Marriage Couples Matching

ثور افراد کے لیے اچھے دوست اور شریکِ حیات
عام طور پر دیکھنے میں یہ آیا ہے کہ بہترین ازدواجی ساتھی آپ کو اپنے ہی مزاج (آتشی، آبی، ہوائی، خاکی)کے بروج میں مل سکتا ہے: یعنی آتشی برج والوں کو آتشی بروج میں، پانی کے برج والوں کو پانی کے بروج میں، ہوا کے برج والوں کو ہوا کے بروج میں، اورخاکی برج والوں کو خاکی بروج میں مل سکتا ہے۔
عملی تجربے میں یہ بھی آیا ہے کہ اپنے ہی برج کےلڑکا/لڑکی کےساتھ شادی کرنا اکثر غیر دلچسپ ہوسکتا ہے۔ یعنی اگر کوئی برج دلو والامرد، برج دلو والی عورت کے ساتھ شادی کرلے تو ان کو (عام طور پر) آپس میں زیادہ دلچسپی نہیں رہتی۔ ہاں اس میں صرف برج اسد والا مرد، برج اسد والی عورت کے ساتھ خاصا خوش رہ سکتا ہے۔

برج ثور کے دوسرے برجوں سے تعلقات کا جائزہ مندرجہ ذیل ہے:
ثور اور حمل
برج حمل آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج ثور خاکی مزاج رکھتا ہے ۔حمل اور ثور ایک دوسرے کے بہترین دوست ہو سکتے ہیں ۔یہ ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کرنے کے علاوہ آپس میں بھی عزت و احترام سے پیش آتے ہیں۔
اگر میاں اور بیوی دونوں میں سےکوئی ایک برج حمل اور دوسرا برج ثور سے تعلق رکھتا ہو تو ان کی شادی موافق ہوتی ہے۔ ان ددونوں میں اتفاق اور پیار و محبت ہوتا ہے۔ان دونوں بروج میں ایک قدر مشترک یہ ہے کہ دونوں نفاست پسند اور باذوق ہوتے ہیں۔اگر کبھی کبھار جھگڑا ہو بھی تو پہل برج ثور کی طرف سے ہوتی ہے۔ لیکن جھگڑے کے بعد صلح ہو جاتی ہے اور دونوں اتفاق و اتحاد کے ساتھ رہتے ہیں۔
ثور اور ثور
برج ثور خاکی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں میں بہت سی خصوصیات مشترکہ طور پر پائی جاتی ہیں اوران کا مزاج بھی ایک جیسا ہوتا ہے۔ لیکن بعض دفعہ ان کا آپس میں جھگڑا بھی ہو سکتا ہے کیونکہ ان دونوں کی خواہش ہوتی ہے کہ ایک دوسرے پرحکمرانی کریں۔ یہ ایک دوسرے کی خواہشات کا بہت جلد اندازہ لگا کرایک دوسرے کو سمجھ لیتے ہیں۔ ان کو چاہیے کہ ایک دوسرے کے عیب نہ نکالیں بلکہ ایک دوسرے کے لئے نرمی اختیار کریں۔
برج ثورکےمرداورعورت کی اگرآپس میں شادی ہوجائےتوان میں کافی موافقت پائی جاتی ہے۔ انہیں ایک دوسرے کو سمجھنے میں کوئی دشواری پیش نہیں آتی۔ اگر کبھی کبھاران دونوں میں جھگڑا بھی ہو جائے توجلد صلح کر لیتے ہیں۔ یہ دونوں اپنے دل میں کینہ نہیں رکھتے اوراپنے حلقہ احباب میں عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔
ثور اور جوزا
برج جوزا ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج ثور خاکی مزاج رکھتا ہے ۔ثور اور جوزا ایک دوسرے کے لئے نیک جذبات رکھتے ہیں۔ اس وجہ سے یہ ایک دوسرے سے اتحاد و اتفاق سے پیش آتے ہیں۔ ان میں چھوٹی چھوٹی باتوں پر جھگڑا ہو سکتا ہے۔
