عدد چار (4)
جو لوگ سال کے کسی بھی مہینے کی 4، 13، 22 یا 31 تاریخ کو پیدا ہوتے ہیں، ان کا عدد (4) ہے۔
لکی تاریخ اور دن
ان افراد کو چاہیے کہ جو کام بھی کریں مہینے کی 4، 13، 22 تاریخ کو کریں۔ ہفتہ ان کے لئے مبارک دن ہے، خاص طور پر اگر یہ دن ان تاریخوں کو آۓ 4، 13، 22، 31۔
اہم سال اور مہینے
13واں،22واں،31واں،40واں،49واں،58واں سال اہم ہیں۔ جنوری، فروری، جولائی، اگست اور ستمبر ان پانچ مہینوں میں صحت کا خیال رکھنا چاہیے۔

لکی رنگ اور پتھر
کہربائی رنگ ان کے لئے اچھے ہوتے ہیں۔ کہربائی نیلا ،بھورا رنگ استعمال کرنا چاہیے۔ عدد 4 والوں کو ہمیشہ ان رنگوں کے لباس پہننے چاہیئں۔ ان کے لئے ہلکے یا گہرے رنگ کا فیروزہ موافق ہے۔
شخصیت کی خوبیاں و خامیاں
  • عدد 4، سیارہ یورینس کی نمائندگی کرتا ہے، جو اپنی مخصوص خصوصیات رکھتا ہے۔
  • یہ لوگ منفرد شخصیت کے مالک ہوتے ہیں لہٰذا اپنی انفرادیت سے جانے پہچانے جاتے ہیں۔ ہر چیز کو جانچنے پرکھنے کا ان کا منفرد انداز ہوتا ہے۔
  • یہ لوگ فطرتاً اور مزاجاً زیادہ اصول پسند نہیں ہوتے۔ اگر ان پر زبردستی کوئی پابندی ٹھونسی جائے تو بغاوت پر اتر آتے ہیں۔
  • یہ افراد نہ تو کسی کو زیر تسلط رکھنا پسند کرتے ہیں اور نہ ہی خود کسی کے زیر تسلط آتے ہیں۔
  • یہ افراد انقلابی ہوتے ہیں۔ تاریخ میں بہت سے ایسے انقلاب پسند گزرے ہیں، جن کا عدد 4 تھا۔
  • رازوں کے بارے میں ان پر مکمل اعتبار کیا جاسکتا ہے اور وہ اکثر خفیہ منصوبوں پر کام کرتے رہتے ہیں۔
  • مروجہ حکومت اور مجاز حکام سے ان کی کبھی نہیں بنتی۔ حکومت کے خلاف انقلابی مہم میں تختہ الٹنے میں پیش پیش رہتے ہیں۔
  • یہ لوگ ضرورت سے زیادہ حساس ہوتے ہیں۔ ذرا سی بات پر ان کے جذبات مجروح ہوجاتے ہیں۔ ناکامی انہیں حد سے زیادہ اداس کرتی ہے۔
  • اس عدد کا حامل اپنی آزادی میں کسی قسم کی مداخلت برداشت نہ کرے گا۔وہ اپنے طرز عمل اور نظریات کے بارے میں دوسروں کے خیالات کی کبھی پرواہ نہیں کرے گا۔
  • اس عدد کا حامل رائے عامہ کو نظر انداز کرے گا۔ اور ہر معاملے میں اپنی منفرد رائے کا اظہار کرے گا۔
  • وہ ہمیشہ ہر کام میں اپنی مرضی چلائےگا، جس سے زندگی میں نقصان بھی اٹھاسکتا ہے۔
  • یہ لوگ اپنی ضد کی وجہ سے زندگی کے کئی سنہرے مواقع کھو سکتے ہیں۔
  • اس عدد کا حامل بڑا ذہین اور قابل ہوگا اور اپنے خیالات و نظریات سے دوسروں کو اپنے اتباع پر مجبور کرسکے گا۔
  • اس شخص کی تخیل پرستی اسکی خود اعتمادی کو محدود کرسکتی ہے۔
  • اس کی قوت فیصلہ بہت اچھی ہوگی وہ اپنی بصیرت اور قوت فیصلہ کے فوری استعمال سے اہم اور پیچیدہ امور نہایت خوش اسلوبی سے انجام دے سکے گا۔
  • اس عدد کا حامل اپنے ارادوں میں آخر کار کامیاب ہوگا ،کیونکہ اپنے مقصد کے حصول کے لئے جہد مسلسل اور سخت محنت کا قائل ہوگا۔
  • وہ بہت اچھا منتظم ثابت ہوگا اور کسی بھی قسم کی تقریب میں اس کے انتظامات قابل تعریف ہوں گے۔
  • اس عدد کے حامل لوگ جس کو چاہیں گے اس پر سب کچھ نچھاور کردیں گے اور اس کی ناز برداری کی خاطر دل کھول کر خرچ کریں گے۔
  • اس عدد کا حامل رومانٹک شخص ہوگا۔ یہ عموماً اچھے جیون ساتھی ثابت ہوتے ہیں اور عمر بھر ساتھ دیتے ہیں۔
  • یہ اپنے دل کی بات کسی کو نہیں بتائےگا اور زندگی بسر کرنے کے لئے اپنا جداگانہ انداز رکھےگا۔
  • یہ طبعاً خود مختار سوچ کا حامل ہوگا اور روایت پسندی سے گریز کرےگا۔
