہ دونوں ایک دوسرے کے خیر خواہ اور مہربان ہوتے ہیں۔ان دونوں میں بہت سی اقدار مشترک ہوتی ہیں۔ مثال کے طور پر یہ سیر و تفریح کے شوقین ہوتے ہیں اور حرکت میں رہنا پسند کرتے ہیں۔ دونوں باہم مل کر افہام و تفہیم سے اچھی زندگی بسر کرسکتے ہیں۔ان کی اولاد کی وجہ سے گھر میں بہت خیر و برکت ہوتی ہے۔
قوس اور سرطان
برج سرطان آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج قوس آتشی مزاج رکھتا ہے ۔اگرچہ یہ دونوں اپنی فطری خا میوں پر قابو پا لیں اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور محبت کا جذبہ پیدا کر لیں تو ان کے تعلقات خوشگوار ہوسکتے ہیں۔ سرطان افراد اور قوس کی جذباتی اور ذہنی صلاحیتیں ایک دوسرے سے ٹکرا جائیں تو دونوں کے تعلقات میں فرق آسکتا ہے۔ اس لئے دونوں کو قربانی دے کر تعلقات میں بہتری پیدا کرنی چاہیئے۔
برج سرطان اور قوس سے تعلق رکھنے والے فریقین اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ان دونوں میں مفاہمت اور موافقت نہیں ہوتی۔ ان میں اختلافات پیدا ہوسکتے ہیں۔ میاں بیوی سمجھداری سے کام لیتے ہوئے ایک دوسرے کی غلطیوں اور کوتاہیوں کو نظر انداز کر کے معمول کی ازدواجی زندگی بسر کر سکتے ہیں۔
قوس اور اسد
برج اسداوربرج قوس دونوں آتشی مزاج رکھتے ہیں ۔یہ دونوں شاندار تعلقات کے حامل ہوتے ہیں کیونکہ ان میں بہت کم اختلافات پائے جاتے ہیں۔ دونوں ہی تبدیلی اور ولولہ خیزی چاہتے ہیں اور زندگی کے بارے میں بڑے زندہ دل ہوتے ہیں لیکن بعض اوقات دونوں ایک دوسرے پر غلبہ پانے کی کوشش کرتے ہیں اور اس طرح دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہو سکتے ہیں۔
برج اسد اور برج قوس دونوں ہی آتش مزاج ہیں۔ لہذا ان بروج کے حاملین بھی ہم مزاج ہوتے ہیں۔ اگر یہ دونوں رشتہ ازواج میں منسلک ہو جائیں تو ان میں بہت مفاہمت ہوتی ہے۔ ان دونوں کی بہت سی عادات مشترک ہوتی ہیں۔ دونوں پیار و محبت سے رہتے ہیں۔ اگر کبھی کبھار تکرار ہو بھی جائے تو دونوں ہی اپنی جگہ پشیمان ہوتے ہیں اور جلد ہی صلح کر لیتے ہیں۔ مجموعی طور پر ان دونوں بروج سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی ایک اچھی، بھر پور اور خوشگوار ازدواجی زندگی بسر کرتے ہیں۔