ان بروج کے مرداورعورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو برج ثور کے حامل فریق کو چاہیے کہ اپنی ضدی اور ہٹ دھرم طبیعت پر قابو پانے کی کوشش کرے۔ جبکہ برج جوزا کے حامل فریق کو چاہیے کہ اپنی عجلت پسندی اور غیر سنجیدہ طبیعت پر قابو پائے، نیز طنز کے تیر چلانے سے بھی پرہیز کرے۔ اس طرح یہ لڑائی جھگڑے سے بچ کر اچھا وقت گزار سکتے ہیں۔

ثور اور سرطان
برج سرطان آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج ثور خاکی مزاج رکھتا ہے ۔اگر یہ ایک دوسرے کی نفسیات کو سمجھ لیں تو ان دونوں کا نباہ ہو سکتا ہے۔ اگر یہ دونوں ایک دوسرے پر اعتماد کریں اور ایک دوسرے سے کوئی بات نہ چھپائیں تو یہ اچھا تعلق ہو سکتا ہے۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو ان میں بے حد موافقت پائی جاتی ہے۔ مزاج مختلف ہونے کے باوجود یہ دونوں برج ایک دوسرے سے بہت زیادہ پیار و محبت کرتےہیں ۔برجِ ثور کے حامل اپنے شریکِ زندگی سرطان کی ہمدرد اور حساس طبیعت ، تحمل مزاجی اور خوش گفتاری کو پسند کرتے ہیں جبکہ برج سرطان والے اپنے شریکِ زندگی ثورکی اصول پسندی کے ساتھ ساتھ کفایت شعاری اور نفاست پسندی کی عادت کو بے حد پسند کرتے ہیں، کیونکہ یہ صفات ان کے اپنے اندر بھی پائی جاتی ہیں۔
ثور اور اسد
برج اسد آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج ثور خاکی مزاج رکھتا ہے ۔ان دونوں کا تعلق اس وقت شاندار ہوتا ہے جب دونوں ایک دوسرے کی خامیاں نظر انداز کر دیں۔ اس کے علاوہ ان دونوں کی جسمانی، ذہنی اور جذباتی صلاحیتیں بڑی شاندار ہوتی ہیں۔ اگر ثور اپنے رقابت کے جذبہ کو دبانے میں کامیاب ہو جائے اور اسد کو اپنی شان دکھانے کا موقع مل جائے تو سارا کام ٹھیک رہے گا۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو میاں بیوی میں کبھی آپس میں بے انتہا محبت ہوتی ہے اور کبھی اچانک ہی اختلافات اور رنجشوں کی بھرمار ہو جاتی ہے۔ لڑائی جھگڑے کی ابتداء زیادہ تر برج ثور والے فریق کی طرف سے ہوتی ہے۔برج ثور والے اپنی ضدی اور ہٹ دھرم طبیعت پر قابو پا کر جبکہ برج اسد سے متعلق فریق اپنی نکتہ چین، سخت گیری اور خوشامد پسندی کی عادت پر قابو پاکر ساز گار رفاقت کی بنیاد فراہم کر سکتے ہیں۔ اس طرح ان کی ازدواجی زندگی قدرے بہتر انداز میں بسر ہو سکتی ہے۔
ثور اور سنبلہ
برج سنبلہ اوربرج ثور دونوں خاکی مزاج رکھتے ہیں ۔ثور تنقید پسند نہیں کرتا جو کہ سنبلہ کا نہایت تیز ہتھیار ہے۔اس تعلق میں ثور عام طور پر اپنی مرضی نہیں چلا سکے گا۔
برج ثور اور برج سنبلہ سے تعلق رکھنے والے فریقین کی شادی ہو جائے تو ان میں موافقت ہوتی ہے۔ مزاج دونوں کا ہی خاکی ہے۔ اس طرح ان دونوں میں اور بھی بہت سی اقدار مشترک ہوتی ہیں۔ دونوں ہی فطری طور پر نفاست پسند اور سلیقہ شعار ہوتے ہیں۔ اگر یہ اپنا راز اور گھر کا بھید کسی کو نہ دیں تو یہ بہت سی آفات سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