  • وہ روایت شکن اور مضبوط قوت ارادی کا مالک ہوگا، نیز وہ غیر معمولی طور پر ذہین بھی ہوگا۔
  • یہ لوگ بحث مباحثہ میں مخالف نظریے کی حمایت کرتے ہیں یہاں تک کہ اپنے مخالفین پیدا کر لیتے ہیں۔
  • وہ ہر قسم کے اختلافی نکات پر خاص توجہ دے گا اور ان کے ہر پہلو پر غور کرے گا۔
  • اس کو نئے نئے خیالات و نظریات میں بڑی کشش محسوس ہوگی۔ ان نظریات کا تعلق سیاست سے ہو یا علم اور مذہب سے، اس کی منفرد سوچ اس کو دوسروں سے نمایاں رکھے گی۔
  • ان کی زندگی میں مالی معاملات کی ابتدا ذرا سست رو ہوسکتی ہے۔لیکن ان میں یہ اہلیت ہوتی ہے کہ ہر چیلنج کا مقابلہ کر کے اپنی زندگی سنوار سکیں۔
  • اس عدد کے حامل کو درمیانی عمر میں پہنچنے پر کامیابیوں کے سنہری مواقع حاصل ہونگے۔
  • یہ دولت کے دیوانے نہیں ہوتے۔ اگر کہیں سے مل جائے تو اتنی فضول خرچی کرتے ہیں کہ دوسرے دنگ رہ جاتے ہیں۔
  • ان کے لئے دولت کوئی خاص اہمیت نہ رکھتی ہوگی۔ یہ لوگ ذرا سی محنت اور توجہ سے جب چاہیں دولت پیدا کرسکیں گے۔
  • یہ لوگ سماجی حیثیت کو برقرار رکھنے میں دولت پر انحصار نہ کریں گے۔ لوگ ان کی دولت سے نہیں ان کی ذہانت اور انسان دوستی سے متاثر ہوں گے۔
  • یہ افراد ضرورت سے زیادہ فیاض ہوتے ہیں۔ اس لئے وہ دولت اور پیشے کے حوالے سے ڈھیلے پن اور غیر عملیت کا مظاہرہ کرتے ہیں تاہم ان کی فیاضانہ خصوصیت ہی ان کے لئے مالی خوش قسمتی کا پیغام ثابت ہوتی ہے۔
  • تجدید ذات کے لئے ان کے پاس مواقع ان کے پیشے کے ذریعے مہیا ہوتے ہیں اور اکثر شہرت ان کے قدم چومتی ہے۔
  • اس عدد کے حامل لوگوں کی دوستی پائیداراور مفید ہوگی۔ یہ لوگ بہت جلد لوگوں کو دوست بنا لیتے ہیں۔
  • یہ لوگ دوستوں کو خوشگوار ماحول مہیا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ان کے دوست ان کو بڑا پسند کریں گے۔
  • وہ غیر جذباتی طور پر دوستانہ شخصیت کے حامل ہوتے ہیں۔ وہ انکسار پسند لوگ ہوتے ہیں اور خود پر زیادہ توجہ دیا جانا پسند نہیں کرتے۔
  • وہ اپنے پروفیشن یا کاروبار کے ساتھیوں کو اپنے فیملی ممبرز کی طرح تصور کرتے ہیں۔
  • یہ لوگ دوسروں کے مسائل سننے اور انہیں حل کرنے میں اپنے قیمتی وقت اور وسائل کی پرواہ نہیں کریں گے۔
  • یہ لوگ اصلاحی کاموں میں دلچسپی لیتے ہیں اور دنیا کو ہمیشہ پر امن دیکھنا چاہتے ہیں اور جھگڑے فساد سے گریز کرتے ہیں۔
  • انہیں انسانی بھلائی کے کاموں سے غیر معمولی لگاؤ ہوتا ہے۔ وہ اپنی تمام صلاحیتیں دکھی انسانیت کی بھلائی کے لئے وقف کردیں گے۔
  • یہ لوگ ہر قسم کی صورت حال پر سیاق و سباق سے روشنی ڈالنے والے ہونگے چنانچہ لوگوں کے باہمی تنازعات کے تصفیے میں مثبت اور موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
  • یہ لوگ بات چیت یا اظہار خیال میں لفظوں کی کمی محسوس نہ کریں گے نیز راست گو اور بے تکلف ہوں گے۔
  • اس عدد کے حامل لوگ اچھے جمالیاتی ذوق کے مالک ہوں گے وہ فرصت کے اوقات تخلیقی مشاغل میں گزار دیں گے۔
  • یہ لوگ قوت و توانائی سے بھرپور ہوں گے۔ اگر یہ لوگ صحت سے لاپراوائی بھی اختیار کریں تو ان کی صحت ٹھیک ٹھاک رہے گی۔
  • وہ خطرے کا مقام، جہاں حادثہ ہونے کا اندیشہ ہو، بہت ہوشیار ہوجاتے ہیں۔
  • یہ زندگی کے سنجیدہ اور خوشگوار دونوں پہلوؤں پر یکساں وقت صرف کرتے ہیں۔
  • یہ لوگ ایسے والدین ثابت ہوتے ہیں کہ جوبچوں کو اپنی مرضی کے مطابق پروان چڑھتے دیکھنا پسند کرتے ہیں۔

