Sal 2019 kesa guzray ga

آپ کا سال 2019ء کیسا گزرے گا؟
سیاروں کی پوزیشن اور مستقبل کا حال
آنے والا وقت آپ کے لیے کیسا ثابت ہوگا؟ یہ جاننے کے لیے آسٹرالوجی کے ماہرین تمام سیاروں کی مستقبل کی پوزیشن معلوم کرتے ہیں۔ پوزیشن سے مراد یہ ہے کہ وہ سیارے کس بُرج میں موجود ہوں گے نیز ان سیاروں کے درمیان (لکی یا غیرموزوں) کون سا زاویہ بنے گا؟
ویسے تو ہر سیارے کی پوزیشن آپ پراثر انداز ہوتی ہے۔لیکن آپ کے بُرج کے حکمران سیارہ (Ruling Planet) کی پوزیشن آپ پر زیادہ اثر انداز ہوتی ہے۔
اپنے حکمران سیارہ کے علاوہ جو سیارہ آپ پر زیادہ اثر انداز ہوتا ہے، وہ سیارہ زہرہ (Venus) ہے۔ اسے محبت، فیملی اور معاشرتی تعلقات کا سیارہ بھی کہتے ہیں۔ اس سیارہ کی پوزیشن کے ذریعے یہ اندازہ لگایا جاتا ہے کہ آپ کے محبت کے معاملات کیسے رہیں گے؟
سال 2019ء کا ایک جائزہ
آپ کا حکمران سیارہ زہرہ اس سال ایک مرتبہ بھی الٹی چال میں نہ جائے گا۔ یہ آپ کے لیے اچھی خبر ہے۔ یہ آپ کے لئے اچھا وقت ہے۔لیکن آپ کو چاہیے کہ خود سے متعلقہ لوگوں پربھی توجہ دیں۔ اگر آپ سارا وقت اپنی ہی خوبیاں دیکھتے رہیں گے تو دوسروں کو توجہ نہ دے سکیں گے۔
مارچ کے آغاز میں سیارہ یورینس آپکے برج میں داخل ہو جائے گا۔ اور اگست میں اسکی الٹی چال شروع ہو جائے گی۔آپ کے لیے مشکلات آسکتی ہیں۔ یورینس تبدیلیوں کا سیارہ ہے، جب کہ آپ استحکام کو پسند کرتے ہیں۔آپ کو اپنا ذہن وسیع کرنا پڑے گا اور کوئی درمیانی راستہ ڈھونڈنا پڑے گا۔
اپریل کے آغاز میں سیارہ مشتری چار ماہ کے لیے الٹی چال میں جائے گا۔ سیارہ مشتری خوش قسمتی کی علامت ہے۔ آپ کو جن مشکلات کا سامنا ہے، اگر آپ نے دیانت داری اورنیک نیتی سے کام لیا اور ہمت نہ ہاری توتمام رکاوٹیں دور ہو جائیں گی۔ اورآپ کے لیے اچھا اور خوشگوار وقت آئے گا۔
مئی کے آغاز میں آپ کے برج میں نیا چاند ہوگا۔ نئے چاند کے سبب مزاج میں بہتری آئے گی، اور آپکے لیے نئے معاشی روابط اوپن ہونگے۔اگر آپ چاہیں تو نئے منصوبے اور نئے تعلقات بنا سکیں گے۔ خیالی پلاؤ پکانے کی بجائے عملی کا موں کی طرف زیادہ توجہ دیں۔ لاپرواہی کا مظاہرہ مت کریں۔اور ہر کام اپنے مثبت مقاصد کو سامنے رکھ کریں۔
محبت، فیملی اور سوشل لائف
فروری کے آغاز میں سیارہ زہرہ برج جدی میں آجائے گا۔ آپکو بہت زیادہ ذہنی انرجی ملے گی۔باہمی رشتوں کے حوالے سے الجھے ہوئے معاملات کو سلجھانے کے لیے یہ بہترین وقت ہو گا۔ اس دوران آپ مستقبل کی منصوبہ بندی بھی کر سکتے ہیں۔ فیملی اور شریک حیات کے ساتھ مخلص رہیے۔ انسان اچھائی کرے یا برائی، وہ لوٹ کرواپس ضرور آتی ہے۔ انسان جو بوتا ہے وہی کاٹتا ہے۔ آپ کو اپنی اچھی نیت اور اچھے عمل کا پھل ضرور ملے گا۔
مارچ میں سیارہ زہرہ، برج دلو میں تین ہفتے کے لیے آ جائے گا۔یہ کافی دلچسپ صورتحال ہو گی۔آپ روایت پسند انسان ہیں، لیکن اس دوران آپ معمول سے ہٹ کر تجربات کرنا چاہیں گے۔آپ کے رشتہ داروں اور شریکِ حیات کو آپ کا بدلا ہوا انداز دیکھ کر حیرت ہو گی۔ اس صورتحال میں اگر باقی لوگوں نے آپ کا ساتھ دیا تو بڑا پُر لطف رہے گا۔ بالخصوص برج دلو، جوزا یا میزان کے لوگوں کے ساتھ اچھا وقت گزرے گا۔