ثور اور میزان
برج میزان ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج ثور خاکی مزاج رکھتا ہے ۔ اگر یہ دونوں ایک دوسرے کے اعتماد کو ٹھیس نہ پہنچائیں اور سمجھ بوجھ سے کام لیں تو ان کی زندگی اور دوستی آرام سے گزر سکتی ہے۔لیکن اگر ان میں سے ایک بھی اپنی پٹری سے اتر گیا تو پھریہ دونوں اپنے تعلقات میں سرد مہری کر لیتے ہیں۔
برج ثور اور برج میزان کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو اچھی زندگی گزارنے کے لئے فریقین کو کچھ قربانیاں دینی پڑسکتی ہیں۔ شادی کے بعد ان دونوں میں لڑائی جھگڑا ہوسکتا ہے۔ جبکہ جھگڑے میں پہل ہمیشہ برج ثور کے حامل فریق کی طرف سے ہوتی ہے۔ازدواجی زندگی کو خوبصورت بنانے کے لئے انہیں چاہیے کہ ایک دوسرے کے جذبات کا خیال رکھیں اور دوسرے فریق کی نا پسندیدہ باتوں کو نظر انداز کرنے کی کوشش کریں۔ جبکہ برج ثور کے حامل فریق کو چاہیے کہ برج میزان کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے۔
ثور اور عقرب
برج عقرب آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج ثور خاکی مزاج رکھتا ہے ۔اگرچہ ان دونوں کی جذباتی اور جسمانی توانائی ایک جیسی ہوتی ہے لیکن ان کی دوستی کا انحصار ایک دوسرے کی تعریف کرنے پر ہوتا ہے ۔ ان دنوں میں رقابت کا جذبہ بھی پایا جاتا ہے ۔ثور کو چاہیے کہ وہ عقرب پر مکمل بھروسہ رکھے ورنہ ان کی دوستی مشکل ہوجائے گی ۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے توانہیں ایک دوسرے کے جذبات کو سمجھنا چاہیے۔ برج ثور کا حامل فریق اپنے شریک حیات برج عقرب کی خودداری، تحمل مزاجی، جرأت مندی، وفا شعاری، اور ثابت قدمی کو بہت پسند کرتا ہے۔جبکہ برج عقرب والا فریق اپنے شریک حیات برج ثورکی بچت و کفایت شعاری، اصول پسندی اور مستقل مزاجی کی قدر کرتا ہے۔ ان دونوں میں جھگڑا بھی ہو سکتا ہے مگر اس کی ابتدا ء عموماً عقرب کرتا ہے۔
ثور اور قوس
برج قوس آتشی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج ثور خاکی مزاج رکھتا ہے ۔ غلبہ حاصل کرنے والے ثور کو قوس کی آزادی پسند فطرت سے گزارہ کرنا مشکل ہوتا ہے ۔ قوس افراد صاف گو اور سخی ہوتے ہیں ۔ یہ دونوں ذہنی لحاظ سے اور خصوصیات کے لحاظ سے ایک دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں ۔ ان کے تعلقات میں سرد مہری آسکتی ہے ۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو ان میں اکثر نوک جھونک ہوتی رہتی ہے۔ اور یہی نوک جھونک بسا اوقات بڑے جھگڑے کی بنیاد بن سکتی ہے۔ ان کے درمیان جھگڑے کی پہل عموماً قوس کی طرف سے ہوتی ہے۔خوشگوار ازدواجی زندگی بسر کرنے کے لئے ان دونوں کو اپنے اپنے موقف سے پیچھے ہٹ کر ایک دوسرے کے احساسات کا خیال کرنا چاہیے۔ اس طرح کرنے سے ان کے مابین بہت سے جھگڑے ختم ہو سکتے ہیں۔ شادی کے بعد فریقین معاشی تنگی کا بھی شکار ہو جاتے ہیں البتہ اولاد ان کے لئے خوش بختی کی علامت بن سکتی ہے۔