عدد چار کی حامل عورت
  • وہ مخصوص رائے کی حامل ایک مضبوط عورت ہوتی ہے۔
  • وہ اپنے آپ کو تبدیل کرنے میں دقت محسوس کرتی ہے تاہم وہ ایثار پسند ہوتی ہے اور ترک نفس کا جذبہ رکھتی ہے۔ بعض اوقات وہ ایک شفاف تالاب کی طرح صاف اور وسیع ہوتی ہے۔
  • اس کا ذہن اس کی سب سے بڑی کشش ہے۔ یہ اتنا ہی شاندار ہوسکتا ہے جتنا کہ بلور، اتنا چمکدار جتنا چودھویں کا چاند اور اتنا خوبصورت جتنا موتی۔
  • اس کی روح نہایت شاندار ہوتی ہے اور اسکی بصیرت، غیر معمولی معلومات اور علم تک جا پہنچتی ہے۔
  • وہ کسی بھی سماجی تقریب کی روح رواں ہو سکتی ہے اور اسے یادگار بنانے کے لئے مزاحیہ اور انوکھے تصورات پیش کر سکتی ہے۔
  • وہ روایتی طور پر سنکی ہوتی ہے، اس کے باوجود اپنے خاص انداز میں ایک ذمہ دار اور روایتی ماں، بیوی اور دوست ہوتی ہے۔
  • وہ محسوس کرتی ہے کہ اگر وہ اپنی ذمہ داریاں نبھاتی رہے تو تعلقات خود کار انداز سے مضبوط ہوتے جائیں گے۔
  • بچے اس سے بڑا لگاؤ رکھتے ہیں کیونکہ وہ ان میں گھل مل جاتی ہے اور انہیں ننھے منے انسان سمجھتی ہے اور ان میں جذبہ پھونکنا پسند کرتی ہے۔ وہ انہیں نئے دور کے قابل قدر اور اہم افراد کے طور پر دیکھتی ہے۔
  • وہ اچھی بیوی، ماں، بہن اور دوست بننے کے لئے جو ضروری سمجھتی ہے ،کرتی ہے۔ اس کے بدلے میں وہ عزت و احترام کی توقع کرتی ہے۔
  • یہ عورت بد ترین وقت میں بہترین دوست ثابت ہوتی ہے۔ جب آپ کو اس کی ضرورت محسوس ہو تو آپ اسے اپنے قریب پائیں گے۔ لیکن یہ ضروری نہیں ہے کہ وہ آپ کے ساتھ رونا بھی شروع کر دے۔ وہ اتنا جذباتی بھی نہیں ہوتی کہ خود کو آپ کی جگہ پر محسوس کرنا شروع کردے۔ جب اس کی کوئی دوست کسی مشکل میں گرفتار ہو تو وہ اسے یہ کہہ سکتی ہے میں نے تمہیں پہلے ہی بتادیا تھا۔
  • وہ انسانی تعلقات میں حیران کن بصیرت کی حامل ہوتی ہے۔ لیکن وہ یوں ظاہر کرتی ہے جیسے کسی پہاڑ کی چوٹی پر بیٹھی سڑک کے پار دوربین سے دیکھ رہی ہو۔
  • وہ اپنے بارے میں یا لوگوں کے بارے میں جو تجزیہ کرتی ہے اسے دوسروں کے آگے بیان نہیں کرتی۔ وہ قریبی تعلقات کے بارے میں بات چیت کو گستاخی قرار دے سکتی ہے۔
  • اس عورت کا تصورزندگی بہت وسیع ہوتا ہے۔ وہ اپنی سوچ کو فیشن یا محبت تک محدود نہیں رکھتی بلکہ سائنسی تحقیق کے وسیع میدانوں میں ذہن کے گھوڑے دوڑا سکتی ہے۔
  • وہ چینی تاریخ، اطالوی آرٹ ، سٹاک مارکیٹ، سائنسی ایجادات، دنیا کی آب و ہوا میں تبدیلی اور مذہب کے ذریعہ سکون حاصل کرنے میں دلچسپی محسوس کر سکتی ہے۔ نت نئے موضوعات اس کے دل کولبھاتے ہیں۔

دیگر اعداد

 
 
 


اپنے تاثرات بیان کریں !