اپریل کے آغاز میں سیارہ مشتری چار ماہ کے لیے الٹی چال میں چلا جائے گا۔اس سے آپ کے تعلقات پر اثر پڑے گا۔ اس دوران آپکو چاہیئے کہ اپنی پرانی بری عادتوں پر قابو پانے کی کوشش کریں۔ اگر کچھ غلطیاں کی ہیں تو ان کا ازالہ کریں، اگر کسی سے معذرت کرنی پڑے تو دل بڑا کر کے معذرت کر لیں۔ اگر اس وقت کے دوران آپ نے یہ کام کر لیے تو اس الٹی چال کا دورانیہ ختم ہونے کے بعد آپ کے تعلقات میں ایک نیا پن اور تازگی آ چکی ہو گی۔
آپ کا حکمران سیارہ زہرہ وسط مئی میں آپ کے برج میں داخل ہو جائے گا۔آپ کے لیےباہمی تعلقات کے حوالے سے بڑی آسان اور آرام دہ صورتحال ہو جائے گی۔ لیکن صبر و تحمل اور لچک کی ضرورت آپ کو پھر بھی رہے گی۔ مستقبل پر نظر رکھیں۔ یہ لازمی نہیں کہ آپکو سب کچھ آج اسی لمحے مل جائے۔ اچھی چیزیں انہی لوگوں کو ملتی ہیں جو ان کا انتطار کرتے ہیں۔
جون کے آخر سے نومبر کے آخر تک سیارہ نیپچون الٹی چال میں ہو گا۔ آپ کو کچھ حقیقتوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ صرف ظاہری صورتحال کو دیکھ کر کسی نتیجہ پر نہ پہنچیں، بلکہ اندر چھپے سچ کو تلاش کریں۔افہام و تفہیم سے معاملات کو حل کریں۔
اکتوبر کے آخر میں آپ کے برج میں ایک نیا چاند ہو گا۔ کنوارے لوگوں کے لیے اچھا وقت ثابت ہو سکتا ہے۔ نئے رشتے بھی آسکتے ہیں۔ آپ کے ذہن میں کچھ سوالات آ سکتے ہیں، لیکن فیصلہ آپ نے ہی کرنا ہے۔ اپنی ذات پرغوروفکر کریں اور اپنی ذمہ داریوں، رشتوں ناتوں کے حوالے سے بہتر پلاننگ کریں۔ کیا فیملی یا شریک حیات کے حوالے سے کوئی ایسا پہلو تو نہیں ہے جو آپ سے نظراندازہو رہا ہو۔ سوچیں کہ آپ اپنے تعلقات کو مزید اچھا اور خوشگوارکیسے بنا سکتے ہیں۔
دولت، جاب اور کاروبار
جنوری میں آپ کے لیے مناسب وقت ہے کہ آپ اپنے آئیڈیاز دوسروں کے ساتھ شیئر کریں۔ جو لوگ بے روزگار ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ اس وقت زیادہ سے زیادہ جگہوں پر اپلائی کریں۔ اپنے منصوبوں کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیےبھرپورمحنت کریں۔ خدا ان کی مدد کرتا ہے جو اپنی مدد آپ کرتے ہیں۔ اپنے سینئرز یا اپنے کسٹمرز کو ایسا موقع نہ دیں کہ وہ آپ کے کام میں غلطی نکال سکیں۔
سیارہ زحل آپ کے کیرئیر کے حوالے سے اچھی خبریں دے رہا ہے۔آپ پر کسی قسم کا کوئی پریشر نہ ہو گا اور آ پ اپنی قدرتی رفتار کے مطابق معاملات کو سرانجام دے سکیں گے۔ یہ سیارہ زحل اپریل کے آخرسے وسط ستمبر تک الٹی چال میں چلا جائے گا۔ اگر آپ نے پہلے سے اپنے تمام معاملات کو خاص ترتیب دی ہو گی تو اس دوران آ پ کو کوئی پریشانی نہ ہو گی۔ اپنی اچھی فطرت کی وجہ سے آپ درست راستے کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ ہمت نہ ہاریں۔ اگر ایک حکمت عملی مطلوبہ نتائج نہیں دے رہی تو اس میں مناسب تبدیلی کی جاسکتی ہے۔ کامیاب لوگوں کا جائزہ لیں اوران میں موجود خوبیاں اپنے اندرپیدا کرنے کی کوشش کریں۔
اگست میں سیارہ مشتری، سیدھی چال سے حرکت کرنا شروع کرے گا۔اس دوران آپکو غیر متوقع ذرائع سے آمدنی ہو گی۔ ہو سکتا ہے کہ آپ کو وراثت، انشورنس یا کسی ایسے ذریعے سے رقم ملے جو آپ سوچ بھی نہیں سکتے۔ ذریعہ کوئی بھی ہو اس رقم کو قبول کیجیئے۔ اگرچہ آپ اپنی قوت بازوسے دولت حاصل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں لیکن اگر قدرت نے کچھ رقم آپ کی جھولی میں ڈال ہی دی ہے تو اس میں حرج ہی کیا ہے۔


 


اپنے تاثرات بیان کریں !