ثور اور جدی
برج جدی اوربرج ثور دونوں خاکی مزاج رکھتے ہیں۔یہ دونوں برج ایک دوسرے کے بہترین دوست ثابت ہوسکتے ہیں اور اگر یہ دونوں ایک دوسرے کے خبطی پن سے مفاہمت کر لیں تو ان کا تعلق کامیاب ثابت ہو سکتا ہے ۔ان دونوں میں اگر چہ جھگڑا کم ہوتا ہے لیکن اگر کبھی ایسا ہو بھی جائے تو یہ بہت جلد ایک دوسرے سے صلح کر لیتے ہیں ۔یہ دونوں ایک دوسرے کے دکھ سکھ ، غم و خوشی میں شریک ہوتے ہیں۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے تو میاں بیوی میں موافقت ہوگی۔ ان دونوں کی عادات کے ساتھ خواہشات بھی اکثر و بیشتر ایک دوسرے سے ملتی جلتی ہوتی ہیں۔ مثال کے طور پر یہ دونوں سیر و سیاحت کو پسند کرتے ہیں اور محفلوں میں جانا ان کو بہت اچھا لگتا ہے۔اگر دونوں میاں بیوی میں جھگڑا ہوتا بھی ہے تو یہ زیادہ دیر ایک دوسرے سے قطع تعلق نہیں رکھتے بلکہ جلد ہی صلح کر لیتے ہیں۔ برج جدی سے تعلق رکھنے والے فریق کو چاہیے کہ اپنی سرد مہر طبیعت میں تھوڑی گرم جوشی پیدا کرے اور اس کے ساتھ ساتھ اپنی طبیعت کی سختی کو بھی دور کرنے کی کوشش کرے۔ اس طرح برج ثور کو اپنی انا پرستی چھوڑ دینی چاہیے۔
ثور اور دلو
برج دلو ہوائی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج ثور خاکی مزاج رکھتا ہے ۔یہ ایک مشکل تعلق ہے۔ دلو ناقابل اعتبار ہوتا ہے اور سہل پسند ثور اس کا ساتھ نہیں دے سکتا۔ ان دونوں کے نظریات ایک دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں ۔
ان بروج کے مرد اور عورت کی اگر آپس میں شادی ہو جائے توان میں کم موافقت پائی جاتی ہے۔ متضاد عادات اور خواہشات ان کے لیے مشکلات کا باعث بن سکتی ہیں۔ان کا جھگڑا بھی ہو سکتا ہے۔ اگر یہ دونوں اپنی اپنی ضدکو فنا کرسکیں تو اچھی زندگی بسر کرسکتے ہیں۔
ثور اور حوت
برج حوت آبی مزاج رکھتا ہے جبکہ برج ثور خاکی مزاج رکھتا ہے ۔ فنکارانہ زاویہ نگاہ سے ان دونوں میں بہت سی باتیں مشترک ہوتی ہیں۔ ان کی وجہ سے ان میں ذہنی ہم آہنگی آسانی سے پیدا ہو جاتی ہے۔ جذباتی حوت کو ثور کی ہمدردی سے بڑا سکون حاصل ہوتا ہے۔ حوت تاثیر پذیر، رومانوی، تصوراتی اورلچک دار رویہ کا مالک ہوتا ہے۔ اس میں وہ تمام خصوصیات پائی جاتی ہیں جن کی ثور کو تلاش ہوتی ہے۔ ان دونوں کے مابین جب بھی لڑائی جھگڑا ہوتا ہے تو اس کی شروعات عام طور پر برج حوت کی طرف سے ہوتی ہے۔
برج ثور اور برج حوت سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی میں بہت مطابقت ومفاہمت پائی جاتی ہے۔ ان کی شادی سعد اور مبارک ہوتی ہے۔ دونوں رفیق آپس میں پیار اور محبت سے رہتے ہیں۔ یہ دونوں جنسی ملاپ سے کیف و سروراور تسکین حاصل کرتے ہیں۔ اولاد کی وجہ سے ان کے رزق میں برکت اور روزی میں اضافہ ہوتا ہے۔ مجموعی طور پر یہ دونوں ایک خوشگوار ازدواجی زندگی گزارتے ہیں۔


 


اپنے تاثرات بیان کریں !