قوس اور سنبلہ
برج سنبلہ خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج قوس آتشی مزاج رکھتا ہے ۔یہ ایک مشکل تعلق ہوتا ہے۔ دونوں بروج سے تعلق رکھنے والے فریقین میں ایثار و قربانی کا فقدان ہوتا ہے۔
برج سنبلہ اوربرج قوس کے حامل فریقین اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں تو ان میں عام طور پر موافقت و مطابقت نہیں ہوتی۔ دونوں ہی معمولی سی بات پر لڑنا جھگڑنا شروع کر سکتے ہیں۔ ایک دوسرے کی کوتاہی اور غلطی کو برداشت نہ کرنا ان کا معمول بن سکتا ہے۔ دونوں میں ایک فریق بہت چست ہوتا ہے۔ اوردوسرا فریق نہایت سست۔سمجھوتہ کے بغیر ان کی ازدواجی زندگی میں سکون نہیں ہو سکتا۔
قوس اور میزان
برج میزان ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج قوس آتشی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں کو اپنے تعلقات بہتر اور خوشگوار بنانے کے لئے کئی قربانیاں دینی پڑتی ہیں کیونکہ میزان کے لئے آزاد اور سہل پسند قوس کے فلسفہ حیات سے ہم آہنگی پیدا کرنا کوئی آسان کام نہیں ہوتا۔ قوس ہر قسم کی قید سے نفرت کرتا ہے اور غلامی ہر گز قبول نہیں کریگا اور اپنے سارے وسائل سے ان بندھنوں کو توڑنے کی کوشش کریگا۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تومختلف مزاج ہونے کی وجہ سے ان میں اختلافات ہو سکتے ہیں۔اور دونوں میں اکثر و بیشتر لڑائی جھگڑا ہوسکتا ہے۔ان لڑائی جھگڑوں میں ان سے ملنے والے چغل خور قسم کے لوگوں کا عمل دخل ممکن ہے۔اگر دونوں فریق ایک دوسرے کی خواہشات کا احترام کرنا سیکھ لیں اور ہر وقت اپنی جائزوناجائز ضد پر اڑے نہ رہیں تو اپنی ازدواجی زندگی خوشگوار بنا سکتے ہیں۔
قوس اور عقرب
برج عقرب آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج قوس آتشی مزاج رکھتا ہے ۔عقرب ایسے دوست اور ساتھی بنانا پسند کرتا ہے جن پر وہ اپنا رعب اور دبدبہ قائم رکھ سکے۔ جبکہ قوس کو پابندی پسند نہیں ہوتی۔ اگر یہ خوشگوار تعلقات قائم کرنا چاہیں تو انھیں چاہیئے کہ ایک دوسرے کو سمجھیں اورایک دوسرے کے لیے قربانی کا جذبہ بیدار کریں۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو برج قوس سے تعلق رکھنے والا فریق چونکہ آزاد طبع ہوتا ہے، تو کبھی کبھار یہ اپنے آپ کو پابند محسوس کرنے لگتا ہے۔ اس موقع پر برج عقرب کے حامل فریق کو دانش مندی سے کام لینا ہو گا، تا کہ دوسرے فریق کی دلجوئی ہو سکے۔
قوس اور قوس
برج قوس آتشی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں میں بہت سی قدریں مشترک ہوتی ہیں ۔ اس وجہ سے ان دونوں میں موافقت ہوتی ہے۔ ان میں پائی جانے والی بعض خامیاں ان کو ایک دوسرے سے دور لے جاسکتی ہیں اور بعض اوقات یہ ایک دوسرے سے عدم تعاون کے علاوہ لڑائی جھگڑا بھی کرسکتے ہیں۔
برج قوس سے تعلق رکھنے والےمرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو ان دونوں کے درمیان بے حد موافقت اور ذہنی ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ کیونکہ ایک ہی برج سے تعلق ہونے کی وجہ سے دونوں ایک دوسرے کی اچھی بری عادات سے واقف ہوتے ہیں۔ لیکن بہت سی عادات و اقدار مشترک ہونے کے باوجود ان میں بھی کبھی کبھار لڑائی جھگڑا ہو سکتا ہے۔ کیونکہ دونوں ہی ضدی طبیعت کے مالک ہوتےہیں اور اپنی ہر جائز اور نا جائز خواہش کا احترام کروانا اپنا حق سمجھتے ہیں۔ ایسی صورت میں ان میں اختلاف ہو سکتا ہے۔ اپنی ضدی اور ہٹ دھرم عادت کو بھلا کر یہ بہترین ازدواجی زندگی گزارسکتے ہیں۔
قوس اور جدی
برج جدی خاکی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج قوس آتشی مزاج رکھتا ہے ۔ ان کا مزاج ایک دوسرے سے مختلف ہوتاہے۔ جدی سنجیدہ مزاج اور قوس ہنس مکھ ہوتا ہے ۔
ایسے مرد اور عورت جن کا برج قوس اور جدی سے تعلق ہو اور ان کی آپس میں شادی ہو تواگریہ دونوں ایک دوسرے کو سمجھ لیں اور ایک دوسرے کے جذبات کا خیال کریں تو ان کا نباہ ہو سکتاہے۔ورنہ ان کی ازدواجی زندگی مسائل کا شکار ہو سکتی ہے۔دونوں بروج کے حاملین کی عادات و اطوار میں تضاد پایا جاتا ہے، جس کی بنا پر ان کے مابین لڑائی جھگڑ ے ہو سکتے ہیں۔ اور اس کی ابتدا زیادہ تر برج قوس والے فریق کی طرف سے ہوتی ہے ۔ برج قوس والا فریق اگر اپنی بد زبانی اور جھگڑا لو عادت پر کنٹرول کرے اور برج جدی سے متعلق فریق تھوڑا صبر اور برداشت سے کام لے تو اچھا وقت گزار سکتے ہیں۔
قوس اور دلو
برج دلو ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج قوس آتشی مزاج رکھتا ہے ۔قوس ان چند برجوں میں سے ایک ہے ، جو دلو کی مخصوص عادات کو جانتا ہے۔ بہت سی قدریں مشترک ہونے کے ساتھ ساتھ ان میں بہت سی خصوصیات ایک جیسی ہوتی ہیں ۔
اگر ان دونوں برجوں سے تعلق رکھنے والے مرد اور عورت کی آپس میں شادی ہو جائے تو انہیں اپنی ازدواجی زندگی کامیاب بنانے کے لیے بہت کوشش کرنا پڑتی ہے۔بہت سی ایسی عادات جو دوسرے فریق کو پسند نہ ہوں، چھوڑنا پڑتی ہیں۔ عادات و اطوار میں چند تضادات کی وجہ سے ان میں اکثر و بیشتر لڑائی جھگڑا ہو سکتا ہے۔ جھگڑے میں پہل زیادہ تر برج قوس والے فریق کی طرف سے ہوتی ہے۔
قوس اور حوت
برج حوت آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج قوس آتشی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں کے تعلقات عام طور پر مشکل نوعیت کے ہوتے ہیں۔ حوت مستقل مزاج نہیں ہوتا جبکہ قوس سچا، کھرا اور بے لاگ ہوتا ہے۔ اس لئے ان کے تعلقات عموماًاچھے نہیں رہتے۔ لیکن اگر یہ ایک دوسرے کے لئے قربانی کا جذبہ پیدا کر لیں تو ان کے تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں۔
برج قوس اور برج حوت کے فریقین کی اگر شادی ہو جائے تو ان کی طبیعتوں میں تضاد پایا جاتا ہے۔ برج حوت کا حامل فریق بہت زیادہ رنگین مزاج ہوتا ہے۔ اس میں مستقل مزاجی نام کو بھی نہیں ہوتی اوراس کی پسندناپسند وقت کے ساتھ ساتھ بدلتی رہتی ہے۔ لہذابعض اوقات وہ اپنے شریکِ زندگی سے بیزار ہو سکتا ہے۔ جبکہ دوسری طرف برج قوس والا فریق بے لوث اور اصول پسند ہو تا ہے۔ اس قسم کی متضاد عادات کی وجہ سے ان کے مابین لڑائی جھگڑا ہوسکتاہے۔


 


اپنے تاثرات بیان کریں !